YouVersion Logo
تلاش

گِنتی 35

35
لیویوں کے شہر
1یَاہوِہ نے مُوآب کے میدانوں میں جو یریحوؔ کے مقابل یردنؔ کے کنارے پر ہیں مَوشہ سے کہا: 2”بنی اِسرائیل کو حُکم دے کہ جو مِیراث تُمہیں ملے گی اُس میں سے تُم لیویوں کو اُن کے رہنے کے لیٔے شہر دینا اَور اُن شہروں کے اطراف کی چراگاہیں بھی اُنہیں دینا۔ 3تَب اُن کے پاس رہنے کے لیٔے شہر اَور اُن کے گائے بَیلوں، بھیڑ بکریوں کے گلّوں اَور اُن کے دُوسرے سبھی مویشیوں کے لیٔے چراگاہیں ہُوں گی۔
4”شہر کے اطراف کی جو چراگاہیں تُم لیویوں کو دوگے وہ شہر کی فصیل سے تقریباً چار سَو مِیٹر دُور تک پھیلی ہُوئی ہُوں۔ 5تُم شہر کے باہر مشرق کی جانِب تقریباً نَو سَو مِیٹر، جُنوب کی جانِب تقریباً نَو سَو مِیٹر، مغرب کی جانِب تقریباً نَو سَو مِیٹر اَور شمال کی جانِب تقریباً نَو سَو مِیٹر اِس طرح ناپنا کہ شہر اُن کے درمیان آ جائے۔ شہروں کے اطراف کا یہ علاقہ اُن کے لیٔے چراگاہ ہوگا۔
پناہ کے شہر
6”جو شہر تُم لیویوں کو دو اُن میں سے چھ پناہ کے لیٔے مخصُوص ہُوں جہاں اَیسا شخص جِس نے کسی کا خُون کیا ہو بھاگ جائے۔ اِن کے علاوہ اُنہیں بِیالیس شہر اَور بھی دے دینا۔ 7کُل مِلا کر تُم لیویوں کو اڑتالیس شہر اُن کی چراگاہوں سمیت دے دینا۔ 8بنی اِسرائیل کی مِیراث میں سے جو شہر تُم لیویوں کو دو وہ ہر قبیلہ کی مِیراث میں سے اِس اُصُول کے مُطابق لیٔے جایٔیں کہ جِس قبیلہ کے پاس زِیادہ شہر ہُوں اُن سے زِیادہ اَور جِن کے پاس کم ہُوں اُن سے کم طلب کئے جایٔیں۔“
9تَب یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا: 10”بنی اِسرائیل سے مُخاطِب ہو اَور اُن سے کہہ: جَب تُم یردنؔ کو پار کرکے مُلکِ کنعانؔ پہُنچ جاؤ، 11تو چند شہر اَپنے لیٔے پناہ کے شہروں کے طور پر چُن لینا جہاں وہ شخص جِس سے غَیر اِرادی طور پر کویٔی قتل سرزد ہو گیا ہو بھاگ کر جا سکے۔ 12وہ شہر اِنتقام لینے والے سے پناہ پانے کے مقام ہوں گے تاکہ جَب تک قتل کے فَیصلہ کے لیٔے جماعت کے سامنے کھڑا نہ ہو تَب تک مارا نہ جائے۔ 13یہ چھ شہر جو تُم دوگے تمہارے پناہ کے شہر ہوں گے۔ 14اِن میں سے تین یردنؔ کے اِس پار اَور تین مُلکِ کنعانؔ میں پناہ کے شہروں کے طور پر دے دینا۔ 15یہ چھ شہر بنی اِسرائیل کے لیٔے اَور پردیسیوں اَور اُن لوگوں کے لیٔے پناہ کے شہر ہوں گے جو اُن کے درمیان بُودوباش کرتے ہیں تاکہ جو شخص کسی کو غَیر اِرادی طور پر قتل کرے وہ وہاں بھاگ جائے۔
16” ’اگر کویٔی آدمی کسی شخص کو لوہے کی کسی چیز سے اَیسا مارے کہ وہ مَر جائے تو وہ خُونی ٹھہرے گا اَیسا خُونی جان سے ماراجائے۔ 17یا اگر کسی کے ہاتھ میں جان لیوا پتّھر ہو اَور وہ اُس سے کسی کو اَیسا مارے کہ وہ مَر جائے تو وہ خُونی ٹھہرے گا۔ اَیسا خُونی جان سے ماراجائے۔ 18یا اگر کسی کے ہاتھ میں لکڑی کی کویٔی جان لیوا چیز ہو اَور وہ اُس سے کسی کو اَیسا مارے کہ وہ مَر جائے تو وہ خُونی ٹھہرے گا۔ اَیسا خُونی جان سے ماراجائے۔ 19خُون کا اِنتقام لینے والا خُود ہی اُس خُونی کو قتل کرے یعنی جَب بھی اُسے پایٔے اُسی وقت اُسے مار ڈالے۔ 20اگر کویٔی کسی کو عداوت کے باعث اِرادتاً دھکیل دے یا دانستہ طور پر کویٔی شَے اُس کے اُوپر پھینک دے اَور وہ مَر جائے 21یا دُشمنی سے اُسے اَپنے ہاتھ سے اَیسا مارے کہ وہ مَر جائے تو وہ شخص جان سے مار ڈالا جائے۔ وہ خُونی ہے۔ خُون کا اِنتقام لینے والا جَب بھی اُس خُونی کو پایٔے اُسے اُسی وقت مار ڈالے۔
22” ’لیکن اگر کویٔی شخص کسی کو بغیر عداوت کے ناگہاں دھکیل دے یا غَیر اِرادتاً کویٔی شَے اُس کے اُوپر پھینک دے 23یا اُسے دیکھے بغیر اُس کے اُوپر اَیسا پتّھر گرا دے جو اُس کی جان لے سکے اَور وہ مَر جائے تو چونکہ وہ اُس کا دُشمن نہ تھا اَور نہ اُسے ضرر پہُنچانے کا اِرادہ رکھتا تھا، 24اِس لیٔے جماعت اُس کے اَور خُون کا اِنتقام لینے والے کے درمیان اِن ضوابط کے مُطابق فَیصلہ کرے۔ 25اَور جماعت اُس قاتل کو خُون کا اِنتقام لینے والے کے ہاتھ سے بچالے اَور اُسے واپس پناہ کے اُس شہر میں بھیج دے جہاں وہ بھاگ گیا تھا۔ مُقدّس تیل سے ممسوح کئے ہویٔے اعلیٰ کاہِن کے زندہ رہنے تک وہ وہیں رہے گا۔
26” ’لیکن اگر وہ مُلزم پناہ کے شہر کی حُدوُد کے باہر نکل جائے جہاں وہ بھاگ کر گیا تھا 27اَور خُون کا اِنتقام لینے والا اُس مُلزم کو شہر کے باہر پا کر قتل کر ڈالے تو بھی وہ خُون بہانے کا مُجرم نہ ٹھہرے گا۔ 28چنانچہ مُلزم اعلیٰ کاہِن کاہِنؔ کی موت تک پناہ کے شہر میں ہی رہے اَور اعلیٰ کاہِن کی موت کے بعد ہی وہ اَپنی موروثی جگہ واپس ہو۔
29” ’تُم جہاں بھی رہو تمہاری آنے والی پُشتوں پر آئین کے اِن ہی ضوابط کا اِطلاق ہوگا۔
30” ’اگر کویٔی شخص کسی اِنسان کو مار ڈالے تو اِس قاتل کو گواہوں کی شہادت پر ہی قتل کیا جائے۔ لیکن کسی ایک ہی گواہ کی شہادت پر کویٔی شخص قتل نہ کیا جائے۔
31” ’سزائے موت کے مُستحق خُونی مُجرم کی جان بحالی کے لیٔے فدیہ قبُول نہ کرنا۔ اُسے لازمی طور پر مار ڈالا جائے۔
32” ’اَورجو شخص پناہ کے شہر کو بھاگ گیا ہو اُس کے لیٔے بھی اِس غرض سے فدیہ قبُول نہ کرنا کہ اعلیٰ کاہِن کی موت سے قبل اُسے اَپنے مُلک میں لَوٹ کر رہنے کا موقع مِل سکے۔
33” ’جِس مُلک میں تُم ہو اُسے ناپاک نہ کرنا۔ خُونریزی مُلک کو ناپاک کردیتی ہے اَور اُس مُلک کے لیٔے جِس میں خُون بہایا جائے اُس شخص کے خُون کے علاوہ جِس نے خُون بہایا ہو، اَور کسی چیز کا کفّارہ نہیں دیا جا سَکتا۔ 34اُس مُلک کو ناپاک نہ کرو جہاں تُم بستے ہو اَور جہاں میں رہتا ہُوں کیونکہ مَیں جو یَاہوِہ ہُوں بنی اِسرائیل کے درمیان رہتا ہُوں۔‘ “

موجودہ انتخاب:

گِنتی 35: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in