YouVersion Logo
تلاش

گِنتی 34

34
مُلک کنعانؔ کی حُدوُد
1یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا: 2”بنی اِسرائیل کو حُکم دے اَور اُن سے کہہ کہ جَب تُم مُلکِ کنعانؔ میں داخل ہو جو مِیراث کے طور پر تمہارے سُپرد کیا جائے گا تو اُس کی حُدوُد یہ رہیں گی۔
3” ’تمہاری جُنوبی سمت میں مُلک اِدُوم کی سرحد سے لگ کر صینؔ کے بیابان کا کچھ حِصّہ شامل ہوگا۔ مشرق کی جانِب تمہاری جُنوبی سرحد بحرمُردار کے سِرے سے شروع ہوکر، 4درّۂ عقرابیمؔ کے جُنوب سے ہوتی ہُوئی اَور صینؔ سے گزرتی ہُوئی قادِسؔ برنیع کے جُنوب میں جا نکلے۔ تَب وہ حضارادّاؔر کو جا کر عضمُوؔن تک پہُنچے گی، 5جہاں وہ عضمُوؔن سے مُڑ کر وادی مِصر سے مِل کر سمُندر#34‏:5 سمُندر یعنی بہر رُوم پر ختم ہوگی۔
6تمہاری مغربی سرحد بڑے سمُندر کا ساحِل ہوگی۔ یہی تمہاری مغربی سرحد ہوگی۔
7شمالی سرحد کے لیٔے بہر رُوم سے کوہِ ہُورؔ تک ایک لکیر کھینچنا، 8اَور اُسے کوہِ ہُورؔ سے لیبو حماتؔ کے مدخل تک بڑھا لینا۔ تَب وہ سرحد ضِدادؔ تک جائے گی۔ 9اَور زِفروُنؔ تک ہوتی ہُوئی حضار عینانؔ پر ختم ہوگی۔ یہ تمہاری شمالی سرحد ہوگی۔
10مشرقی سرحد کے لیٔے حضار عینانؔ سے شفامؔ تک ایک لکیر کھینچنا۔ 11پھر وہ سرحد شفامؔ سے نیچے کی طرف عینؔ کے مشرق میں رِبلہؔ کو جائے گی اَور کِنّریتؔ کی جھیل#34‏:11 کِنّریتؔ کی جھیل یعنی گلِیلی جھیل کے مشرق کی ڈھلانوں سے ہوتی ہُوئی نکلے گی۔ 12تَب وہ سرحد یردنؔ کے کنارے سے نکلتی ہُوئی بحرمُردار پر ختم ہوگی۔
” ’ہر طرف کی اِن حُدوُد کے اَندر کا مُلک تمہارا ہوگا۔‘ “
13مَوشہ نے بنی اِسرائیل کو حُکم دیا: ”اُس مُلک کو قُرعہ اَندازی کے ذریعہ بطور مِیراث بانٹ لینا۔ یَاہوِہ نے حُکم دیا ہے کہ اِسے ساڑھے نَو قبیلوں کو دیا جائے، 14کیونکہ رُوبِنؔ کے قبیلہ اَور گادؔ کے قبیلہ اَور منشّہ کے نِصف قبیلہ کے خاندان اَپنی مِیراث پا چُکے ہیں۔ 15اُن ڈھائی قبیلوں نے یردنؔ کے مشرقی ساحِل پر یریحوؔ کے مقابل جہاں سے آفتاب طُلوع ہوتاہے اَپنی مِیراث پائی ہے۔“
16یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، 17”جو لوگ اِس مُلک کو مِیراث کے طور پر تمہارے سُپرد کریں گے اُن کے نام یہ ہیں: الیعزرؔ کاہِنؔ اَور یہوشُعؔ بِن نُونؔ۔ 18اَور مُلک کو مِیراث کے طور پر بانٹنے میں مدد کرنے کے لیٔے ہر قبیلہ سے ایک سردار کا تقرّر کرنا۔
19”اَور اُن کے نام یہ ہیں:
”یہُوداہؔ کے قبیلہ سے یفُنّہؔ کا بیٹا کالبؔ؛
20شمعُونؔ کے قبیلہ سے عمّیہُوؔد کا بیٹا شموایلؔ؛
21بِنیامین کے قبیلہ سے کِسلونؔ کا بیٹا، اِلیدادؔ؛
22دانؔ کے قبیلہ کا سردار یُگلیؔ کا بیٹا بُقّیؔ؛
23یُوسیفؔ کے بیٹے منشّہ کے قبیلہ کا سردار حنّی ایل بِن افُود۔
24یُوسیفؔ کے بیٹے اِفرائیمؔ کے قبیلہ کا سردار قمُوایلؔ بِن سِفتانؔ۔
25زبُولُون کے قبیلہ کا سردار اِلیضفنؔ بِن پرناکؔ۔
26یِسَّکاؔر کے قبیلہ کا سردار، پَلطیؔ ايلؔ بِن عَزّانؔ؛
27آشیر کے قبیلہ کا سردار اخیہُودؔ بِن شلُومیؔ۔
28اَور نفتالی کے قبیلہ کا سردار پِداہیلؔ بِن عمّیہُوؔد۔“
29یہ وہ لوگ ہیں جنہیں یَاہوِہ نے حُکم دیا کہ مُلکِ کنعانؔ میں بنی اِسرائیل کو مِیراث تقسیم کریں۔

موجودہ انتخاب:

گِنتی 34: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in