گِنتی 21
21
عَرادؔ کی تباہی
1جَب عَرادؔ کے کنعانی بادشاہ نے جو نِیگیوؔ میں رہتا تھا سُنا کہ اِسرائیل اتھارِمؔ کی راہ سے آ رہاہے تو اُس نے اِسرائیلیوں پر حملہ کیا اَور اُن میں سے کیٔی ایک کو اسیر کر لیا۔ 2تَب اِسرائیل نے یَاہوِہ کے حُضُور یہ مَنّت مانی: ”اگر آپ اِن لوگوں کو ہمارے ہاتھ میں کر دیں تو ہم اُن کے شہروں کو تباہ کر دیں گے۔“ 3یَاہوِہ نے اِسرائیل کی فریاد سُنی اَور کنعانیوں کو اُن کے حوالہ کر دیا۔ اُنہُوں نے اُنہیں اَور اُن کے شہروں کو مُکمّل طور پر تباہ کر دیا۔ اِس لیٔے اُس جگہ کا نام حُرمہؔ#21:3 حُرمہؔ تباہی رکھا گیا۔
کانسے کا سانپ
4پھر اُنہُوں نے کوہِ ہُورؔ سے کُوچ کرکے بحرِقُلزمؔ کی راہ لی تاکہ مُلک اِدُوم کے باہر گھُوم کر جایٔیں لیکن وہ لوگ راستہ میں عاجز آ گئے۔ 5وہ خُدا اَور مَوشہ کے خِلاف بکنے لگے اَور کہا، ”تُم ہمیں مِصر سے نکال کر بیابان میں مرنے کے لیٔے کیوں لے آئے؟ یہاں نہ تو روٹی ہے نہ پانی! اَور ہم اِس نکمّی خُوراک سے بھی عاجز آ چُکے ہیں۔“
6تَب یَاہوِہ نے اُن لوگوں کے درمیان زہریلے سانپ بھیجے؛ سانپوں نے لوگوں کو کاٹا اَور بہت سے اِسرائیلی مَر گیٔے۔ 7تَب وہ لوگ مَوشہ کے پاس آکر کہنے لگے، ”ہم نے گُناہ کیا ہے کہ ہم نے یَاہوِہ کے حُضُور اَور تمہارے خِلاف زبان درازی کی۔ دعا کرو، یَاہوِہ اِن سانپوں کو ہم سے دُور کر دیں۔“ چنانچہ مَوشہ نے اُن لوگوں کے لیٔے دعا کی۔
8یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، ”ایک سانپ بنا لینا اَور اُسے کھمبے پر لٹکانا اَور سانپ کا ڈسا ہُوا جو کویٔی بھی فرد اُسے دیکھ لے گا وہ زندہ بچے گا۔“ 9چنانچہ مَوشہ نے کانسے کا ایک سانپ بنا کر اُسے کھمبے پر لٹکا دیا؛ تَب جَب کبھی کسی کو سانپ ڈس لیتا اَور وہ اُس کانسے کے سانپ کی طرف دیکھتا تو زندہ بچ جاتا۔
مُوآب کا سفر
10پھر اِسرائیلیوں نے کُوچ کیا اَور اوبُوتؔ میں آکر خیمہ زن ہویٔے۔ 11اَور اوبُوتؔ سے کُوچ کیا اَور عیّے عباریمؔ میں خیمہ زن ہویٔے جو مشرق کی جانِب مُوآب کے سامنے بیابان میں ہے۔ 12وہاں سے کُوچ کرکے وہ وادی زیِریؔد میں خیمہ زن ہویٔے۔ 13وہاں سے کُوچ کرکے وہ دریائے ارنُونؔ کے کنارے پر خیمہ زن ہویٔے جو اُس بیابان میں سے گزرتی ہے اَورجو امُوریوں کے علاقہ میں اَندر تک پھیلا ہُواہے۔ دریائے ارنُونؔ مُوآب اَور امُوریوں کے درمیان مُوآب کی سرحد ہے۔ 14اِس لیٔے یَاہوِہ کے جنگ نامہ میں یُوں لِکھّا ہے:
”واہیبؔ#21:14 واہیبؔ کچھ صحیفوں میں ذہابؔ لیا گیا ہے جو سُوفہؔ میں ہے
اَور ارنُونؔ کی وادیوں۔ 15اَور اُن وادیوں کے ڈھلان
جو عاؔر کے مقام تک پھیلے ہویٔے ہیں
اَور مُوآب کی سرحد سے مُتّصِل ہے۔“
16پھر وہاں سے بیرؔ تک اُنہُوں نے اَپنا سفر جاری رکھا۔ یہ وُہی کنواں ہے جہاں یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہاتھا، ”لوگوں کو جمع کرنا اَور مَیں اُنہیں پانی دُوں گا۔“
17تَب اِسرائیل نے یہ نغمہ گایا:
”اَے کنوئیں تُو اُبل آ!
اُس کے لیٔے گاؤ،
18اُس کنوئیں کے لیٔے جسے شہزادوں نے تعمیر کیا
اَور قوم کے اُمرا نے
اَپنے عصائے شاہی اَور عصاؤں سے کھودا۔“
تَب وہ اُس بیابان سے متنّہؔ کو گیٔے۔ 19اَور متنّہؔ سے نحلی ایل کو اَور نحلی ایل سے باموت کو، 20اَور باموت سے مُوآب کی اُس وادی میں آئے جہاں پِسگہؔ کی چوٹی پر سے یشیمونؔ یعنی بنجر علاقہ نظر آتا ہے۔
سیحونؔ اَور عوگؔ کی شِکست
21تَب اِسرائیل نے امُوریوں کے بادشاہ سیحونؔ کے پاس قاصِد روانہ کرکے یہ پیغام بھیجا:
22”بادشاہ ہمیں اَپنے مُلک میں سے ہوکر جانے دیں۔ ہم مُڑ کر کھیتوں یا تاکستانوں میں نہیں گھُسیں گے اَور نہ ہی کنوؤں کا پانی پیئیں گے۔ اَور جَب تک تمہارے مُلک سے گزر نہ جایٔیں سیدھے شاہراہ پر ہی چلتے رہیں گے۔“
23لیکن سیحونؔ نے اِسرائیل کو اَپنے مُلک میں سے ہوکر جانے نہ دیا بَلکہ اَپنے تمام فَوج کو جمع کرکے اِسرائیل کے مُقابلہ کے لیٔے بیابان میں نکل آئے اَور جَب وہ یاہضؔ کو پہُنچے تو اِسرائیل سے لڑے۔ 24البتّہ اِسرائیل نے اُسے تلوار سے مار ڈالا اَور اُس کے مُلک پر ارنُونؔ سے لے کر یبّوقؔ تک جہاں بنی عمُّون کی سرحد ہے قبضہ کر لیا کیونکہ اُن کی سرحد مضبُوط تھی۔ 25اِسرائیل نے حِشبونؔ اَور اُس کے اِردگرد کی بستیوں سمیت امُوریوں کے سَب شہروں پر قبضہ کر لیا اَور اُن میں بس گیٔے۔ 26حِشبونؔ امُوریوں کے بادشاہ سیحونؔ کا شہر تھا جِس نے مُوآب کے پہلے بادشاہ سے لڑ کر ارنُونؔ تک اُس کا سارا مُلک اُس سے چھین لیا تھا۔
27اِس لیٔے شعرا کہتے ہیں:
”حِشبونؔ کو آؤ، ہم اِس کو مضبُوطی سے تعمیر کریں گے۔
سیحونؔ کا شہر مضبُوط بُنیادوں پر قائِم ہے۔
28”حِشبونؔ سے آگ نکلی
یعنی سیحونؔ کے شہر سے شُعلہ بھڑکا
جِس نے مُوآب کے عاؔر کو
اَور ارنُونؔ کے اُونچے مقامات کے اُمرا کو بھسم کر دیا۔
29اَے مُوآب! تُجھ پر افسوس!
اَے کموشؔ کے لوگو تُم تباہ ہو گئے!
اُس نے اَپنے بیٹوں کو بھگوڑوں
اَور اَپنی بیٹیوں کو اسیروں کی مانند
امُوریوں کے بادشاہ سیحونؔ کے حوالہ کر دیا۔
30”لیکن ہم نے اُن کا تختہ اُلٹ دیا ہے؛
حِشبونؔ دیبونؔ سمیت تباہ ہو گیا ہے
اَور ہم نے اُنہیں نُپاحؔ تک
جو میدباؔ تک پھیلا ہُواہے اُجاڑ دیا ہے۔“
31اِس طرح بنی اِسرائیل امُوریوں کے مُلک میں بس گیٔے۔
32مَوشہ نے یعزیرؔ کا جائزہ لینے کے لیٔے جاسُوس بھیجے اَور پھر بنی اِسرائیل نے اُس کے اِردگرد کے قصبوں پر قبضہ کر لیا اَور امُوریوں کو وہاں سے نکال دیا۔ 33پھر وہ باشانؔ کے راستہ سے آگے بڑھے اَور باشانؔ کا بادشاہ عوگؔ اَپنے سارے لشکر کے ساتھ نکل کر ادرعیؔ کے مقام پر اُن سے جنگ کرے۔
34یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، ”اُس سے خوفزدہ مت ہو کیونکہ مَیں نے اُسے اُس کے سارے لشکر اَور اُس کے مُلک سمیت تمہارے حوالہ کر دیا ہے۔ لہٰذا جَیسا تُم نے امُوریوں کے بادشاہ سیحونؔ کے ساتھ کیا، جو حِشبونؔ میں حُکمراں تھا وَیسا ہی اُس کے ساتھ بھی کرنا۔“
35چنانچہ اُنہُوں نے اُسے اُس کے بیٹوں اَور اُس کے سارے لشکر کو یہاں تک مارا کہ اُن میں سے کویٔی نہ بچا اَور اُنہُوں نے اُس کے مُلک پر قبضہ کر لیا۔
موجودہ انتخاب:
گِنتی 21: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.