YouVersion Logo
تلاش

گِنتی 20

20
چٹّان سے پانی نکالنا
1پہلے مہینے میں بنی اِسرائیل کی ساری جماعت صینؔ کے بیابان میں پہُنچی اَور وہ لوگ قادِسؔ میں رہنے لگے۔ اَور مِریمؔ نے وہاں وفات پائی اَور وہیں پر دفن ہُوئی۔
2وہاں اِسرائیل کے لوگوں کے لیٔے پانی نہ مِلا۔ لہٰذا وہ مَوشہ اَور اَہرونؔ کے خِلاف اِکھٹّے ہُوئے۔ 3مَوشہ سے جھگڑا کرکے کہنے لگے، ”کاش ہم بھی اُس وقت ہی مَر گیٔے ہوتے جَب ہمارے بھایٔی یَاہوِہ کے حُضُور مَر گیٔے! 4تُم یَاہوِہ کی جماعت کو اِس بیابان میں کیوں لے آئے ہو کہ ہم اَور ہمارے مویشی یہاں مَر جایٔیں؟ 5تُم نے ہمیں مِصر سے نکال کر اِس ہولناک جگہ میں کیوں پہُنچا دیا؟ یہاں نہ تو اناج ہے نہ اَنجیر، نہ انگوری باغ ہیں نہ انار۔ یہاں تک کہ پینے کے لیٔے پانی بھی مُیسّر نہیں ہے!“
6تَب مَوشہ اَور اَہرونؔ جماعت کے پاس سے خیمہ اِجتماع کے دروازہ پر جا کر مُنہ کے بَل گِرے اَور یَاہوِہ کا جلال اُن پر ظاہر ہُوا۔ 7اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا: 8”اُس عصا کو لے لینا اَور تُم اَور تمہارا بھایٔی اَہرونؔ دونوں مِل کر جماعت کو جمع کرو اَور اُن کی آنکھوں کے سامنے اُس چٹّان سے کہو اَور وہ اَپنا پانی اُنڈیل دے گی۔ اِس طرح تُم جماعت کے لیٔے اُس چٹّان سے پانی نکالنا تاکہ وہ اَور اُن کے مویشی پی سکیں۔“
9چنانچہ مَوشہ نے یَاہوِہ کے حُضُور ٹھیک اُن کے حُکم کے مُطابق وہ عصا لیا 10اَور اُس نے اَور اَہرونؔ نے جماعت کو اُس چٹّان کے سامنے جمع کیا اَور مَوشہ نے اُن سے کہا، ”اَے باغیو! سُنو کیا ہم تمہارے لیٔے اِسی چٹّان سے پانی نکالیں؟“ 11تَب مَوشہ نے اَپنا ہاتھ اُٹھایا اَور اُس چٹّان پر دو بار عصا مارا اَور پانی بہہ نِکلا، جسے جماعت نے اَور اُن کے مویشیوں نے پیا۔
12لیکن یَاہوِہ نے مَوشہ اَور اَہرونؔ سے کہا، ”چونکہ تُم نے مُجھ پر اِتنا بھروسا نہ رکھا کہ بنی اِسرائیل کے سامنے میری تقدیس اَور میرا اِحترام کرتے اِس لیٔے تُم اِس جماعت کو اُس مُلک میں نہیں پہُنچاؤگے جسے میں اُنہیں دے رہا ہُوں۔“
13مریبہؔ#20‏:13 مریبہؔ یعنی جھگڑا کا چشمہ یہی ہے جہاں بنی اِسرائیل نے یَاہوِہ سے جھگڑا کیا تھا اَور وہ اُن کے درمیان پاک ثابت ہُوا۔
اِدُوم کا بنی اِسرائیل کو سفر کرنے سے روکنا
14پھر مَوشہ نے قادِسؔ سے اِدُوم کے بادشاہ کے پاس قاصِد روانہ کئے اَور یہ پیغام بھیجا:
”تمہارا بھایٔی اِسرائیل یہ عرض کرتا ہے کہ تُم اُن سَب مُصیبتوں سے واقف ہو جو ہم پر آن پڑی ہیں۔ 15ہمارے آباؤاَجداد مِصر میں گیٔے اَور ہم کیٔی سال وہاں رہے۔ مِصریوں نے ہمارے اَور ہمارے آباؤاَجداد کے ساتھ بُرا سلُوک کیا، 16لیکن جَب ہم نے یَاہوِہ سے فریاد کی تو اُنہُوں نے ہماری سُنی اَور ایک فرشتہ بھیج کر ہمیں مِصر سے نکال لے آئے۔
”اَب ہم یہاں قادِسؔ شہر میں ہیں جو تمہاری سلطنت کی سرحد پر واقع ہے۔ 17اَے بادشاہ لہٰذا مہربانی فرما کر ہمیں اَپنے مُلک سے ہوکر جانے کی اِجازت دیں۔ ہم کسی کھیت یا انگوری باغ میں سے ہوکر نہیں گزریں گے اَور نہ کسی کنوئیں کا پانی پیئیں گے۔ ہم شاہراہ سے ہوتے ہویٔے سفر کریں گے اَور جَب تک تمہاری سلطنت سے باہر نہ نکل جایٔیں تَب تک داہنے یا بائیں ہاتھ نہیں مُڑیں گے۔“
18لیکن اِدُومیوں نے جَواب دیا:
”تُم یہاں سے ہوکر جانے نہ پاؤگے اَور اگر تُم نے کوشش کی تو ہم نکل کر تلوار سے تُم پر حملہ کریں گے۔“
19اِسرائیلیوں نے پھر کہلا بھیجا:
”ہم بڑی شاہراہ سے ہوتے ہویٔے چلے جایٔیں گے اَور اگر ہم یا ہمارے مویشی تمہارا پانی پیئیں تو اُس کا دام دیں گے۔ ہم صِرف پیدل چلے جانا چاہتے ہیں اَور کچھ نہیں۔“
20اُنہُوں نے پھر جَواب دیا:
”تُم جانے نہ پاؤگے۔“
تَب اِدُوم بڑی بھاری اَور طاقتور فَوج لے کر اُن کے مُقابلہ کے لیٔے نکل آیا۔ 21چونکہ اِدُوم نے بنی اِسرائیل کو اَپنی سلطنت کی حُدوُد میں سے ہوکر جانے کی اِجازت نہ دی، اِس لیٔے اِسرائیلی لوگ پیچھے مُڑ کر دُوسرے راستہ سے چلے گیٔے۔
اَہرونؔ کی وفات
22تَب بنی اِسرائیل کی ساری جماعت قادِسؔ سے کُوچ کرکے کوہِ ہُورؔ پہُنچی۔ 23اَور اِدُوم کی سرحد کے نزدیک کوہِ ہُورؔ پر یَاہوِہ نے مَوشہ اَور اَہرونؔ سے فرمایا، 24”اَہرونؔ اَپنے لوگوں میں جا ملے گا۔ وہ اُس مُلک میں داخل نہ ہوں گے جسے میں بنی اِسرائیل کو دے رہا ہُوں کیونکہ تُم دونوں نے مریبہؔ کے چشمہ پر میرے حُکم کے خِلاف بغاوت کی تھی۔ 25لہٰذا تُم اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹے الیعزرؔ کو اَپنے ساتھ لے کر کوہِ ہُورؔ کے اُوپر جانا۔ 26اَور اَہرونؔ کے کاہِنؔ لباس کو اُتار کر اُس کے بیٹے الیعزرؔ کو پہنا دینا کیونکہ اَہرونؔ اَپنے لوگوں میں جا ملے گا۔ وہ وہیں وفات پایٔےگا۔“
27مَوشہ نے یَاہوِہ کے حُکم کے مُطابق عَمل کیا اَور وہ ساری جماعت کی آنکھوں کے سامنے کوہِ ہُورؔ پر چڑھ گیٔے۔ 28مَوشہ نے اَہرونؔ کے کپڑے اُتار کر اُس کے بیٹے الیعزرؔ کو پہنا دئیے اَور اَہرونؔ وہیں اُس پہاڑ کی چوٹی پر مَر گیا۔ تَب مَوشہ اَور الیعزرؔ پہاڑ پر سے اُتر آئے۔ 29اَور جَب ساری جماعت کو خبر ہُوئی کہ اَہرونؔ وفات پا چُکے ہیں تو تمام بنی اِسرائیل کے خاندان کے لوگ تیس دِن تک اُن کے لیٔے ماتم کرتے رہے۔

موجودہ انتخاب:

گِنتی 20: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in