اَحبار 22
22
1اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 2”اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹوں سے مُخاطِب ہو اَور اُنہیں حُکم دو کہ وہ اُن مُقدّس قُربانیوں کا جو بنی اِسرائیل میرے لیٔے مخصُوص کرتے ہیں اُن کا اِحترام کیا کریں، تاکہ وہ میرے پاک نام کی بےحُرمتی نہ کرنے پائیں کیونکہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔
3”اَور اُن سے فرما، ’تمہاری ساری پُشت در پُشت میں جو کویٔی ناپاکی کی حالت میں اُن مُقدّس قُربانیوں کے قریب آئے، جنہیں بنی اِسرائیل مُجھے نذر کرنے کو میرے حُضُور لائیں گے، تو یہ لازِم ہوگا کہ وہ شخص میرے حُضُور سے ہمیشہ کے لیٔے خارج کر دیاجایٔے۔ کیونکہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔
4” ’اگر اَہرونؔ کی نَسل میں سے کسی کو جِلدی کوڑھ کی بیماری ہو یا اُسے کسی جریان کا مرض ہو، تو وہ تَب تک مُقدّس قُربانیوں کو نہ کھائے جَب تک وہ پاک نہ ہو جائے۔ اَور اگر وہ کسی لاش کو چھُوئے یا نطفہ خارج ہونے کا مریض ہو، تَب بھی وہ ناپاک ہوگا، 5یا اگر وہ کسی رینگنے والے ناپاک جاندار کو چھُونے کی وجہ سے ناپاک ہو جایٔے، یا کسی اَیسے شخص کو چھُوئے جِس کے چھُونے سے وہ ناپاک ہو سَکتا ہو، خواہ اُس کی ناپاکی کسی بھی قِسم کی ہو۔ 6جو کویٔی کسی اَیسی چیز کو چھُوئے تو وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ اَور وہ مُقدّس قُربانیوں میں سے کسی چیز کو تَب تک نہ کھائے جَب تک وہ پانی سے غُسل نہ کر لے۔ 7اَور جَب آفتاب غروب ہو جائے گا تَب وہ پاک ٹھہرے گا۔ اِس کے بعد پھر وہ اُن مُقدّس قُربانیوں کو کھا سَکتا ہے کیونکہ یہ اُس کی خُوراک ہے۔ 8اَور وہ کسی مُردار جانور یا جنگلی جانوروں کے پھاڑے ہویٔے جانور کو ہرگز نہ کھائے تاکہ اُن کے باعث وہ ناپاک ہو جائے کیونکہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔
9” ’کاہِنؔ میرے قوانین کو مانیں تاکہ وہ مُجرم نہ ٹھہریں اَور اُن کی بےحُرمتی کرنے کے باعث فنا نہ ہو جایٔیں۔ مَیں یَاہوِہ ہُوں جو اُنہیں مُقدّس کرتا ہُوں۔
10” ’اَور کاہِنؔ کے خاندان سے باہر کا کویٔی بھی شخص اُس مُقدّس قُربانی کو نہ کھائے اَور نہ ہی کاہِنؔ کا مہمان یا اُس کا کویٔی مزدُور اُسے کھائے۔ 11لیکن اگر کویٔی کاہِنؔ قیمت دے کر کسی غُلام کو خریدے یا کویٔی غُلام اُس کے گھر میں پیدا ہُوا ہو، تو وہ اُس کے کھانے میں سے کھا سَکتا ہے۔ 12اگر کسی کاہِنؔ کی بیٹی کسی کاہِنؔ کے علاوہ کسی اَور سے شادی کر لے تو وہ مُقدّس قُربانیوں کی نذروں میں سے کسی کو نہ کھائے۔ 13لیکن اگر کسی کاہِنؔ کی بیٹی بِیوہ ہو جائے یا اُس کی طلاق ہو جایٔے اَور وہ جَوانی میں ہی بے اَولاد کی حالت میں اَپنے باپ کے گھر واپس آکر رہنے لگے، تو وہ اَپنے باپ کے کھانے میں سے کھا سکتی ہے۔ لیکن کویٔی شخص جو کاہِنؔ کے خاندان سے نہ ہو اُسے نہ کھائے۔
14” ’اَور اگر کویٔی شخص نادانستہ کسی مُقدّس قُربانی میں سے کھائے تو وہ اُس کی قیمت کے پانچویں حِصّہ کے ساتھ اُس مُقدّس قُربانی کا مُعاوضہ کاہِنؔ کو لَوٹا دے۔ 15اَور کاہِنؔ اُن پاک قُربانیوں کو جو بنی اِسرائیل یَاہوِہ کے حُضُور پیش کرتے ہیں اُن کی بےحُرمتی نہ کریں۔ 16اَور اِس طرح اُن کی مُقدّس قُربانیوں کو کھانے کے خطا کے باعث مُجرم نہ ٹھہرے۔ کیونکہ مَیں یَاہوِہ ہُوں جو اُن کو مُقدّس کرنے والا ہُوں۔‘ “
نامقبُول قُربانیاں
17اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 18”اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹوں اَور تمام بنی اِسرائیل سے مُخاطِب ہو اَور اُنہیں حُکم دو، ’اگر تُم میں سے کویٔی خواہ وہ اِسرائیلی ہو یا کویٔی پردیسی جو اِسرائیل کا باشِندہ ہو، جَب وہ اَپنی قُربانی لایٔے، خواہ وہ مَنّت کی قُربانی ہو، یا رضا کی قُربانی ہو، تو وہ بطور سوختنی نذر یَاہوِہ کے لیٔے پیش کریں۔ 19تو تُم بَیلوں یا برّوں یا بکریوں میں سے بے عیب نر بکرا نذر کرنا تاکہ وہ تمہاری طرف سے مقبُول ہو۔ 20اَور اُس جانور کی قُربانی نہ دی جایٔے جِس میں کویٔی عیب ہو، کیونکہ وہ تمہاری طرف سے مقبُول نہ ہوگی۔ 21جَب کویٔی شخص اَپنی کسی خاص مَنّت کی تکمیل کے لیٔے رضا کی قُربانی کے طور پر بَیلوں یا بھیڑ بکریوں میں سے سلامتی کی نذر یَاہوِہ کے حُضُور پیش کرے، تو قُربانی قبُول ہونے کے لیٔے ضروُری ہے کہ وہ جانور بے عیب ہو اَور اُس میں کویٔی نقش نہ ہو۔ 22اَیسے جانوروں کو جو اَندھا یا اَعضا ٹوٹے ہویٔے، لُولا یا جِن کے رسَولی ہو یا جنہیں ناسور کی بیماری ہو، یَاہوِہ کے حُضُور میں ہرگز نہ لانا اَور مذبح پر اُن کی آتِشی قُربانی کے طور پر یَاہوِہ کے لئے نہ گذراننا۔ 23تاہم تُم کسی بڑے یا چُھوٹے اَعضا والے بچھڑے یا برّے کو رضا کی قُربانی کے طور پر پیش کر سکتے ہو مگر کسی مَنّت کی تکمیل کی قُربانی کے لیٔے قبُول نہ ہوگی۔ 24تُم کسی اَیسے جانور کو جِس کے خُصیے زخمی، کٹے پھٹے یا کُچلے ہویٔے ہُوں، یَاہوِہ کے لیٔے قُربان نہ کرنا، اَور نہ ہی اَپنے مُلک میں اُن کی قُربانی پیش کرنا، 25اَور نہ تُم اَیسے جانوروں کو کسی پردیسی کے ہاتھ سے اَپنے خُدا کے لئے غِذا کی قُربانی کے طور پر قبُول کرنا؛ وہ آپ کی طرف سے قبُول نہیں کئے جائیں گے، کیونکہ اُن میں خرابی اَور عیب ہے۔‘ “
26اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 27”جَب کویٔی بچھڑا یا بھیڑ یا بکری کا بچّہ پیدا ہو، تو وہ سات دِن تک اَپنی ماں کے ساتھ رہے۔ اَور آٹھویں دِن کے بعد سے، وہ یَاہوِہ کے لیٔے بطور آتِشی قُربانی پیش کیٔے جانے سے مقبُول ہوگا۔ 28لیکن چاہے گائے ہو یا بھیڑ، تُم ماں اَور اُس کے بچّے دونوں کو ایک ہی دِن میں ذبح نہ کرنا۔
29”اَور جَب تُم یَاہوِہ کے حُضُور شُکر گزاری کی قُربانی پیش کرو، تو اُسے اِس طریقہ سے پیش کرو کہ وہ تمہاری طرف سے قبُول کی جایٔیں۔ 30اِس قُربانی کو اُسی دِن ضروُر کھا لینا اَور اگلے دِن تک اُس میں سے کچھ بھی باقی نہ چھوڑنا۔ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔
31”چنانچہ تُم میرے اَحکام کو ماَننا اَور اُن پر عَمل کرنا۔ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔ 32اَور تُم میرے پاک نام کی بےحُرمتی نہ کرنا، اَور لازِم ہے کہ مُجھے بنی اِسرائیل کے درمیان قُدُّوس مانا جایٔے۔ مَیں یَاہوِہ ہُوں جو تُمہیں مُقدّس کرتا ہُوں، 33اَورجو تُمہیں مِصر سے نکال لایا ہُوں تاکہ تمہارا خُدا بَن جاؤں۔ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔“
موجودہ انتخاب:
اَحبار 22: UCV
سرخی
شئیر
کاپی

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.