اَحبار 21
21
کاہِنوں کے لیٔے قوانین
1یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، ”اَہرونؔ کے بیٹوں سے جو کاہِنؔ ہیں، مُخاطِب ہو اَور اُن سے فرما، ’کویٔی کاہِنؔ اَپنے لوگوں میں سے کسی مُردہ کے باعث خُود کو نجِس نہ کرے، 2سِوائے کسی قریبی رشتہ دار کے مثلاً ماں یا باپ، بیٹا یا بیٹی، بھایٔی، 3یا اُس کی کنواری بہن جِس کا شوہر نہ ہو جو دیکھ بھال کے لیٔے اُس کی ذمّہ داری میں ہو، اُن کی خاطِر وہ اَپنے آپ کو نجِس کر سَکتا ہے۔ 4لیکن گھر کا مالک ہونے کے باعث وہ شادی کے ذریعہ رشتہ میں آئے لوگوں کے لئے خُود کو اَیسا آلُودہ نہ کرے کہ ناپاک ہو جائے۔
5” ’کاہِنؔ نہ تو اَپنا سَر گنجا کرے نہ ہی اَپنی داڑھی کے بال کو مُنڈوائے اَور نہ ہی اَپنے بَدن میں چیرا لگائے۔ 6وہ اَپنے خُدا کے لیٔے پاک رہیں اَور کبھی اَپنے خُدا کے نام کی بےحُرمتی نہ کریں کیونکہ وہ یَاہوِہ کی آتِشی قُربانیاں پیش کرتے ہیں جو اُن کے خُدا کی غِذا کی قُربانی ہے۔ لہٰذا اُن کا پاک رہنا لازمی ہے۔
7” ’کاہِنؔ جِسم فروشی کرنے والی نجِس عورت یا طلاق شُدہ عورت سے ہرگز شادی نہ کرے کیونکہ کاہِنؔ اَپنے خُدا کے لیٔے مُقدّس ہیں۔ 8لہٰذا تُم اُنہیں مُقدّس سمجھو، کیونکہ وہ تمہارے خُدا کے حُضُور میں غِذا کی قُربانی پیش کرتے ہیں۔ اُنہیں مُقدّس سمجھو کیونکہ مَیں یَاہوِہ جو تُمہیں پاک کرتا ہُوں پاک ہُوں۔
9” ’اگر کسی کاہِنؔ کی بیٹی فاحِشہ بَن کر اَپنے آپ کو ناپاک کرے، تو وہ اَپنے باپ کی بےحُرمتی کا باعث بنتی ہے۔ لازِم ہے کہ اُسے آگ میں جَلا دیا جائے۔
10” ’وہ کاہِنؔ جو اَپنے بھائیوں کے درمیان اعلیٰ کاہِن ہو جِس کے سَر پر مَسح کرنے کا تیل ڈالا گیا ہو اَورجو پاک لباس پہننے کے لیٔے مخصُوص کیا گیا ہو وہ نہ تو اَپنے سَر اُوگھاڑے اَور نہ ہی اَپنے کپڑے پھاڑے۔ 11اَور نہ ہی وہ کسی اَیسے مقام پر جائے جہاں لاش پائی جایٔے، اَور نہ ہی وہ اَپنے باپ یا ماں کی خاطِر خُود کو ناپاک کرے۔ 12اَور نہ ہی وہ اُس کے خُدا کے پاک مَقدِس سے باہر جائے اَور نہ ہی اُس کی بےحُرمتی کرے کیونکہ خُدا کا مَسح کا تیل اُس پر ہے۔ میں ہی یَاہوِہ ہُوں۔
13” ’وہ جِس عورت سے شادی کرے وہ ضروُر کنواری ہو۔ 14وہ کسی بِیوہ، طلاق شُدہ یا کسی فاحِشہ عورت سے ہرگز شادی نہ کرے بَلکہ اَپنی ہی قوم میں سے کسی کنواری سے شادی کرے۔ 15اِس طرح اُس کی اَولاد اَپنی قوم میں بےحُرمت نہ ٹھہرے گی کیونکہ مَیں یَاہوِہ ہُوں جو اُسے مُقدّس کرتا ہُوں۔‘ “
16پھر یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 17”اَہرونؔ کو حُکم دو، ’تمہارے فرزندوں میں سے اُن کی پُشت در پُشت میں کویٔی بھی شخص جِس میں عیب ہو تو وہ اَپنے خُدا کے حُضُور غِذا کی قُربانی پیش کرنے نہ آئے۔ 18کویٔی بھی شخص جِس میں کویٔی عیب ہو، وہ خُدا کے حُضُوری میں نہ آئے خواہ وہ اَندھا، لنگڑا، بدصورت یا جِسمانی طور پر معذور ہو۔ 19اَور نہ ہی وہ شخص جو پیر یا ہاتھ سے اَپاہج ہو۔ 20یا جو کُبڑا، بَونا ہو، یا جِس کی آنکھ میں کویٔی نُقص ہو، یا جو کھُجلی سے پریشان ہو، جِس کی جلد پر دانے ہُوں، یا جِس کے خُصیے کُچلے ہویٔے ہُوں۔ 21اَور اَہرونؔ کاہِنؔ کی نَسل میں سے کویٔی بھی شخص جِس میں کویٔی عیب ہو، وہ یَاہوِہ کو آتِشی قُربانیاں گذراننے کو اُن کے حُضُور نہ آئے۔ کیونکہ اُس میں عیب ہے۔ وہ ہرگز اَپنے خُدا کو غِذا کی قُربانی پیش کرنے کی کوشش نہ کرے۔ 22وہ اَپنے خُدا کی نہایت ہی مُقدّس غِذا کو اَور پاک روٹی کو بھی کھا سَکتا ہے۔ 23تاہم اَپنے عیب کی وجہ سے وہ پردہ کے اَندر یا مذبح کے پاس ہرگز نہ جائے۔ اَیسا نہ ہو کہ وہ میرے پاک مَقدِس کی بےحُرمتی کرے۔ کیونکہ مَیں یَاہوِہ ہُوں، جو اُن کو پاک کرتا ہُوں۔‘ “
24لہٰذا مَوشہ نے اَہرونؔ اَور اُن کے بیٹوں کو اَور تمام بنی اِسرائیل کو یہ سَب باتیں بتائیں۔
موجودہ انتخاب:
اَحبار 21: UCV
سرخی
شئیر
کاپی

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.