اَحبار 18
18
ناجائز جنسی تعلّقات
1اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 2”بنی اِسرائیل سے مُخاطِب ہو اَور اُنہیں بتاؤ، ’مَیں یَاہوِہ تمہارا خُدا ہُوں۔ 3تُم وَیسے کام ہرگز نہ کرنا جَیسے مِصر میں لوگ کرتے تھے جہاں تُم رہا کرتے تھے، اَور وَیسے کام بھی نہ کرنا جَیسے لوگ مُلکِ کنعانؔ میں کرتے ہیں، جہاں میں تُمہیں لے جا رہا ہُوں؛ اَور نہ ہی اُن کی رسم و رِواج پر چلنا۔ 4تُم میرے آیٔین کی ضروُر تعمیل کرنا اَور میرے قوانین کو مان کر اُن پر چلنا۔ کیونکہ مَیں یَاہوِہ تمہارا خُدا ہُوں۔ 5تُم میرے قوانین اَور آئین پر عَمل کرنا کیونکہ جو شخص اُنہیں مانے گا وہ اُن ہی کی بدولت زندہ رہے گا؛ کیونکہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔
6” ’تُم میں سے کویٔی بھی جنسی تعلّقات قائِم کرنے کی غرض سے اَپنے کسی قریبی رشتہ دار کے پاس نہ جائے؛ کیونکہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔
7” ’تُم اَپنی ماں سے ہم بِستری کرکے اَپنے باپ کی بے عزّتی نہ کرنا کیونکہ وہ تمہاری ماں ہے؛ تُم اُس سے ہم بِستری نہ کرنا۔
8” ’تُم اَپنے باپ کی کسی بھی بیوی کے ساتھ ہم بِستری نہ کرنا کیونکہ اُس سے تمہارے باپ کی بےحُرمتی ہوگی۔
9” ’تُم اَپنی بہن سے ہم بِستری نہ کرنا خواہ وہ تمہارے باپ سے پیدا ہُوئی ہو یا تمہاری ماں سے پیدا ہُوئی ہو، اَور چاہے وہ تمہارے خاندان میں یا کسی اَور گھر میں پیدا ہُوئی ہو؛ تُم اُن سے ہم بِستری نہ کرنا۔
10” ’تُم اَپنی پوتی یا اَپنی نواسی سے ہم بِستری نہ کرنا کیونکہ اُس سے تمہاری اَپنی ہی بےحُرمتی ہوگی۔
11” ’تُم اَپنی سَوتیلی ماں کی بیٹی سے ہم بِستری نہ کرنا جو تمہارے باپ سے پیدا ہُوئی ہے، کیونکہ وہ تمہاری سَوتیلی بہن ہے۔
12” ’تُم اَپنی پھوپھی سے ہم بِستری نہ کرنا کیونکہ وہ تمہارے باپ کی قریبی رشتہ دار ہے۔
13” ’تُم اَپنی خالہ سے ہم بِستری نہ کرنا کیونکہ وہ تمہاری ماں کی قریبی رشتہ دار ہے۔
14” ’تُم اَپنے باپ کے بھایٔی کی بےحُرمتی اُس کی بیوی سے ہم بِستری کرکے نہ کرنا کیونکہ وہ تمہاری چچی ہے۔
15” ’تُم اَپنی بہُو سے ہم بِستری نہ کرنا کیونکہ وہ تمہارے بیٹے کی بیوی ہے۔ اِس لیٔے تُم اُس سے جنسی تعلّقات قائِم نہ کرنا۔
16” ’تُم اَپنی بھاوج سے ہم بِستری نہ کرنا؛ کیونکہ اُس سے تمہارے بھایٔی کی بےحُرمتی ہوگی۔
17” ’تُم کسی عورت اَور اُس کی بیٹی دونوں سے ہم بِستری نہ کرنا اَور نہ ہی اُس عورت کی پوتی یا نواسی سے ہم بِستری کرنا کیونکہ وہ اُس کی قریبی رشتہ دار ہیں۔ یہ بڑی بدکاری ہے۔
18” ’جَب تک تمہاری بیوی زندہ ہے تُم اَپنی سالی کو اَپنی بیوی کی سوتن بنا کر اُس سے ہم بِستری نہ کرنا۔
19” ’تُم کسی عورت کے پاس اُس کے حَیض کے دِنوں میں اُس کی ناپاکی کی حالات میں ہم بِستری کے مقصد سے نہ جانا۔
20” ’تُم اَپنے ہمسایہ کی بیوی سے ہم بِستری کرکے اُس کے ساتھ خُود کو بےحُرمت نہ کرنا۔
21” ’تُم اَپنی اَولاد میں سے کسی کو مولکؔ بُت کے لیٔے بطور آتِشی قُربانی ہرگز نہ گزراننا تاکہ تمہارے خُدا کے نام کی بےحُرمتی نہ ہو؛ کیونکہ مَیں ہی یَاہوِہ ہُوں۔
22” ’تُم مَرد کے ساتھ ہم بِستری نہ کرنا جَیسے عورت سے کی جاتی ہے؛ یہ نہایت ہی مکرُوہ کام ہے۔
23” ’تُم کسی جانور سے صحبت کرکے اَپنے آپ کو اُس کے باعث ناپاک نہ کرنا۔ اَور لازِم ہے کہ نہ ہی کویٔی عورت کسی جانور سے جنسی تعلّقات کرنے کو اُس کے سامنے آئے کیونکہ یہ مکرُوہ کام ہے۔
24” ’تُم اِن کاموں میں سے کسی بھی کام کو کرکے خُود کو ناپاک نہ کرنا کیونکہ جِن قوموں کو مَیں تمہارے سامنے بے دخل کرنے جا رہا ہُوں اُنہُوں نے اِسی طرح کے مکرُوہ کام کرکے خُود کو نجِس کیا ہے۔ 25یہاں تک کہ اُن کا مُلک بھی اُن کی ناپاکی سے آلُودہ ہو چُکاہے۔ لہٰذا مَیں نے اُس کی بدکاری کی سزا اُسے دی ہے اَور اُس مُلک نے اَپنے باشِندوں کو اُگل دیا ہے۔ 26چنانچہ تُم میرے قوانین اَور آئین کو ضروُر ماَننا۔ اَور تُم میں سے کویٔی بھی خواہ وہ مُلک اِسرائیل کا باشِندہ ہو یا غَیراِسرائیلی جو تمہارے درمیان قِیام کرتا ہو، اِن مکرُوہ کاموں میں سے کسی کام کو کبھی نہ کرے۔ 27کیونکہ اُن لوگوں نے جو پہلے اُس مُلک میں رہتے تھے یہ سَب مکرُوہ کام کرکے مُلک کو آلُودہ کر دیا تھا۔ 28اَور اگر تُم بھی اُس مُلک کی ناپاکی کا باعث ہوگے تو وہ تُم کو بھی اُگل دے گا جَیسے اُس نے اُن قوموں کو جو تُم سے پہلے تھیں اُگل دیا۔
29” ’اَور اگر کویٔی شخص اِن مکرُوہ کاموں میں سے کویٔی بھی کام کرے، تو اُن تمام اَیسے اَشخاص کو ضروُر اَپنے لوگوں میں سے خارج کر دیاجایٔے۔ 30اِس لیٔے میرے تقاضوں کو ماَننا اَور وہ مکرُوہ رسمیں جو تُم سے پیشتر رائج تھیں، تُم اُن میں سے کسی مکرُوہ رسموں کو عَمل میں نہ لانا، اَور اُن میں پھنس کرکے خُود کو آلُودہ نہ کرنا۔ مَیں یَاہوِہ تمہارا خُدا ہُوں۔‘ “
موجودہ انتخاب:
اَحبار 18: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.