YouVersion Logo
تلاش

اَحبار 16

16
یَومِ کفّارہ
1اَہرونؔ کے دونوں بیٹوں کی وفات کے بعد، یَاہوِہ مَوشہ سے ہم کلام ہُوئے، کیونکہ اُن کے دونوں بیٹے یَاہوِہ کی حُضُوری میں پاک ترین مقام میں داخل ہوکر مَر گیٔے تھے۔ 2اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا: ”اَپنے بھایٔی اَہرونؔ کو حُکم دو جَب دِل چاہے تَب پردہ کے پیچھے پاک ترین مقام میں کفّارہ کے سرپوش کے سامنے جو عہد کے صندُوق پر ہے نہ آیا کرے ورنہ وہ مَر جائے گا۔ کیونکہ مَیں کفّارہ کے سرپوش کے اُوپر بادل میں ظاہر ہوتا ہُوں۔
3”اِن قوانین پر عَمل کرنے کے بعد ہی اَہرونؔ پاک ترین مقام میں اِس طرح داخل ہُوں، وہ گُناہ کی قُربانی کے لیٔے ایک جَوان بچھڑا اَور سوختنی نذر کے لیٔے ایک مینڈھا ساتھ ضروُر لائیں۔ 4وہ کتان کا مُقدّس کُرتہ پہنے اَور کتان کا لباس اَور اَپنے نیچے پاجامہ پہنے ہو؛ اَور کتان کے پٹکے سے اُس کی کمر بندھی ہو، اَور اُس کے سَر پر کتان کا عمامہ بندھا ہو؛ یہ مُقدّس لباس ہیں لہٰذا وہ اُنہیں پہننے سے پیشتر پانی سے غُسل کرے۔ 5اَور وہ اِسرائیلی جماعت سے گُناہ کی قُربانی کے لیٔے دو بکرے اَور سوختنی نذر کے لیٔے ایک مینڈھا لے۔
6”اَور اَہرونؔ خُود اَپنی اَور اَپنے گھرانے کی خاطِر گُناہ کی قُربانی کے لیٔے اُس بچھڑے کو پیش کرے تاکہ اُس کے لیٔے اَور اُس کے گھرانے کے لیٔے کفّارہ اَدا ہو۔ 7پھر وہ اُن دونوں بکروں کو لے کر خیمہ اِجتماع کے مدخل پر یَاہوِہ کے حُضُور میں کھڑا کرے۔ 8اَور اَہرونؔ اُن دونوں بکروں پر قُرعہ ڈالیں ایک قُرعہ یَاہوِہ کے لیٔے اَور دُوسرا قُرعہ عزازیلؔ#16‏:8 عزازیلؔ شاید یہ اِس چھاؤنی سے گُناہ اَور جُرم کی مُکمّل طور سے رِہائی کی علامت ہے۔ کے لیٔے۔ 9اَور اَہرونؔ اُس بکرے کو جِس پر یَاہوِہ کے نام کا قُرعہ نِکلا تھا، اُسے گُناہ کی قُربانی کے لیٔے گذرانے۔ 10لیکن جِس بکرے پر عزازیلؔ کے نام کا قُرعہ نِکلا تھا، اُسے زندہ ہی یَاہوِہ کے حُضُور میں کفّارہ اَدا کرنے کے لیٔے پیش کیا جا سکے اَور وہ بیابان میں عزازیلؔ کے لیٔے چھوڑ دیاجایٔے۔
11”اَور اَہرونؔ خُود اَپنے گُناہ کی قُربانی کے لیٔے اُس بچھڑے کو لایٔے تاکہ اَپنے اَور اَپنے گھرانے کے لیٔے کفّارہ دے اَور وہ اَپنے گُناہ کی قُربانی کے لیٔے اُس بچھڑے کو ذبح کرے۔ 12اَور وہ ایک بخُوردان لے جِس میں یَاہوِہ کے مذبح پر کے آگ کے اَنگارے بھرے ہُوں اَور اَپنی دونوں مُٹھّیوں میں مہین پِسا ہُوا خُوشبودار بخُور لے کر اُسے پردہ کے اَندر لائے، 13اَور وہ اُس بخُور کو یَاہوِہ کے حُضُور آگ میں ڈال دے تاکہ اُس بخُور کا دُھواں کفّارہ کے سرپوش کو جو شہادت کے صندُوق کے اُوپر ہے چھُپا لے کہ وہ ہلاک نہ ہو۔ 14پھر وہ اُس بچھڑے کا کچھ خُون لے کر اُسے اَپنی اُنگلی سے اُسے مشرقی سمت کی طرف کفّارہ کے سرپوش کے سامنے چھڑکے اَور پھر اُس خُون میں سے کچھ وہ اَپنی اُنگلی سے سات بار کفّارہ کے سرپوش کے آگے چھڑکے۔
15”پھر وہ گُناہ کی قُربانی کے بکرے کو ذبح کرے جو اُمّت کے لیٔے ہے اَور اُس کے خُون کو پردہ کے اَندر لے جا کر اُس سے بھی وُہی کرے جو اُس نے بچھڑے کے خُون کے ساتھ کیا تھا؛ وہ اُسے کفّارہ کے سرپوش کے اُوپر اَور اُس کے سامنے چھڑک دے۔ 16اِس طرح وہ بنی اِسرائیل کی ساری ناپاکی، بغاوت اَور گُناہوں کے سبب سے پاک ترین مقام کے لیٔے کفّارہ دے؛ اَور اَیسا ہی وہ خیمہ اِجتماع کے لیٔے بھی کرے جو اُن کے ساتھ اُن کی ناپاکی کے درمیان رہتاہے۔ 17اَور جَب اَہرونؔ کفّارہ دینے کو پاک ترین مقام کے اَندر جایٔیں تو جَب تک وہ اَپنے اَور اَپنے گھرانے اَور بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کے لیٔے کفّارہ دے کر باہر نہ آ جایٔیں اُس وقت تک کویٔی بھی شخص خیمہ اِجتماع کے اَندر مَوجُود نہ رہے۔
18”پھر وہ باہر نکل کر اُس مذبح کے پاس جائے جو یَاہوِہ کے حُضُور ہے اَور اُس کے لیٔے کفّارہ دے۔ اَور وہ اُس بچھڑے اَور اُس بکرے کا کچھ خُون لے کر مذبح کے سَب سینگوں پر لگائے۔ 19اَور کچھ خُون اَپنی اُنگلی سے سات بار اُس پر چھڑکے اَور اُسے بنی اِسرائیل کی ناپاکی کی حالتوں سے پاک کرے۔
20”اَور جَب اَہرونؔ پاک ترین مقام، اَور خیمہ اِجتماع اَور مذبح کے لیٔے کفّارہ دے چُکیں تو وہ زندہ بکرے کو سامنے لائیں۔ 21اَور اَہرونؔ اَپنے دونوں ہاتھ اُس کے سَر پر رکھ کر اُس کے اُوپر بنی اِسرائیل کی ساری بدکاریوں، نافرمانیوں اَور اُن کے تمام گُناہوں کا اقرار کریں اَور اُنہیں اُس بکرے کے سَر پر ڈال کر، اُس بکرے کو کسی مُقرّر شخص کے ذریعے بیابان میں بھیج دے۔ 22اَور وہ بکرا اُن کے تمام گُناہوں کو اَپنے اُوپر اُٹھاکر اُنہیں کسی ویرانہ میں لے جائے گا چنانچہ وہ شخص اُس بکرے کو بیابان میں چھوڑ دے۔
23”اِس کے بعد اَہرونؔ خیمہ اِجتماع میں جا کر کتان کے وہ کپڑے جو اُنہُوں نے پاک ترین مقام میں داخل ہونے سے پیشتر پہنے ہویٔے تھے، اُتار دیں اَور اُنہیں وہیں چھوڑ دیں۔ 24پھر وہ پاک مَقدِس میں پانی سے غُسل کرے اَور اَپنے عام کپڑے پہن لے۔ اَور پھر باہر آکر اَپنے لیٔے اَور اُمّت کے لیٔے سوختنی نذر پیش کرے، اَور اَپنے لیٔے اَور اُمّت کے لیٔے کفّارہ دے۔ 25اَور وہ گُناہ کی قُربانی کی چربی کو مذبح پر آگ میں جَلا دے۔
26”اَور وہ شخص جو اُس بکرے کو عزازیلؔ کے لیٔے چھوڑکر آئے، وہ اَپنے کپڑے ضروُر دھوئے اَور پانی سے غُسل کرے؛ اُس کے بعد ہی وہ شخص چھاؤنی میں داخل ہو سکتا ہے۔ 27اَور گُناہ کی قُربانیوں کے بَیل اَور بکرے کو جِن کا خُون کفّارہ دینے کے لیٔے پاک ترین مقام میں لایا گیا تھا؛ اُنہیں چھاؤنی سے باہر ضروُر لے جایا جائے اَور اُن کی کھال، گوشت اَور آنتوں وغیرہ کو آگ میں جَلا دیا جائے۔ 28اَور اُنہیں جَلانے والا شخص ضروُر اَپنے کپڑے دھوئے اَور پانی سے غُسل کرے۔ اِس کے بعد ہی وہ چھاؤنی میں داخل ہو سکتا ہے۔
29”اَور تمہارے لیٔے یہ ایک دائمی فرمان ہوگا: تُم ساتویں مہینے کی دسویں تاریخ کو اَپنی اَپنی جان کو دُکھ دینا#16‏:29 جان کو دُکھ دینا مُراد روزہ رکھنا اَور کویٔی بھی خواہ وہ مُلک اِسرائیل کا باشِندہ ہو یا غَیراِسرائیلی جو تمہارے درمیان رہتا ہو کسی طرح کا کام نہ کرے؛ 30کیونکہ اِسی دِن تُمہیں پاک کرنے کے لیٔے تمہاری خاطِر کفّارہ دیا جائے گا۔ تَب تُم یَاہوِہ کے حُضُور اَپنے تمام گُناہوں سے پاک ٹھہروگے۔ 31یہ تمہارے لیٔے ایک خاص آرام کا سَبت ہے لہٰذا تُم اُس دِن اَپنی اَپنی جان کو دُکھ دینا۔ یہ ایک دائمی فرمان ہے۔ 32اَور مُقدّس کتانی لباس پہن کر وُہی کاہِنؔ کفّارہ دے گا جو اَپنے باپ کی جگہ پر جانشین بطور اعلیٰ کاہِن ہونے کے لیٔے مَسح اَور مُقرّر کیا گیا ہو۔ 33اَور وہ پاک ترین مقام، خیمہ اِجتماع، مذبح، کاہِنوں اَور جماعت کے تمام لوگوں کے لیٔے کفّارہ دے گا۔
34”یہ تمہارے لیٔے ایک دائمی فرمان ہوگا کہ سال میں ایک بار بنی اِسرائیل کے تمام گُناہوں کا کفّارہ دیا جائے۔“
اَور جَیسا یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا اُس نے وَیسا ہی کیا۔

موجودہ انتخاب:

اَحبار 16: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in