اَحبار 14

14
کوڑھی کو نَجاست سے پاک کرنا
1یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 2”کسی کوڑھی کے پاک قرار ٹھہرانے کی رسمی طہارت کے ضوابط یہ ہیں، جَب اُسے کاہِنؔ کے پاس لایا جائے: 3کاہِنؔ چھاؤنی کے باہر جا کر اُس کا مُعائنہ کرے۔ اَور اگر وہ شخص اَپنی کوڑھ کی بیماری سے شفایاب ہو چُکاہے، 4تو کاہِنؔ حُکم دے کہ پاک قرار دئیے جانے والے کے لیٔے دو زندہ پاک پرندے اَور دیودار کی لکڑی اَور قِرمزی رنگ کا سُوت اَور زُوفا لایا جائے۔ 5پھر کاہِنؔ بہتے ہویٔے پانی کے اُوپر مٹّی کے ایک برتن میں اُن دونوں پرندوں میں سے ایک پرندے کو ذبح کرنے کا حُکم دے۔ 6پھر وہ دُوسرے زندہ پرندہ کو دیودار کی لکڑی اَور قِرمزی سُوت اَور زُوفا ساتھ لے کر اُنہیں اَور اُس زندہ پرندہ کو اُس پرندہ کے خُون میں ڈُبو دے جسے بہتے ہویٔے پانی کے اُوپر ذبح کیا گیا تھا۔ 7اَور کاہِنؔ اُس پرندہ کے خُون کو سات بار اُس شخص پر چھڑک دے، جو کوڑھ سے پاک و صَاف قرار دیا جا رہاہے، پھر کاہِنؔ اُس شخص کو پاک و صَاف قرار دے اَور اُس زندہ پرندہ کو کھُلے میدان میں چھوڑ دے۔
8”پھر اُس پاک و صَاف قرار دئیے جانے والے شخص کے لیٔے لازِم ہے کہ وہ اَپنے کپڑے دھوئے اَپنے سارے بال مُنڈوائے اَور پانی سے غُسل کرے، تَب وہ رسماً پاک سمجھا جائے گا۔ اِس کے بعد ہی وہ چھاؤنی میں آسکتا ہے، لیکن ضروُری ہے کہ وہ سات دِن تک اَپنے خیمہ سے باہر ہی ٹھہرے۔ 9اَور ساتویں دِن وہ اَپنے سَر کے بال، داڑھی، اَبرو اَور سارے بال ضروُر مُنڈوا لے؛ لازِم ہے کہ وہ اَپنے کپڑے دھوئے اَور پانی سے غُسل کرے۔ تَب وہ پاک ہوگا۔
10”اَور آٹھویں دِن وہ دو بے عیب نر برّے اَور ایک ایک سالہ بے عیب مادہ برّہ اَور اناج کی نذر کے لیٔے پانچ کِلو#14‏:10 پانچ کِلو یعنی ایفہ کے تین دہائی حِصّہ کے برابر کے برابر تیل مِلا ہُوا مَیدہ اَور ایک تہائی لیٹر#14‏:10 ایک تہائی لیٹر یعنی ایک لوج تیل لے۔ 11پھر جو کاہِنؔ اُس شخص کو پاک قرار ہونے کا اعلان کر رہاہے، وہ خیمہ اِجتماع کے مدخل پر اُس شخص کو اَور اِن چیزوں کو یَاہوِہ کے حُضُور پیش کرے۔
12”پھر کاہِنؔ ایک نر برّہ اَور ایک تہائی لیٹر تیل کو خطا کی قُربانی کے واسطے اَور ہلانے کی نذر کی قُربانی کے طور پر یَاہوِہ کے حُضُور پیش کرے۔ 13اِس کے بعد کاہِنؔ اُس نر برّہ کو اُس پاک مَقدِس میں ذبح کرے، جہاں گُناہ کی قُربانی اَور سوختنی نذر کے جانوروں کو ذبح کیا جاتا ہے؛ کیونکہ گُناہ کی قُربانی، خطا کی قُربانی کے مانند کاہِنؔ کا مُقرّر حِصّہ ہے؛ اَور یہ نہایت ہی مُقدّس ہے۔ 14اَور کاہِنؔ اُس خطا کی قُربانی کا کچھ خُون لے کر پاک قرار دئیے جانے والے شخص کے داہنے کان کی لَو پر، داہنے ہاتھ کے انگُوٹھے پر اَور داہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر لگائے۔ 15اِس کے بعد کاہِنؔ اُس ایک تہائی لیٹر تیل میں سے کچھ تیل لے کر اَپنے بائیں ہاتھ کی ہتھیلی پر اُنڈیل دے، 16پھر کاہِنؔ اَپنے داہنی ہاتھ کی اُنگشتِ شہادت کو اَپنی بائیں ہتھیلی میں رکھے ہُوئے تیل میں ڈبوئے اَور اَپنی اُنگلی سے اُس تیل کو سات بار یَاہوِہ کے حُضُور چھڑکے۔ 17اَور کاہِنؔ اَپنی ہتھیلی کے باقی بچے ہویٔے تیل میں سے کچھ پاک قرار دیئے جانے والے کے داہنے کان کی لَو پر، اُس کے داہنے ہاتھ کے انگُوٹھے پر اَور اُس کے داہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر لگا دے، جِن پر خطا کی قُربانی کا خُون لگا ہُواہے۔ 18اَور کاہِنؔ اَپنی ہتھیلی کے باقی بچے ہویٔے تیل کو پاک قرار دئیے جانے والے شخص کے سَر پر بھی لگا دے اَور یَاہوِہ کے حُضُور اُس کے لیٔے کفّارہ دے۔
19”اَور پھر کاہِنؔ گُناہ کی قُربانی پیش کرنے اَور ناپاکی سے پاک قرار دیئے جانے والے کے لیٔے کفّارہ دے۔ اُس کے بعد کاہِنؔ سوختنی نذر کے جانور کو ذبح کرے۔ 20اَور کاہِنؔ اُسے سوختنی نذر اَور اناج کی نذر کی قُربانی کے ہمراہ مذبح پر چڑھا کر کفّارہ دے اَور وہ پاک ٹھہرے گا۔
21”لیکن اگر وہ شخص غریب ہو اَور اُسے اِتنا مقدور نہ ہو تو وہ اَپنا کفّارہ دینے کی خاطِر ہلانے کی نذر کی قُربانی کے طور پر خطا کی قُربانی کے واسطے ایک نر برّہ اَور اناج کی نذر کے واسطے تیل مِلا ہُوا ڈیڑھ کِلو مَیدہ اَور ایک تہائی لیٹر تیل، 22اَور اَپنے مقدور کے مُطابق دو قُمریاں یا کبُوتر کے دو بچّے، جِن میں سے ایک گُناہ کی قُربانی کے لیٔے اَور دُوسرا سوختنی نذر کے لیٔے لے آئے۔
23”آٹھویں دِن وہ اُنہیں اَپنے پاک قرار دئیے جانے کے لیٔے خیمہ اِجتماع کے مدخل پر یَاہوِہ کے حُضُور کاہِنؔ کے پاس لایٔے۔ 24اَور کاہِنؔ خطا کی قُربانی کے اُس برّہ کو اَور ایک تہائی لیٹر تیل کو لے کر یَاہوِہ کے حُضُور ہلانے کی نذر کی قُربانی کے طور پر گزرانے۔ 25پھر کاہِنؔ خطا کی قُربانی کے لیٔے برّہ کو ذبح کرے اَور اُس کا کچھ خُون لے کر پاک قرار دئیے جانے والے شخص کے داہنے کان کی لَو پر، اُس کے داہنے ہاتھ کے انگُوٹھے پر اَور داہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر لگائے۔ 26اَور کاہِنؔ اُس تیل میں سے کچھ تیل کو اَپنے بائیں ہاتھ کی ہتھیلی میں اُنڈیلے، 27اَور کاہِنؔ اَپنے داہنے ہاتھ کی اُنگشتِ شہادت سے اَپنی بائیں ہتھیلی میں رکھے تیل میں سے کچھ تیل کو سات بار یَاہوِہ کے حُضُور چھڑکے۔ 28پھر کاہِنؔ اَپنی ہتھیلی کے تیل میں سے کچھ تیل وہ اُن جگہوں پر لگائے جہاں اُس نے خطا کی قُربانی کا خُون لگایا تھا یعنی پاک قرار دیئے جانے والے کے داہنے کان کی لَو پر، داہنے ہاتھ کے انگُوٹھے پر اَور داہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر لگا دے۔ 29اَور کاہِنؔ اَپنی ہتھیلی کے باقی تیل کو پاک قرار دئیے جانے والے شخص کے سَر پر لگا دے تاکہ کاہِنؔ یَاہوِہ کے حُضُور اُس کے لیٔے کفّارہ دے۔ 30پھر وہ قُمریوں یا کبُوتر کے بچّوں میں سے ایک ایک جنہیں وہ لا سَکا ہو، اُن کی قُربانی پیش کرے۔ 31یعنی جو کُچھ اُسے مُیسّر ہُوا ہو، اُس میں سے اناج کی نذر کے ساتھ، ایک گُناہ کی قُربانی کے طور پر اَور ایک سوختنی نذر کے طور پر پیش کرے۔ اِس طرح کاہِنؔ پاک قرار دئیے جانے والے شخص کے لیٔے یَاہوِہ کے حُضُور میں کفّارہ دے۔“
32یہ اُس شخص کے لیٔے طریقہ ہے جو کوڑھ کی متعدّی بیماری میں مُبتلا ہے اَور اَپنے پاک ہونے کے لیٔے باقاعدہ نذر مُہیّا نہیں کر سَکتا ہے۔
متعدّی پھپھُوندی سے پاک ہونا
33اَور یَاہوِہ نے مَوشہ اَور اَہرونؔ سے فرمایا، 34”جَب تُم مُلکِ کنعانؔ میں داخل ہو، جسے میں تُمہیں تمہاری مِلکیّت کے طور پر دے رہا ہُوں، اَور مَیں اُس مُلک میں کسی گھر میں متعدّی پھپھُوندی پیدا کروں، 35تو لازِم ہوگا کہ اُس گھر کا مالک جا کر کاہِنؔ کو بتائے، ’مَیں نے اَپنے گھر میں متعدّی پھپھُوندی جَیسی کویٔی چیز دیکھی ہے۔‘ 36تو کاہِنؔ اُس گھر کا مُعائنہ کرنے سے پیشتر حُکم دے کہ وہ اُس پھپھُوندی والے گھر کو خالی کر دیں تاکہ اُس گھر کی کویٔی چیز ناپاک نہ ٹھہرائی جائے۔ اِس کے بعد کاہِنؔ جا کر اُس گھر کا مُعائنہ کرے۔ 37اَور کاہِنؔ دیواروں پر اُس پھپھُوندی کا مُعائنہ کرے، اَور اگر وہ ہری یا سُرخی مائل لکیروں کی طرح ہو، جو دیوار میں سطح کے اَندر گہری دِکھائی دے، 38تو کاہِنؔ اُس گھر کے دروازہ سے باہر جائے اَور سات دِن کے لیٔے اُسے بند کر دے۔ 39اَور ساتویں دِن کاہِنؔ اُس گھر کا دوبارہ مُعائنہ کرے۔ اَور اگر وہ پھپھُوندی دیواروں پر پھیل گئی ہو، 40تو کاہِنؔ حُکم دے کہ پھپھُوندی سے متاثّرہ پتّھروں کو نکال کر شہر سے باہر کسی ملبے کے ڈھیر میں پھینک دئیے جایٔیں۔ 41اَور اِس کے بعد کاہِنؔ حُکم دے کہ گھر کی تمام اَندرونی دیواریں کھُرچی جایٔیں اَور کھُرچن کو شہر سے باہر کسی ملبے کے ڈھیر پر پھینک دئیے جایٔیں۔ 42پھر وہ اُن پتّھروں کی جگہ دُوسرے پتّھر لگائیں اَور تازہ گارے سے اُس گھر کا پلستر کریں۔
43”اَور اگر وہ پھپھُوندی اُس گھر میں پتّھر نکالنے، کھُرچنے اَور پلستر کرنے کے بعد بھی دوبارہ نموُدار ہو جایٔے، 44تو کاہِنؔ اَندر جا کر اُس کا مُعائنہ کرے اَور اگر وہ پھپھُوندی اُس گھر میں پھیل گئی ہو تو وہ متعدّی پھپھُوندی ہے اَور وہ گھر ناپاک ہے۔ 45چنانچہ اُس گھر کو ضروُر گرا دیاجایٔے، وہ اُس کے پتّھر، لکڑیاں اَور اُس کے پلستر کو شہر سے باہر کسی ملبے کے ڈھیر پر پھینک دے۔
46”اَور اِس کے علاوہ، اگر کویٔی شخص اُس وقت بند کئے ہویٔے گھر میں داخل ہو، تو وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 47اِسی طرح اگر کویٔی شخص اُس گھر میں سوئے یا کچھ کھائے تو وہ اَپنے کپڑے ضروُر دھولے۔
48”لیکن اگر کاہِنؔ اُس کا مُعائنہ کرے اَور دیکھے کہ اُس گھر کا پلستر کرنے کے بعد دوبارہ پھپھُوندی نہیں پھیلی ہے، تو وہ اُس گھر کو پاک ٹھہرائے کیونکہ پھپھُوندی ختم ہو چُکی ہے۔ 49تَب کاہِنؔ اُس گھر کو پاک کرنے کے لیٔے دو پرندے، دیودار کی لکڑی، سُرخ دھاگے اَور زُوفا لے کر، 50اُن پرندوں میں سے ایک کو بہتے پانی پر مٹّی کے کسی برتن میں ذبح کرے۔ 51اِس کے بعد وہ دیودار کی اُس لکڑی، زُوفا، سُرخ دھاگے اَور اُس زندہ پرندہ کو لے کر اُن کو اُس مُردہ پرندہ کے خُون اَور بہتے پانی میں ڈُبو کر سات بار اُس گھر میں چھڑکے۔ 52اِس طرح وہ اُس گھر کی طہارت اُس پرندہ کے خُون، اَور بہتے ہویٔے پانی، اُس زندہ پرندہ، دیودار کی لکڑی، زُوفا اَور اُس سُرخ دھاگے سے کرے۔ 53پھر وہ اُس زندہ پرندہ کو شہر کے باہر کھُلے میدان میں چھوڑ دے۔ اِس طریقہ سے وہ اُس گھر کے لیٔے کفّارہ دے اَور وہ گھر پاک ٹھہرے گا۔“
54جِلد کی ہر قِسم کی کوڑھ جَیسی بیماری کے لیٔے یہی ضوابط ہیں: خارِش کے لیٔے، 55کپڑوں یا گھر میں لگنے والی متعدّی پھپھُوندی کے لیٔے، 56سُوجن، دانے یا چمکیلے داغ کے لیٔے، 57اَور یہ فیصلہ کرنے کے لیٔے کہ کب کویٔی چیز پاک یا ناپاک ہے۔
جِلد کی متعدّی بیماریوں اَور متعدّی پھپھُوندی کے لیٔے یہی ضوابط ہیں۔

موجودہ انتخاب:

اَحبار 14: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in