اَحبار 13

13
جِلدی بیماریوں کے متعلّق طور طریقے
1اَور یَاہوِہ نے مَوشہ اَور اَہرونؔ سے فرمایا، 2”اگر کسی کی جِلد پر سُوجن، سُرخ دانے یا سفید چمکیلا داغ ہو اَور اُس سے جِلدی بیماری بڑھنے کا خطرہ ہو، تو اَیسے اِنسان کو لازماً اَہرونؔ کاہِنؔ کے پاس یا اُن کے بیٹوں میں سے جو کاہِنؔ ہیں، کسی کے پاس لے جائیں۔ 3اَور کاہِنؔ اُس جِلد کی متعدّی جگہ کا مُعائنہ کرے، اَور اگر اُس متعدّی جگہ کے بال سفید ہو گئے ہُوں اَور وَبا جِلد سے زِیادہ گہری دِکھائی دے تو، وہ یقیناً جِلد کی کویٔی بیماری ہے۔ اَور جَب کاہِنؔ اُس کا مُعائنہ کر چُکے تو وہ رسمی طور پر اُسے ناپاک ہونے کا اعلان کر دے۔ 4اَور اگر اُس کی جِلد پر سفید داغ تو ہو، لیکن وہ وَبا جِلد سے گہری نہ ہو، اَور اُس جگہ کے بال بھی سفید نہ ہویٔے ہُوں تو، کاہِنؔ اُس کوڑھ کی بیماری سے متاثر اِنسان کو سات دِن تک علیحدہ رکھے۔ 5اَور ساتویں دِن کاہِنؔ اُس کا مُعائنہ کرے اَور اگر وہ دیکھے کہ اُس زخم میں کویٔی تبدیلی نہیں ہُوئی اَور وہ جِلد پر نہیں پھیلا تو وہ اُس کو مزید سات دِن اَور علیحدگی میں رکھے۔ 6اَور ساتویں دِن کاہِنؔ پھر اُس کا مُعائنہ کرے اَور اگر اُس متعدّی جگہ کے داغ کا رنگ پھیکا پڑ گیا ہو اَور وہ جِلد کے اُوپر پھیلا بھی نہ ہو، تو کاہِنؔ اُسے پاک قرار دے کیونکہ وہ داغ محض سُرخ دانے ہیں۔ اِس لیٔے وہ اِنسان اَپنے کپڑے دھو ڈالے اَور پاک ہو جایٔے۔ 7لیکن اگر کاہِنؔ کے سامنے اُس مُعائنہ اَور اُسے پاک قرار دئیے جانے کے بعد بھی وہ سُرخ دانے جِلد پر پھیلنے لگے، تو وہ اِنسان خُود کو دوبارہ کاہِنؔ کو دِکھائے۔ 8اَور کاہِنؔ اُس کا مُعائنہ کرے اَور اگر وہ سُرخ دانے جِلد پر پھیل گئے ہُوں تو کاہِنؔ اُس اِنسان کو ناپاک قرار دے کیونکہ یہ ایک کوڑھ کی بیماری ہے۔
9”اگر کسی اِنسان کو کوڑھ کا مرض ہو تو وہ لازمی طور پر کاہِنؔ کے پاس لایا جائے۔ 10اَور کاہِنؔ اُس کا مُعائنہ کرے اَور اگر اُس کی جِلد میں سفید رنگ کی سُوجن ہو اَور اُس جگہ کے بال بھی سفید ہو گیٔے ہُوں اَور اُس سُوجن میں کھُلا زخم ہو، 11تو یہ اُس اِنسان کی جِلد پر ایک پُرانا کوڑھ کا مرض ہے، لہٰذا کاہِنؔ اُس کو علیحدگی میں بند کرکے نہ رکھے بَلکہ اُسے فوراً ناپاک قرار دے، کیونکہ وہ بہت پہلے ہی ناپاک ہو چُکاہے۔
12”اَور اگر کوڑھ کی بیماری اُس کی تمام جِلد پر پھیل جائے اَور جہاں تک کاہِنؔ دیکھ سکے وہ متاثّرہ اِنسان کی ساری جِلد پر سَر سے لے کر پاؤں تک پھیلی ہو، 13تو کاہِنؔ اُس اِنسان کی باریکی سے جانچ کرے اَور اُس کے پاک ہونے کا اعلان کرے کیونکہ متعدّی بیماری اُس شخص کے پُورے بَدن میں پھیل گئی ہے اَور اُس کا پُورا بَدن سفید ہو گیا ہے لہٰذا وہ شخص پاک ہے۔ 14لیکن اگر کاہِنؔ کو اُس کی جِلد پر کھُلا زخم دِکھائی دے، تو وہ ناپاک ہوگا۔ 15اَور جَب کاہِنؔ اُس کے کھُلے زخم کو غور سے دیکھے تو وہ اُس شخص کو ناپاک قرار دے۔ کیونکہ کھُلا زخم ناپاک ہے اَور یہ کوڑھ کی بیماری ہے۔ 16اَور اگر اُس کی جِلد کا کھُلا زخم دوبارہ سفید رنگ کا ہو جائے، تو وہ شخص کاہِنؔ کے پاس جائے، 17اَور کاہِنؔ اُس کا باریکی سے مُعائنہ کرے اَور اگر وہ زخم سفید رنگ کا ہو گیا ہو، تو کاہِنؔ متاثّرہ شخص کو پاک قرار دے تَب وہ پاک ہوگا۔
18”اگر کسی کی جِلد پر کویٔی پھوڑا ہو گیا ہو اَور وہ ٹھیک ہو جائے، 19اَور اُس پھوڑے کی جگہ پر سفید سُوجن یا سُرخی مائل چمکتا ہُوا سفید داغ دِکھائی دے تو وہ لازماً اَپنے آپ کو کاہِنؔ کے حُضُور پیش کرے۔ 20کاہِنؔ اُس کا باریکی سے مُعائنہ کرے اَور اگر وہ داغ جِلد سے گہرا دِکھائی دے اَور اُس پر بال سفید ہو گئے ہُوں تو کاہِنؔ اُس شخص کو ناپاک قرار دے کیونکہ یہ کوڑھ کا ایک متعدّی مرض ہے جِس کی شروعات پھوڑے سے ہُوئی ہے۔ 21لیکن اگر کاہِنؔ کے باریکی سے اُس وقت مُعائنہ کرنے کے دَوران اُس کی جِلد پر کویٔی سفید بال نہ ہو اَور وہ دانے جِلد سے گہرے نہ ہوں اَور اُس کا رنگ ہلکا پڑ گیا ہو، تو کاہِنؔ اُسے دُوسروں سے سات دِن تک علیحدہ رکھے۔ 22اَور اگر وہ جِلد پر زِیادہ پھیل رہا ہو، تو کاہِنؔ اُس شخص کو ناپاک قرار دے کیونکہ یہ ایک متعدّی مرض ہے۔ 23لیکن اگر اُس شخص کی جِلد پر سفید رنگ کا داغ تو ہے لیکن یہ جِلد میں پھیل نہیں رہاہے، تو یہ پھوڑے کے ٹھیک ہونے کا داغ ہے، تَب کاہِنؔ اُس شخص کو پاک قرار دے۔
24”جَب کسی کی جِلد آگ سے جَل گئی ہو اَور جلنے سے جِلد پر ایک سفید یا سُرخی مائل رنگ کا کھُلا زخمی داغ نظر آنے لگے، 25تو کاہِنؔ اُس کا باریکی سے مُعائنہ کرے اَور اگر اُس داغ کے اَندر کے بال سفید ہو گئے ہُوں اَور وہ متعدّی مرض جِلد سے گہرا دِکھائی دے، تو یہ ایک قِسم کا کوڑھ ہے جو اُس جلنے کے داغ میں پھوٹ پڑا ہے لہٰذا کاہِنؔ اُس شخص کو ناپاک قرار دے کیونکہ اُسے کوڑھ کی بیماری ہو گئی ہے۔ 26لیکن اگر کاہِنؔ اُس کا باریکی سے مُعائنہ کرتا ہے اَور اُس داغ میں سفید بال نہیں پاتا اَور نہ وہ جِلد سے گہرا ہے اَور اُس کا رنگ بھی ہلکا پڑ گیا ہے، تو کاہِنؔ اُس شخص کو سات دِن کے لیٔے دُوسروں سے علیحدہ رکھے۔ 27اَور ساتویں دِن کاہِنؔ اُس کا دوبارہ مُعائنہ کرے اَور اگر اُس کا داغ جِلد پر پھیل رہا ہو تو کاہِنؔ اُس شخص کو ناپاک قرار دے۔ کیونکہ یہ کوڑھ کی بیماری ہے۔ 28اَور اگر اُس جِلد کے داغ میں کویٔی تبدیلی نہ ہُوئی ہو اَور وہ جِلد میں نہ پھیلا ہو اَور اُس کا رنگ ہلکا ہو گیا ہو، تو یہ محض سُوجن ہے جو جَل جانے کے باعث پیدا ہو گئی ہے۔ لہٰذا کاہِنؔ اُس شخص کو پاک قرار دے کیونکہ وہ محض جَل جانے کا داغ ہے۔
29”اَور اگر کسی مَرد یا عورت کے سَر یا داڑھی پر متعدّی مرض ہو، 30تو کاہِنؔ اُس کا مُعائنہ کرے اَور اگر وہ داغ جِلد سے گہرا نظر آئے اَور اُس میں زرد اَور مہین رونگٹے دِکھائی دیں، تو کاہِنؔ اُس شخص کو ناپاک قرار دے۔ یہ کویٔی خارِش ہے اَور سَر اَور داڑھی کا کوڑھ ہے۔ 31لیکن اگر مُعائنہ کے وقت کاہِنؔ کو پتا چلے کہ وہ داغ جِلد سے گہرا نہیں ہے اَور نہ ہی اُس جگہ پر کویٔی کالا بال ہے، تو کاہِنؔ متاثّرہ شخص کو سات دِن کے لیٔے دُوسروں سے علیحدہ رکھے۔ 32ساتویں دِن کاہِنؔ اُس متعدّی مرض کا مُعائنہ کرے اَور اگر خارِش پھیلی نہ ہو اَور اُس جگہ پر کویٔی زرد بال نہ ہو اَور خارِش کے باعث متعدّی مرض جِلد سے گہرا نہیں ہے، 33تو بیماری سے متاثّرہ حِصّہ کو چھوڑکر اُس کے بال ضروُر گنجے کر دئیے جایٔیں، اَور کاہِنؔ اُسے سات دِن اَور علیحدہ رکھے۔ 34پھر ساتویں دِن کاہِنؔ اُس خارِش کا مُعائنہ کرے اَور اگر خارِش جِلد میں پھیلی نہ ہو اَور نہ ہی جِلد سے گہری مَعلُوم ہو، تو کاہِنؔ اُسے پاک قرار دے؛ وہ شخص اَپنے کپڑے دھوئے اَور پاک ہو جائے۔ 35لیکن اگر پاک قرار دیئے جانے کے بعد اُس کی خارِش جِلد پر زِیادہ پھیل جائے، 36تو کاہِنؔ اُس کا پھر مُعائنہ کرے اَور اگر وہ خارِش جِلد پر پھیل چُکی ہو تو کاہِنؔ کو زرد بال دیکھنے کی ضروُرت نہیں وہ شخص ناپاک ہے۔ 37اگر خارِش کا رنگ تبدیل نہیں ہُوا اَور اُس میں کالے بال اُگ آئے ہُوں تو وہ خارِش ٹھیک ہو گئی ہے۔ اَور وہ شخص پاک ہے اَور کاہِنؔ اُسے پاک قرار دے۔
38”اگر کسی مَرد یا عورت کی جِلد پر سفید چمکدار داغ نموُدار ہو جایٔیں، 39تو کاہِنؔ اُن کا مُعائنہ کرے۔ اَور اگر جِلد پر وہ چمکدار داغ ہلکے سفید رنگ کے ہُوں تو وہ مَعمولی کھُجلی ہے جو جِلد پر پھوٹ پڑی ہے۔ وہ شخص پاک ہے۔
40”اگر کسی شخص کے سَر کے بال جھڑ گیٔے ہُوں اَور وہ گنجا ہو گیا ہو، تو وہ رسمی طور پر پاک ہے۔ 41اَور اگر اُس کے سَر کے سامنے پیشانی کے اَور سَر کے دونوں طرف کے بال جھڑ چُکے ہُوں اَور اُس کی پیشانی گنجی ہو گئی ہو، تو وہ شخص پاک ہے۔ 42لیکن اگر اُس کے گنجے سَر یا پیشانی پر سُرخی مائل سفید رنگ کا داغ ہو تو وہ جِلد کا ایک متعدّی مرض ہے، یہ کوڑھ ہے جو اُس کے سَر یا پیشانی پر پھیلنا شروع ہو گیا ہے۔ 43لہٰذا کاہِنؔ اُس کا مُعائنہ کرے اَور اگر اُس کے سَر یا پیشانی کا داغ سُوجا ہُوا ہو اَور اُس کا رنگ کوڑھ کی طرح سُرخی مائل سفید ہو، 44تو وہ شخص کوڑھ کی بیماری میں مُبتلا ہے اَور ناپاک ہے۔ اِس لیٔے کاہِنؔ اُس شخص کو سَر کے داغ کی وجہ سے ناپاک قرار دے۔
45”اِس قِسم کے متعدّی مرض مثلاً کوڑھ میں مُبتلا شخص کے لیٔے لازِم ہے کہ وہ پھٹے پرانے کپڑے پہنے اَور اُس کے بال بکھرے ہویٔے ہُوں اَور وہ اَپنے چہرے کے نِچلے حِصّہ کو ڈھانکے اَور چِلّا چِلّا‏‏‏‏کر کہے، ’ناپاک! ناپاک!‘ 46جَب تک وہ اَیسے متعدّی مرض میں مُبتلا رہے گا وہ ناپاک سمجھا جائے گا۔ اِس لیٔے لازِم ہے کہ وہ تنہا رہے اَور چھاؤنی کے باہر زندگی گزارے۔
کپڑے میں کوڑھ کی پَھپھُوندی
47”اگر کسی کپڑے میں کوڑھ کی پَھپھُوندی لگ جائے، تو خواہ وہ اُونی ہو یا سُوتی، 48اَور خواہ وہ سُوت یا اُون سے بُنا ہُوا ہو یا وہ چمڑا ہو یا چمڑے سے بنایا گیا ہو، 49اَور اگر یہ متعدّی مرض کپڑے یا چمڑے سے بنی کسی چیز میں یا کپڑے کے تانے یا بانے میں ہو جِس کا رنگ ہرا یا سُرخی مائل ہو تو یہ پھیلنے والے کوڑھ کی پھپھُوندی ہے اَور یہ کاہِنؔ کو ضروُر دِکھائی جائے۔ 50تَب کاہِنؔ اُس پھپھُوندی کا مُعائنہ کرے اَور اُس سے آلُودہ اَشیا کو سات دِن تک علیحدہ رکھے۔ 51اَور ساتویں دِن وہ اُس کا پھر سے مُعائنہ کرے اَور اگر وہ متعدّی پھپھُوندی کپڑے کے تانے بانے میں یا چمڑے کی بنی ہُوئی کسی چیز پر زِیادہ پھیل چُکی ہو، تو وہ کپڑا اَور چمڑے کی بنی ہُوئی چیز سَب نُقصان دہ پھپھُوندی سے مُبتلا ہے اَور ناپاک ہے۔ 52لہٰذا وہ سُوتی یا اُونی یا بُنے ہویٔے کپڑے کو یا چمڑے کی چیز کو جِس پر وہ پھپھُوندی پھیلی ہُوئی ہو ضروُر جَلا دے اَور چونکہ وہ نُقصان دہ پھپھُوندی ہے اِس لیٔے اُس سے متاثّرہ تمام اَشیا ضروُر جَلا دی جایٔیں۔
53”لیکن اگر کاہِنؔ کے مُعائنہ کرتے وقت وہ پھپھُوندی سُوت سے بُنے ہویٔے یا بُنے ہویٔے کپڑے میں یا چمڑے کی بنی ہُوئی کسی شَے میں پھیلی نہ ہو 54تو کاہِنؔ حُکم دے کہ اُس متعدّی کپڑے کو دھو لیا جائے۔ تَب وہ اُس کو اَور سات دِن تک علیحدہ رکھے۔ 55جَب متاثّرہ چیز دھوئی جا چُکی ہو تو کاہِنؔ اُس کا دوبارہ مُعائنہ کرے اَور چاہے پھپھُوندی کے رنگ میں تبدیلی نہ ہُوئی ہو اَور نہ ہی وہ زِیادہ پھیلی ہو، تو بھی وہ ناپاک ہی ہے۔ اُسے آگ میں جَلا دیا جائے چاہے پھپھُوندی کپڑے کے اَندر یا باہر کی طرف نُقصان پہُنچائی ہو۔ 56اَور اگر کاہِنؔ اُس کا مُعائنہ کرے اَور اُسے یہ مَعلُوم چلے کہ کپڑے کو دھونے کے بعد پھپھُوندی کا رنگ ہلکا پڑ گیا ہے، تو وہ اُس کپڑے یا چمڑے کے یا اُس کے تانے بانے کے آلُودہ حِصّہ کو پھاڑ کر الگ کر دے۔ 57لیکن اگر وہ پھپھُوندی اُس کپڑے میں یا اُس سے بنی ہُوئی کسی بُنی ہُوئی چیز میں یا چمڑے کی کسی چیز میں پھر سے نموُدار ہو تو گویا وہ اُس میں پھیل رہی ہے لہٰذا لازِم ہے کہ اُس متعدّی پھپھُوندی سے متاثر چیز کو آگ میں جَلا دیا جائے۔ 58اَور اگر اُس کپڑے یا کپڑے سے بنی ہُوئی یا بُنی ہُوئی یا چمڑے کی بنی ہُوئی کسی چیز کو دھونے کے بعد اُس کی پھپھُوندی جاتی رہے تو اُسے پھر سے دھویا جائے اَور تَب وہ پاک سَمجھی جائے گی۔“
59اُونی یا سُوتی کپڑے، سُوت یا اُون سے بُنے ہویٔے لباس یا چمڑے کی بنی ہُوئی کسی چیز میں کوڑھ کی متعدّی لگی ہو، تو اُسے پاک یا ناپاک قرار دینے کے ضوابط یہی ہیں۔

موجودہ انتخاب:

اَحبار 13: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in