اَحبار 11
11
پاک اَور ناپاک کھانا
1اَور یَاہوِہ نے مَوشہ اَور اَہرونؔ سے فرمایا، 2”بنی اِسرائیل سے کہو، ’زمین کے سَب چَوپایوں میں سے جِن جِن کو تُم کھا سکتے ہو وہ یہ ہیں: 3جِن چَوپایوں کے کھُر چِرے ہویٔے ہُوں اَورجو جُگالی کرتے ہُوں اُسے تُم کھا سکتے ہو۔
4” ’کچھ جانور اَیسے بھی ہیں جو صِرف جُگالی کرتے ہیں یا جِن کے صِرف کھُر چِرے ہویٔے ہیں تُم اُنہیں ہرگز نہ کھانا۔ مثلاً اُونٹ جو جُگالی تو کرتا ہے لیکن اُس کے کھُر چِرے ہویٔے نہیں ہیں یہ تمہارے لیٔے ناپاک ہے۔ 5اَور چٹّانی سافان اگرچہ وہ جُگالی تو کرتا ہے لیکن اُس کے کھُر چِرے ہویٔے نہیں ہیں لہٰذا وہ بھی تمہارے لیٔے ناپاک ہے۔ 6اَور خرگوش بھی اگرچہ وہ جُگالی تو کرتا ہے لیکن اُس کے کھُر پھٹے ہویٔے نہیں ہیں لہٰذا وہ بھی تمہارے لیٔے ناپاک ہے۔ 7اَور سُؤر بھی، اگرچہ اُس کے کھُر چِرے ہویٔے ہیں مگر وہ جُگالی نہیں کرتا، لہٰذا وہ بھی تمہارے لیٔے ناپاک ہے۔ 8تُم اُن کا گوشت ہرگز نہ کھانا اَور نہ ہی اُن کی لاشوں کو بھی چھُونا کیونکہ وہ تمہارے لیٔے ناپاک ہیں۔
9” ’اَور سمُندروں اَور دریاؤں میں رہنے والے تمام آبی جانداروں میں سے جِن کے پر اَور چھِلکے ہُوں تُم اُنہیں کھا سکتے ہو۔ 10لیکن سمُندروں اَور دریاؤں کے وہ جاندار جِن کے پر اَور چھِلکے نہ ہوں خواہ وہ جھُنڈ بنا کر تیرتے ہُوں یا وہ پانی کی دیگر زندہ مخلُوقات میں سے ہُوں تُم اُنہیں مکرُوہ سمجھنا۔ 11اَور چونکہ وہ تمہارے لیٔے ناپاک ہیں لہٰذا تُم اُن کا گوشت ہرگز نہ کھانا اَور نہ ہی اُن کی لاشوں کو چھُونا کیونکہ وہ ناپاک ہیں۔ 12پانی میں رہنے والی ہر ایک مخلُوقات جِس کے پر اَور چھِلکے نہ ہوں وہ تمہارے لیٔے مکرُوہ ہے۔
13” ’اَور پرندوں میں سے تمہارے لیٔے مکرُوہ پرندے یہ ہیں اَور جنہیں کھانا منع ہے مثلاً: عُقاب، گِدھ، کالا گِدھ، 14سُرخ چیل، ہر قِسم کی کالی چیل۔ 15ہر قِسم کے کوّے، 16چیخنے والا اُلّو، سینگ والا اُلّو، سمُندری بگلا، اَور ہر قِسم کے باز۔ 17چھوٹا اُلّو، ماہی خور، سمُندری پرندہ، بڑا اُلّو، 18سفید اُلّو، جنگلی اُلّو، سمُندری عُقاب، 19لق لق، ہر قِسم کے بگلے، ہُدہُد اَور چمگادڑ۔
20” ’اَور تمام پَردار کیڑے جو چاروں ٹانگوں پر چلتے ہیں تمہارے لیٔے ناپاک ہیں۔ 21تاہم کچھ پَردار کیڑے اَیسے ہیں جو چاروں ٹانگوں پر چلتے ہیں، جِن کے زمین پر کودنے اَور پھاندنے کے لیٔے پیر ہوتے ہیں اُنہیں تُم کھا سکتے ہو۔ 22اِن جاندار کیڑوں کو تُم کھا سکتے ہو: یعنی ہر قِسم کی ٹِڈّی ہر قِسم کا سُلعام، جھینگر یا ٹِڈّا کھا سکتے ہو۔ 23مگر باقی تمام پَردار کیڑے جو چاروں ٹانگوں پر چلتے ہیں وہ تمہارے لیٔے مکرُوہ ہیں۔
24” ’اِن سبھی جانداروں کی وجہ سے تُم ناپاک ہو جاؤگے؛ اَورجو کویٔی اُن کی لاش کو چھُوئے گا وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 25اَورجو کویٔی اُن کی لاشوں کو اُٹھائے، وہ اَپنے کپڑے دھوئے اَور شام تک وہ ناپاک رہے گا۔
26” ’ہر ایک جانور جِس کا کھُر پھٹا ہو لیکن پُوری طرح دو حِصّہ میں الگ نہ ہو، مگر وہ جُگالی نہیں کرتا ہو، وہ تمہارے لیٔے ناپاک ہے؛ اَورجو کویٔی اُن کی لاش کو چھُوئے گا تو وہ ناپاک ہو جائے گا۔ 27اَور چار پاؤں کے بَل چلنے والے تمام جانوروں میں سے جتنے اَپنے پنجوں کے بَل چلتے ہیں، وہ بھی تمہارے لیٔے ناپاک ہیں اَورجو کویٔی اُن کی لاشوں کو چھُوئے گا وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 28اَورجو کویٔی اُن کی لاشیں اُٹھائے وہ اَپنے کپڑے دھوئے اَور شام تک وہ ناپاک رہے گا۔ کیونکہ یہ جانور تمہارے لیٔے ناپاک ہیں۔
29” ’زمین پر رینگنے والے جانداروں میں سے یہ جاندار تمہارے لیٔے ناپاک ہیں: نیولا، چُوہا، اَور ہر قِسم کی بڑی چھپکلی، 30حِرذُون (ایک قِسم کی چھپکلی)، گوہ، دیوار پر رہنے والی چھپکلی، سانڈ اَور گِرگٹ۔ 31وہ جاندار جو زمین پر رینگ کر چلتے ہیں، یہ سَب تمہارے لیٔے ناپاک ہیں۔ جو کویٔی اُن مَرے ہویٔے جانداروں کو چھُوتا ہے وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 32اِن میں سے اگر کسی چیز پر اُن کا مَرا ہُوا جِسم گِر پڑے تو وہ چیز ناپاک ہو جایٔےگی، چاہے وہ لکڑی کا برتن، کپڑا، کھال یا ٹاٹ کی بنی ہو، اَور کسی بھی کام میں اِستعمال کی جاتی ہو۔ لہٰذا اُسے پانی میں ڈال دو اَور شام تک وہ ناپاک رہے گی اَور اُس کے بعد وہ چیز پاک ٹھہرے گی۔ 33اَور اگر کسی مٹّی کے برتن میں اِن جانداروں کا مَرا ہُوا جِسم گِر جائے تو اُس کے اَندر کی ہر چیز ناپاک ہو جائے گی۔ لہٰذا تُم اُس برتن کو توڑ ڈالنا۔ 34اَور اگر اِس برتن کا پانی کسی بھی کھانے کی چیز پر گِر جایٔے تو، وہ کھانا ناپاک ہو جایٔےگا۔ اَور اگر اَیسے برتن میں پینے کے لیٔے کچھ ہو تو وہ بھی ناپاک ہوگا۔ 35اَور جِس چیز پر اُن جاندار کی لاش گِر جایٔے، وہ چیز ناپاک ہو جایٔےگی۔ چاہے وہ چیز تنور ہو یا آتِشدان ہو، اُسے ضروُر توڑ دیا جائے۔ وہ ناپاک ہیں اَور تمہارے لیٔے ناپاک ہی ٹھہریں گی۔ 36تاہم چشمہ یا تالاب جہاں پانی جما کیا جاتا ہے، وہ تو پاک ہی رہتاہے۔ لیکن جو کویٔی اُن کی لاشوں کو چھُوئے وہ ناپاک ٹھہرے گا۔ 37اگر کویٔی لاش اَیسے بیجوں پر گِرے جو بونے کے لیٔے ہُوں تو وہ پاک رہیں گے۔ 38لیکن اگر بیج پر پانی ڈالا گیا ہو اَور اُس پر اِن کی کویٔی لاش گِر پڑے تو وہ تمہارے لیٔے ناپاک ہوگی۔
39” ’اگر کویٔی جانور جِس کے کھانے کی تُمہیں اِجازت ہے، مَر جائے تو جو کویٔی اُس کی لاش کو چھُوئے وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 40اَورجو کویٔی اُس مَرے ہویٔے جانور کا گوشت کھائے تو، وہ اَپنے کپڑے ضروُر دھو ڈالے اَور وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ اَورجو کویٔی اُس جانور کی لاش کو اُٹھائے وہ بھی اَپنے کپڑے دھو ڈالے اَور وہ شام تک ناپاک رہے گا۔
41” ’ہر ایک جاندار جو زمین پر رینگتا پھرتاہے مکرُوہ ہے اُسے ہرگز کھایا نہ جائے۔ 42تُم کسی جاندار کو جو زمین پر رینگتا پھرتاہے خواہ وہ پیٹ کے بَل رینگتا ہو یا چاروں پاؤں کے بَل یا کثیر پاؤں کے بَل چلتا ہو، تُم اُن کو ہرگز نہ کھانا کیونکہ وہ مکرُوہ ہے۔ 43اِن جانداروں میں سے کسی جاندار کے باعث تُم اَپنے آپ کو مکرُوہ نہ بنا لینا۔ اَور نہ ہی تُم اُن کے باعث خُود کو ناپاک کرنا تاکہ ناپاک نہ ہو جاؤ۔ 44کیونکہ مَیں یَاہوِہ تمہارا خُدا ہُوں۔ اِس لیٔے تُم اَپنے آپ کو صَاف کرو اَور پاک بنو کیونکہ مَیں پاک ہُوں۔ لہٰذا تُم زمین پر رینگنے والے کسی بھی جاندار کے باعث اَپنے آپ کو ناپاک نہ کرنا۔ 45کیونکہ مَیں یَاہوِہ ہُوں جو تمہارا خُدا ہونے کے لیٔے تُمہیں مِصر سے نکال لایا۔ اِس لیٔے پاک بنو کیونکہ مَیں پاک ہُوں۔
46” ’حَیوانات، پرندوں، آبی جانداروں اَور زمین پر رینگنے والے سَب جانداروں کے بارے میں ضوابط یہی ہیں۔ 47اَور تُم پاک اَور ناپاک میں اَور کھائے جانے والے اَور نہ کھائے جانے والے زندہ جانوروں میں ضروُر اِمتیاز کرنا۔‘ “
موجودہ انتخاب:
اَحبار 11: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.