ایُّوب 28
28
درمیانی وفقہ: حِکمت کی بابت بَیان
1چاندی کی کان ہوتی ہے
اَور سونے کی بھٹّی جہاں وہ کندن بنتا ہے۔
2لوہا زمین سے نکالا جاتا ہے،
اَور کانسے کچّی دھات میں سے گلایا جاتا ہے۔
3اِنسان تاریکی کی تہہ تک پہُنچتا ہے؛
اَور سنگریزوں کی جُستُجو میں
ظلمات کے گوشہ گوشہ کو چھان ڈالتا ہے۔
4وہ آبادی سے دُور کے اَیسی قِیام گاہوں میں سرنگ لگاتاہے،
جہاں آنے جانے والوں کے قدم نہیں پہُنچ پاتے؛
لوگوں سے دُور وہ جھولتا اَور لٹکتا ہے۔
5زمین جِس میں سے اناج اُگتا ہے،
اَندر ہی اَندر پلٹ دی جاتی ہے گویا اُس میں آگ لگ گئی ہو؛
6زمین کے پتّھروں میں نیلم،
اَور زمین کی خاک میں سونے کے ذرّے ملتے ہیں۔
7کویٔی شِکاری پرندہ وہ خُفیہ راہ نہیں جانتا،
نہ کسی باز کی آنکھ نے اُسے دیکھاہے۔
8درندے اُس پر قدم نہیں مارتے،
نہ کویٔی خُونخوار شیر اُدھر سے گزرتا ہے۔
9اِنسان کا ہاتھ چقماق کی چٹّان کو توڑ ڈالتا ہے،
اَور پہاڑوں کو جڑ سے اُلٹ دیتاہے۔
10وہ چٹّانوں میں سے سُرنگ کھودتا ہے؛
اُن کی آنکھیں اُن کے تمام خزانوں کو دیکھ لیتی ہیں۔
11وہ دریاؤں کے منبعوں کو کھوج نکالتے ہیں
اَور خُفیہ اَشیا رَوشنی میں لاتے ہیں۔
12”لیکن حِکمت کہاں مِل سکتی ہے؟
اَور سمجھ کہاں بستی ہے؟
13اِنسان اُن کی قدر و قیمت کا ادراک نہیں کر سَکتا:
وہ زندوں کی سرزمین میں نہیں پائی جاتی۔
14گہراؤ کہتاہے، ”وہ مُجھ میں نہیں“؛
اَور سمُندر کہتاہے، ”وہ میرے پاس نہیں ہے“؛
15اُسے خالص سونے سے خریدا نہیں جا سَکتا،
نہ ہی اُس کی قیمت چاندی سے اَدا کی جا سکتی ہے۔
16اوفیرؔ کے سونے سے اُس کی قیمت اَدا نہیں کی جا سکتی،
نہ ہی قیمتی سنگِ سُلیمانی اَور نیلم سے۔
17نہ سونا نہ بِلّوری شیشہ سے اُس کا مُقابلہ کیا جا سَکتا ہے،
نہ ہی اُسے جواہرات کے عوض حاصل کیا جا سَکتا ہے۔#28:17 امثا 8:10
18مرجان اَور بِلّور ناقابل ذِکر ہیں؛
حِکمت کی قیمت سنگِ یَشب سے کہیں زِیادہ ہے۔
19کُوشؔ کا پکھراج اُس کی برابری نہیں کر سَکتا؛
نہ ہی خالص سونے سے اُس کا مول ہو سَکتا ہے۔#28:19 امثا 8:19
20پھر، حِکمت کہاں سے آتی ہے؟
اَور سمجھ کہاں بستی ہے؟
21وہ ہر جاندار کی نگاہ سے پوشیدہ ہے،
ہَوا کے پرندوں سے بھی چھُپائی گئی ہے۔
22تباہی اَور موت یہ کہتے ہیں،
”اُس کی محض افواہ ہی ہمارے کانوں تک پہُنچی ہے۔“#28:22 مُکا 9:11
23خُدا اُس تک جانے والی راہ جانتے ہیں
اَور صِرف وُہی اُس کے مقام سے واقف ہیں،
24کیونکہ وہ زمین کی اِنتہا تک نظر کرتے ہیں
اَور آسمان کے نیچے کی ہر چیز کو بھی دیکھتے ہیں۔#28:24 زبُور 11:4
25جَب اُنہُوں نے ہَوا کا دباؤ مُقرّر کیا
اَور پانی کو پیمانہ سے ناپا،
26جَب اُنہُوں نے مینہ کے لیٔے حُکم جاری کیا
اَور برق و رَعد کی راہ مُقرّر کی،
27تَب اُنہُوں نے حِکمت پر نظر کی اَور اُس کا جائزہ لیا؛
اُسے قائِم کیا اَور اُسے پرکھا۔
28اَور خُدا نے اِنسان سے فرمایا،
”دیکھو، یَاہوِہ کا خوف ہی حِکمت ہے،
اَور بدی سے دُور رہنا دانشمندی ہے۔“#28:28 اِست 4:6
موجودہ انتخاب:
ایُّوب 28: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.