یرمیاہؔ 46

46
مِصر کے متعلّق پیغام
1یَاہوِہ کا کلام جو یرمیاہؔ نبی پر مُختلف قوموں کے متعلّق نازل ہُوا،
2مِصر کے متعلّق،
یہ پیغام شاہِ مِصر فَرعوہؔ نِکوہؔ کی فَوج کے متعلّق ہے جو دریائے فراتؔ کے کنارے پر کرکمیشؔ میں تھی جسے شاہِ بابیل، نبوکدنضرؔ نے یہُویقیمؔ بِن یُوشیاہؔ، شاہِ یہُودیؔہ یہُویقیمؔ کے دَورِ حُکومت کے چوتھے سال میں شِکست دی تھی۔
3”اَپنی چُھوٹی اَور بڑی دونوں سِپر تیّار کرو،
اَور جنگ کے لیٔے روانہ ہو جاؤ!
4گھوڑوں کو آراستہ کرو،
اَور اُن پر سوار ہوکر،
خُود پہن لو،
اَور اَپنی اَپنی جگہ پر کھڑے ہو جاؤ؛
اَپنے نیزوں کو پَینا کرو،
اَپنا زرہ بکتر پہن لو!
5میں کیا دیکھ رہا ہُوں؟
وہ گھبرائے ہُوئے نظر آتے ہیں،
اَور پیچھے ہٹ رہے ہیں،
اُن کے جنگجو فَوجی ہار گیٔے ہیں۔
اَور بغیر پیچھے مُڑے
تیزی سے فرار ہو رہے ہیں،
ہر طرف خوف چھایا ہُواہے،“
یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
6نہ تو تیزی سے دَوڑنے والا بھاگنے پایٔےگا
اَور نہ دِلیر بچ پائے گا۔
کیونکہ شمال میں دریائے فراتؔ کے کنارے
وہ ٹھوکر کھا کر گِر جاتے ہیں۔
7”یہ کون ہے جو دریائے نیل کی مانند
اُمنڈتے ہُوئے دریاؤں کی طرح بڑھا چلا آ رہاہے؟
8مِصر دریائے نیل کی مانند،
اَور اُمنڈتے ہُوئے دریاؤں کی مانند بڑھ رہاہے۔
وہ اعلان کر چُکاہے، ’میں اُوفن کر پُوری زمین پر چھا جاؤں گا؛
میں شہروں کو اَور اُن کے باشِندوں کو تباہ کر دُوں گا۔‘
9اَے گھوڑوں، تیز رفتار سے آگے بڑھو!
اَے رتھ بانوں، تیزی سے ہانکو!
اَے کُوشؔ اَور فُوطؔ کے سِپر برداروں،
اَے لیدیا کے ماہر تیر اَندازوں، آگے بڑھو۔
10لیکن وہ دِن خُداوؔند، قادرمُطلق یَاہوِہ کا یومِ اِنتقام ہے،
یہ اُن کا اَپنے دُشمنوں سے اِنتقام لینے کا دِن ہے۔
تلوار سیر ہونے تک چلتی ہی رہے گی،
اَور جَب تک اُن کی تلوار خُون پی کر اَپنی پیاس نہ بُجھا لے، وہ نہیں رُکے گی
کیونکہ خُداوؔند، قادرمُطلق یَاہوِہ،
شمالی سرزمین میں دریائے فراتؔ کے کنارے قُربانی گذرانیں گے۔
11”اَے مِصر کی کنواری بیٹی،
گِلعادؔ جا کر مرہم لے آ۔
لیکن تُم خوامخواہ مُختلف دوائیں اِستعمال کرتی ہو؛
کیونکہ تُم شفا نہیں پاؤ گی۔
12مُختلف قومیں تمہاری رُسوائی کا حال سُنیں گی؛
اَور زمین تمہارے رونے سے بھر جائے گی۔
ایک جنگجو فَوجی دُوسرے فَوجی سے ٹکرائیں گے؛
اَور دونوں باہم گِر جایٔیں گے۔“
13شاہِ بابیل نبوکدنضرؔ کے مِصر آکر اُس پر حملہ کرنے کے متعلّق یہ پیغام یَاہوِہ نے یرمیاہؔ نبی پر نازل کیا،
14”مِصر میں اِس کا اعلان کرو اَور مِگدُلؔ میں مُنادی کرو؛
میمفِسؔ#46‏:14 میمفِسؔ دُوسرا نام نُوفؔ اَور تحفنحِیسؔ میں بھی مُنادی کرو،
’اَپنی اَپنی جگہ پر کھڑے ہو جاؤ اَور تیّار ہو جاؤ،
کیونکہ تلوار تمہاری چاروں طرف لوگوں کو کھائے جا رہی ہے۔‘
15تمہارے سُورما ہلاک کیوں ہو گئے؟
وہ کھڑے نہ رہ سکیں گے کیونکہ یَاہوِہ اُنہیں گرا دیں گے۔
16وہ بار بار ٹھوکر کھایٔیں گے؛
اَور ایک دُوسرے پر گریں گے۔
اَور کہیں گے، ’اُٹھو!
ہم ستمگر کی تلوار سے دُور
اَپنی قوم اَور اَپنے وطن کو واپس لَوٹ چلیں۔‘
17وہاں وہ پُکار کے کہیں گے،
’شاہِ مِصر فَرعوہؔ محض ایک بَھوکال ہے؛
اُس نے خُوبصورت موقع کو اَپنے ہاتھ سے نکل جانے دیا ہے۔‘
18”وہ بادشاہ جِن کا نام قادرمُطلق یَاہوِہ ہے،“ وہ یُوں فرماتے ہیں،
مُجھے اَپنی حیات کی قَسم،
”جِس طرح تبورؔ باقی پہاڑوں میں عظیم ہے،
اَور کوہِ کرمِلؔ سمُندر سے اُونچا ہے اُسی طرح آنے والا بھی ہے۔
19اَے مِصر میں رہنے والوں،
جَلاوطنی میں جانے کا سامان تیّار کر لو،
کیونکہ میمفِسؔ شہر اُجاڑ دیا جائے گا،
اَور وہ ویران اَور غَیر آباد ہو جائے گا۔
20”مِصر نہایت خُوبصورت بچھیا ہے،
لیکن شمال کی جانِب سے اُس کے خِلاف
ایک بڑی مکھّی یعنی تباہی آ رہی ہے۔
21اُس کی صفوں میں جو کرائے کے فَوجی ہیں
وہ فربہ بچھڑوں کی مانند ہیں۔
لیکن وہ بھی پلٹ کر ایک ساتھ بھاگ جایٔیں گے،
وہ ٹِک نہ سکیں گے؛
کیونکہ اُن پر تباہی کا دِن،
اَور سزا پانے کا وقت آ پہُنچا ہے۔
22جُوں ہی دُشمن فَوج آگے بڑھےگی،
مِصر کے باشِندوں کی آوازیں بھاگتے ہُوئے سانپ کی پھُپھکار کی مانند سُنایٔی دے گی؛
کیونکہ وہ لشکر کے ساتھ حملہ کر رہے ہیں، اَور کُلہاڑے لے کر،
لکڑہاروں کی مانند اُس پر چڑھ آئیں گے۔
23خواہ اُس کا جنگل کتنا ہی گھنا کیوں نہ ہو،“ یَاہوِہ فرماتے ہیں،
”وہ اُسے کاٹ ڈالیں گے،
وہ تعداد میں ٹِڈّیوں سے بھی زِیادہ ہیں،
بے شُمار ہونے کی وجہ سے اُن کا شُمار نہیں کیا جا سَکتا۔
24مِصر کی بیٹی بے عزّت ہوگی،
اَور اُسے شمالی لوگوں کے حوالہ کیا جائے گا۔“
25قادرمُطلق یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا یُوں فرماتے ہیں: ”مَیں امُونؔ کے معبُود تھیبیس کو، فَرعوہؔ کو اَور مِصر کو اُن کے معبُودوں اَور اُس کے بادشاہوں اَور فَرعوہؔ پر اُمّید رکھنے والوں کو سزا دینے کو ہُوں۔ 26یَاہوِہ فرماتے ہیں، میں اُن کو شاہِ بابیل نبوکدنضرؔ اَور اُس کے حاکموں کے حوالہ کروں گا، جو اُن کے جانی دُشمن ہیں۔ لیکن اِس کے بعد مِصر قدیم زمانوں کی مانند پھر آباد کیا جائے گا،“ یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
27”اَے میرے خادِم یعقوب، خوف نہ کر؛
اَے بنی اِسرائیل، ہِراساں نہ ہو۔
کیونکہ مَیں تُمہیں دُور دراز مُلک سے،
اَور تمہاری اَولاد کو جَلاوطنی مُلک سے یقیناً چھُڑا لاؤں گا۔
یعقوب پھر سے اَمن اَور بحِفاظت رہے گا،
اَور پھر اُسے کویٔی ڈرا نہ پایٔےگا۔
28اَے میرے خادِم یعقوب، خوف نہ کر،
کیونکہ مَیں تمہارے ساتھ ہُوں،“
یَاہوِہ فرماتے ہیں،
”اگرچہ مَیں اُن تمام قوموں کو،
جِن میں مَیں نے تُمہیں پراگندہ کیا تھا، بالکُل تباہ کر ڈالُوں گا۔
تَو بھی تُمہیں پُوری طرح تباہ نہ کروں گا۔
مَیں تمہاری تنبیہ کروں گا، مگر مُناسب طور پر؛
لیکن مَیں تُمہیں بے سزا ہرگز نہ چھوڑوں گا۔“

موجودہ انتخاب:

یرمیاہؔ 46: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in