یرمیاہؔ 32
32
یرمیاہؔ کا کھیت خریدنا
1شاہِ یہُودیؔہ صِدقیاہؔ کے دَورِ حُکومت کے دسویں بَرس جو نبوکدنضرؔ کے حُکومت کا اٹھّارہواں سال تھا، یَاہوِہ کا یہ کلام یرمیاہؔ پر نازل ہُوا 2اُس وقت شاہِ بابیل کی فَوج نے یروشلیمؔ کو گھیر رکھا تھا اَور یرمیاہؔ نبی یہُودیؔہ کے شاہی محل کے قَیدخانہ کے صحن میں بند تھا۔
3شاہِ یہُودیؔہ صِدقیاہؔ نے اُسے وہاں یہ کہہ کر قَید کرکے رکھا تھا، ”تُم اِس طرح سے نبُوّت کیوں کرتے ہو؟ تُم کہتے ہو ’یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، مَیں یہ شہر شاہِ بابیل کے حوالہ کرنے کو ہُوں اَور وہ اُس پر قبضہ کر لے گا۔ 4اَور شاہِ یہُودیؔہ صِدقیاہؔ کَسدیوں کے ہاتھوں سے بچ نہ سکےگا بَلکہ یقیناً شاہِ بابیل کے حوالہ کیا جائے گا اَور دونوں رُوبرو بات چیت کریں گے اَور ایک دُوسرے کو مُنہ در مُنہ اَپنی آنکھوں سے دیکھیں گے۔ 5نبوکدنضرؔ صِدقیاہؔ کو بابیل لے جائے گا اَور جَب تک میں کویٔی حُکم نہ دُوں وہ وہیں رہے گا؛ یَاہوِہ فرماتے ہیں، اگر تُم کَسدیوں سے جنگ کروگے تو ہرگز کامیاب نہ ہوگے۔‘ “
6یرمیاہؔ نے فرمایا، ”یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا، 7تمہارے چچا شلُّومؔ کا بیٹا حَنامیلؔ تمہارے پاس آکر یہ کہے گا کہ میرا کھیت جو عناتوت میں ہے اَپنے لیٔے خرید لے کیونکہ قریبی رشتہ دار ہونے کی وجہ سے اُس پر تمہارا حق ہے اَور تمہارا فرض ہے کہ تُم اُسے خرید لو۔
8”تَب جَیسا کہ یَاہوِہ نے فرمایا تھا میرا چچازاد بھایٔی حَنامیلؔ قَیدخانہ کے صحن میں میرے پاس آیا اَور کہا، ’میرا کھیت جو عناتوت میں بِنیامین کے علاقہ میں ہے خرید لے کیونکہ اُسے چھُڑا کر اُس کا مالک بننا تمہارا حق ہے اِس لیٔے اُسے اَپنے لیٔے خرید لے۔‘
”تَب مَیں نے جان لیا کہ یہ یَاہوِہ کا کلام ہے۔ 9اِس لیٔے مَیں نے اَپنے چچازاد بھایٔی حَنامیلؔ سے عناتوت کا کھیت خرید لیا اَور سترہ ثاقل#32:9 سترہ ثاقل تقریباً دو سَو گرام چاندی تول کر اُسے دے دی۔ 10مَیں نے دستاویز پر دستخط کرکے اُس پر مُہر لگا دی اَور گواہوں کے سامنے ترازو میں چاندی تول کر اُسے دے دی۔ 11مَیں نے کھیت کی خرید کی دستاویز لے لی یعنی مُہر شُدہ دستاویز جِس میں شرائط و ضوابط درج تھیں اَور دُوسری جو بغیر مُہر کی تھی۔ 12اَور مَیں نے یہ دستاویز اَپنے چچازاد بھایٔی حَنامیلؔ کے سامنے اَور اُن گواہوں کے سامنے جنہوں نے دستاویز پر دستخط کئے تھے اَور اُن تمام یہُودیوں کے رُوبرو جو پہرےدار کے صحن میں بیٹھے ہُوئے تھے محسیاہؔ کے پوتے باروکؔ بِن نیریاہؔ کے سُپرد کر دی۔
13”اُن کے سامنے مَیں نے باروکؔ کو یہ ہدایات دیں، 14قادرمُطلق یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا یُوں فرماتے ہیں، دستاویزوں کی دونوں نقل لے لے، ایک مُہر شُدہ اَور دُوسری بغیر مُہر کے، اُنہیں مٹّی کے مرتبان میں رکھ دینا تاکہ وہ کافی عرصہ تک محفوظ رہیں۔ 15کیونکہ قادرمُطلق یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا فرماتے ہیں، اِس مُلک میں مکانات، کھیتوں اَور انگوری باغوں کی پھر سے خریدوفروخت ہوگی۔
16”خرید کی دستاویز باروکؔ بِن نیریاہؔ کو دینے کے بعد مَیں نے یَاہوِہ سے یہ دعا کی،
17”آہ اَے یَاہوِہ قادر آپ نے اَپنی عظیم قُدرت اَور بڑھائے ہُوئے بازو سے آسمان اَور زمین کو خلق کیا۔ آپ کے لیٔے کویٔی کام ناممکن نہیں ہے۔ 18آپ ہزاروں پر شفقت کرتے ہیں لیکن آباؤاَجداد کے گُناہوں کی سزا اُن کے بعد اُن کی اَولاد کے دامن میں ڈال دیتے ہیں۔ اَے عظیم اَور قادرمُطلق خُدا آپ کا نام قادرمُطلق یَاہوِہ ہے، 19آپ کے اِرادے اعلیٰ ہیں اَور آپ کے منصُوبے عظیمُ الشّان ہیں۔ آپ کی نگاہیں اِنسان کی تمام روِشوں پر لگی رہتی ہیں۔ آپ ہر ایک کو اُس کے اَخلاق اَور اُس کے اعمال کے مُطابق اجر دیتے ہیں۔ 20آپ نے مِصر میں نِشانات اَور عجائبات دِکھائے جنہیں آپ نے بنی اِسرائیل اَور باقی نَوع بشر کے درمیان آج تک جاری رکھے ہُوئے ہیں اَور آپ نے اَپنے لیٔے اَیسا جلالی نام قائِم کیا ہے جو آج تک برقرار ہے۔ 21آپ نے اَپنی قوم بنی اِسرائیل کو مِصر سے نِشانات اَور عجائب کارناموں سے، اَپنے قوی ہاتھ اَور بڑھائے ہُوئے بازو اَور بڑی ہیبت کے ساتھ باہر نکال لائے۔ 22آپ نے اُنہیں یہ مُلک دیا، جسے دینے کی آپ نے اُن کے آباؤاَجداد سے قَسم کھائی تھی اَور جِس میں دُودھ اَور شہد کے دریا بہتے ہیں۔ 23اُنہُوں نے آکر اِس مُلک کو اَپنے اِختیار میں کر لیا لیکن اُنہُوں نے آپ کے حُکم کو نہیں مانا، نہ آپ کے آئین پر عَمل کیا اَورجو کچھ کرنے کا حُکم آپ نے اُنہیں دیا تھا اُنہُوں نے اُس پر عَمل نہیں کیا۔ اِس لیٔے آپ نے اُن کے اُوپر یہ سَب مُصیبتیں نازل کیں۔
24”اَب اِن دمدموں کو دیکھ وہ لوگ اِس شہر پر قبضہ کرنے کے لیٔے آ گیٔے ہیں۔ تلوار، قحط اَور وَبا کے باعث یہ شہر اُن کَسدیوں کے حوالہ کیا جائے گا جو اِس پر حملہ کر رہے ہیں جَیسا کہ آپ نے فرمایا تھا اَور اَب سَب پُورا ہُواہے، اَور آپ اِسے دیکھ بھی رہے ہیں۔ 25اَور حالانکہ یہ شہر کَسدیوں کے حوالہ کر دیا جائے گا پھر بھی اَے یَاہوِہ قادر آپ مُجھ سے کہتے ہیں، ’چاندی کے عوض کھیت خرید لے اَور گواہوں کے سامنے سَودا کر۔‘ “
26تَب یَاہوِہ کا کلام یرمیاہؔ پر نازل ہُوا: 27”دیکھ، میں یَاہوِہ تمام نَوع اِنسان کا خُدا ہُوں۔ کیا میرے لیٔے کویٔی کام مُشکل ہے؟ 28لہٰذا یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، میں یہ شہر کَسدیوں کے اَور شاہِ بابیل نبوکدنضرؔ کے حوالہ کرنے کو ہُوں جو اِس پر قبضہ کر لے گا۔ 29اَور جِن کَسدیوں نے اِس شہر پر حملہ کیا ہے وہ اَندر آکر اِس شہر میں آگ لگا دیں گے۔ وہ اِسے اُن گھروں کے ساتھ جَلا دیں گے جِن کی چھتوں پر لوگوں نے بَعل کے لیٔے بخُور جَلا کر اَور غَیر معبُودوں کو تپاون دے کر مُجھے غُصّہ دِلایا تھا۔
30”کیونکہ بنی اِسرائیل اَور بنی یہُوداہؔ اَپنی جَوانی سے اَب تک صِرف وُہی کرتے آئے ہیں جو میری نظر میں بُرا ہے؛ دراصل بنی اِسرائیل نے اَپنے ہاتھوں سے تعمیر کی ہُوئی چیزوں سے مُجھے غضبناک کرنے کے علاوہ اَور کچھ نہیں کیا ہے۔ یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے۔ 31یہ شہر جَب سے آباد ہے تَب سے لے کر آج تک اِس نے میرے قہر اَور غضب کو اِس قدر بھڑکایا ہے کہ اَب اِسے میں اَپنی نظر کے سامنے سے دُور کر دُوں گا۔ 32کیونکہ بنی اِسرائیل اَور بنی یہُوداہؔ نے اَپنے بادشاہ اَور حاکموں، کاہِنؔ اَور نبی، اہلِ یہُوداہؔ اَور یروشلیمؔ کے سبھی باشِندوں نے اَپنی تمام بدکاریوں سے مُجھے غضبناک کیا ہے۔ 33اُنہُوں نے میری طرف سے مُنہ نہیں بَلکہ پیٹھ ہی پھیر دی ہے۔ حالانکہ مَیں نے بار بار اُنہیں تعلیم دی لیکن اُنہُوں نے نہ سُنا نہ تنبیہ کو مانا۔ 34اُنہُوں نے اَپنے بے جان شَبیہوں کو اُس گھر میں رکھ کر اُسے ناپاک کر دیا جو میرے نام سے جانا جاتا ہے۔ 35اُنہُوں نے بِن ہِنَّومؔ کی وادی میں بَعل کے لیٔے اُونچے مقامات تعمیر کئے تاکہ وہاں اَپنے بیٹوں اَور بیٹیوں کو مولکؔ کو نذر کریں۔ حالانکہ مَیں نے اُنہیں اَیسا حُکم نہیں دیا تھا، نہ ہی یہ خیال میرے ذہن میں آیاتھا کہ وہ اَیسا نفرت اَنگیز کام کریں تاکہ بنی یہُوداہؔ گُنہگار ٹھہریں۔
36”تُم اُس شہر کے بارے میں کہتے ہو، ’تلوار، قحط اَور وَبا کے باعث اِسے شاہِ بابیل کے حوالہ کیا جائے گا‘؛ لیکن یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا کا یہ فرمان ہے: 37میں اُنہیں یقیناً اُن تمام مُلکوں میں سے جمع کروں گا جہاں مَیں نے اَپنے غیظ و غضب اَور قہر شدید کی وجہ سے اُنہیں جَلاوطن کیا تھا۔ میں اُنہیں اِس مُلک میں واپس لاکر اُنہیں سکون سے جینے دُوں گا۔ 38وہ میری قوم ہوں گے اَور مَیں اُن کا خُدا ہُوں گا۔ 39میں اُن کو یکدل اَور یک روِش بنا دُوں گا تاکہ وہ اَپنی اَور اَپنے بعد اَپنی اَولاد کی نیکی کے لیٔے ہمیشہ میرا خوف مانیں۔ 40میں اُن سے اَبدی عہد باندھوں گا، میں ہمیشہ اُن کے ساتھ نیکی کرتا رہُوں گا اَور مَیں اُن کے دِلوں میں اَپنا خوف ڈالُوں گا تاکہ وہ کبھی مُجھ سے برگشتہ نہ ہوں۔ 41اُن سے نیکی کرنے میں مُجھے مسرّت ہوگی اَور مَیں یقیناً دِل و جان سے اُنہیں اِس مُلک میں آباد کر دُوں گا۔
42”یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، جِس طرح میں اُن لوگوں پر یہ عظیم آفت لایا ہُوں، اُسی طرح میں اُنہیں وہ تمام نِعمتیں بخشوں گا جِن کا مَیں نے اُن سے وعدہ کیا تھا۔ 43اِس مُلک میں پھر ایک بار کھیت خریدے جایٔیں گے، جِس کے متعلّق تُم کہتے تھے، ’وہ ایک تباہ شُدہ اَور ویران مُلک ہے جہاں نہ اِنسان اَور نہ حَیوان پایٔے جاتے ہیں کیونکہ اُسے کَسدیوں کے حوالہ کیا گیا تھا۔‘ 44یَاہوِہ فرماتے ہیں، چاندی کے عوض کھیت خریدے جایٔیں گے اَور بِنیامین اَور یروشلیمؔ کے علاقہ میں، یہُودیؔہ کے شہروں اَور پہاڑی علاقوں کے شہروں، مغربی پہاڑوں کے دامن اَور نِیگیوؔ میں دستاویز لِکھ کر اُنہیں گواہوں کے سامنے سَر بمُہر کیا جائے گا کیونکہ مَیں اُن کے لوگوں کو اسیری سے واپس لاؤں گا۔“
موجودہ انتخاب:
یرمیاہؔ 32: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.