YouVersion Logo
تلاش

یرمیاہؔ 3

3
1”اگر کویٔی اَپنی بیوی کو طلاق دے
اَور وہ بیوی اُسے چھوڑکر کسی اَور سے شادی کرکے رہنے لگے،
تو کیا وہ پہلا آدمی پھر سے اُس طلاق شُدہ کے پاس جائے گا؟
کیا وہ مُلک نہایت ناپاک نہ ہو جائے گا؟
لیکن تُو متعدّد عاشقوں کے ساتھ فاحِشہ کی مانند رہ چُکی ہے۔
کیا تُو اَب میرے پاس لَوٹ آئے گی؟“
یہی یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
2”بنجر ٹیلوں کی طرف نگاہ اُٹھاکر دیکھ،
کیا کویٔی اَیسی جگہ دِکھائی پڑتی ہے جہاں تیری عصمت دری نہ ہُوئی ہو؟
راہوں کے کنارے تُو عاشقوں کے اِنتظار میں اَیسی بیٹھی رہتی ہے،
جَیسے کویٔی خانہ بدوش‏ بدو بیابان میں بیٹھتی تھی۔
تُونے اَپنی جِسم فروشی اَور بدکاری سے
مُلک کو ناپاک کر دیا ہے۔
3اِس لیٔے برسات روک دی گئی ہے،
اَور موسمِ بہار میں بارش نہیں برسی۔
پھر بھی تیرے چہرے سے فاحِشہ کی سِی بے حیائی نظر آتی ہے؛
اَور تو شرم سے شرمندہ ہونے سے اِنکار کرتی ہے۔
4کیا تُو اَب سے مُجھے پُکار کر نہ کہےگی،
’اَے میرے باپ، آپ میری جَوانی کے ہمدرد تھے؟
5کیا آپ مجھ سے ہمیشہ خفا رہیں گے؟
کیا آپ کا قہر ہمیشہ قائِم رہے گا؟‘
دیکھ، تو اِس طرح سے بولتی تو ہے،
لیکن تُو جِتنی بدی کر سکتی ہے اُتنی کرتی رہتی ہے۔“
نافرمان اِسرائیل
6یُوشیاہؔ بادشاہ کے دَورِ حُکومت میں یَاہوِہ نے مُجھ سے فرمایا، ”کیا تُونے دیکھا، نافرمان اِسرائیل نے کیا کیا ہے؟ وہ ہر اُونچے پہاڑ پر اَور ہر سایہ دار درخت کے نیچے گئی اَور وہاں زنا کیا۔ 7مَیں نے سوچا، اِتنا سَب کرنے کے بعد وہ میرے پاس لَوٹ آئے گی لیکن وہ نہ آئی اَور اُس کی بےوفا بہن، یہُودیؔہ نے یہ حال دیکھا۔ 8یہُودیؔہ نے دیکھا کہ مَیں نے نافرمان اِسرائیل کو زناکاری کے سبب سے طلاق نامہ دے کر روانہ کر دیا ہے؛ تَو بھی اُس کی بےوفا بہن یہُودیؔہ نہ ڈری، بَلکہ اُس نے بھی جا کر زناکاری کی۔ 9کیونکہ اِسرائیل کی نظر میں یہ شرمناک بدکاری کوئی سنگین مسئلہ نہیں تھا، اِس لیٔے اُس نے پُورے مُلک کو ناپاک کر دیا اَور پتّھروں اَور درختوں کے ساتھ زنا کیا۔ 10اِن تمام باتوں کے باوُجُود، اُس کی بےوفا بہن یہُودیؔہ اَپنے سچّے دِل سے میرے پاس واپس نہ آئی بَلکہ ریاکاری ہی کرتی رہی۔“ یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں،
11یَاہوِہ نے مُجھ سے فرمایا، ”نافرمان اِسرائیل بےوفا یہُودیؔہ سے زِیادہ راستباز ہے۔ 12جاؤ اَور شمال کی جانِب یہ پیغام سُناؤ:
” ’اَے نافرمان اِسرائیل، لَوٹ آ،‘ یہی یَاہوِہ کا فرمان ہے
’مَیں تُجھ سے اَب اَور ناراضگی سے پیش نہ آؤں گا،
کیونکہ مَیں رحیم ہُوں،‘ یہی یَاہوِہ کا فرمان ہے
’مَیں ہمیشہ غُصّہ نہیں کرتا رہُوں گا۔
13صِرف اَپنے اُن گُناہوں کا اقرار کر:
کہ تُونے اَپنے خُدا یَاہوِہ سے بغاوت کی ہے،
اَور ہر سایہ دار درخت کے نیچے
غَیر معبُودوں کو خُوش کرنے میں لگی رہی،
اَور میری اِطاعت نہ کی،‘ “
یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں۔
14”اَے بےایمان قوم، لَوٹ آ،“ یَاہوِہ فرماتے ہیں، ”کیونکہ مَیں تیرا شوہر ہُوں۔ مَیں تُجھے ہر شہر میں سے ایک کو اَور ہر برادری میں سے دو دو کو اِنتخاب کر صِیّونؔ میں واپس لاؤں گا۔ 15پھر مَیں تُجھے اَپنے مَن پسند چرواہے دُوں گا جو دانائی اَور عقلمندی سے تیری رہبری کریں گے۔ 16اُن دِنوں میں جَب تُو مُلک میں تعداد میں کثرت سے بڑھےگا،“ تَب یَاہوِہ فرماتے ہیں، ”لوگ پھر کبھی یہ نام، ’یَاہوِہ کے دَورِ حُکومت کا عہد کا صندُوق زبان پر نہ لائیں گے،‘ نہ اُس کا خیال اُن کے ذہن میں آئے گا؛ اَور نہ وہ اُسے یاد کریں گے، نہ ہی اُس کی جدائی محسُوس کی جائے گی اَور نہ کویٔی دُوسرا بنائیں گے۔ 17اُس وقت یروشلیمؔ یَاہوِہ کا تخت کہلائے گا اَور تمام قومیں یروشلیمؔ میں جمع ہُوں گی اَور یَاہوِہ کے نام کی تمجید کریں گی۔ تَب وہ پھر اَپنے ناپاک دِلوں کی ضِد پر نہ چلیں گے۔ 18اُن دِنوں میں بنی یہُوداہؔ، بنی اِسرائیل کے ساتھ ایک ہو جائے گا اَور وہ باہم مِل کر شمالی مُلک سے اُس مُلک میں آئیں گے جسے مَیں نے تمہارے آباؤاَجداد کو مِیراث میں دیا تھا۔
19”مَیں نے خیال کیا تھا،
” ’مَیں کیسے تُمہیں دِل و جان سے فرزندوں میں شُمار کروں،
اَور تُمہیں اِس خُوشنما مُلک کو عطا کروں،
جو سَب قوموں کے ممالک کی مِیراث ہے۔‘
مَیں نے سوچا کہ تُم مُجھے ’باپ‘
کہہ کر پُکارو گے، اَور پھر مُجھ سے برگشتہ نہ ہوگے۔
20لیکن جِس طرح ایک بیوی اَپنے خَاوند سے بےوفائی کرتی ہے،
اُسی طرح اَے اِسرائیل تُم نے مُجھ سے بےوفائی کی ہے،“
یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں،
21بنجر ٹیلوں پر سے اِسرائیل کے
رونے اَور گڑگڑانے کی آواز آ رہی ہے،
کیونکہ اُنہُوں نے اَپنی راہیں ٹیڑھی کرلی ہیں،
اَور یَاہوِہ اَپنے خُدا کو ترک کر دیا ہے۔
22”اَے بےوفا قوم، لَوٹ آ؛
مَیں تُمہیں برگشتگی سے شفا بخشوں گا۔“
”دیکھئے، ہم آپ کے پاس آ رہے ہیں،
کیونکہ آپ یَاہوِہ ہمارے خُدا ہیں۔
23یقیناً ٹیلوں اَور پہاڑوں پر ہمارا بُت پرستی کا مجمع لگانا محض دھوکا ہے؛
اِسرائیل کی نَجات،
یقیناً یَاہوِہ ہمارے خُدا میں ہی ہے۔
24ہماری جَوانی سے ہی اِن شرمناک معبُودوں نے،
ہمارے آباؤاَجداد کی محنت کے پھل کو،
اُن کے گلّوں اَور ریوڑوں کو،
اَور اُن کے بیٹے اَور بیٹیوں کو نگل لیا ہے۔
25آؤ ہم اَپنی شرم میں لیٹ جایٔیں،
اَور ہماری رُسوائی ہمیں ڈھانپ لے۔
کیونکہ ہم اَور ہمارے آباؤاَجداد دونوں نے،
اَپنی جَوانی کے ایّام سے آج تک،
ہم نے یَاہوِہ اَپنے خُدا کے حُکم کو نہ مان کر گُناہ کیا ہے۔“

موجودہ انتخاب:

یرمیاہؔ 3: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in