YouVersion Logo
تلاش

یرمیاہؔ 26

26
یرمیاہؔ کو موت کی دھمکی
1شاہِ یہُودیؔہ یہُویقیمؔ بِن یُوشیاہؔ کے دَورِ حُکومت کے اِبتدائی دَور میں یَاہوِہ کا یہ کلام نازل ہُوا: 2”یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: تُو یَاہوِہ کے گھر کے صحن میں کھڑا ہو اَور یہُودیؔہ کے شہروں کے تمام لوگوں سے جو یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں عبادت کے لیٔے آتے ہیں، وہ سَب باتیں بَیان کر جِس کا مَیں نے تُجھے حُکم دیا ہے؛ اُن میں سے ایک لفظ بھی کم نہ کرنا۔ 3شاید وہ سُنیں اَور ہر ایک اَپنی بُری روِش سے بعض آئیں تاکہ میں بھی اُس عذاب کو جو اُن کی بداعمالی کے باعث سے اُن پر لانا چاہتا ہُوں لانے سے بعض آؤں۔ 4اُن سے کہہ، ’یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، اگر تُم میری نہیں سنوگے اَور میری آئین پرجو مَیں نے تمہارے سامنے رکھی ہے عَمل نہ کروگے، 5اَور میرے خادِموں یعنی نبیوں کی باتوں پر کان نہ لگاؤگے، جنہیں میں بار بار تمہارے پاس بھیجتا رہا ہُوں جِن کی تُم نہیں سُنتے ہو، 6تو میں اِس گھر کی حالت شیلوہؔ کی مانند کر دُوں گا اَور اِس شہر کو دُنیا کی تمام قوموں میں لعنت کا باعث بنا دُوں گا۔‘ “
7یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں کاہِنوں، نبیوں اَور تمام لوگوں نے یرمیاہؔ کو یہ کلام بَیان کرتے ہُوئے سُنا۔ 8لیکن جوں ہی یرمیاہؔ نے سَب لوگوں کو وہ تمام باتیں کہہ سُنائیں جِن کا حُکم یَاہوِہ نے دیا تھا، تَب کاہِنوں، نبیوں اَور سَب لوگوں نے یہ کہہ کر اُسے پکڑ لیا، ”یقیناً تُو قتل کے لائق ہے! 9تُونے کیوں یَاہوِہ کا نام لے کر اَیسی نبُوّت کی اَور کہا، یہ گھر شیلوہؔ کی مانند تباہ ہوگا اَور یہ شہر ویران اَور غَیر آباد ہو جائے گا؟“ اَور سَب لوگوں نے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں یرمیاہؔ کو ہُجوم نے چاروں طرف سے گھیرلیا۔
10اَور جَب یہُودیؔہ کے حاکموں نے یہ باتیں سُنیں تو شاہی محل سے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کو روانہ ہُوئے اَور یَاہوِہ کے گھر کے نئے پھاٹک کے مدخل پر اَپنی نشِستوں پر بیٹھے۔ 11تَب کاہِنوں اَور نبیوں نے حاکموں اَور تمام لوگوں سے مُخاطِب ہوکر فرمایا، ”اِس شخص کو سزائے موت ملنی چاہیے کیونکہ اِس نے اِس شہر کے خِلاف نبُوّت کی ہے اَور تُم اُسے اَپنے کانوں سے سُن چُکے ہو!“
12تَب یرمیاہؔ نبی نے تمام اُمرا اَور سَب لوگوں سے مُخاطِب ہوکر جَواب دیا: ”خُود یَاہوِہ ہی نے مُجھے اِس گھر اَور اِس شہر کے خِلاف اُن تمام باتوں کی نبُوّت کرنے کو بھیجا ہے جسے تُم نے سُنا ہے۔ 13چنانچہ اَب تُم اَپنی روِش اَور اَپنے اعمال کو دُرست کر لو اَور یَاہوِہ اَپنے خُدا کا حُکم مانو تاکہ یَاہوِہ نے اُس عذاب کو تُم سَب پر نازل کرنے کا اعلان کیا ہے اُس سے بعض آؤں۔ 14اَور دیکھو میں تو تمہارے قابُو میں ہُوں؛ چنانچہ جو کچھ تمہاری نظر میں دُرست اَور راست ہو وُہی سلُوک میرے ساتھ کرو۔ 15البتّہ یقین جانو کہ اگر تُم نے مُجھے قتل کیا تو تُم بےگُناہ کے خُون کا جُرم اَپنے اُوپر، اِس شہر پر اَور اِس کے باشِندے اَور سَب لوگوں پر لاؤگے کیونکہ بے شک یَاہوِہ ہی نے مُجھے یہ سَب باتیں تُمہیں سُنانے کے لیٔے تمہارے پاس بھیجا ہے۔“
16تَب حاکموں اَور سَب لوگوں نے کاہِنوں اَور نبیوں سے فرمایا، ”اِس شخص کو سزائے موت نہ دی جائے، کیونکہ اِس نے یَاہوِہ ہمارے خُدا کے نام سے حقیقت میں ہم سے کلام کیا ہے۔“
17تَب مُلک کے چند بُزرگوں نے آگے بڑھ کر تمام مجمع سے مُخاطِب ہوکر فرمایا، 18”شاہِ یہُودیؔہ حِزقیاہؔ کے دَورِ حُکومت موریشیت کے باشِندے میکاہؔ نے نبُوّت کی تھی۔“ اُس نے یہُودیؔہ کے تمام لوگوں سے فرمایا تھا، قادرمُطلق یَاہوِہ فرماتے ہیں:
” ’صِیّونؔ میں کھیت کی مانند ہل چلایا جائے گا،
اَور یروشلیمؔ کھنڈر میں تبدیل ہو جائے گا،
اَور بیت المُقدّس کی پہاڑی گھنی جھاڑیوں سے بھر جائے گی۔‘ “
19”کیا شاہِ یہُودیؔہ حِزقیاہؔ یا تمام یہُودیؔہ نے اُسے قتل کیا؟ کیا حِزقیاہؔ یَاہوِہ سے نہ ڈرا اَور اُس سے مِنّت نہ کی؟ اَور کیا یَاہوِہ نے رحم کرکے جِس عذاب کا اُن کے خِلاف اعلان کیا تھا اُسے ٹال نہ دیا؟ چنانچہ اِس شخص کو قتل کرکے ہم خُود پر ایک خطرناک عذاب لانے کو ہیں!“
20پھر اورِیّاہؔ بِن شمعیاہؔ جو قِریت یعریمؔ کے ایک اَور شخص نے یَاہوِہ کے نام سے نبُوّت کی تھی؛ اُس نے بھی اِس شہر اَور اِس مُلک کے خِلاف ٹھیک اَیسی ہی نبُوّت کی تھی جَیسی اَب یرمیاہؔ نے کی ہے۔ 21جَب یہُویقیمؔ بادشاہ اَور اُس کے حاکموں اَور سرداروں نے اُس کا کلام سُنا، تَب بادشاہ نے اُسے قتل کرنا چاہا لیکن اورِیّاہؔ کو اُس کی خبر ہو گئی اَور وہ ڈر کے مارے مِصر کو بھاگ گیا۔ 22لیکن یہُویقیمؔ بادشاہ نے الناتھانؔ بِن عکبورؔ کو چند اَور آدمیوں کے ساتھ مِصر روانہ کیا۔ 23اَور وہ اورِیّاہؔ کو مِصر سے واپس لے آئے اَور اُسے یہُویقیمؔ بادشاہ کے حُضُور لے گیٔے اَور بادشاہ نے اُسے تلوار سے قتل کروا کر اُس کی لاش کو عوام کے قبرستان میں پھنکوا دیا۔
24لیکن، احیقامؔ بِن شافانؔ نے یرمیاہؔ کا ساتھ دیا جِس کی وجہ سے وہ قتل کئے جانے کے لیٔے عوام کے حوالہ نہ کیا گیا۔

موجودہ انتخاب:

یرمیاہؔ 26: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in

YouVersion آپ کے تجربے کو ذاتی بنانے کے لیے کوکیز کا استعمال کرتا ہے۔ ہماری ویب سائٹ کا استعمال کرتے ہوئے، آپ ہماری کوکیز کے استعمال کو قبول کرتے ہیں جیسا کہ ہماری رازداری کی پالیسیمیں بیان کیا گیا ہے۔