یرمیاہؔ 27
27
نبوکدنضرؔ کی غُلامی میں یہُودیؔہ
1شاہِ یہُودیؔہ یہُویقیمؔ بِن یُوشیاہؔ کے دَورِ حُکومت کے آغاز میں یَاہوِہ کا یہ کلام یرمیاہؔ پر نازل ہُوا: 2یَاہوِہ نے مُجھ سے یُوں فرمایا: ”ایک جُوا بنا کر چمڑے کے پٹّوں سے باندھ کر اُسے اَپنی گردن پر رکھ۔ 3تَب اِدُوم، مُوآب، عمُّون، صُورؔ اَور صیدونؔ کے بادشاہوں کو یروشلیمؔ میں شاہِ یہُودیؔہ صِدقیاہؔ کے پاس آئے ہُوئے اُن سفیروں کے ذریعہ یہ پیغام بھیج۔ 4اَور اُنہیں اُن کے آقاؤں کے لیٔے یہ پیغام دے اَور کہہ، ’قادرمُطلق یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا یُوں فرماتے ہیں: ”اَپنے آقاؤں سے یہ کہو: 5اَپنی بڑی قُدرت اَور پھیلے ہُوئے بازو سے مَیں نے زمین اَور اُس کے لوگوں اُس پر چلنے پھرنے والے جانوروں کو بنایا اَور اُسے اَپنی مرضی سے جِس کسی کو چاہتا ہُوں دے دیتا ہُوں۔ 6اَب مَیں نے تمہارے تمام مُلک اَپنے خادِم شاہِ بابیل نبوکدنضرؔ کے سُپرد کر دیا ہے؛ یہاں تک کہ جنگلی جانوروں کو بھی اُس کے تابع کر دیا ہے۔ 7اَور سَب قومیں اُس کی اَور اُس کے بیٹے اَور اُس کے پوتے کی خدمت کریں گی، جَب تک کہ اُس کی مملکت کا وقت نہ آ جائے؛ بعد میں تمام قومیں اَور بڑے بڑے بادشاہ اُسے اَپنے تابع کرکے اُس سے بھی اَپنی خدمت کروائیں گے۔
8” ’ ”لیکن یَاہوِہ فرماتے ہیں، اگر کویٔی قوم یا سلطنت، شاہِ بابیل نبوکدنضرؔ کے تابع نہ ہوگی یا اَپنی گردن اُس کے جُوئے کے نیچے نہ جُھکائے، تو میں اُس قوم کو اُس وقت تک مُتواتر تلوار، قحط اَور وَبا سے سزا دیتا رہُوں گا جَب تک کہ میں اُسے اُس کے ہاتھ سے فنا نہ کر دُوں۔ 9چنانچہ تُم اَپنے نبی، غیب بینوں، تعبیر خواب گو، حاضراتیوں یا اوجھاؤں کی باتوں میں نہ آؤ، جو تُم سے کہتے ہیں، ’تُم شاہِ بابیل کی خدمت گُزاری نہ کروگے۔‘ 10کیونکہ وہ تُم سے جھُوٹی نبُوّتیں کرتے ہیں، تاکہ تُمہیں تمہارے مُلک سے دُور کر دیں اَور مَیں تُمہیں جَلاوطن کر دُوں اَور تُم نِیست و نابود ہو جاؤ۔ 11لیکن اگر کویٔی قوم اَپنی گردن شاہِ بابیل کے جُوئے کے نیچے جُھکائے اَور اُس کی خدمت کرے تو مَیں اُس قوم کو اُسی کے مُلک میں رہنے دُوں گا اَور وہ اُس میں کاشتکاری کرےگی اَور اُس میں آباد رہے گی، یہی یَاہوِہ کا فرمان ہے۔“ ‘ “
12یہی سَب باتیں مَیں نے شاہِ یہُودیؔہ صِدقیاہؔ سے مُخاطِب ہوکر بَیان کیں۔ مَیں نے کہا، ”شاہِ بابیل کے جُوئے کے نیچے اَپنی گردن جُھکاؤ اَور اُس کی اَور اُس کے قوم کی خدمت کرو تو تُم زندہ رہوگے۔ 13اِس کی کیا ضروُرت ہے کہ آپ اَور آپ کے لوگ تلوار، قحط اَور وَبا سے مارے جائیں جِس کا اعلان یَاہوِہ نے اُس قوم کے خِلاف کیا ہے جو شاہِ بابیل کی خدمت کرنا قبُول نہ کرےگی۔ 14اِس لئے اُن جھوٹے نبیوں کی باتوں میں نہ آنا جو تُم سے کہتے ہیں، ’تُم شاہِ بابیل کی خدمت نہ کروگے،‘ کیونکہ یہ تُم سے باطِل نبُوّت کر رہے ہیں۔ 15’کیونکہ مَیں نے اُنہیں نہیں بھیجا،‘ یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، ’لیکن وہ میرے نام سے باطِل نبُوّت کر رہے ہیں تاکہ میں تُمہیں جَلاوطن کر دُوں اَور تُم اُن جھوٹے نبیوں کے ساتھ نِیست و نابود ہو جاؤ۔‘ “
16تَب مَیں نے کاہِنوں اَور اُن سَب لوگوں سے مُخاطِب ہوکر فرمایا، ”یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: اِن نبیوں کی باتوں میں نہ آؤ جو کہتے ہیں، ’بہت جلد یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کے ظروف بابیل سے یہاں واپس لایٔے جایٔیں گے۔‘ کیونکہ وہ تُم سے باطِل نبُوّت کر رہے ہیں۔ 17اُن کی مت سُنو، شاہِ بابیل کی خدمت گُزاری کرو اَور زندہ رہو۔ بھلا یہ شہر کیوں ویران ہو؟ 18اگر وہ نبی ہیں اَور یَاہوِہ کا کلام اُن کے پاس ہے تو وہ قادرمُطلق یَاہوِہ سے فریاد کریں کہ یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں اَور شاہِ یہُودیؔہ کے محل میں اَور یروشلیمؔ میں باقی بچی ہُوئی اَشیا بابیل نہ جانے پائیں۔ 19کیونکہ قادرمُطلق یَاہوِہ اِن سُتونوں، بڑے حوض، کُرسیوں اَور دُوسرے ظروف کی بابت جو اِس شہر میں باقی ہیں، یُوں فرماتے ہیں، 20جنہیں شاہِ بابیل نبوکدنضرؔ اُس وقت اَپنے ساتھ نہ لے جا سَکا جَب وہ شاہِ یہُودیؔہ یکونیاہؔ بِن یہُویقیمؔ کو یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ کے سَب اُمرا سمیت اسیر کرکے یروشلیمؔ سے بابیل کو لے گیا تھا، 21ہاں، قادرمُطلق یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا، اُن ظروف کی بابت جو یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں اَور شاہِ یہُودیؔہ کے محل میں اَور یروشلیمؔ میں باقی بچے لوگ اَشیا کے متعلّق یُوں فرماتے ہیں، 22’وہ بابیل میں لے جائی جایٔیں گی؛ اَور اُس دِن تک وہیں رہیں گی جَب تک کہ میں خُود اُن کی طرف غور نہ فرماؤں،‘ یَاہوِہ فرماتے ہیں، ’اُس وقت مَیں اُنہیں پھر واپس لاؤں گا اَور اِس مقام میں رکھ دُوں گا۔‘ “
موجودہ انتخاب:
یرمیاہؔ 27: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.