یرمیاہؔ 22
22
بدکار بادشاہوں کے خِلاف فیصلہ
1یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: ”شاہِ یہُودیؔہ کے محل میں جاؤ اَور وہاں یہ پیغام سُناؤ: 2’اَے داویؔد کے تخت پر تخت نشین شاہِ یہُودیؔہ، تُم جو اَپنے حاکموں اَور اَپنے لوگوں کے ساتھ اِن پھاٹکوں سے داخل ہوتے ہو، یَاہوِہ کا کلام سُنو، 3یَاہوِہ فرماتے ہیں، اِنصاف اَور راستبازی کے کام کرو۔ مظلوم کو ظالِم کے ہاتھ سے چھُڑاؤ، اَور پردیسی، یتیم اَور بِیوہ کے ساتھ بدسلُوکی اَور ظُلم نہ کرو، اَور اِس جگہ بےگُناہ کا خُون نہ بہاؤ۔ 4کیونکہ اگر تُم اِن اَحکام پر احتیاط سے عَمل کروگے تو داویؔد کے تخت پر تخت نشین بادشاہ، اَپنے حاکموں اَور لوگوں کے ساتھ، رتھوں اَور گھوڑوں پر سوار ہوکر اِس محل کے پھاٹکوں سے داخل ہوں گے۔ 5لیکن اگر تُم اِن اَحکام کو نہ مانوگے تو یَاہوِہ فرماتے ہیں کہ میری جان کی قَسم یہ محل ویران ہو جائے گا۔‘ “
6شاہِ یہُودیؔہ کے محل کے متعلّق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں:
”اگرچہ تُم میرے لیٔے گِلعادؔ،
اَور لبانونؔ کی چوٹی کی مانند ہو،
تَو بھی میں تُمہیں یقیناً ویران،
اَور غَیر آباد شہروں کی مانند بنا دُوں گا۔
7میں غارت گروں کو تمہارے خِلاف بھیجوں گا،
جو اَپنے اَپنے ہتھیار لے کر آئیں گے،
اَور تمہارے نفیس دیوداروں کو کاٹ کر
آگ میں جھونک دیں گے۔
8”مُختلف قوموں کے لوگ اِس شہر کے پاس سے گزریں گے اَور ایک دُوسرے سے پُوچھیں گے، ’یَاہوِہ نے اِس عظیم شہر کا یہ حَشر کیوں کیا؟‘ 9تَب لوگ جَواب دیں گے: ’کیونکہ اُنہُوں نے یَاہوِہ اَپنے خُدا کے عہد کو ترک کر دیا تھا اَور غَیر معبُودوں کی عبادت اَور پیروی کی تھی۔‘ “
10مرحُوم بادشاہ کے لیٔے مت روؤ، نہ اُن کی رحلت کا غم کرو؛
بَلکہ اُس زندہ بادشاہ کے لیٔے زار زار روؤ جو جَلاوطن ہو چُکے ہیں،
کیونکہ وہ کبھی واپس نہ لَوٹیں گے،
نہ اَپنا وطن پھر سے دیکھ پائیں گے۔
11شلُّومؔ#22:11 شلُّومؔ اِس کا دُوسرا نام یہُوآحازؔ بِن یُوشیاہؔ بِن کے متعلّق جو شاہِ یہُودیؔہ کی حیثیت سے اَپنے باپ کا جانشین ہُوا تھا اَور اِس جگہ سے چلا گیا، یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: ”وہ پھر کبھی لَوٹ کر نہ آئے گا۔ 12بَلکہ وہیں پر وفات پائے گا جہاں اُسے اسیر کرکے لے جایا گیا ہے۔ وہ پھر کبھی اِس مُلک کو نہ دیکھ پایٔےگا۔“
13”افسوس اُس پرجو اَپنا محل ناجائز طریقوں سے،
اَور اَپنے بالاخانہ کو بےاِنصافی سے تعمیر کرتا ہے،
جو اَپنے ہم وطنوں سے بِنا اُجرت کام کرواتا ہے،
اَور اُنہیں مزدُوری نہیں دیتا۔
14وہ کہتاہے، ’میں اَپنے لیٔے ایک عالیشان محل تعمیر کراؤں گا،
جِس میں نہایت وسیع اَور فراخ بالاخانے ہوں گے۔‘
چنانچہ وہ اُس میں بڑی بڑی کھڑکیاں،
اَور اُن میں دیودار کی چوکھٹ بِٹھاتا ہے،
اَور اُسے سُرخ رنگ سے آراستہ کرتا ہے۔
15”کیا دیودار کا خُوبصورت محل ہونے سے،
کوئی بادشاہ بَن جاتا ہے؟
کیا تمہارے باپ کے پاس بے شُمار کھانے پینے کی چیزیں نہیں تھیں؟
دیکھ تمہارا باپ راستباز اَور اِنصاف پسند تھا،
اِس لیٔے خُدا نے اُسے برکت دی تھی۔
16تمہارا باپ مسکینوں اَور مُحتاجوں کے ساتھ اِنصاف سے پیش آتا تھا،
اِس لیٔے اُس کا بھلا ہُوا۔
کیا میرا عِرفان رکھنے کا مطلب یہی نہیں ہے؟“
یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
17”لیکن تمہاری آنکھیں اَور دِل
ناجائز منافع کی طرف،
اَور بےگُناہوں کا خُون بہانے
اَور ظُلم و سِتم ڈھانے میں لگے ہُوئے ہیں۔“
18چنانچہ یَاہوِہ شاہِ یہُودیؔہ یہُویقیمؔ بِن یُوشیاہؔ کے متعلّق یُوں فرماتے ہیں:
”جَیسے لوگ یہ کہہ کر ماتم کرتے ہیں!
’ہائے میرے بھایٔی! ہائے میری بہن!‘
وَیسے وہ یہُویقیمؔ کے لئے نہ کریں گے،
’ہائے میرے آقا! ہائے تمہارا جلال! کہہ کر ماتم کریں گے!‘
19اُسے گدھے کی طرح دفن کیا جائے گا۔
اُسے گھسیٹ کر یروشلیمؔ کے پھاٹکوں کے باہر،
پھینک دیا جائے گا۔“
20”لبانونؔ میں جا کر ماتم کرو،
باشانؔ میں بُلند آواز سے چِلّا،
کوہِ عباریمؔ پر چڑھ کر ہائے، ہائے کر،
کیونکہ تمہارے تمام رفیق قتل کئے جا چُکے ہیں۔
21جَب تُو خُود کو محفوظ سمجھتی تھی تَب مَیں نے تُجھے آگاہ کیا تھا،
لیکن تُونے کہا، ’میں نہیں سُنوں گی!‘
تمہاری جَوانی سے ہی تمہارا یہی رویّہ رہا؛
تُم نے ہرگز میری بات نہ مانی۔
22تمہارے تمام چرواہوں کو ہَوا اُڑا لے جائے گی،
اَور تمہارے سَب رفیق جَلاوطن ہوں گے۔
تَب تُم اَپنی ساری بدی کے لیٔے
شرمسار اَور پشیمان ہوگی۔
23’اَے لبانونؔ،‘ کی باشِندی،
اَے دیودار میں فضل سے اَپنا آشیانہ بنانے والی،
تُو کس قدر کراہیگی!
جَب تُو زچّہ کی مانند سخت درد میں مُبتلا ہوگی!
24”میری جان کی قَسم،“ یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے، ”اَے شاہِ یہُودیؔہ، یہُویاکینؔ یا کونیاہؔ بِن یہُویقیمؔ اگر تُم میرے داہنے ہاتھ کی اِختیار کی انگُوٹھی بھی ہوتا، تَو بھی میں تُمہیں اُتار کر پھینک دیتا۔ 25میں تُمہیں شاہِ بابیل نبوکدنضرؔ اَور کَسدیوں کے حوالہ کروں گا جو تمہارے جانی دُشمن ہیں اَور جِن سے تُم ڈرتے بھی ہو۔ 26میں تُمہیں اَور تمہاری ماں کو جِس نے تُمہیں پیدا کیا، اَیسے غَیر مُلک میں پھینک دُوں گا جہاں تُم میں سے کویٔی پیدا نہ ہُوا تھا اَور وہاں تُم دونوں وفات پاؤگے۔ 27تُم اِس مُلک میں کبھی نہ آ پاؤگے جہاں لَوٹنے کی بے پناہ آرزُو رکھتے ہو۔“
28کیا یہ شخص یہُویاکینؔ یا کونیاہؔ حقیر اَور ٹوٹا ہُوا برتن ہے،
کیا وہ ایک محض نکمّا برتن ہے؟
پھر وہ اَور اُس کے فرزند کیوں،
ایک اَیسے مُلک میں پھینک دئیے جایٔیں گے، جِس سے وہ ناواقِف تھے؟
29اَے زمین، زمین، زمین!
یَاہوِہ کا کلام سُن!
30یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں:
”اِس شخص کو بے اَولاد درج کر،
جو اَپنی زندگی میں کبھی اِقبالمندی کا مُنہ نہ دیکھے گا،
کیونکہ اُس کی اَولاد میں سے کبھی کوئی اَیسا اِقبالمند نہ ہوگا،
کہ وہ داویؔد کے تخت پر تخت نشین ہو،
اَور یہُودیؔہ میں حُکومت کریں۔“
موجودہ انتخاب:
یرمیاہؔ 22: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.