یرمیاہؔ 23
23
صادق شاخ
1یَاہوِہ فرماتے ہیں، ”اُن چرواہوں پر ہائے جو میری چراگاہوں کی بھیڑوں کو ہلاک اَور پراگندہ کر رہے ہیں!“ 2اِس لیٔے اُن چرواہوں سے جو میری قوم کی نگہبانی کرتے ہیں یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا کا یہ فرمان ہے: ”چونکہ تُم نے میرے گلّہ کو پراگندہ کیا اَور اُنہیں ہانک کر نکال دیا اَور اُن کی دیکھ بھال نہ کی اِس لیٔے میں تُمہیں تمہارے بُرے اعمال کی سزا دُوں گا،“ یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے۔ 3میں خُود اَپنے گلّے کے باقی بچے ہوؤں کو اُن تمام مُلکوں سے جہاں مَیں نے اُنہیں پراگندہ کر دیا تھا پھر جمع کروں گا اَور اُنہیں اُن کی چراگاہوں میں واپس لاؤں گا جہاں وہ پھلیں گے اَور تعداد میں بڑھیں گے۔ 4یَاہوِہ فرماتے ہیں، مَیں اُن پر چرواہے مُقرّر کروں گا جو اُن کی نگہبانی کریں گے اَور وہ پھر نہ ڈریں گے نہ گھبرائیں گے نہ اُن میں سے کویٔی گُم ہوگا۔
5یَاہوِہ فرماتے ہیں، وہ دِن آ رہے ہیں،
جَب مَیں داویؔد کے لیٔے ایک صادق شاخ پیدا کروں گا،
وہ اَیسا بادشاہ ہوگا جو حِکمت سے حُکومت کرےگا
اَور مُلک میں اِنصاف اَور راستی کا دَور ہوگا۔
6اُس کے ایّام میں بنی یہُوداہؔ نَجات پایٔےگا،
اَور بنی اِسرائیل سکون سے سکونت کریں گے۔
اَور وہ اِس نام سے پُکارا جائے گا،
یَاہوِہ ہمارے صادق مُنجّی۔
7”چنانچہ وہ دِن آ رہے ہیں،“ یَاہوِہ فرماتے ہیں، ”جَب لوگ یہ نہ کہیں گے، ’زندہ یَاہوِہ کی قَسم جو بنی اِسرائیل کو مِصر سے باہر نکال لائے تھے،‘ 8بَلکہ وہ یہ کہیں گے، ’زندہ یَاہوِہ کی قَسم جو بنی اِسرائیل کو شمالی مُلک اَور اُن تمام مُلکوں سے نکال لائے ہیں، جہاں اُنہُوں نے اُنہیں جَلاوطن کیا تھا۔‘ تَب وہ اَپنے مُلک میں بسیں گے۔“
جھُوٹے اَنبیا
9نبیوں کے متعلّق:
میرا دِل اَندر ہی اَندر ٹوٹ گیا ہے؛
اَور میری سَب ہڈّیاں تھرتھراتی ہیں۔
یَاہوِہ اَور اُن کے
مُقدّس کلام کی خاطِر،
میں ایک شرابی کی مانند ہو گیا ہُوں،
جو مَے سے مغلُوب ہو چُکاہے۔
10مُلک زناکاروں سے بھرا پڑا ہے؛
لعنت کے سبب سے یہ زمین خشک ہو گئی ہے
اَور بیابان کی چراگاہیں بھی خشک ہو گئی ہیں۔
نبی بدی کی راہ پر چلتے ہیں
اَور اَپنے اِختیارات کا ناجائز اِستعمال کرتے ہیں۔
11”نبی اَور کاہِنؔ دونوں خُدا سے برگشتہ ہو گئے ہیں؛
یہاں تک کہ میں اَپنی بیت المُقدّس میں بھی اُن کی بدکاری دیکھتا ہُوں،“
یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
12”اِس لیٔے اُن کی راہ تاریکی اَور پھسلنے والی ہوگی؛
جِس میں وہ دھکیل کر گرا دئیے جایٔیں گے؛
کیونکہ مَیں اُن کے اُوپر آفتیں نازل کروں گا،
جو اُن کی سزا کا سال ہوگا۔“
یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
13”سامریہؔ کے نبیوں میں
مَیں نے ایک مکرُوہ چیز دیکھی،
وہ بَعل کے نام سے نبُوّت کرتے تھے
اَور میری قوم بنی اِسرائیل کو گُمراہ کر دیتے تھے۔
14لیکن مَیں نے یروشلیمؔ کے نبیوں میں
اَور بھی ہولناک بات دیکھی،
وہ زناکار اَور جھُوٹے ہیں۔
وہ بدکاروں کی حوصلہ اَفزائی کرتے ہیں،
تاکہ کویٔی بھی اَپنی بدی سے باز نہ آئے۔
وہ سَب میرے نزدیک سدُومؔ کی مانند ہیں؛
اَور یروشلیمؔ کے باشِندے عمورہؔ کی مانند ہیں۔“
15چنانچہ قادرمُطلق یَاہوِہ نبیوں کے متعلّق یُوں فرماتے ہیں:
”میں اُنہیں کڑوی غِذا کھانے پر
اَور زہریلا پانی پینے پر مجبُور کروں گا،
کیونکہ یروشلیمؔ کے نبیوں کی وجہ سے
سارے مُلک میں بے دینی پھیلی ہے۔“
16قادرمُطلق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں:
”نبی جو تمہارے درمیان نبُوّتیں کرتے ہیں اُن پر غور نہ کرو؛
وہ تُمہیں جھُوٹی اُمّیدیں دِلاتے ہیں۔
وہ رُویاؤں کا دعویٰ کرکے یَاہوِہ کے مُنہ سے نکلنے والے کلام کی نہیں
بَلکہ اَپنے ہی دماغ کی خیالی باتوں کا بَیان کرتے ہیں۔
17وہ میری توہین کرنے والوں سے کہتے رہتے ہیں،
’یَاہوِہ فرماتے ہیں: تمہاری سلامتی ہوگی۔‘
اَورجو اَپنے دِلوں کی ضِد پر چلتے ہیں اُن سے کہتے ہیں
تُمہیں کویٔی ضرر نہ پہُنچے گا۔
18اُن جھوٹے نبیوں میں سے کون یَاہوِہ کی مجلس میں کھڑا ہُواہے،
کہ یَاہوِہ کا دیدار کرے اَور اُن کے کلام کو سُنے،
کس پر فی الحقیقت یَاہوِہ کا کلام نازل ہُواہے؟
19دیکھ یَاہوِہ کے قہر کا گِردباد
بھڑک اُٹھا ہے،
اَور بگولے کی مانند
بدکاروں کے سَروں پر ٹوٹ پڑےگا۔
20یَاہوِہ کا غضب تَب تک موقُوف نہ ہوگا
جَب تک کہ وہ اَپنے دِل کے منصُوبے
اَچھّی طرح پُوری نہ کر لیں۔
آنے والے دِنوں میں
تُم اُسے بخُوبی سمجھ لوگے۔
21مَیں نے اِن نبیوں کو نہیں بھیجا،
پھر بھی وہ اَپنا پیغام لے کر دَوڑتے پھرے؛
مَیں نے تو اُن سے کلام بھی نہیں کیا،
پھر بھی وہ نبُوّت کرنے لگتے ہیں۔
22اگر یہ میری مجلس میں کھڑے رہتے،
تو میرا کلام میری قوم کو سُنا پاتے
اَور اُنہیں اُن کی بُری روِشوں
اَور بداعمالی سے باز رکھتے۔
23”کیا میں محض نزدیک ہی کا خُدا ہُوں،“
دُور کا خُدا نہیں ہُوں؟
یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے،
24یَاہوِہ فرماتے ہیں،
کیا کویٔی شخص اَیسی پوشیدہ جگہوں میں چھُپ سَکتا ہے
کہ میں اُسے دیکھ نہ سکوں؟
یَاہوِہ فرماتے ہیں،
کیا آسمان اَور زمین مُجھ سے معموُر نہیں ہیں؟
25مَیں نے اِن نبیوں کی باتیں سُنی ہیں جو میرے نام سے باطِل نبُوّت کرتے ہُوئے کہتے ہیں، مَیں نے خواب دیکھاہے، مَیں نے خواب دیکھاہے۔ 26اُن جھُوٹے نبیوں کے دِل میں کب تک یہ بات رہے گی کہ وہ اَیسی نبُوّت کرتے رہیں جو محض اُن کے اَپنے دماغ کا فریب ہے؟ 27جَیسے میری قوم کے آباؤاَجداد میرا نام لینا بھُول کر بَعل کی عبادت کرنے لگے تھے، وَیسے ہی اَب یہ جھوٹے نبی میری قوم کو اَپنے جھوٹے خواب ایک دُوسرے کو بتا کر میرا نام لینا بھُلانا چاہتے ہیں۔ 28جِس نبی نے خواب دیکھے ہیں وہ اَپنے خواب کا بَیان کرتا رہے لیکن جِس کے پاس میرا کلام ہے وہ میرے کلام کو دیانتداری سے سُنائے کیونکہ یَاہوِہ فرماتے ہیں، بھُوسے کو گیہُوں سے کیا نِسبت؟ 29”کیا میرا کلام آگ کی مانند نہیں،“ یَاہوِہ فرماتے ہیں، ”اَور ایک ہتھوڑے کی مانند نہیں ہے جو چٹّان کو چکنا چُور کر دیتاہے؟
30”اِس لیٔے،“ یَاہوِہ فرماتے ہیں، ”دیکھ، میں اُن نبیوں کے خِلاف ہُوں جو ایک دُوسرے سے میرا کلام چُراتے ہیں۔ 31ہاں،“ یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے، ”میں اُن نبیوں کے بھی خِلاف ہُوں، جو محض اَپنی زبان سے کچھ بولتے ہیں لیکن کہتے ہیں، ’یہی یَاہوِہ کا کلام ہے۔‘ 32یقیناً میں اُن نبیوں کا بھی مُخالف ہُوں جو جھُوٹے خوابوں کو نبُوّت کہتے ہیں اَور بَیان کرتے ہیں،“ یَاہوِہ فرماتے ہیں۔ ”اَور وہ اَپنی جھُوٹی باتوں سے اَور بکواس سے میرے لوگوں کو گُمراہ کرتے ہیں؛ حالانکہ مَیں نے اُنہیں نہ تو بھیجا نہ اُن کو حُکم دیا؛ لہٰذا اِن لوگوں سے میری قوم کو ذرا بھی فائدہ نہیں ہوگا،“ یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
باطِل نبُوّت
33”جَب یہ لوگ یا نبی یا کاہِنؔ تُم سے پوچھیں، یَاہوِہ کی طرف سے کون سا پیغام آیا ہے، ’تَب اُن سے کہنا، کیسا پیغام؟‘ یَاہوِہ فرماتے ہیں، ’میں تُمہیں ترک کر دُوں گا۔‘ 34اگر کویٔی نبی یا کاہِنؔ یا کویٔی اَور یہ دعویٰ کرے، ’یہ یَاہوِہ کا پیغام ہے،‘ تو میں اُس شخص کو اَور اُس کے خاندان کو سزا دُوں گا۔ 35تُم میں سے ہر کویٔی اَپنے دوست یا رشتہ دار سے یہ پُوچھتا رہتاہے، ’یَاہوِہ نے کیا جَواب دیا؟‘ یا ’یَاہوِہ نے کیا فرمایاہے؟‘ 36لیکن تُم، یَاہوِہ کا یہ پیغام ہے، اَیسا ہرگز نہ کہنا کیونکہ ہر شخص کا اَپنا کلام خُود اُس کا پیغام بَن جاتا ہے اَور اِس طرح سے تُم زندہ قادرمُطلق یَاہوِہ، ہمارے خُدا کے کلام کو توڑ مروڑ ڈالتے ہو۔ 37تُم نبی سے یہ پُوچھتے رہتے ہو، یَاہوِہ نے تُمہیں کیا جَواب دیا؟ یا یَاہوِہ نے کیا فرمایاہے؟ 38حالانکہ تُم دعویٰ کرتے ہو، ’یہ یَاہوِہ کا پیغام ہے،‘ لیکن یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں کہ تُم نے یہ فرمایا: ’یہ یَاہوِہ کا پیغام ہے،‘ جَب کہ مَیں نے تُمہیں منع کیا تھا کہ یُوں نہ کہو، ’یہ یَاہوِہ کا پیغام ہے۔‘ 39اِس لیٔے یقیناً میں تُمہیں فراموش کر دُوں گا اَور تُمہیں اِس شہر کے ساتھ جو مَیں نے تُمہیں اَور تمہارے آباؤاَجداد کو دیا تھا، اَپنی نظر سے دُور کر دُوں گا۔ 40میں تُمہیں اَیسی اَبدی ملامت اَور اَبدی پشیمانی کا نِشان بناؤں گا جو کبھی فراموش نہ ہوگی۔“
موجودہ انتخاب:
یرمیاہؔ 23: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.