یرمیاہؔ 19
19
1یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: ”جاؤ اَور کُمہار سے مٹّی کی صُراحی خرید لو۔ پھر لوگوں اَور کاہِنوں میں سے چند بُزرگوں کو اَپنے ساتھ لے کر، 2بِن ہِنَّومؔ کی وادی میں ٹھیکرے کے پھاٹک کے مدخل پر چلا جا، اَورجو باتیں میں تُمہیں بتاؤں اُن کا وہاں اعلان کرو، 3اَور فرمانا، ’اَے شاہانِ یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ کے باشِندوں، یَاہوِہ کا کلام سُنو۔ قادرمُطلق یَاہوِہ#19:3 قادرمُطلق یَاہوِہ عِبرانی میں یَاہوِہ سباؤتھ یعنی لشکروں کے یَاہوِہ بنی اِسرائیل کے خُدا یُوں فرماتے ہیں، دیکھو میں اِس مقام پر ایک اَیسی آفت نازل کرنے والا ہُوں، کہ جو کوئی اُس کی خبر سُنے اُس کے کان بھنّنا جائیں گے۔ 4کیونکہ اُنہُوں نے مُجھے ترک کیا ہے اَور اُس مقام کو غَیر معبُودوں کا مَسکن بنا دیا ہے۔ اُنہُوں نے یہاں اَیسے معبُودوں کے سامنے بخُور جَلایا ہے، جنہیں نہ وہ نہ اُن کے آباؤاَجداد اَور نہ ہی شاہِ یہُودیؔہ کبھی جانتے تھے اَور اُنہُوں نے اُس جگہ کو بےگُناہوں کے خُون سے بھر دیا ہے۔ 5اُنہُوں نے یہاں بَعل کے لیٔے اُونچے مقامات تعمیر کئے ہیں تاکہ اَپنے بیٹوں کو بَعل کی خاطِر سوختنی نذر کے طور پر پیش کریں، جِس کا نہ مَیں نے کبھی حُکم دیا، نہ ذِکر ہی کیا اَور نہ یہ بات کبھی میرے ذہن میں آئی تھی۔ 6لہٰذا خبردار ہو جاؤ، یَاہوِہ فرماتے ہیں کہ اَیسے دِن آ رہے ہیں جَب لوگ اِس جگہ کو تُوفتؔ یا بِن ہِنَّومؔ کی وادی کے بجائے مقتول کی وادی کے نام سے جانی جائے گی۔
7” ’میں اِس جگہ میں یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ کے منصُوبوں پر پانی پھیر#19:7 پانی پھیر صُراحی کے عِبرانی لفظ سے میل کھاتا ہے۔ دُوں گا۔ اَور مَیں اُنہیں اُن کے دُشمنوں کے سامنے اَیسے لوگوں کے ہاتھوں تلوار سے قتل کروا دُوں گا جو اُن کے جانی دُشمن ہیں۔ اَور مَیں اُن کی لاشیں آسمان کے پرندوں اَور زمین کے جنگلی جانوروں کو کھانے کو دُوں گا۔ 8میں اِس شہر کو اَیسا تباہ کروں گا کہ وہ دہشت اَور طعن کا باعث بَن جائے گا۔ جو کویٔی اُس کے پاس سے گزرے گا وہ اُس کی بُری حالت دیکھ کر حیرت زدہ ہوگا اَور اِس کا مذاق اُڑائے گا۔ 9میں اُنہیں اُن کے اَپنے ہی بیٹوں اَور بیٹیوں کا گوشت کھانے پر مجبُور کروں گا اَور وہ اَپنی جانی دُشمن دُشمنوں کے محاصرہ کی شِدّت سے تنگ آکر ایک دُوسرے کا گوشت کھایٔیں گے۔‘
10”تَب تُم اُس صُراحی کو اُن لوگوں کے سامنے توڑ دینا جو تمہارے ساتھ جایٔیں گے، 11اَور اُن سے فرمانا، ’قادرمُطلق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، جِس طرح سے کُمہار کی صُراحی توڑ دی گئی اَور اَب جوڑی نہیں جا سکتی اُسی طرح سے میں اِس قوم اَور اِس شہر کو فنا کر دُوں گا۔ وہ لاشوں کو تُوفتؔ کی وادی میں دفن کریں گے یہاں تک کہ دفن کرنے کی جگہ باقی نہ بچےگی۔ 12یَاہوِہ فرماتے ہیں کہ میں اِس جگہ اَور یہاں کے باشِندوں کے ساتھ اَیسا ہی سلُوک کروں گا۔ میں اِس شہر کو تُوفتؔ کی مانند کر دُوں گا۔ 13یروشلیمؔ کے مکانات اَور یہُودیؔہ کے بادشاہوں کے محل، جِن کی چھتوں پر اجرامِ فلکی کے لیٔے بخُور جَلایا گیا اَور غَیر معبُودوں کے لیٔے تپاون دیا گیا، وہ سَب تُوفتؔ کی وادی کی مانند ناپاک ہو جایٔیں گے۔‘ “
14تَب یرمیاہؔ تُوفتؔ سے لَوٹا جہاں یَاہوِہ نے اُسے نبُوّت کرنے کے لیٔے بھیجا تھا، اَور خُدا کے بیت المُقدّس کے صحن میں آکر کھڑا ہُوا اَور سَب لوگوں سے مُخاطِب ہُوا، 15”قادرمُطلق یَاہوِہ بنی اِسرائیل کے خُدا یُوں فرماتے ہیں، ’دیکھو! میں اِس شہر پر اَور اِس کی سَب بستیوں پر وہ تمام آفتیں نازل کر رہا ہُوں جِن کے بھیجنے کا مَیں نے اعلان کیا تھا کیونکہ وہ اِس قدر ضِدّی ہو گئے ہیں کہ میرا کلام سُننا ہی نہیں چاہتے ہیں۔‘ “
موجودہ انتخاب:
یرمیاہؔ 19: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.