YouVersion Logo
تلاش

یرمیاہؔ 12

12
یرمیاہؔ کی شکایت
1اَے یَاہوِہ، جَب بھی مَیں آپ کے حُضُور کویٔی مُقدّمہ لاتا ہُوں تو،
ہمیشہ آپ کو صادق پاتا ہُوں۔
پھر بھی مَیں آپ کے اِنصاف کی بابت آپ سے بحث کرنا چاہتا ہُوں،
بدکار اَپنی روِش میں کیوں ترقّی پاتاہے؟
اَور کیا وجہ ہے کہ تمام بےایمان لوگ عیش و آرام سے رہتے ہیں؟
2آپ نے اُنہیں لگایا اَور اُنہُوں نے جڑ پکڑی؛
وہ بڑھتے ہیں اَور پھل لاتے ہیں۔
آپ کا نام تو ہمیشہ اُن کے لبوں پر رہتاہے
لیکن آپ اُن کے دِلوں سے کافی دُور ہیں۔
3لیکن اَے یَاہوِہ، آپ مُجھے نزدیکی سے جانتے ہیں؛
آپ مُجھے دیکھتے ہیں اَور اَپنی نِسبت میرے خیالات کو جانچتے ہیں۔
آپ اُنہیں ذبح ہونے والی بھیڑوں کی مانند کھینچ کر جُدا کر دیجئے،
اَور ذبح کے دِن کے لیٔے اُنہیں مخصُوص کیجئے!
4آخِر کب تک زمین خشک پڑی رہے گی
اَور کب تک کھیت کی گھاس سُوکھتی رہے گی؟
چونکہ اِس مُلک کے باشِندے بدکار ہیں،
اِس لیٔے چرندے اَور پرندے غارت ہو گئے۔
کیونکہ اُن لوگوں نے کہا،
”وہ ہمارا اَنجام نہ دیکھیں گے۔“
خُدا کا جَواب
5”اگر تُم دَوڑنے والوں کے ساتھ دَوڑکر
تھک گئے ہو تو،
پھر تُم گھوڑوں سے کیسے بازی جیتو گے؟
اگر تُم ہموار سرزمین میں ٹھوکر کھا کر گِر جاتے ہو تو،
یردنؔ کے گھنے جنگلوں میں کیسے سنبھلوگے؟
6کیونکہ تمہارے بھائیوں اَور تمہارے اَپنے خاندان کے لوگوں نے بھی،
تمہارے ساتھ بےوفائی کی ہے؛
وہ تمہارے خِلاف سازش کرتے اَور چیخ چیخ کر شکایت کرتے ہیں۔
اگرچہ وہ تُم سے میٹھی میٹھی باتیں بھی کریں،
تو بھی اُن پر یقین نہ کرنا۔
7”مَیں اَپنا گھر چھوڑ دُوں گا،
اَور اَپنی مِیراث سے دست بردار ہو جاؤں گا؛
اَور مَیں اَپنی محبُوبہ کو
اُس کے دُشمنوں کے حوالہ کر دُوں گا۔
8کیونکہ میری مِیراث میرے دیکھنے میں
جنگلی شیرببر کی مانند ہو گئی ہے۔
جو مُجھ پر دھاڑتی ہے؛
اِس لیٔے مُجھے اُس سے نفرت ہو گئی ہے۔
9کیا چتکبرے شِکاری لکڑبگھے اَور دُوسرے شِکاری پرندے،
یہ سَب مِل کر میری مُنتخب موروثی قوم کو
نگل جانے کی کوشش نہیں کر رہے ہیں؟
جاؤ اَور تمام جنگلی درندوں کو جمع کرکے لے آؤ،
تاکہ وہ میری قوم کا گوشت کھا جایٔیں۔
10کیٔی چرواہے نے میرے انگوری باغ کو تباہ کریں گے،
اَور میرے کھیتوں کو پامال کریں گے؛
اَور میرے دِل پسند حِصّے کو
اُجاڑ کر ویران زمین بنا دیں گے۔
11وہ میرے سامنے بنجر ہو جائے گا،
اَور مَیں اُس کے ماتمی فریاد کو سُن رہا ہُوں؛
سارا مُلک اُجاڑ دیا گیا ہے،
کیونکہ کسی کو بھی پروا نہیں ہے۔
12بیابان کے تمام بنجر ٹیلوں پر
غارت گروں کا ہُجوم لگا ہُواہے،
کیونکہ یَاہوِہ کی تلوار،
مُلک کے ایک سِرے سے دُوسرے سِرے تک نگلتی جاتی ہے،
اَور کویٔی بھی اِس سے سلامت نہیں بچے گا۔
13وہ گیہُوں بوئیں گے لیکن کانٹے بٹوریں گے؛
وہ مشقّت تو کریں گے لیکن کچھ فائدہ نہ ہوگا۔
لہٰذا یَاہوِہ کے قہر شدید کے سبب سے
وہ شرمندگی کی فصل کاٹیں گے۔“
14یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: ”مَیں اَپنے تمام بدکار ہمسایوں کو جنہوں نے میری قوم بنی اِسرائیل کو دی ہُوئی مِیراث کو چھین لیا ہے، میں اُن کے مُلک سے اُنہیں اُکھاڑ دُوں گا اَور بنی یہُوداہؔ کو بھی اُن کے درمیان سے نکال پھیکوں گا۔ 15لیکن اُنہیں اُکھاڑنے کے بعد مَیں پھر اُن پر مہربان ہُوں گا اَور اُن میں سے ہر ایک کو اُس کی مِیراث اَور اُس کے اَپنے مُلک میں واپس لاؤں گا۔ 16اَور اگر وہ میری قوم کے ضوابط ٹھیک سے سیکھ لیں اَور میرے نام کی یُوں قَسم کھایٔیں، ’یَاہوِہ کی جان کی قَسم،‘ جَیسا کہ اُنہُوں نے میری قوم کو بَعل کے نام کی قَسم کھانا سِکھایا تھا، تو وہ میری قوم میں قائِم کئے جایٔیں گے۔ 17لیکن اگر کویٔی قوم نہ مانے تو میں اُسے بالکُل جڑ سے اُکھاڑ ڈالوں گا اَور تباہ کر دُوں گا،“ یہی یَاہوِہ کا فرمان ہے۔

موجودہ انتخاب:

یرمیاہؔ 12: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in