YouVersion Logo
تلاش

قُضاۃ 21

21
بنی بِنیامین کے لیٔے بیویاں
1اِسرائیل کے لوگوں نے مِصفاہؔ میں قَسم کھائی تھی: ”ہم میں سے کویٔی بھی شخص کسی بِنیامینی سے اَپنی بیٹی نہیں بیاہے گا۔“
2اَور سَب لوگ بیت ایل چلے گیٔے جہاں وہ شام تک خُدا کے حُضُور بیٹھ کر زور زور سے آہ و زاری کرتے رہے۔ 3اَور کہنے لگے، ”اَے یَاہوِہ اِسرائیل کے خُدا، اِسرائیل کے ساتھ یہ سَب کیوں ہُوا؟ آج اِسرائیل میں سے ایک قبیلہ کم ہو گیا۔“
4دُوسرے دِن صُبح سویرے لوگوں نے وہاں ایک مذبح بنا کر سوختنی نذریں اَور سلامتی کی نذریں پیش کیں۔
5تَب بنی اِسرائیل پُوچھنے لگے کہ، ”اِسرائیل کے سَب قبیلوں میں سے کون ہے جو یَاہوِہ کے حُضُور میں اِجتماع میں شریک نہیں ہُوا؟“ کیونکہ اُنہُوں نے سخت قَسم کھائی تھی کہ، ”جو کویٔی یَاہوِہ کے حُضُور میں مِصفاہؔ مَیں حاضِر نہ ہوگا وہ یقیناً مار ڈالا جائے گا۔“
6تَب اِسرائیلی اَپنے بِنیامینی قبیلہ کے آپ نے بھائیوں کے لیٔے رنجیدہ ہُوئے اَور کہنے لگے کہ آج اِسرائیل کا ایک قبیلہ کٹ گیا۔ 7ہم اُن بچے ہُوئے لوگوں کے لیٔے بیویاں کہاں سے لائیں کیونکہ ہم نے یَاہوِہ کی قَسم کھائی ہے کہ ہم اَپنی کویٔی بیٹی اُن سے نہ بیاہیں گے؟ 8تَب اُنہُوں نے پُوچھا کہ، ”اِسرائیل کا کون سا قبیلہ مِصفاہؔ میں یَاہوِہ کے حُضُور جمع نہیں ہو پایا؟“ تَب اُنہیں پتا لگاکہ چھاؤنی میں یبیسؔ گِلعادؔ سے کویٔی شخص اِجتماع میں شریک ہونے نہیں آیاتھا۔ 9کیونکہ جَب اُنہُوں نے لوگوں کا شُمار کیا تھا تو پتا لگاکہ یبیسؔ گِلعادؔ کے لوگوں میں سے کویٔی بھی وہاں نہ تھا۔
10تَب جماعت نے بَارہ ہزار سُورماؤں کو اِن ہدایات کے ساتھ یبیسؔ گِلعادؔ کو روانہ کیا کہ وہ جایٔیں اَور وہاں کے سَب باشِندوں کو عورتوں اَور بچّوں سمیت تلوار سے قتل کر دیں۔ 11اُنہُوں نے کہا، ”تُمہیں لازِم ہوگا کہ ہر مَرد اَور ہر اُس عورت کو جو کنواری نہ ہو قتل کر ڈالو۔“ 12اُنہُوں نے یبیسؔ گِلعادؔ کے باشِندوں میں چار سَو اَیسی جَوان دوشیزائیں پائیں جو مَرد سے ناواقِف تھیں اَور وہ اُنہیں کنعانؔ کے مُلک میں شیلوہؔ کی چھاؤنی میں لے آئے۔
13تَب ساری جماعت نے رِمّونؔ کی چٹّان پر بنی بِنیامین کے پاس پیغامِ اَمن بھیجا۔ 14تَب بنی بِنیامین اُسی وقت لَوٹ آئے اَور اُنہیں یبیسؔ گِلعادؔ کی وہ عورتیں دی گئیں جو زندہ بچا لی گئی تھیں۔ لیکن وہ اُن سَب کے لیٔے کافی نہیں تھیں۔
15اَور لوگ بِنیامین کے باعث رنجیدہ ہُوئے کیونکہ یَاہوِہ نے اِسرائیل کے قبیلوں میں رخنہ ڈال دیا تھا۔ 16اَور جماعت کے بُزرگوں نے کہا، ”چونکہ بِنیامینی عورتیں نِیست و نابود ہو چُکی ہیں لہٰذا اَب ہم اِن بچے ہُوئے مَردوں کو بیویاں کیسے مہیا کریں؟“ 17اُنہُوں نے کہا، ”بچے ہُوئے بنی بِنیامین کے لوگوں کے لیٔے مِیراث ضروُری ہے تاکہ اِسرائیل کا ایک قبیلہ نابود نہ ہو جائے۔ 18ہم اُنہیں اَپنی بیٹیاں نہیں بیاہ سکتے کیونکہ ہم اِسرائیلیوں نے یہ قَسم کھائی ہے: ’وہ شخص ملعُون ہو، جو اَپنی بیٹی کسی بِنیامینی کو دے۔‘ 19لیکن دیکھو شیلوہؔ میں جو بیت ایل کے شمال میں اَور اُس شاہراہ کے مشرق میں ہے جو بیت ایل سے شِکیمؔ کو جاتی ہے اَور لبونہؔ کے جُنوب میں ہے یَاہوِہ کی سالانہ عید ہوتی ہے۔“
20چنانچہ اُنہُوں نے بنی بِنیامین کو یہ کہہ کر ہدایات دیں، ”جاؤ اَور تاکستانوں میں چھُپ جاؤ 21اَور دیکھتے رہو۔ جَب شیلوہؔ کی لڑکیاں رقص میں شریک ہونے کے لیٔے آ جائیں تو تُم تاکستانوں میں سے نکل کر اَپنے لیٔے شیلوہؔ کی لڑکیوں میں سے ایک ایک بیوی پکڑ لینا اَور بِنیامین کے مُلک کو چلے جانا۔ 22جَب اُن کے باپ یا بھایٔی ہم سے شکایت کریں گے تو ہم اُن سے کہیں گے، ’اُن کی مدد کرکے ہم پر مہربانی کرو کیونکہ ہم لڑائی کے دَوران اُن کے لیٔے بیویاں نہ لایٔے اَور تُم بےگُناہ ہو کیونکہ تُم نے آپ اَپنی بیٹیاں اُنہیں نہیں دیں۔‘ “
23چنانچہ بنی بِنیامین نے اَیسا ہی کیا۔ جَب وہ لڑکیاں رقص کر رہی تھیں تو ہر مَرد نے ایک ایک کو پکڑا اَور لے جا کر اُسے اَپنی بیوی بنا لیا۔ تَب وہ اَپنی مِیراث کو لَوٹے اَور شہروں کو دوبارہ تعمیر کرکے اُن میں بس گیٔے۔
24اُسی وقت اِسرائیلی وہاں سے نکل کر اَپنے اَپنے قبیلہ اَور برادری اَور اَپنے گھرانے کو چلے گیٔے، اِس طرح ہر ایک اَپنی اَپنی مِیراث کو لَوٹا۔
25اُن دِنوں اِسرائیلیوں کا کویٔی بادشاہ نہ تھا چنانچہ جِس کو جو بھی ٹھیک مَعلُوم ہوتا تھا وہ وُہی کرتا تھا۔

موجودہ انتخاب:

قُضاۃ 21: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in