YouVersion Logo
تلاش

قُضاۃ 20

20
بنی اِسرائیل بِنیامین کو سزا دیتے ہیں۔
1تَب دانؔ سے لے کر بیرشبعؔ تک کے اَور گِلعادؔ کے مُلک کے تمام بنی اِسرائیل مُتّحد ہوکر نکلے اَور مِصفاہؔ میں یَاہوِہ کے حُضُور اِکٹھّے ہُوئے 2قوم کے سردار اَور اِسرائیل کے قبیلوں کے سَب خُدا کے لوگ جو چار لاکھ شمشیر زن پیادوں پر مُشتمل تھے، اَپنی اَپنی جگہوں پر تعینات ہو گئے۔ 3(بِنیامین قبیلے کے لوگوں نے سُنا کہ اِسرائیلی مِصفاہؔ کو گیٔے ہیں۔) تَب اِسرائیلیوں نے کہا، ”ہمیں بتاؤ کہ یہ ہولناک واقعہ کیسے ہُوا۔“
4چنانچہ اُس لیوی نے جو مقتول عورت کا خَاوند تھا کہا، ”میں اَور میری داشتہ بِنیامین کے گِبعہؔ میں رات کاٹنے کے لیٔے آئے۔ 5رات کے وقت گِبعہؔ کے لوگ میرے پیچھے آئے اَور مُجھے مار ڈالنے کے اِرادے سے اُس گھر کو گھیرلیا۔ اُنہُوں نے میری داشتہ سے زبردستی کی اُس کی عصمت لُوٹی یہاں تک کہ وہ مَر گئی۔ 6تَب مَیں نے اَپنی داشتہ کو لے کر اُسے ٹکڑے ٹکڑے کیا اَور اِسرائیل کی مِیراث کے ہر حِصّہ میں ایک ایک ٹکڑا بھیج دیا کیونکہ اُنہُوں نے یہ ذلیل اَور شرمناک کام اِسرائیل میں کیا ہے۔ 7اَب اَے سَب اِسرائیلیوں! بولو اَور اَپنا فیصلہ سُناؤ۔“
8تَب سَب لوگ ایک تن ہوکر اُٹھے اَور کہنے لگے، ”ہم میں سے کویٔی بھی اَپنے گھر کا رُخ نہ کرےگا اَور نہ ہی کویٔی اَپنے ڈیرے کو جائے گا 9بَلکہ ہم گِبعہؔ کے ساتھ یُوں پیش آئیں گے کہ ہم قُرعہ اَندازی سے اُس پر چڑھائی کریں گے۔ 10ہم بنی اِسرائیل کے سَب قبیلوں میں سے ہر سَو میں سے دس، اَور ہر ہزار آدمیوں میں سے سَو اَور دس ہزار میں سے ایک ہزار آدمی لشکر کے لیٔے توشہ سفر مہیا کرنے کے لیٔے الگ کر لیں گے تاکہ جَب لشکر بِنیامین کے گِبعؔ میں پہُنچے تو اُسے اُس کمینہ پن کی جو اُنہُوں نے اِسرائیل میں کیا ہے مَعقُول سزا دے جِس کے وہ مُستحق ہیں۔“ 11چنانچہ تمام بنی اِسرائیل کے سَب لوگ اِکٹھّے ہوکر اُس شہر کے خِلاف ایک تن ہوکر جُٹ گیٔے۔
12بنی اِسرائیل کے قبیلوں نے بِنیامین کے سارے قبیلہ میں لوگوں کو روانہ کیا اَور کہلا بھیجا، ”یہ کیسا خوفناک جُرم ہے جو تمہارے درمیان ہُوا؟ 13اَب گِبعہؔ کے اُن بدکار لوگوں کو ہمارے حوالہ کر دو تاکہ ہم اُنہیں قتل کر دیں اَور اِسرائیل میں سے اِس بدی کو دُور کر ڈالیں۔“
لیکن بنی بِنیامین نے اَپنے اِسرائیلی بھائیوں کی بات نہ مانی۔ 14بنی بِنیامین اَپنے اَپنے شہروں سے نکل کر اِسرائیلیوں سے لڑنے کے لیٔے گِبعہؔ میں اِکٹھّے ہو گئے۔ 15بنی بِنیامین نے فوراً گِبعہؔ کے باشِندوں میں سے چُنے ہُوئے سات سَو مَردوں کے علاوہ چھبّیس ہزار اَور شمشیر زن مَرد اَپنے اَپنے شہروں سے جمع کیٔے۔ 16اُن سَب سپاہیوں میں سات سَو چُنے ہُوئے مَرد اَپنے بائیں ہاتھ سے کام لیتے تھے اَور ہر ایک فلاخن سے پتّھر پھینک کر بغیر خطا کئے بال کو بھی نِشانہ بنا سَکتا تھا۔
17بنی بِنیامین کے علاوہ اِسرائیلیوں نے چار لاکھ شمشیر زن مَرد اِکٹھّے کئے جو سَب کے سَب جنگجو سپاہی تھے۔
18بنی اِسرائیل بیت ایل#20‏:18 بیت ایل یعنی خُدا کا گھر کو گیٔے اَور خُدا سے مشورت چاہی۔ اُنہُوں نے کہا، ”ہم میں سے سَب سے پہلے بنی بِنیامین سے لڑنے کون جائے؟“
یَاہوِہ نے فرمایا، ”پہلے یہُوداہؔ جائے۔“
19اگلے دِن صُبح سویرے اُٹھ کر بنی اِسرائیل نے گِبعہؔ کے نزدیک ڈیرے ڈالے۔ 20اَور اِسرائیل کے لوگ بنی بِنیامین سے لڑنے کے لیٔے نکلے اَور گِبعہؔ میں اُن کے خِلاف صف آرا ہُوئے۔ 21بنی بِنیامین گِبعہؔ سے نکلے اَور اُس دِن اُنہُوں نے بائیس ہزار اِسرائیلیوں کو میدانِ جنگ میں موت کے گھاٹ اُتار دیا۔ 22لیکن اِسرائیلیوں نے ایک دُوسرے کی حوصلہ اَفزائی کی اَور پھر سے اُسی جگہ مورچے سنبھال لیٔے جہاں وہ پہلے دِن صف آرا ہُوئے تھے۔ 23تَب بنی اِسرائیل جا کر شام تک یَاہوِہ کے حُضُور روتے رہے اَور یَاہوِہ سے دریافت کیا، ”کیا ہم دوبارہ اَپنے بنی بِنیامین جو ہمارے بھایٔی ہیں اُن سے لڑنے جایٔیں؟“
یَاہوِہ نے فرمایا، ”اُن پر چڑھائی کرو۔“
24تَب دُوسرے دِن اِسرائیلی بنی بِنیامین کے نزدیک پہُنچے۔ 25اَب کی بار جَب بنی بِنیامین گِبعہؔ سے اُن کے مُقابلہ پر آئے تو اُنہُوں نے اَور اٹھّارہ ہزار اِسرائیلیوں کو جو سَب کے سَب شمشیر زن تھے موت کے گھاٹ اُتار دیا۔
26تَب تمام بنی اِسرائیل اَور سَب فَوجی بیت ایل چلے گیٔے اَور وہاں یَاہوِہ کے حُضُور میں آہ و زاری کرتے رہے۔ اُنہُوں نے اُس دِن شام تک روزہ رکھا اَور یَاہوِہ کے آگے سوختنی نذریں اَور سلامتی کی نذریں پیش کیں 27تَب اِسرائیلیوں نے یَاہوِہ سے فریاد کی۔ (اُن دِنوں یَاہوِہ کے عہد کا صندُوق وہاں تھا 28اَور فِنحاسؔ جو اَہرونؔ کا پوتا اَور الیعزرؔ کا بیٹا تھا اُس کے سامنے خدمت مَیں حاضِر رہتا تھا۔) اُنہُوں نے پُوچھا، ”کیا ہم پھر اَپنے بھایٔی بِنیامین کے لوگوں سے لڑنے جایٔیں یا نہیں؟“
یَاہوِہ نے کہا، جاؤ، کیونکہ کل میں اُنہیں تمہارے ہاتھ میں کر دُوں گا۔
29تَب اِسرائیلی گِبعہؔ کے اطراف گھات لگا کر بیٹھ گیٔے۔ 30تیسرے دِن اِسرائیلیوں نے بنی بِنیامین کے خِلاف چڑھائی کی اَور گِبعہؔ کے مقابل پہلے کی طرح صف آرا ہو گئے۔ 31بنی بِنیامین اُن کے مُقابلہ کے لیٔے نکل آئے اَور وہ شہر سے دُور کھنچے چلے گیٔے۔ اُنہُوں نے پہلے کی طرح ہی اِسرائیلیوں کو مارنا اَور قتل کرنا شروع کیا، یہاں تک کہ تقریباً تیس مَرد کھُلے میدان میں اَور شاہراہوں پر ڈھیر ہو گئے۔ اُن میں سے ایک شاہراہ بیت ایل کو اَور دُوسری گِبعہؔ کو جاتی تھی۔ 32جہاں بِن بِنیامین یہ کہتے تھے کہ، ”ہم اُنہیں پہلے کی طرح شِکست دے رہے ہیں وہاں اِسرائیلی یہ کہہ رہے تھے کہ ہم پیچھے ہٹ کر اُنہیں شہر سے دُور شاہراہوں پر کھینچ لائیں۔“
33اِسرائیل کے سَب لوگ اَپنی اَپنی جگہ سے ہٹ کر بَعل تامارؔ میں صف آرا ہُوئے اَور گھات میں بیٹھے ہُوئے اِسرائیلی گِبعؔ کے مغرب سے اَچانک نکل پڑے۔ 34تَب اِسرائیلیوں کے دس ہزار مَردوں نے سامنے سے گِبعہؔ پر حملہ کیا۔ جنگ اِس قدر شدید تھی کہ بنی بِنیامین کو احساس بھی نہ ہو سَکا کہ تباہی کس قدر نزدیک آ چُکی ہے۔ 35یَاہوِہ نے اِسرائیل کے سامنے بنی بِنیامین کو شِکست دی اَور اُس دِن اِسرائیلیوں نے پچّیس ہزار ایک سَو بنی بِنیامینیوں کو مار ڈالا جو سَب کے سَب شمشیر زن تھے۔ 36تَب بنی بِنیامین نے دیکھا کہ وہ ہار چُکے ہیں۔
اَب اِسرائیلی لوگ بنی بِنیامین کے سامنے سے ہٹ گیٔے کیونکہ اُنہُوں نے اُن لوگوں پر اِعتماد کیا تھا جنہیں اُنہُوں نے گِبعہؔ کے نزدیک گھات میں بِٹھا دیا تھا۔ 37جو لوگ گھات میں بیٹھے تھے وہ اَچانک گِبعہؔ پر ہر طرف سے جھپٹ پڑے اَور سارے شہر کو تہِ تیغ کر ڈالا۔ 38اِسرائیلیوں نے گھات میں بیٹھے ہُوئے لوگوں سے کہہ رکھا تھا کہ جَب وہ شہر سے دھوئیں کا بہت بڑا بادل اُٹھائیں گے 39تو اِسرائیلی لوگ لڑائی سے مُنہ پھیر لیں گے۔
اِس پر بنی بِنیامین نے اِسرائیلی لوگوں کو مارنا شروع کیا (اَور تقریباً تیس لوگ مَر چُکے تھے) اَور کہنے لگے، پہلی لڑائی کی طرح، ”ہم اُنہیں ہرا رہے ہیں۔“ 40لیکن جَب شہر سے دھوئیں کا سُتون اُٹھنے لگا تو بنی بِنیامین نے پلٹ کر نگاہ کی اَور دیکھا کہ سارے شہر کا دُھواں آسمان کی طرف اُٹھ رہاہے۔ 41تَب اِسرائیلی لوگ اُن پر پلٹ پڑے اَور بنی بِنیامین کے لوگ گھبرا گیٔے کیونکہ وہ جان گیٔے تھے کہ اُن پر آفت آ چُکی ہے۔ 42چنانچہ وہ اِسرائیلیوں کے سامنے سے بیابان کی طرف بھاگ نکلے لیکن وہ لڑائی سے بچ نہ سکے۔ اَورجو اِسرائیلی شہروں میں سے آ رہے تھے اُنہُوں نے اُنہیں وہیں ختم کر دیا۔ 43اُنہُوں نے بنی بِنیامین کا محاصرہ کیا اَور اُنہیں رگیدا اَور گِبعہؔ کے مشرق میں اُنہیں بآسانی پامال کر دیا۔ 44اٹھّارہ ہزار بنی بِنیامین مارے گیٔے جو سَب کے سَب سُورما تھے۔ 45اَور جَیسے ہی وہ مُڑ کر بیابان میں رِمّونؔ کی چٹّان کی طرف بھاگے اِسرائیلیوں نے پانچ ہزار لوگوں کو شاہراہوں پر مار ڈالا اَور وہ بنی بِنیامین کو گِدومؔ تک رگیدتے گیٔے اَور دو ہزار مَرد اَور مار ڈالے گئے۔
46اُس دِن پچّیس ہزار شمشیر زن بنی بِنیامین کے لوگ مارے گیٔے جو سَب کے سَب سُورما تھے۔ 47لیکن چھ سَو مَرد پلٹ کر بیابان میں رِمّونؔ کی چٹّان کی طرف بھاگ گیٔے جہاں وہ چار ماہ تک رہے۔ 48اِسرائیلی لوگ لَوٹ کر بِنیامین کے علاقہ میں گیٔے اَور اُنہُوں نے ہر شہر کو تہِ تیغ کر ڈالا جِن میں مویشی اَور سَب لوگ جو اُن کے ہاتھ آئے شامل تھے۔ اَور جِس شہر سے بھی اُن کا پالا پڑا اُسے نذرِ آتِش کر دیا۔

موجودہ انتخاب:

قُضاۃ 20: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in