YouVersion Logo
تلاش

یَشعیاہ 5

5
تاکستان کا نغمہ
1میں اَپنے محبُوب کے لیٔے
اُس کے تاکستان کا نغمہ گاؤں گی:
میرے محبُوب کا تاکستان کا باغ تھا
ایک زرخیز پہاڑی پر۔
2اُس نے اُسے کھودا اَور اُس کے پتّھر الگ کئے
اَور اُس میں بہترین انگوری بیلیں لگائیں۔
پہرا دینے کے لیٔے بُرج بنایا
اَور انگور کا عرق نکالنے کے لیٔے کولہو بھی لگایا۔
پھر وہ انگور کی اَچھّی فصل کا منتظر رہا،
لیکن اُس میں جنگلی انگور لگے۔
3”اَب اَے یروشلیمؔ کے باشِندو اَور یہُوداہؔ کے لوگو،
میرے اَور میرے تاکستان کے بارے میں تُم ہی فیصلہ کرو۔
4میرے تاکستان کے لیٔے اَور کیا کرنا باقی رہ گیا تھا
جو مَیں نے اُس کے لیٔے نہیں کیا ہو؟
پھر کیا وجہ ہے کہ جَب مَیں نے اَچھّے انگور کی توقع رکھی
تو اُس میں صِرف جنگلی انگور لگا؟
5اَب مَیں تُمہیں بتاتا ہُوں
کہ مَیں اَپنے تاکستان کے ساتھ کیا کرنے جا رہا ہُوں:
مَیں اُس کی باڑ گرا دوں گا،
اَور وہ تباہ ہو جائے گا؛
مَیں اُس کی دیوار ڈھا دوں گا،
اَور اِسے روند دیا جائے گا۔
6مَیں اُسے ویران کردوُں گا،
پھر نہ تو وہ چھانٹا جائے گا،
نہ ہی اُس میں کاشتکاری ہوگی،
اَور اُس میں جھاڑیاں اَور اُونٹ کٹارے اُگیں گے۔
مَیں بادلوں کو حُکم دُوں گا
کہ وہ اُس پر نہ برسیں۔“
7قادرمُطلق یَاہوِہ کا تاکستان
اِسرائیل کا گھرانہ ہیں
اَور اہلِ یہُوداہؔ
اُس کی خُوشنما بیلیں ہیں۔
اُس نے اِنصاف کی توقع رکھی لیکن خُونریزی دیکھی؛
راستبازی چاہی لیکن صِرف آہ و زاری سُنی۔
افسوس اَور اِنصاف
8افسوس تُم پرجو گھر سے گھر جوڑتے ہو
اَور کھیت سے کھیت مِلاتے ہو
تاکہ جگہ تک باقی نہ بچے
اَور تُم ہی مُلک میں اکیلے بسے رہو۔
9قادرمُطلق یَاہوِہ نے میری سماعت میں اعلان کیا ہے:
”یقیناً بڑے بڑے گھر ویران ہوں گے،
اَور عالیشان محل اُجڑ جایٔیں گے۔ مَیں نے آسمانی فَوجوں کے ربّ کو سُنا ہے
10دس ایکڑ تاکستان سے صِرف ایک بَت#5‏:10 بَت تقریباً 22 لیٹر مَے حاصل کی جا سکے گی،
اَور ایک حُومر#5‏:10 ایک حُومر تقریباً 160 کِلوگرام بیج صِرف ایک ایفہ اناج#5‏:10 ایک ایفہ اناج تقریباً 16 کِلوگرام۔“
11افسوس اُن پرجو صُبح جلد اُٹھتے ہیں
تاکہ جامِ شراب کے مزے لیں،
اَور رات کو دیر تک جاگتے ہیں
یہاں تک کہ شراب کے نشہ میں چُور ہو جاتے ہیں۔
12اُن کی محفلیں بربط اَور سِتار
دف اَور بانسری اَور مَے سے آراستہ کی جاتی ہیں،
لیکن اُنہیں یَاہوِہ کے کاموں کا کوئی لحاظ نہیں ہوتا،
نہ ہی اُنہیں اُس کے ہاتھوں کی کاریگری کی کویٔی قدر ہے۔
13اِس لیٔے میرے لوگ نادانی کے باعث
جَلاوطن ہوں گے؛
اُن کے اعلیٰ مرتبہ لوگ بھُوکوں مَریں گے
اَور اُن کے عوام پیاس سے تڑپیں گے۔
14چنانچہ پاتال کی بھُوک بڑھ گئی ہے
اَور اُس نے اَپنا مُنہ خُوب کھول رکھا ہے؛
اَور اُن کے اُمرا و عوام اَور
اُن کے تمام جھگڑے کرنے والوں اَور جَشن منانے والوں کے ساتھ اُتریں گے۔
15لہٰذا اِنسان پست کیا جائے گا
اَور نَوع اِنسان کی ذِلّت ہوگی،
اَور مغروُر کی نگاہیں نیچی کی جایٔیں گی۔
16لیکن قادرمُطلق یَاہوِہ اَپنے اِنصاف کی بنا پر سرفراز ہوگا،
اَور خُدائے قُدُّوس اَپنے راستی کے کاموں سے اَپنا تقدُّس ظاہر کریں گے۔
17تَب بھیڑیں وہاں اَیسی چرتی ہُوئی دِکھائی دیں گی گویا وہ اَپنی ہی چراگاہوں میں ہیں؛
اَور برّے دولتمندوں کے کھنڈروں میں اَپنا پیٹ بھریں گے۔
18افسوس اُن پرجو گُناہ کو بطالت کی رسّیوں سے
اَور بدکرداری کو گویا گاڑی کی رسّیوں سے کھینچ لاتے ہیں،
19افسوس اُن پرجو کہتے ہیں، ”خُدا عجلت سے کام لے۔
اَور اَپنا کام جلدی سے کر ڈالے
تاکہ ہم اُسے دیکھیں۔
اَور اِسرائیل کے قُدُّوس کا منصُوبہ عَمل میں آئے،
اَور جلد آئے،
تاکہ ہم اُسے جانیں۔“
20افسوس اُن پرجو بدی کو نیکی
اَور نیکی کو بدی کہتے ہیں،
جو تاریکی کو نُور
اَور نُور کو تاریکی قرار دیتے ہیں،
اَور کڑوے کو میٹھا
اَور میٹھے کو کڑوا جانتے ہیں۔
21افسوس اُن پرجو خُود کو اَپنی نگاہوں میں دانشمند
اَور ذہین سمجھتے ہیں۔
22افسوس اُن پرجو مَے نوشی میں اُستاد
اَور شراب میں آمیزش کرنے میں ماہر کہلاتےہیں،
23جو رشوت لے کر مُجرم کو تو بَری کر دیتے ہیں،
لیکن بے قُصُور کے ساتھ اِنصاف نہیں کرتے۔
24پس جِس طرح آگ کی لَپٹیں بھُوسے کو کھا جاتی ہیں
اَور سُوکھی گھاس شُعلوں میں جَل کر فنا ہو جاتی ہے،
اُسی طرح اُن کی جڑیں بوسیدہ ہو جایٔیں گی
اَور اُن کے پھُول گَرد کی مانند اُڑ جایٔیں گے؛
کیونکہ اُنہُوں نے قادرمُطلق یَاہوِہ کے آئین کو ردّ کر دیا
اَور اِسرائیل کے قُدُّوس کے کلام کی تحقیر کی۔
25اِس لیٔے یَاہوِہ کا قہر اُس کے لوگوں کے خِلاف بھڑک اُٹھا؛
اُنہُوں نے ہاتھ اُٹھاکر مَرا۔
پہاڑ لرزگئے،
اَور لاشیں اَیسی پڑی ہیں جَیسے کوچوں میں کوڑا کرکٹ پڑا ہو۔
یہ سَب ہو جانے کے باوُجُود بھی اُن کا قہر نہیں ٹلا،
اَور اُن کا ہاتھ ابھی تک بڑھا ہُواہے۔
26وہ دُور کی قوموں کے لیٔے پرچم کھڑا کرتا ہے،
اَور اُنہیں زمین کے کناروں سے سیٹی بجا کر بُلاتا ہے۔
اَور وہ فوراً تیز رفتار سے
چلے آتے ہیں۔
27اُن میں سے نہ کویٔی تھکتا ہے نہ ٹھوکر کھاتا ہے،
نہ کویٔی اُونگھتا ہے نہ سوتا ہے؛
اُن کی کمر کا کویٔی بند بھی ڈھیلا نہیں ہو پاتا،
نہ ہی کسی کی جُوتی کاتسمہ ٹوٹتا ہے۔
28اُن کے تیر تیز ہیں،
اَور اُن کی تمام کمانیں کشیدہ ہیں؛
اُن کے گھوڑوں کے کھُر چقماق کی طرح نظر آتے ہیں،
اَور اُن کے رتھوں کے پہیّے گِردباد کی طرح۔
29اُن کی گرج شیروں کے گرجنے کی طرح ہے،
اَور وہ جَوان شیروں کی طرح دھاڑتے ہیں؛
وہ غرّاتے ہُوئے شِکار پر جھپٹتے ہیں
اَور بے روک ٹوک اُسے لے جاتے ہیں اَور کویٔی اُسے نہیں بچاتا۔
30اُس روز وہ اُس پر اَیسے غُرّائیں گے
جَیسا کہ سمُندر شور مچاتا ہے،
اَور اگر کویٔی اُس مُلک پر نظر ڈالے،
تو وہ صِرف تاریکی اَور دُکھ تکلیف ہی دیکھ پایٔےگا؛
یہاں تک کہ بادل سُورج رَوشنی کو بھی تاریک کر دیں گے۔

موجودہ انتخاب:

یَشعیاہ 5: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in