یَشعیاہ 1:29-10
یَشعیاہ 1:29-10 UCV
اَے اریئیلؔ، اَے اریئیلؔ، تُجھ پر افسوس، وہ شہر جہاں داویؔد سکونت پذیر تھے! سال پر سال چڑھائے جاؤ اَور تیری عیدوں کے دَور چلتے رہیں۔ پھر بھی میں اریئیلؔ کو محصوُر کروں گا؛ اَور وہ نوحہ اَور ماتم کرےگی، وہ اریئیلؔ میرے لیٔے مذبح کے آتِشدان کی مانند ہوگی۔ میں چاروں طرف تیرے خِلاف خیمہ زن ہوں گا؛ مَیں تُجھے میناروں سے گھیر لاؤں گا اَور مورچہ بندی سے تیرا محاصرہ کروں گا۔ تُو پست کیا جائے گا اَور تُو زمین پر سے بولےگا؛ اَور خاک پر سے تُو مُنہ ہی مُنہ میں بُڑبُڑائے گا۔ اَور تیری بھُوت کی سِی آواز زمین کے اَندر سے آئے گی؛ اَور تُو خاک میں سے سرگوشی کرےگا۔ لیکن تیرے بے شُمار دُشمن مہین گَرد کی مانند ہو جایٔیں گے، اُن سنگدل لوگوں کا گِروہ اُڑتے ہُوئے بھُوسے کی مانند ہوگا۔ اَچانک، ایک لمحہ میں، قادرمُطلق یَاہوِہ خُود گھن گرج اَور زلزلہ اَور بڑی آواز، اَور آندھی اَور طُوفان اَور آگ کے مہلک شُعلوں کے ساتھ آئیں گے۔ تَب اُن تمام قوموں کے گِروہ جو اریئیلؔ سے لڑتے رہے اَور اُس پر اَور اُس کے قلعہ پر حملہ آور ہُوئے اَور اُس کا محاصرہ کرتے رہے، ایک خواب یا رات کی رُویا کی مانند ہو جایٔیں گے گویا ایک بھُوکا آدمی خواب میں دیکھے کہ وہ کھا رہاہے، لیکن جَب جاگ اُٹھتا ہے تو اَپنا پیٹ خالی ہی پاتاہے؛ یا کویٔی پیاسا آدمی خواب میں دیکھے کہ وہ پی رہاہے، لیکن جاگ اُٹھنے پر اَپنے آپ کو پیاسا اَور ہِراساں پاتاہے۔ اَیسا ہی حال اُن تمام قوموں کے گِروہ کا ہوگا جو کوہِ صِیّونؔ سے جنگ کرتی ہیں۔ حواس باختہ ہو جاؤ اَور تعجُّب کرو، اَپنی آنکھیں بند کر لو اَور اَندھے ہو جاؤ؛ متوالے ہو جاؤ لیکن مَے سے نہیں، لڑکھڑاؤ لیکن شراب سے نہیں۔ یَاہوِہ نے تُم پر گہری نیند طاری کی ہے: اَور تمہاری آنکھوں یعنی نبیوں کو نابینا کر دیا ہے؛ اَور تمہارے سَروں یعنی رَوشن ضمیروں پر نقاب ڈالا ہے۔

