یَشعیاہ 17
17
دَمشق کے خِلاف نبُوّت
1دَمشق کے متعلّق نبُوّت:
”دیکھ، دَمشق اَب شہر نہ رہے گا
بَلکہ کھنڈر کا ڈھیر بَن جائے گا۔
2عروعؔر کے شہر ویران ہوں گے
اَور وہ گلّوں کے بیٹھنے کی جگہ بنیں گے،
جہاں اُنہیں کویٔی ڈرانے والا نہ ہوگا۔
3اِفرائیمؔ کا ہر قلعہ غائب ہو جائے گا،
اَور دَمشق کی سلطنت جاتی رہے گی؛
اَور ارام کے باقی بچے ہُوئے لوگ بھی
بنی اِسرائیل کی شان و شوکت کی طرح غائب ہو جایٔیں گے،“
یہ قادرمُطلق یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
4”اُس دِن یعقوب کی حشمت گھٹ جائے گی؛
اَور اُس کے بَدن کی چربی پگھل جائے گی۔
5وہ اَیسا ہوگا گویا کویٔی دہقان کھڑی فصل کاٹ کر
گیہُوں کی بالیں بازوؤں میں سمیٹ رہاہے
جَیسے رفائیمؔ کی وادی میں
کویٔی خُوشہ چینی کرتا ہو۔
6پھر بھی کچھ خُوشہ باقی بچیں گے،
ٹھیک اُس طرح جَیسے زَیتُون کے درخت کو ہلانے کے بعد بھی
دو یا تین پھل چوٹی کی شاخوں پر،
اَور چار یا پانچ پھلدار شاخوں پر بچ جاتے ہیں،“
یَاہوِہ اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتے ہیں۔
7اُس دِن لوگ اَپنے خالق کی طرف نگاہ اُٹھائیں گے
اَور اُن کی آنکھیں اِسرائیل کے قُدُّوس کو دیکھیں گی۔
8وہ مذبحوں کی طرف نہ دیکھیں گے،
جنہیں اُنہُوں نے اَپنے ہاتھوں سے بنایا، اَور نہ وہ اشیراہؔ کے سُتونوں کا
اَور نہ عُود جَلانے کے مذبحوں کا لحاظ کریں گے جو اُن کے
اَپنے ہاتھوں کی دستکاری ہیں۔
9اُس دِن اُن کے محکم شہر جنہیں اُنہُوں نے بنی اِسرائیل کی وجہ سے خیرباد کہاتھا اَیسے ہوں گے گویا وہ صِرف جنگلی جھاڑیوں اَور گھاس کے اُگنے کے لیٔے ہی تھے۔ ہر طرف ویرانی ہوگی۔
10تُونے اَپنے مُنجّی خُدا کو فراموش کیا؛
اَور اُس چٹّان کو یاد نہ رکھا جو تیرا قلعہ ہے۔
اِس لیٔے خواہ تُو اَچھّے سے اَچھّے پَودے
اَور درآمد کی ہُوئی انگوری بیلیں لگائے،
11خواہ وہ اُسی روز بڑھنے لگیں جِس روز تُونے اُنہیں لگایا،
اَور اُسی صُبح اُن میں کلیاں نکل آئیں،
لیکن بیماری اَور شدید درد کے دِن
اُن کا پھل جاتا رہے گا۔
12افسوس، بہت سِی قوموں کا ہنگامہ
جِن کا شور سمُندر کے شور کی طرح ہے!
افسوس، مُختلف لوگوں کا شور و غُل
وہ بڑے بڑے دریاؤں کی مانند شور مچاتے ہیں!
13حالانکہ لوگ سیلاب کے پانی کی طرح اُمنڈ آتے ہیں،
لیکن جَب وہ ڈانٹتا ہے تو وہ اَیسے دُور بھاگ جاتے ہیں،
جَیسے ٹیلوں پر کی بھُوسی ہَوا کے سامنے اُڑ جاتی ہے،
اَور گھاس پھُوس جسے آندھی اُڑائے پھرتی ہے۔
14شام کے وقت جو دہشت لاتے ہیں!
وہ صُبح ہونے سے پہلے ختم ہو جاتے ہیں!
یہ اُن لوگوں کا حِصّہ ہے جو ہمیں لُوٹتے ہیں،
اَور اُن کا بَخرہ جو ہمیں تباہ کرتے ہیں۔
موجودہ انتخاب:
یَشعیاہ 17: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
![None](/_next/image?url=https%3A%2F%2Fimageproxy.youversionapi.com%2F58%2Fhttps%3A%2F%2Fweb-assets.youversion.com%2Fapp-icons%2Fur.png&w=128&q=75)
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.