YouVersion Logo
تلاش

عِبرانیوں 4

4
خُدا کے لوگوں کے لیٔے سَبت کا آرام
1پس جَب خُدا کے آرام میں داخل ہونے کا وعدہ ابھی تک باقی ہے تو ہمیں خبردار رہنا چاہئے تاکہ کہیں اَیسا نہ ہو کہ تُم میں سے کویٔی اُس میں داخل ہونے سے محروم رہ جائے۔ 2کیونکہ ہمیں بھی اُن ہی کی طرح الٰہی خُوشخبری سُنایٔی گئی تھی جَیسے اُنہیں سُنایا گیا تھا، لیکن جو پیغام اُنہُوں نے سُنا وہ اُن کے لیٔے بے فائدہ ثابت ہُوا کیونکہ اُن کا ایمان خُدا کے فرمانبردار لوگوں کے ایمان جَیسا نہیں تھا۔ 3اَور اَب ہم جو ایمان لا چُکے ہیں، خُدا کے اُس آرامگاہ میں داخل ہوتے ہیں، جَیسا کہ خُدا نے فرمایاہے،
”اِس لیٔے میں نے اَپنے قہر میں قَسم کھائی کہ،
’یہ لوگ میرے اُس آرامگاہ میں ہر گز داخل نہ ہوں گے۔‘ “#4‏:3 زبُور 95‏:11؛ 5‏
حالانکہ کایِٔنات کے خلق کے وقت سے ہی خُدا کے کام پُورے ہو چُکے تھے۔ 4کیونکہ خُدا نے ساتویں دِن کی بابت کِتاب مُقدّس میں یُوں فرمایا، ”چنانچہ ساتویں دِن وہ اَپنے سارے کام سے فارغ ہُوا۔“#4‏:4 پیدا 2‏:2‏ 5اَور پھر دُوسرے مقام پر وہ فرماتا ہے، ”یہ لوگ میری اُس آرامگاہ میں ہر گز داخل نہ ہوں گے۔“
6چنانچہ جَب ابھی بھی بعض لوگ اِس آرام میں داخل ہو سکتے ہیں، لیکن جنہوں نے پہلے یہ خُوشخبری سُنی وہ اَپنی نافرمانی کے سبب سے داخل نہ ہو سکے۔ 7تو پھر یہی وجہ ہے کہ خُدا پھر ایک خاص دِن مُقرّر کرتا ہے، جسے وہ ”آج کا دِن“ کہتاہے۔ اَور کیٔی مُدّت کے بعد وہ حضرت داؤؔد کی کِتاب زبُور میں اُسے ”آج کا دِن“ کہتاہے جَیسا پہلے ذِکر ہو چُکاہے کہ،
”اگر، آج تُم اُس کی آواز سُنو،
تو اَپنے دلوں کو سخت نہ کرو۔“#4‏:7 زبُور 95‏:7؛ 8‏
8اَور اگر یشُوعؔ نے اُنہیں آرام میں داخل کیا ہوتا تو خُدا اُس کے بعد ایک اَور دِن کا ذِکر نہ کرتا۔ 9لہٰذا خُدا کے لوگوں کے لیٔے سَبت کا آرام ابھی باقی ہے۔ 10کیونکہ جو کویٔی خُدا کے آرام میں داخل ہوتاہے وہ خُدا کی طرح اَپنے کاموں کو پُورا کرکے آرام کرتا ہے۔ 11لہٰذا آؤ! ہم اُس آرام میں داخل ہونے کی پُوری کوشش کریں تاکہ کویٔی شخص اُن کی طرح نافرمانی کرکے ہلاک نہ ہو جائے۔
12کیونکہ خُدا کا کلام زندہ، مؤثر اَور ہر دو دھاری تلوار سے زِیادہ تیز ہے جو ہمارے اَندر جا کر ہماری رُوح، جان، بند بند اَور گُودے گُودے کو چیرتا ہُوا گزر جاتا ہے اَور ہمارے دل کے خَیالوں اَور اِرادوں کو جانچتا ہے۔ 13اَور کائِنات کی کویٔی بھی چیز خُدا کی نظر سے پوشیدہ نہیں ہے اَور اُس کی آنکھوں کے سامنے ہر چیز کھُلی اَور بے پردہ ہے جسے ہمیں بھی حِساب دینا ہے۔
حُضُور عیسیٰ اعلیٰ کاہِنؔ
14پس جَب ہمارا ایک اَیسا اعلیٰ کاہِنؔ خُدا کا بیٹا حُضُور عیسیٰ ہیں جو عالمِ بالا پر خُدا کی حُضُوری میں پہُنچ چُکے ہیں، تو آؤ ہم اَپنے ایمان پر مضبُوطی سے قائِم رہیں۔ 15کیونکہ ہمارا اعلیٰ کاہِنؔ اَیسا نہیں جو ہماری کمزوریوں میں ہمارا ہمدرد نہ ہو سکے بَلکہ وہ سَب باتوں میں ہماری طرح آزمایا گیا تَو بھی بےگُناہ رہا۔ 16لہٰذا آؤ ہم خُدا کے فضل کے تخت کے پاس دِلیری سے چلیں تاکہ ہم پر رحم ہو، اَور وہ فضل حاصل کریں جو ضروُرت کے وقت ہماری مدد کرے۔

موجودہ انتخاب:

عِبرانیوں 4: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in