YouVersion Logo
تلاش

گلتِیوں 5

5
المسیؔح میں آزادی
1المسیؔح نے ہمیں آزاد کر دیا تاکہ ہم ہمیشہ آزاد رہیں۔ پس ثابت قدم رہو، اَور دوبارہ غُلامی کے جُوئے میں مت جُتو۔
2دیکھو! میں پَولُسؔ، خُود تُم سے کہتا ہُوں کہ اگر تُم ختنہ کراؤگے تو تُمہیں المسیؔح سے کچھ بھی فائدہ نہ ہوگا۔ 3میں ہر اُس آدمی سے جو ختنہ کراتا ہے بطور گواہ یہ کہتا ہُوں کہ اُسے ساری شَریعت پر عَمل کرنا فرض ہے۔ 4تُم جو شَریعت کے وسیلہ سے راستباز ٹھہرنے کی کوشش کر رہے ہو المسیؔح سے جُدا ہو گیٔے ہو؛ اَور فضل سے ہاتھ دھو بَیٹھے ہو۔ 5مگر ہم پاک رُوح کے وسیلہ سے ایمان سے راستباز ٹھہرائے جایٔیں گے اَور اِس کا ہم اُمّید سے اِنتظار کر رہے ہیں۔ 6اَورجو کویٔی المسیؔح عیسیٰ میں ہے اُس کا ختنہ کرانا یا نہ کرانا اِتنا مفید نہیں۔ جِتنا مفید المسیؔح پر ایمان رکھناہے جو مَحَبّت کے ذریعہ اثر کرتا ہے۔
7تُم ایمان کی دَوڑ اَچھّی طرح دَوڑ رہے تھے۔ کِس نے ناگہاں مداخلت کرکے تُمہیں حق کے ماننے سے روک دیا؟ 8یہ ترغِیب خُدا کی طرف سے نہیں ہو سکتی جِس نے تُمہیں بُلایا ہے۔ 9”تھوڑا سا خمیر سارے گُندھے ہویٔے آٹے کو خمیر کردیتاہے۔“ 10مُجھے خُداوؔند میں تمہارے بارے میں یقین ہے کہ تُم میرے خیال سے مُتّفِق ہو گے۔ اَورجو شخص تُمہیں پریشان کر رہا ہے، سزا پایٔےگا، خواہ وہ کویٔی بھی ہو۔ 11اَے بھائیو اَور بہنوں! اگرمیں اَب تک ختنہ کی مُنادی کرتا ہُوں تو کِس وجہ سے ستایا جا رہا ہُوں؟ اگرمیں ختنہ کی تعلیم دیتا تو صلیب کسی کے لیٔے ٹھوکر کا باعث نہ ہوتی جِس کی میں مُنادی کرتا ہُوں۔ 12جو تُمہیں ختنہ کرانے پر مجبُور کرتے ہیں، کاش وہ ختنے کے وقت اَپنے اَعضا بھی کٹوادیتے!
آزادی اَور راستبازی
13میرے بھائیو اَور بہنوں! تُم آزاد ہونے کے لیٔے بُلائے گیٔے ہو۔ لیکن اِس آزادی کو اَپنی جِسمانی نَفسانی خواہشات کے لیٔے اِستعمال نہ کرو؛ بَلکہ، مَحَبّت سے ایک دُوسرے کی خدمت کرتے رہو۔ 14کیونکہ ساری شَریعت کا خُلاصہ اِس ایک حُکم میں پایا جاتا ہے: ”تُم اَپنے پڑوسی سے اَپنی مانِند مَحَبّت رکھو۔“#5‏:14 اَحبا 19‏:18‏‏ 15اگر تُم ایک دُوسرے کو کاٹتے پھاڑتے اَور کھاتے ہو تو خبردار رہنا، کہیں اَیسا نہ ہو کہ ایک دُوسرے کو ختم کر ڈالو۔
16میرا مطلب یہ ہے، اگر تُم پاک رُوح کے کہنے پر چلوگے، تو جِسم کی بُری خواہِشوں کو ہر گز پُورا نہ کرو گے۔ 17کیونکہ جِسم پاک رُوح کے خِلاف خواہش کرتا ہے، اَور پاک رُوح جِسم کے خِلاف۔ یہ دونوں ایک دُوسرے کے مُخالف ہیں، تاکہ جو تُم چاہتے ہو وہ نہ کر سکو۔ 18اگر تُم پاک رُوح کی ہدایت سے زندگی گزارتے ہو، تو شَریعت کے ماتحت نہیں ہو۔
19اَب اِنسانی فِطرت کے کام صَاف ظاہر ہیں: یعنی جنسی بدفعلی، ناپاکی اَور شَہوت پرستی؛ 20بُت پرستی، جادُوگری؛ دُشمنی، جھگڑا، حَسد، غُصّہ، خُود غرضی، تکرار، فرقہ پرستی، 21بُغض، نشہ بازی، ناچ رنگ اَور اِن کی مانِند دیگر کام۔ اِن کی بابت میں نے پہلے بھی تُمہیں خبردار کیا تھا، اَور اَب پھر کہتا ہُوں کہ اَیسے کام کرنے والے خُدا کی بادشاہی میں کبھی شریک نہ ہوں گے۔
22مگر پاک رُوح کا پھل، مَحَبّت، خُوشی، اِطمینان، صبر، مہربانی، نیکی، وفاداری، 23نرمی اَور پرہیزگاری ہے۔ اَیسے کاموں کی کویٔی شَریعت مُخالفت نہیں کرتی۔ 24اَورجو المسیؔح عیسیٰ کے ہیں اُنہُوں نے اَپنے جِسم کو اُس کی رغبتوں اَور بُری خواہِشوں سمیت صلیب پر چڑھا دیا ہے۔ 25اگر ہم پاک رُوح کے سبب سے زندہ ہیں تو لازِم ہے کہ پاک رُوح کی ہدایت کے مُوافق زندگی گُزاریں۔ 26ہمیں شیخی مارنا، ایک دُوسرے کو بھڑکانا یا ایک دُوسرے سے حَسد کرنا چھوڑ دینا چاہئے۔

موجودہ انتخاب:

گلتِیوں 5: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in