YouVersion Logo
تلاش

عزرا 7

7
عزراؔ کا یروشلیمؔ آنا
1اِن باتوں کے بعد ارتخشستاؔ شاہِ فارسؔ کے دَورِ حُکومت میں ایک شخص عزراؔ بِن سِرایاہؔ بِن عزریاہؔ بِن خِلقیاہؔ 2بِن شلُّومؔ بِن صدُوقؔ بِن احِیطوبؔ 3بِن امریاہؔ بِن عزریاہؔ بِن مرایوتؔ 4بِن زراخیاہؔ بِن عُزّی بِن بُقّیؔ، 5بِن ابیشُوعؔ بِن فِنحاسؔ بِن الیعزرؔ بِن اَہرونؔ اعلیٰ کاہِن 6بابیل سے آیا۔ وہ مَوشہ کے تمام آئین کا جو یَاہوِہ اِسرائیل کے خُدا نے دی تھی بڑا ماہر اُستاد تھا۔ چونکہ یَاہوِہ اُس کے خُدا کا ہاتھ عزراؔ پر تھا اِس لیٔے ہر ایک شَے جِس کی اُس نے درخواست کی بادشاہ نے اُسے عطا فرمائی۔ 7بادشاہ ارتخشستاؔ کے ساتویں سال میں بعض اِسرائیلی بھی جِن میں کاہِنؔ، لیوی، موسیقار، دربان اَور بیت المُقدّس کے خُدّام شامل تھے یروشلیمؔ آئے۔
8عزراؔ بادشاہ اَپنے دَور حُکومت کے ساتویں سال کے پانچویں مہینے میں یروشلیمؔ پہُنچا۔ 9اُس نے بابیل سے اَپنا سفر پہلے مہینے کی پہلی تاریخ کو شروع کیا اَور وہ یروشلیمؔ میں پانچویں مہینے کی پہلی تاریخ کو پہُنچا کیونکہ خُدا کا مہربان ہاتھ اُس پر تھا۔ 10اِس لیٔے کہ عزراؔ نے اَپنے آپ کو یَاہوِہ کے آئین کے مطالعہ اَور اُس پر عَمل کرنے اَور اُس کے قوانین اَور آئین اِسرائیل کو سِکھانے کے لیٔے وقف کر رکھا تھا۔
شاہِ ارتخشستاؔ کا خط
11یہ اُس خط کی نقل ہے جو ارتخشستاؔ بادشاہ نے اِسرائیل کے یَاہوِہ کے اَحکام اَور قوانین کے ماہر فقیہ اَور مُعلّم عزراؔ کاہِنؔ کو دیا تھا:
12بادشاہ ارتخشستاؔ کی جانِب سے،
عزراؔ کاہِنؔ کے نام جو کہ آسمان کے خُدا کی شَریعت کا مُعلّم ہے:
تُو سلامت رہے!
13مَیں یہ فرمان جاری کرتا ہُوں کہ میری مملکت کے اِسرائیلیوں میں سے کاہِنوں اَور لیویوں سمیت جو بھی تیرے ساتھ یروشلیمؔ جانا چاہیں جا سکتے ہیں 14تُو بادشاہ اَور اُس کے ساتوں مُشیروں کی جانِب سے بھیجا جا رہاہے تاکہ اَپنے خُدا کے آئین کے مُطابق جو تیرے ہاتھ میں ہے یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ کا حال دریافت کرے۔ 15مزید یہ کہ تُم وہ چاندی اَور سونا اَپنے ساتھ لے جانا جو بادشاہ اَور اِس کے مُشیروں نے اِسرائیل کے خُدا کو جِس کی سکونت یروشلیمؔ میں ہے آزادانہ طور پر دیا ہے۔ 16اَور وہ تمام چاندی اَور سونا جو بابیل کے صُوبہ سے تُجھے حاصل ہوگا، نیز یروشلیمؔ میں خُدا کے گھر کے لیٔے لوگوں اَور کاہِنوں کی رضاکارانہ نذریں بھی تُجھے ہی اَپنے ہمراہ لے جانا ہوں گی۔ 17لازِم ہے کہ تُو اُس نقدی سے بَیل، مینڈھے اَور نر برّے اَور ساتھ ہی اُن کے اناج کی نذر اَور تپاون کی نذروں کے لیٔے درکار اَشیا خرید کر اُنہیں یروشلیمؔ میں اَپنے خُدا کے ہیکل کے مذبح پر بطور قُربانی گزرانے۔
18اُس کے بعد باقی بچے چاندی اَور سونے کو اَپنے خُدا کی رضا کے مُطابق جَیسے تُجھے اَور تیرے یہُودی بھائیوں کو بھلا مَعلُوم ہو اِستعمال کرنا۔ 19تیرے خُدا کے ہیکل میں عبادت کے لیٔے جو اَشیا تیرے سُپرد کی گئی ہیں اُنہیں یروشلیمؔ کے خُدا کے حُضُور دے دینا۔ 20اَور اگر تُجھے اَپنے خُدا کے ہیکل کے لیٔے درکار کسی چیز کے خریدنے کی ضروُرت پڑے تو تُو شاہی خزانہ سے رقم اَدا کرنا۔
21اَب مَیں بادشاہ ارتخشستاؔ دریائے فراتؔ کے پار سارے خزانچیوں کو حُکم دیتا ہُوں کہ عزراؔ کاہِنؔ جو آسمان کے خُدا کی شَریعت کا مُعلّم ہے جو کچھ بھی تُم سے طلب کرے وہ فوراً دیا جائے۔ 22یعنی سَو تالنت چاندی،#7‏:22 سَو تالنت چاندی تقریباً3400 کِلو سَو کور#7‏:22 سَو کور تقریباً 16 ہزار کِلو گیہُوں اَور سَو بَت#7‏:22 سَو بَت تقریباً2200 لیٹر مَے اَور سَو بَت زَیتُون کا تیل اَور نمک کی کثیر مقدار۔ 23جو کچھ بھی آسمان کے خُدا نے حُکم دیا ہے اُس کی آسمان کے خُدا کے ہیکل کے لیٔے پُورے طور پر تعمیل کی جائے تاکہ اَیسا نہ ہو کہ بادشاہ کی مملکت اَور اُس کے بیٹوں کے خِلاف قہر خُداوندی بھڑک اُٹھے۔ 24تُمہیں یہ بھی مَعلُوم ہونا چاہئے کہ تُمہیں کاہِنوں، لیویوں، موسیقاروں، دربانوں اَور بیت المُقدّس کے خُدّام پر یا خُدا کے گھر کے دیگر کارندوں پر محصُول، خراج یا چُنگی لگانے کا کویٔی اِختیار نہیں۔
25اَے عزراؔ! تُو اَپنے خُدا کی اُس دانش کے مُطابق جو تُجھے عطا ہُوئی ہے حاکم اَور قاضی مُقرّر کرنا تاکہ وہ دریائے فراتؔ کے پار کے تمام لوگوں کا جو تیرے خُدا کی شَریعت کو جانتے ہیں اِنصاف کریں۔ 26جو کویٔی تیرے خُدا کے آئین کو اَور بادشاہ کے حُکم کو نہ مانے اُسے فوراً موت، جَلاوطنی، جائداد کی ضبطی یا قَید کی سزا دی جائے۔
27یَاہوِہ ہمارے آباؤاَجداد کے خُدا کی سِتائش ہو جِس نے بادشاہ کے دِل میں یہ ڈالا کہ وہ یروشلیمؔ میں یَاہوِہ کے گھر کی اِس طرح تعظیم و تکریم کرے 28اَور جِس نے بادشاہ، اُس کے مُشیروں اَور بادشاہ کے عالی قدر اُمرا کے سامنے مُجھ پر اَپنی مہربانی کی۔ چونکہ مُجھ پر یَاہوِہ میرے خُدا کا ہاتھ تھا اِس لیٔے مَیں نے ہِمّت پا کر اِسرائیل کے سرکردہ افراد کو جمع کیا تاکہ وہ میرے ہمراہ چلیں۔

موجودہ انتخاب:

عزرا 7: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in