YouVersion Logo
تلاش

عزرا 6

6
داریاویشؔ بادشاہ کا فرمان
1تَب داریاویشؔ بادشاہ نے فرمان جاری کیا کہ بابیل کے خزانہ میں رکھی ہُوئی تاریخی دستاویزوں کی جانچ پڑتال کی جائے۔ 2آخِر مِدائی کے صُوبہ میں واقع اکبتاناؔ کے محل میں ایک طُومار مِلا جِس میں یہ لِکھّا تھا:
یادداشت خط:
3شاہِ خورشؔ کے دَورِ حُکومت کے پہلے سال میں بادشاہ نے یروشلیمؔ میں خُدا کے ہیکل کے متعلّق فرمان جاری کیا:
ہیکل کو دوبارہ تعمیر کیا جائے تاکہ اُس جگہ قُربانیاں چڑھائی جایٔیں اَور اُس کی بُنیادیں رکھی جایٔیں۔ اُس کی اُونچائی ساٹھ ہاتھ#6‏:3 اُونچائی ساٹھ ہاتھ تقریباً ستّائیس میٹر اَور چوڑائی ساٹھ ہاتھ ہو۔ 4اَور اُس کے تین ردّے بڑے بڑے پتّھروں کے اَور ایک ردّہ عمارتی لکڑی کے شہتیروں کا ہو۔ خرچ شاہی خزانہ سے اَدا کیا جائے۔ 5خُدا کے گھر کے سونے اَور چاندی کے ظروف جنہیں نبوکدنضرؔ یروشلیمؔ میں خُدا کے گھر سے نکال کر بابیل لے گیا تھا واپس کئے جایٔیں اَور یروشلیمؔ کے خُدا کے گھر میں اَپنی اَپنی جگہ پہُنچائے جایٔیں۔ یعنی خُدا کے گھر میں رکھے جایٔیں۔
6لہٰذا اَے تتّنیؔ دریائے فراتؔ کے پار کے حاکم اَور شتھر بوزنئی اَور اُس صُوبہ میں اُن کے دُوسرے عہدیدار! اُس مقام سے دُور رہو۔ 7خُدا کے گھر کے کام میں مداخلت مت کرو۔ یہُودیوں کے حاکم کو اَور اُن کے بُزرگوں کو خُدا کے گھر کو اُس کی سابقہ جگہ پر تعمیر کرنے دو۔
8علاوہ اَزیں خُدا کا یہ گھر تعمیر کرنے میں تُم نے یہُودیوں کے بُزرگوں کے لیٔے کیا کچھ کرناہے میں اُس کے لیٔے حُکم دیتا ہُوں:
اِن آدمیوں کے تمام اخراجات شاہی خزانہ سے یعنی دریائے فراتؔ کے پار کے خراج میں سے اَدا کئے جایٔیں تاکہ کام نہ رُکے۔ 9اَور آسمان کے خُدا کی سوختنی نذریں چڑھانے کے لئے جو کچھ بھی درکار ہو یعنی بچھڑے، مینڈھے اَور نر برّے اَور گیہُوں، نمک، مَے اَور تیل وغیرہ جِس کی یروشلیمؔ کے کاہِنؔ فرمائش کریں وہ اُنہیں ہر روز بلاناغہ مُہیّا کیا جائے 10تاکہ وہ آسمان کے خُدا کی رضا جوئی کے لیٔے قُربانیاں چڑھائیں اَور بادشاہ اَور اُس کے بیٹوں کی فلاح و بہبُود کے لیٔے دعا کریں۔
11مزید برآں میں حُکم دیتا ہُوں کہ اگر کویٔی اِس فرمان کو بدلے تو اُس کے مکان کا شہتیر نکال لیا جائے اَور اُسے اُسی کے اُوپر میخیں ٹھونک کر لٹکا دیا جائے اَور اُس جُرم کی وجہ سے اُس کا مکان کوڑے کرکٹ کا ڈھیر بنا دیا جائے۔ 12جو بھی بادشاہ یا لوگ اِس فرمان کو بدلنے یا یروشلیمؔ میں اِس ہیکل کو تباہ کرنے کے لیٔے ہاتھ بڑھائیں تو خُدا جِس نے وہاں اَپنا نام قائِم کیا ہے اُنہیں غارت کرے۔
مَیں نے یعنی داریاویشؔ نے یہ فرمان جاری کیا ہے لہٰذا اِس کی فوراً تعمیل کی جائے۔
ہیکل کی تکمیل اَور مخصُوصیت
13تَب اُس فرمان کے باعث جو داریاویشؔ بادشاہ نے بھیجا تھا دریائے فراتؔ کے پار کے حاکم تتّنیؔ اَور شتھر بوزنئی اَور اُن کے مُعاوِنوں نے اُس پر بڑی سرگرمی سے عَمل کیا۔ 14پس یہُودیوں کے بُزرگوں نے حگّیؔ نبی اَور زکریاؔہ بِن عِدّوؔ کی نبُوّت کے زیرِ اثر تعمیری سرگرمیاں جاری رکھیں۔ اُنہُوں نے اِسرائیل کے خُدا کے حُکم اَور شاہانِ فارسؔ خورشؔ، داریاویشؔ اَور ارتخشستاؔ کے اَحکام کے مُطابق اُس عمارت کو مُکمّل کیا۔ 15اِس طرح ہیکل آدارؔ مہینے کے تیسرے دِن اَور داریاویشؔ بادشاہ کے دَورِ حُکومت کے چھٹے سال میں پایۂ تکمیل کو پہُنچا۔
16تَب بنی اِسرائیل، کاہِنوں، لیویوں اَور دیگر لوگوں نے جو اسیری کے بعد واپس آئےتھے خُوشی سے خُدا کے گھر کی تقدیس کے جشن کو منایا۔ 17خُدا کے اِس گھر کی تقدیس کے لیٔے اُنہُوں نے ایک سَو بَیل، دو سَو مینڈھے اَور چار سَو نر برّے قُربان کئے اَور سارے بنی اِسرائیل کے واسطے خطا کی قُربانی کے طور پر ہر قبیلہ کے لیٔے ایک بکرے کے حِساب سے بَارہ بکرے چڑھائے۔ 18اَورجو کچھ مَوشہ کی کِتاب میں لِکھّا ہے اُس کے مُطابق اُنہُوں نے یروشلیمؔ میں خُدا کی عبادت کے لیٔے کاہِنوں کو اُن کی تقسیم اَور لیویوں کو اُن کے فریقوں کے مُطابق تعینات کیا۔
عیدِفسح
19پہلے مہینے کی چودھویں تاریخ کو بابیل کی اسیری سے لَوٹنے والوں نے عیدِفسح منائی۔ 20کیونکہ کاہِنوں اَور لیویوں نے اَپنے آپ کو پاک کیا تھا اَور وہ تمام رسمی طور پر پاک تھے۔ لیویوں نے تمام جَلاوطن اسیروں کے لیٔے، اَپنے بھائیوں یعنی کاہِنوں کے لیٔے اَور اَپنے لیٔے عیدِفسح کا برّہ ذبح کیا۔ 21اَور جَلاوطنی سے واپس لَوٹنے والے اِسرائیلیوں نے اُسے اُن لوگوں کے ساتھ کھایا جنہوں نے یَاہوِہ اِسرائیل کے خُدا کے طالب ہونے کے لیٔے اَپنے آپ کو غَیریہُودی قوموں کی ناپاک رسموں سے الگ کر لیا تھا اُنہُوں نے فسح کا کھانا کھایا۔ 22سات دِن تک اُنہُوں نے بے خمیری روٹی کی عید منائی کیونکہ یَاہوِہ نے اُنہیں بڑی خُوشی بخشی تھی اَور شاہِ اشُور کے رویّہ میں تبدیلی پیدا کی تاکہ وہ خُدا یعنی بنی اِسرائیل کے خُدا کے گھر کے تعمیر کرنے میں اُن کی مدد کی۔

موجودہ انتخاب:

عزرا 6: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in