YouVersion Logo
تلاش

حزقی ایل 23

23
دو زانیہ بہنیں
1یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا: 2”اَے آدمؔ زاد، دو عورتیں تھیں جو ایک ہی ماں کی بیٹیاں تھیں۔ 3وہ مِصر میں فاحِشہ بنیں اَور اَپنی جَوانی ہی سے جِسم فروشی کرنے لگیں۔ اُس مُلک میں اُن کی چھاتِیاں مسلی گئیں اَور اُن کے سینے سہلائے گیٔے۔ 4بڑی کا نام اوہولہؔ تھا اَور اُس کی بہن اُوہولِبہؔ تھی۔ وہ دونوں میری ہو گئیں اَور اُن سے بیٹے اَور بیٹیاں پیدا ہویٔیں۔ اوہولہؔ سامریہؔ ہے اَور اُوہولِبہؔ یروشلیمؔ ہے۔
5”اوہولہؔ بھی میری ہی تھی کہ جِسم فروشی کرنے لگی اَور وہ اَپنے عاشقوں یعنی اشُوریوں پر فریفتہ ہو گئی۔ 6جو اَرغوانی لباس میں مُلبّس نہایت حسین خُوبصورت نوجوان سپاہی، حاکم اَور سپہ سالار تھے اَور گھوڑوں پر سواری کرتے تھے۔ 7اُس نے اشُور کے سبھی چیدہ مَردوں کے ساتھ زناکاری کی اَور جِس کسی پر وہ فریفتہ ہُوئی اُس کے بُتوں سے اَپنے آپ کو ناپاک کر لیا۔ 8اُس نے مِصر میں شروع کی ہُوئی زناکاری ترک نہ کی جَب جَوانی میں مَردوں نے اُس کے ساتھ مباشرت کی تھی، اُس کے دوشیزگی کے پستانوں کو مسلا تھا اَور اَپنی شہوت اُس پر اُنڈیل دی تھی۔
9”اِس لیٔے مَیں نے اُسے اُس کے اشُوری عاشقوں کے حوالہ کر دیا جِن پر وہ فریفتہ تھی۔ 10اُنہُوں نے اُسے برہنہ کیا، اُس کے بیٹوں اَور بیٹیوں کو چھین لیا اَور اُسے تلوار سے قتل کر دیا۔ وہ عورتوں میں ایک ضرب المثل بَن گئی اَور اُسے سزا دی گئی۔
11”اُس کی بہن اُوہولِبہؔ نے یہ سَب کچھ دیکھا لیکن وہ اَپنی شہوت پرستی اَور زناکاری میں اَپنی بہن سے بھی بدتر نکلی 12وہ بھی اشُوری حاکموں، سپہ سالاروں، مُسلّح سپاہیوں اَور گُھڑسواروں پر فریفتہ تھی جو سَب کے سَب خُوب رو نوجوان تھے۔ 13اَور مَیں نے دیکھا کہ وہ بھی ناپاک ہو گئی اَور دونوں ایک ہی روِش پر چلیں۔
14”لیکن وہ اَور زِیادہ زناکاری کرتی گئی۔ اُس نے دیوار پر تصویریں دیکھیں جو لال رنگ میں رنگی ہُوئی کَسدیوں کی تصویریں تھیں، 15جِن کی کمر میں کمربند اَور سَر پر لہراتی ہُوئی پگڑیاں تھیں۔ اَور وہ سَب کی سَب کَسدیوں کے مُلک کے باشِندوں کی طرح اَور بابیل کے رتھ کے حاکموں کی مانند نظر آتی تھیں۔ 16جوں ہی اُس نے اُنہیں دیکھا وہ اُن پر فریفتہ ہو گئی اَور اُس نے اُن کے پیچھے کَسدیوں کے مُلک میں قاصِد بھیجے۔ 17تَب اہلِ بابیل اُس کے پاس آئے اَور جذبۂ مَحَبّت میں اُس کے بِستر پر چڑھے اَور اَپنی ہَوس میں اُس کی بےحُرمتی کی اُس کی۔ لیکن جَب وہ اُن سے بےحُرمت ہو چُکی تَب وہ نفرت میں اُن سے الگ ہو گئی۔ 18جَب اُس نے اعلانیہ زناکاری کی اَور اَپنی عُریانی ظاہر کی تو میری جان اُس سے اُس طرح بیزار ہو گئی جَیسی اُس کی بہن سے ہُوئی تھی۔ 19پھر بھی اُس نے اَپنی جَوانی کے دِن یاد کئے، جَب وہ مِصر میں فاحِشہ تھی اَور پھر وہ اَور بھی زِیادہ بےباکی کے ساتھ زناکاری کرنے لگی۔ 20وہاں وہ اَیسے عاشقوں پر فریفتہ ہو گئی جِن کے اعضائے تناسل گدھوں کے سے تھے اَور جِن کا اِنزال گھوڑوں کا سا تھا۔ 21چنانچہ تُو اَپنی جَوانی کی عیّاشی کے لیٔے بیتاب ہو رہی تھی، جَب مِصر میں تیرا سینہ گلے سے لگایا گیا اَور تیری دوشیزہ چھاتِیاں سہلائی گئیں۔
22”اِس لیٔے اَے اُوہولِبہؔ، یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: مَیں تیرے اُن عاشقوں کو جِن سے تیری جان بیزار ہو چُکی ہے تیرے خِلاف اُبھاروں گا اَور اُنہیں ہر طرف سے تیرے خِلاف لے آؤں گا۔ 23یعنی اہلِ بابیل، تمام کَسدی لوگ اَور پیقودؔ، شُوعؔ اَور کوعَؔ کے لوگ اَور اُن کے ساتھ تمام اشُوری جو سَب کے سَب حاکم، سپہ سالار، رتھ کے افسر اَور اعلیٰ عہدیدار ہیں اَور وہ سَب کے سَب گھوڑوں پر سوار ہوتے ہیں۔ 24وہ اسلحہ جنگ، رتھوں اَور گاڑیوں اَور لوگوں کا ہُجوم لے کر تُجھ پر حملہ کریں گے اَور بڑی اَور چُھوٹی سِپر لے کر اَور خُود پہن کر ہر طرف سے تیرے مقابل صف آرا ہوں گے۔ مَیں تُجھے سزا کے لیٔے اُن کے حوالہ کروں گا اَور وہ تُجھے اَپنے آئین کے مُطابق سزا دیں گے۔ 25میں اَپنی غیرت کا قہر تُجھ پر اُتاروں گا اَور وہ غضبناک ہوکر تُجھ سے پیش آئیں گے۔ وہ تیری ناک اَور کان کاٹ ڈالیں گے اَور باقی بچے ہُوئے لوگ تلوار سے مارے جایٔیں گے۔ وہ اُن کے بیٹوں اَور بیٹیوں کو لے جایٔیں گے اَور اُن میں سے جو بچ جایٔیں گے اُنہیں آگ بھسم کر دے گی۔ 26وہ تیرے کپڑے اُتار لیں گے اَور تیرے نفیس زیورات لُوٹ لیں گے۔ 27اُس طرح سے مَیں تیری شہوت پرستی اَور جِسم فروشی جِس کا تُونے مِصر میں آغاز کیا خاتِمہ کر دُوں گا۔ تُو اُن کی طرف بیتاب ہوکر نگاہ نہ اُٹھائے گی اَور نہ ہی مِصر کو پھر کبھی یاد کرےگی۔
28”یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: مَیں تُجھے اُن لوگوں کے حوالہ کرنے کو ہُوں جِن سے تُو نفرت کرتی ہے اَور جِن سے تیری جان بیزار ہو چُکی ہے۔ 29وہ تُجھ سے نفرت کے ساتھ پیش آئیں گے اَور تیری محنت سے کمائی ہُوئی ہر چیز لے لیں گے۔ وہ تُجھے عُریاں اَور بے نقاب کر دیں گے اَور تیری جِسم فروشی کی بے حیائی اَور زناکاری ظاہر ہو جائے گی۔ 30تیری شہوت پرستی کے باعث یہ آفت تُجھ پر آئی کیونکہ تُو مُختلف قوموں پر فریفتہ ہویٔی اَور اَپنی ہَوس کے لئے اُن کے بُتوں سے تُونے اَپنے آپ کو ناپاک کر لیا۔ 31تُو اَپنی بہن کے نقش قدم پر چلی اِس لیٔے میں اُس کا پیالہ تیرے ہاتھ میں تھما دُوں گا۔
32”یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں:
”تُو اَپنی بہن کا پیالہ پیئے گی،
جو کہ کافی بڑا اَور گہرا ہے؛
اَور وہ تضحیک اَور تحقیر لایٔے گا،
کیونکہ اُس میں کافی گنجائش ہے۔
33اَپنی بہن سامریہؔ کے پیالہ میں سے پی کر،
جو ویرانی اَور تباہی کا پیالہ ہے،
تُو متوالے پن اَور غم سے بھر جائے گی۔
34تُو اُس میں سے پیئے گی اَور اُسے نچُوڑ کر خشک کر دے گی؛
پھر اُسے پٹک کر چُورچُور کر دے گی
اَور اَپنی چھاتِیاں نوچ لے گی۔
یہ مَیں نے فرمایاہے اَیسا یَاہوِہ قادر نے فرمایاہے۔
35”چنانچہ یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: چونکہ تُونے مُجھے فراموش کر دیا ہے اَور اَپنی پیٹھ کے پیچھے دھکیل دیا ہے اِس لیٔے تُجھے اَپنی شہوت پرستی اَور زناکاری کا نتیجہ بھگتنا پڑےگا۔“
36یَاہوِہ نے مُجھ سے فرمایا: ”اَے آدمؔ زاد، کیا تُو اوہولہؔ اَور اُوہولِبہؔ کا اِنصاف کرےگا؟ تو پھر اُنہیں اُن کی قابل نفرت حرکتیں جتا۔ 37کیونکہ اُنہُوں نے زناکاری کی ہے اَور اُن کے ہاتھ خُون آلُودہ ہیں۔ اُنہُوں نے اَپنے بُتوں کے ساتھ زنا کیا۔ اُنہُوں نے اَپنی اَولاد کو بھی جنہیں اُنہُوں نے میرے لیٔے جانا بُتوں کی نذر کیا تاکہ وہ اُن کے لیٔے غِذا بَن جایٔیں۔ 38اُنہُوں نے میرے ساتھ یہ بھی کیا: اِسی وقت اُنہُوں نے میرے پاک مَقدِس کو ناپاک کیا اَور میری سَبتوں کی بےحُرمتی کی۔ 39اِسی دِن اُنہُوں نے اَپنے بچّوں کو اَپنے بُتوں پر قُربان کیا اَور میرے پاک مَقدِس میں داخل ہوکر اُسے ناپاک کیا۔ اُنہُوں نے اَیسے کام میرے گھر کے اَندر کئے۔
40”اُنہُوں نے آدمیوں کے پاس قاصِد بھیجے اَور وہ دُور سے چلے آئے اَور جَب وہ پہُنچے تَب تُونے اُن کے لیٔے غُسل کیا، اَپنی آنکھوں میں کاجل لگایا اَور اَپنے گہنے پہن لیٔے۔ 41تُو ایک شاندار پلنگ پر بیٹھی جِس کے سامنے ایک چوکی تھی، جِس پر تُونے میرا بخُور اَور زَیتُون رکھا تھا۔
42”اُس کے اِردگرد ایک بے فکر ہُجوم کا شوروغل سُنایٔی دیتا تھا۔ اُس ہُجوم کے لوگوں کے علاوہ بیابان سے نشہ بازوں کو بھی لایا گیا جنہوں نے اُس عورت اَور اُس کی بہن کے ہاتھوں میں کنگن پہنائے اَور اُن کے سَروں پر خُوبصورت تاج رکھے۔ 43تَب میں اُس کے بارے میں جو زناکاری کرتے کرتے تھک چُکی تھی بول اُٹھا، ’اَب وہ اُسے فاحِشہ کے طور پر اِستعمال کریں کیونکہ وہ فاحِشہ ہی تو ہے۔‘ 44اَور وہ اُس کے پاس گیٔے جِس طرح مَرد فاحِشہ کے پاس جاتے ہیں اِسی طرح وہ اُن دو زناکار عورتوں، اوہولہؔ اَور اُوہولِبہؔ کے پاس گیٔے۔ 45لیکن راستباز لوگ اُنہیں وُہی سزا دیں گے جو اُن عورتوں کو دی جاتی ہے جو زناکاری کرتی ہیں اَور خُون بہاتی ہیں کیونکہ وہ زناکار ہیں اَور اُن کے ہاتھ خُون میں آلُودہ ہیں۔
46”یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں کچھ مجمع کو جمع کرکے اُن پر چڑھا لاؤ اَور اُنہیں اُن کے حوالہ کر دو تاکہ وہ خوفزدہ ہُوں اَور غارت ہو جایٔیں۔ 47وہ لوگ اُنہیں سنگسار کریں گے اَور اَپنی تلواروں سے اُنہیں کاٹ ڈالیں گے۔ وہ اُن کے بیٹوں اَور بیٹیوں کو قتل کر دیں گے اَور اُن کے مکانات جَلا ڈالیں گے۔
48”اِس طرح سے میں زناکاری کو مُلک سے مٹا دُوں گا تاکہ تمام عورتیں عِبرت حاصل کریں اَور تیری تقلید نہ کریں۔ 49تُو اَپنی زناکاری کی سزا بھگتے گی اَور اَپنے بُت پرستی کے گُناہوں کا بوجھ اُٹھائے گی۔ تَب تُو جان لے گی کہ یَاہوِہ قادر میں ہی ہُوں۔“

موجودہ انتخاب:

حزقی ایل 23: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in