خُروج 34
34
پتّھر کی نئی تختیاں
1یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، ”پہلی تختیوں کی مانند پتّھر کی دو تختیاں تراش اَور مَیں اُن پر وُہی الفاظ لِکھ دُوں گا جو اُن پہلی تختیوں پر جنہیں تُم نے توڑ ڈالا مرقوم تھے۔ 2اَور صُبح کو تیّار ہو جانا اَور پھر کوہِ سِینؔائی پر آجانا اَور وہاں پہاڑ کی چوٹی پر میرے سامنے حاضِر ہونا۔ 3تمہارے ساتھ کویٔی اَور نہ آئے اَور نہ ہی اُس پہاڑ پر کہیں دِکھائی دے اَور بھیڑ بکریاں اَور گائے بَیل بھی پہاڑ کے سامنے چرنے نہ پائیں۔“
4لہٰذا مَوشہ نے پہلی تختیوں کی مانند پتّھر کی دو تختیاں تراشیں اَور وہ صُبح سویرے کوہِ سِینؔائی پر چڑھا جَیسا کہ یَاہوِہ نے اُسے حُکم دیا تھا اَور وہ پتّھر کی دونوں تختیاں اَپنے ہاتھوں میں لیٔے ہویٔے تھا۔ 5تَب یَاہوِہ بادل میں ہوکر نیچے اُترے اَور وہاں اُس کے ساتھ کھڑے ہوکر اَپنے نام ”یَاہوِہ“ کا اعلان کیا۔ 6اَور وہ مَوشہ کے سامنے سے یہ اعلان کرتے ہُوئے گزرے، ”یَاہوِہ، جو یَاہوِہ، رحیم اَور مہربان خُدا، قہر کرنے میں دھیمے اَور شفقت اَور وفاداری میں غنی، 7ہزاروں پر رحم کرنے والے اَور سرکشی اَور گُناہ کے بخشنے والے۔ لیکن وہ مُجرم کو بے سزا نہیں چھوڑتے بَلکہ اَولاد کو آباؤاَجداد کے گُناہ کی سزا اُن کے بیٹوں اَور پوتوں کو تیسری اَور چوتھی پُشت تک دیتے ہیں۔“
8مَوشہ نے فوراً زمین تک جھُک کر سَجدہ کیا 9اَور کہا، ”اَے خُداوؔند! اگر مَیں آپ کا منظورِ نظر ہُوں تو اَے خُداوؔند، آپ ہمارے ساتھ ساتھ چلئے۔ اگرچہ یہ ایک ضِدّی قوم ہے تو بھی ہماری بدکاری اَور خطائیں مُعاف کر دیجئے اَور ہمیں بطور اَپنی مِیراث قبُول فرمائیں۔“
10تَب یَاہوِہ نے کہا: ”مَیں تمہارے ساتھ ایک عہد باندھ رہا ہُوں اَور تمہارے سَب لوگوں کے سامنے اَیسے عجائب کروں گا جو تمام دُنیا میں پہلے کبھی کسی بھی قوم میں نہیں کئے گیٔے۔ اَور وہ لوگ جِن کے درمیان تُم رہتے ہو دیکھیں گے کہ وہ کام جو مَیں یَاہوِہ تمہارے لیٔے کروں گا کتنا مُہیب ہے۔ 11آج جو حُکم مَیں تُمہیں دیتا ہُوں اُس کی تعمیل کرو اَور مَیں تمہارے سامنے سے امُوری، کنعانی، حِتّی، پَرزّی، حِوّی اَور یبُوسی قوموں کو تمہارے آگے سے نکال دُوں گا۔ 12خبردار! جِس مُلک میں تُم جا رہے ہو وہاں کے رہنے والوں کے ساتھ کویٔی عہد نہ کرنا ورنہ وہ تمہارے لیٔے پھندا بَن جایٔیں گے۔ 13تُم اُن کے مذبحوں کو ڈھا دینا اَور اُن کے مُقدّس سُتونوں کے ٹکڑے ٹکڑے کردینا اَور اُن کے اشیراہؔ#34:13 اشیراہؔ یعنی دیوی اشیراہؔ کی لکڑی کی علامتیں کے سُتونوں کو کاٹ ڈالنا۔ 14اَور کسی دُوسرے معبُود کی عبادت نہ کرنا کیونکہ یَاہوِہ جِس کا نام غیّور ہے وہ ایک غیّور خُدا ہیں۔
15”اُس مُلک کے باشِندوں کے ساتھ کویٔی عہد نہ کرنا کیونکہ جَب وہ اَپنے معبُودوں کی پیروی میں زناکار ٹھہریں اَور اُن کے لیٔے قُربانیاں کریں اَور تُمہیں دعوت دیں اَور تُم اُن کی قُربانیاں کھا لوگے۔ 16اَور جَب تُم اُن کی بیٹیوں میں سے بعض کو اَپنے بیٹوں سے شادی کر دوگے اَور اُن کی وہ بیٹیاں اَپنے معبُودوں کی پیروی میں زناکار ٹھہریں گی تو وہ تمہارے بیٹوں کو بھی اَپنے معبُودوں کی پیروی میں زناکاری کی راہ پر لے جائیں گی۔
17”تُم ڈھالے ہویٔے معبُود نہ بنانا۔
18”تُم بے خمیری روٹی کی عید منایا کرنا اَور جَیسے مَیں نے تُمہیں حُکم دیا سات دِن تک بے خمیری روٹی کھانا اَور یہ عید مُقرّرہ وقت پر ابیبؔ کے مہینے میں منایا کرنا کیونکہ اِسی مہینے میں تُم مِصر سے نکلے تھے۔
19”سَب پہلوٹھے میرے ہیں اَور اِن میں تمہارے چَوپایوں کے نر پہلوٹھے بھی شامل ہیں خواہ وہ گلّے کے بچھڑے ہُوں یا برّے۔ 20گدھے کے پہلے بچّہ کے فدیہ میں برّہ دیا جائے لیکن اگر تُم اُس کا فدیہ نہ دینا چاہو تو اُس کی گردن توڑ ڈالنا۔ اَپنے تمام پہلوٹھے بیٹوں کا فدیہ دینا۔
”اَور کویٔی بھی میرے سامنے خالی ہاتھ نہ آئے۔
21”تُم چھ دِن کام کاج کرنا لیکن ساتویں دِن آرام کرنا ہل چلانے اَور فصل کاٹنے کے موسم کے دَوران بھی ضروُر آرام کرنا۔
22”اَور گیہُوں کے پہلے پھل کے کاٹنے کے وقت ہفتوں کی عید اَور سال کے آخِر میں فصل جمع کرنے کی عید منانا۔ 23تمہارے تمام اِنسان سال میں تین بار یَاہوِہ قادر، اِسرائیل کے خُدا کے حُضُور حاضِر ہُوں۔ 24میں قوموں کو تمہارے سامنے سے نکال دُوں گا اَور تمہاری سرحدوں کو وسعت دُوں گا اَور جَب تُم ہر سال تین بار یَاہوِہ اَپنے خُدا کے حُضُور حاضِر ہونے کے لیٔے جاؤگے تو کویٔی بھی تمہاری زمین کا لالچ نہ کرےگا۔
25”اَور تُم مُجھے کسی قُربانی کا خُون کسی اَیسی چیز کے ساتھ نہ پیش کرنا جِس میں خمیر مِلا ہو اَور عیدِفسح کی قُربانی میں سے کچھ صُبح تک باقی نہ رکھنا۔
26”اَور تُم اَپنی زمین کے پہلے پھلوں میں سے بہترین پھل یَاہوِہ اَپنے خُدا کے گھر میں لانا۔
”تُم بکری کے بچّہ کو اُس کی ماں کے دُودھ میں نہ پکانا۔“
27پھر یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، ”تُم اِن باتوں کو لِکھ لینا کیونکہ اِن ہی باتوں کے مُطابق مَیں نے تمہارے ساتھ اَور اِسرائیل کے ساتھ ایک عہد باندھا ہے۔“ 28اَور مَوشہ چالیس دِن اَور چالیس رات بغیر کچھ کھائے پیئے وہیں یَاہوِہ کے ساتھ رہے اَور اُس نے اُن تختیوں پر عہد کی باتیں یعنی اُن دس اَحکام کو لِکھّا۔
مُوسیٰ کا نُورانی چہرہ
29جَب مَوشہ دونوں شہادت کی تختیاں اَپنے ہاتھوں میں لئے ہویٔے کوہِ سِینؔائی سے نیچے آئے تو وہ اِس بات سے بے خبر تھے کہ یَاہوِہ کے ساتھ باتیں کرنے کے باعث اُن کا چہرہ چمک رہاہے۔ 30اَور جَب اَہرونؔ اَور تمام بنی اِسرائیل نے مَوشہ کو دیکھا کہ اُن کا چہرہ چمک رہاہے تو وہ اُن کے نزدیک آنے سے ڈرے۔ 31لیکن مَوشہ نے اُنہیں بُلایا اَور اَہرونؔ اَور جماعت کے سَب سردار اُن کے پاس واپس آ گیٔے اَور اُنہُوں نے اُن سے باتیں کیں۔ 32بعد میں تمام بنی اِسرائیل نزدیک آ گیٔے اَور اُنہُوں نے وہ تمام اَحکام جو یَاہوِہ نے اُنہیں کوہِ سِینؔائی پر دیئے تھے اُنہیں بتائے۔
33اَور جَب مَوشہ اُن سے باتیں کرچکے تو اُنہُوں نے اَپنے چہرے پر نقاب ڈال لیا۔ 34لیکن جَب مَوشہ یَاہوِہ سے باتیں کرنے کے لیٔے اُن کی بارگاہ میں داخل ہوتے تو باہر نکلنے کے وقت تک نقاب کو اُتارے رہتے تھے اَورجو حُکم اُنہیں ملتا اُسے باہر آکر بنی اِسرائیل کو بتا دیتے 35اَور اِسرائیلی دیکھتے کہ اُن کا چہرہ چمک رہاہے۔ تَب مَوشہ اُس نقاب کو اَپنے چہرے پر ڈال لیتے اَور اُس وقت تک ڈالے رہتے جَب تک وہ یَاہوِہ سے باتیں کرنے کے لیٔے اَندر نہ جاتے۔
موجودہ انتخاب:
خُروج 34: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.