خُروج 35
35
سَبت کے طور طریقے
1مَوشہ نے بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کو جمع کیا اَور اُن سے کہا، ”وہ باتیں جنہیں کرنے کا یَاہوِہ نے تُمہیں حُکم دیا ہے یہ ہیں: 2چھ دِن کام کاج کیا جائے لیکن ساتواں دِن تمہارے لیٔے مُقدّس ہوگا یعنی یَاہوِہ کے آرام کا سَبت۔ اَورجو کویٔی اُس دِن کچھ کام کرے وہ مار ڈالا جائے۔ 3اَور سَبت کے دِن تُم اَپنی قِیام گاہوں میں کہیں بھی آگ نہ جَلانا۔“
مَسکن کے لیٔے سامان
4مَوشہ نے بنی اِسرائیل کی ساری جماعت سے کہا، ”جو حُکم یَاہوِہ نے دیا ہے وہ یہ ہے کہ 5تُم اُس میں سے جو تمہارے پاس ہے یَاہوِہ کے لیٔے نذر لایا کرو۔ اَور ہر ایک خُوشی سے یَاہوِہ کے لیٔے نذر:
”سونا، چاندی، کانسے؛
6نیلا، اَرغوانی، سُرخ رنگ کا کپڑا، نفیس کتان؛
بکری کی پشم؛
7اَور مینڈھوں کی سُرخ رنگی ہُوئی کھالیں، دریائی بچھڑوں کی کھالیں؛
اَور کیکر کی لکڑی؛
8اَور چراغ کے لیٔے زَیتُون کا تیل،
مَسح کا زَیتُون کا تیل اَور خُوشبودار بخُور کے لیٔے مَسالے؛
9افُود، سنگِ سُلیمانی اَور سینہ بند میں جڑنے کے لیٔے نگینے اَور دیگر جواہرات۔
10”اَور تمہارے درمیان وہ تمام جو تربّیت یافتہ کاریگر ہیں آئیں اَور وہ تمام چیزیں بنائیں جِن کا یَاہوِہ نے حُکم دیا ہے۔
11”یعنی مَسکن کے ساتھ خیمہ اَور اُس کا غلاف، اَور اُس کے تُکمے، تختے، بینڈے اَور اُس کے سُتون اَور پایٔے،
12صندُوق اَور اُس کی بَلّیاں، کفّارہ کا سرپوش اَور اُس کے اِردگرد کا پردہ؛
13میز اَور اُس کی بَلّیاں اَور اُس کے تمام ظروف اَور نذر کی روٹی؛
14اَور چراغدان جو رَوشنی کے لیٔے ہے اَور اُس کے تمام اجزا۔ چراغ اَور جَلانے کے لیٔے زَیتُون کا تیل؛
15بخُور جَلانے کا مذبح اَور اُس کی بَلّیاں۔ مَسح کرنے کا زَیتُون کا تیل اَور خُوشبودار بخُور۔
اَور مَسکن کے مدخل پر دروازہ کے لیٔے پردہ؛
16اَور سوختنی نذر کی قُربانی کا مذبح اَور اُس کا کانسے کا جنگلہ، اُس کی بَلّیاں اَور اُس کے تمام ظروف،
کانسے کا لگن اَور اُس کی چوکی؛
17صحن کے پردے اَور اُن کی بَلّیاں اَور پایٔے اَور صحن کے مدخل کے لیٔے پردہ؛
18مَسکن اَور صحن کے لیٔے میخیں اَور اُن کی رسّیاں؛
19اَور پاک مَقدِس میں خدمت اَنجام دینے کے لیٔے بُنے ہویٔے مُقدّس لباس، اَہرونؔ کاہِنؔ کے لیٔے اَور اُس کے بیٹوں کے لیٔے لباس جَب وہ بطور کاہِنؔ خدمت کریں۔“
20تَب بنی اِسرائیل کی ساری جماعت مَوشہ کے پاس سے رخصت ہو گئی 21اَور ہر کویٔی جِس کی نیّت نیک تھی اَور جِس کے دِل نے اُسے ترغِیب دی وہ آیا اَور خیمہ اِجتماع کے کام، وہاں کی پرستش اَور مُقدّس لباس کے لیٔے یَاہوِہ کے حُضُور نذر لایا۔ 22اَور مَرد اَور عورتیں سَب کے سَب خُوشی خُوشی آئے اَور سونے کے تمغے، سونے کی بالیاں، انگُشتریاں اَور آرائِش کی دیگر اَشیا لایٔے اَور اُن سَب نے ہلانے کی نذر کی قُربانی کے طور پر اَپنا سونا یَاہوِہ کو پیش کیا۔ 23اَور ہر ایک جِس کے پاس نیلے آسمانی رنگ کا، اَرغوانی رنگ کا یا سُرخ رنگ کا کپڑا یا نفیس کتان یا بکریوں کی پشم، مینڈھوں کی سُرخ رنگی ہُوئی کھالیں یا دریائی بچھڑوں کی کھالیں تھیں لے آیا۔ 24اَور وہ جنہوں نے چاہا کہ چاندی یا کانسے کی نذر پیش کریں وہ اُسے یَاہوِہ کے لیٔے نذر کے طور پر لایٔے اَور جِس کے پاس کسی حِصّہ میں کام آنے والی کیکر کی لکڑی تھی وہ اُسی کو لے آیا۔ 25اَور ہُنرمند عورتوں نے نیلے آسمانی، اَرغوانی اَور سُرخ رنگ کا کپڑا یا نفیس کتان جو اُنہُوں نے اَپنے ہاتھوں سے کاتا اَور بُنا تھا لاکر دیا۔ 26اَورجو عورتیں سمجھدار اَور ہُنرمند تھیں اُنہُوں نے بکریوں کی پشم کاتی۔ 27اَورجو سردار تھے وہ افُود اَور سینہ بند کے لیٔے سنگِ سُلیمانی اَور نگینے لایٔے 28اَور وہ جَلانے کے لیٔے، مَسح کرنے کے لیٔے اَور خُوشبودار بخُور کے لیٔے مَسالے اَور زَیتُون کا تیل بھی لایٔے۔ 29اَور یُوں تمام بنی اِسرائیل مَرد اَور عورتیں اَپنی ہی خُوشی سے یَاہوِہ کے حُضُور اُس تمام کام کے لیٔے رضا کی قُربانی کے نذرانے لایٔے جسے کرنے کا یَاہوِہ نے اُنہیں مَوشہ کی مَعرفت حُکم دیا تھا۔
بصل ایل اَور اُہلیابؔ
30اَور پھر مَوشہ نے بنی اِسرائیل سے فرمایا، ”دیکھو، یَاہوِہ نے بصل ایل بِن اوری بِن حُورؔ کو چُنا جو بنی یہُوداہؔ کے قبیلہ میں سے ہے۔ 31اَور اُس نے اُسے خُدا کی رُوح سے معموُر کیا ہے اَور اُسے فہم اَور حِکمت اَور ہر قِسم کی دستکاری کا علم بخشا ہے 32تاکہ وہ سونے چاندی اَور کانسے سے خُوبصورت نقش و نگار والی چیزیں بنائے 33اَور جواہرات کو تراشے اَور جڑے اَور لکڑی کو تراشے اَور ایک ماہر کاریگر ثابت ہو۔ 34اَور یَاہوِہ نے اُسے اَور دانؔ کے قبیلہ سے اُہلیابؔ بِن احیسمکؔ دونوں کو دُوسروں کو ہُنر سِکھانے کی قابلیّت بخشی ہے۔ 35اَور یَاہوِہ نے اُنہیں بطور دستکار، صنعت کار اَور نیلے، اَرغوانی اَور سُرخ رنگ کے کپڑے اَور مہین کتان پر کشیدہ کاری کرنے اَور جولاہے کا کام کرنے کی مہارت بخشی ہے تاکہ وہ ماہر دستکار اَور صنعت کار بنیں۔
موجودہ انتخاب:
خُروج 35: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.