خُروج 30
30
بخُور جَلانے کا مذبح
1”اَور تُم بخُور جَلانے کے لیٔے کیکر کی لکڑی کا ایک مذبح بنانا۔ 2اَور وہ چوکور ہو یعنی ایک ہاتھ لمبا#30:2 ایک ہاتھ لمبا پینتالیس سینٹی مِیٹر اَور ایک ہاتھ چوڑا#30:2 چوڑا پینتالیس سینٹی مِیٹر اَور دو ہاتھ اُونچا#30:2 اُونچا نوّے سینٹی مِیٹر ہو اَور اُس کے سینگ ایک ہی ٹکڑے سے بنائے جایٔیں۔ 3اَور تُم اُس کی اُوپر کی سطح اَور تمام اطراف اَور اُس کے سینگوں کو خالص سونے سے منڈھنا اَور اُس کے اِردگرد سونے کا ایک کلس بنانا۔ 4اَور تُم اُس کلس کے نیچے اُس کے دونوں پہلوؤں میں مذبح کے لیٔے سونے کے دو حلقے بنانا جو اُسے اُٹھانے کی بَلّیوں کو تھامے رکھیں۔ 5اَور تُم وہ بَلّیاں کیکر کی لکڑی سے بنانا اَور اُنہیں سونے سے منڈھنا۔ 6اَور تُم مذبح کو اُس پردہ کے آگے رکھنا جو عہد کے صندُوق کے صندُوق کے سامنے ہے یعنی کفّارہ کے سرپوش کے سامنے جو شہادت کے صندُوق کے اُوپر ہے جہاں میں تُمہیں مِلا کروں گا۔
7”اَور ہر صُبح جَب اَہرونؔ چراغوں کو ٹھیک کرے تو مذبح پر خُوشبو اَور بخُور ضروُر جَلایا کرے۔ 8اَور اَہرونؔ جَب شام کے جھٹپٹے میں چراغوں کو رَوشن کرے تَب بھی بخُور جَلائے۔ یہ بخُور یَاہوِہ کے آگے نَسل در نَسل مُتواتر جَلایا جائے گا۔ 9اِس مذبح پر کویٔی اَور بخُور یا کویٔی سوختنی نذر یا اناج کی نذر نہ کویٔی انگوری شِیرے کی نذر گزرانا جائے۔ 10اَور سال میں ایک بار اَہرونؔ اُس کے سینگوں پر کفّارہ دیا کرے۔ یہ سالانہ کفّارہ گُناہ کی قُربانی کے خُون سے نَسل در نَسل دیا جائے۔ یہ یَاہوِہ کے لیٔے سَب سے زِیادہ پاک ہے۔“
کفّارہ کی رقم
11پھر یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، 12”تُم بنی اِسرائیل کی تعداد مَعلُوم کرنے کے لیٔے اُن کی مردُم شماری کرو تو ہر ایک جَب وہ شُمار کیا جائے یَاہوِہ کو اَپنی جان کا فدیہ اَدا کرے۔ تَب مردُم شماری کے وقت اُن پر کویٔی وَبا نازل نہ ہوگی۔ 13ہر اِنسان جِس کی گِنتی ہو چُکے وہ پاک مَقدِس کے ثاقل کے حِساب سے نیم ثاقل#30:13 نیم ثاقل تقریباً چھ گرام دے۔ یہ نیم ثاقل یَاہوِہ کے لیٔے نذر ہے۔ 14بیس بَرس یا اُس سے زِیادہ عمر کے وہ سَب جِن کی گِنتی ہو جائے یَاہوِہ کو نذر دیں۔ 15اَور جَب تُم اَپنی جانوں کے کفّارہ کے لیٔے یَاہوِہ کو نذر دو تو دولتمند نیم ثاقل سے زِیادہ اَور غریب اُس سے کم نہ دے۔ 16اَور تُم بنی اِسرائیل سے کفّارہ کی نقدی لے کر اُسے خیمہ اِجتماع کے کاموں کے لیٔے خرچ کرنا۔ یہ یَاہوِہ کے حُضُور میں تمہاری جانوں کا کفّارہ اَور بنی اِسرائیل کے لیٔے ایک یادگار ہوگا۔“
طہارت کے لیٔے لگن
17پھر یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، 18”طہارت کے لیٔے کانسے کا ایک لگن بنانا لگن کی چوکی بھی کانسے کی ہو، اَور اُسے خیمہ اِجتماع کے دروازہ اَور مذبح کے درمیان رکھ کر اُس میں پانی بھر دینا 19تاکہ اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹے اُس کے پانی سے اَپنے ہاتھ پاؤں دھویا کریں۔ 20جَب بھی وہ خیمہ اِجتماع میں داخل ہُوں تو پانی سے خُود کو پاک صَاف کریں تاکہ وہ مَر نہ جایٔیں۔ نیز جَب وہ سوختنی نذر کی خدمت اَنجام دینے کے لیٔے یَاہوِہ کے غِذا کے مذبح کے پاس آئیں 21تو وہ اَپنے ہاتھ اَور پاؤں دھوکر آئیں تاکہ وہ مَر نہ جایٔیں۔ یہ دستور دائمی فرمان سمجھ کر اَہرونؔ اَور اُس کی نَسل کے لیٔے نَسل در نَسل قائِم رہے گا۔“
مَسح کرنے کا زَیتُون کا تیل
22پھر یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، 23”مَقدِس کے ثاقل کے حِساب سے یہ خُوشبودار مَسالے لینا: پانچ سَو ثاقل#30:23 پانچ سَو ثاقل تقریباً چھ کِلو آبِ مُر۔ اُس کا آدھا یعنی ڈھائی سَو ثاقل دارچینی اَور خُوشبودار اگر ڈھائی سَو ثاقل 24اَور پانچ سَو ثاقل تج اَور پاک مَقدِس کے حِساب سے زَیتُون کا تیل ایک ہین#30:24 ایک ہین تقریباً چار لیٹر 25اَور تُم اُن سے مَسح کرنے کا پاک زَیتُون کا تیل بنانا یعنی اُنہیں ایک عطر ساز کی کاریگری کے مُطابق مِلا کر ایک خُوشبودار روغن تیّار کرنا۔ اَور یہ مَسح کرنے کا پاک تیل ہوگا۔ 26اَور پھر اِسی تیل سے خیمہ اِجتماع، عہد کے صندُوق، 27میز اَور اُس کے تمام ظروف، بخُور کا مذبح بنانا، 28سوختنی نذر کی قُربانی کا مذبح اَور اُس کے تمام ظروف، لگن اَور اُس کی چوکی کو مَسح کرنے کے لیٔے یہ تیل اِستعمال کرنا۔ 29اَور تُم اُن کو پاک کرنا تاکہ وہ خُوب پاک ہو جایٔیں اَورجو کچھ بھی اُن سے چھُو جائے گا پاک ٹھہرے گا۔
30”اَور تُم اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹوں کو مَسح کرنا اَور اُن کو پاک کرنا تاکہ وہ بطور کاہِنؔ میری خدمت اَنجام دیں۔ 31اَور تُم بنی اِسرائیل سے کہہ دینا، ’یہ زَیتُون کا تیل تمہاری آنے والی نَسلوں کے لیٔے میرا مَسح کرنے والا مُقدّس تیل ہوگا۔ 32اَور اِسے کسی اَور اِنسان کے جِسم پر مت لگانا اَور نہ ہی اِس ترکیب سے کویٔی اَور زَیتُون کا تیل بنانا کیونکہ یہ مُقدّس ہے اَور تمہارے نزدیک بھی مُقدّس ٹھہرے گا۔ 33جو کویٔی اِس طرح کا عطر بنائے گا اَورجو کویٔی اُسے کاہِنؔ کے علاوہ کسی اَور پر لگائے گا اُس کا اَپنی قوم سے خارج کیاجانا لازمی ہوگا۔‘ “
بخُور
34پھر یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، ”تُم خُوشبودار مَسالے یعنی مُر، مصطکی اَور لَون اَور اُن کے ساتھ لوبان، سَب وزن میں برابر برابر لینا، 35اَور اُن سے عِطرساز کی کاریگری کے مُطابق بخُور کا ایک خُوشبودار مرکّب بنانا۔ اُس میں نمک مِلانا اَور وہ صَاف اَور پاک ہو۔ 36اَور اُس میں سے کچھ مہین پیس کر خیمہ اِجتماع میں عہد کے صندُوق کے سامنے جہاں مَیں تُجھ سے مِلا کروں گا رکھنا۔ یہ تمہارے لیٔے نہایت ہی پاک ٹھہرے۔ 37اَور تُم اِس ترکیب سے اَپنے لیٔے کویٔی بخُور نہ بنانا، اِسے یَاہوِہ کے لیٔے پاک سمجھنا۔ 38جو کویٔی اَپنے سونگھنے کے لیٔے اِس کی مانند کویٔی بخُور بنائے گا اُس کا اَپنی قوم سے خارج کیاجانا لازمی ہوگا۔“
موجودہ انتخاب:
خُروج 30: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.