ایسترؔ 3
3
ہامانؔ کی یہُودیوں کو قتل کرنے کی سازش
1اِن واقعات کے بادشاہ احسویروسؔ نے ہامانؔ بِن ہمّداتھاؔ اگاگی کو ترقّی دے کر اَپنے تمام اُمرا و وُزراء میں سَب سے اعلیٰ نشست عطا کی۔ 2شاہی فرمان کے مُطابق تمام شاہی مُلازمین جو محل کے دروازہ پر مامُور تھے ہامانؔ کے سامنے سَجدہ ریز ہوکر اُسے آداب بجا لاتے تھے لیکن مردکیؔ نہ تو اُس کے سامنے جھُکتا تھا اَور نہ ہی کھڑے ہوکر اُس کی تعظیم کرتا تھا۔
3تَب اُن شاہی مُلازمین نے جو محل کے دروازہ پر مامُور تھے مردکیؔ سے پُوچھا کہ، ”تُو بادشاہ کے حُکم پر عَمل کیوں نہیں کرتا؟“ 4وہ ہر روز اُسے بادشاہ کے حُکم پر عَمل کرنے کے لیٔے کہتے تھے لیکن وہ اُسے ماننے سے اِنکار کر دیتا تھا۔ لہٰذا اُنہُوں نے ہامانؔ کو خبر دی۔ دراصل وہ یہ دیکھنا چاہتے تھے کہ آیا مردکیؔ کے اِس رویّہ کو برداشت کرتا ہے یا نہیں کیونکہ مردکیؔ نے اُنہیں بتا دیا تھا کہ وہ یہُودی ہے۔
5جَب ہامانؔ نے دیکھا کہ مردکیؔ نہ تو اُس کے سامنے جھُکتا ہے نہ ہی اُس کی تعظیم کرتا ہے تو وہ غُصّہ سے بھر گیا۔ 6اُسے یہ بات تو مَعلُوم ہو گئی تھی کہ مردکیؔ یہُودی ہے اِس لیٔے ہامانؔ نے صِرف مردکیؔ کو ٹھکانے لگانا کسرِ شان سمجھا اَور اِرادہ کیا کہ مردکیؔ کے تمام ہم قوم لوگوں یعنی یہُودیوں کو ہلاک کر دیا جائے جو احسویروسؔ کی مملکت میں جابجا مُقیم تھے۔
7شاہِ احسویروسؔ کی حُکومت کے بارہویں سال کے پہلے مہینے یعنی نیسانؔ میں ہامانؔ کی مَوجُودگی میں پُور یعنی قُرعہ ڈالا گیا تاکہ یہُودیوں کے قتل کا کویٔی مہینہ اَور دِن مُقرّر کیا جائے۔ قُرعہ میں بارہویں مہینے یعنی آدارؔ مہینہ نِکلا۔
8تَب ہامانؔ نے شاہ احسویروسؔ سے عرض کیا کہ، ”بادشاہ کی مملکت کے تمام صوبوں میں رعایا میں بعض اَیسے لوگ بھی پھیلے ہُوئے ہیں جِن کے رسم و رِواج دُوسروں سے مُختلف ہیں اَورجو بادشاہ کے قوانین پر بھی عَمل نہیں کرتے۔ اَیسے لوگوں کی اِس حرکت کو برداشت کئے جانا بادشاہ کے لیٔے خطرناک ثابت ہو سَکتا ہے۔ 9اگر بادشاہ سلامت پسند فرمائیں تو اِن لوگوں کے ہلاک کئے جانے کا فرمان جاری کیا جائے اَور مَیں چاندی کے دس ہزار تالنت#3:9 تالنت تین ہزار چار سو کِلو شاہی خزانہ میں جمع کراؤں گا تاکہ وہ اُس کام پر خرچ کئے جایٔیں۔“
10بادشاہ نے اَپنی اُنگلی سے شاہی مُہر والی انگُوٹھی اُتار کر یہُودیوں کے دُشمن ہامانؔ بِن ہمّداتھاؔ اگاگی کے سُپرد کر دی اَور 11بادشاہ نے ہامانؔ سے کہا، ”تُو اَپنی رقم اَپنے ہی پاس رکھ اَور اُن لوگوں سے جَیسا تُو مُناسب سمجھے وُہی کر۔“
12تَب پہلے مہینے کی تیرہویں تاریخ کو شاہی محرِّر بُلائے گیٔے اَور ہامانؔ کے کہنے کے مُطابق ہر صُوبہ کی زبان اَور رسم الخط میں ہر قوم کے لوگوں کے لیٔے اَحکام تحریر کروائے گیٔے اَور بادشاہ کے سَب صُوبہ داروں، حاکموں اَور مُختلف اَقوام کے سرداروں کو بھجوائے گیٔے۔ یہ اَحکام بادشاہ احسویروسؔ کے نام سے لکھے گیٔے تھے اَور اُن پر انگُوٹھی سے شاہی مُہر لگا دی گئی تھی۔ 13یہ فرمان ہرکاروں کے ذریعہ بادشاہ کے تمام صوبوں میں بھیجے گیٔے۔ اُن میں تحریر تھا کہ یہُودی قوم کے تمام ضعیفوں، جَوانوں، عورتوں اَور بچّوں کو بارہویں مہینے یعنی آدارؔ کی تیرہویں تاریخ کو ایک ہی دِن میں موت کے گھاٹ اُتار دیا جائے اَور اُن کا مال و اَسباب لُوٹ لیا جائے۔ 14اِس فرمان کی ایک ایک نقل تمام صوبوں میں بھیج کر بطور قانُون شائع کی جائے اَور ہر قوم کے لوگوں کے علم میں لائی جائے تاکہ وہ اُس دِن کے لیٔے تیّار رہیں۔
15ہرکارے اِس شاہی فرمان کو لے کر تیزی سے روانہ ہو گئے اَور شُوشنؔ کے قلعہ میں بھی اِس فرمان کو مُشتہر کر دیا گیا۔ شُوشنؔ کے سارے شہر میں افراتفری پھیلی ہُوئی تھی لیکن بادشاہ اَور ہامانؔ بیٹھے ہُوئے شراب نوشی میں مشغُول تھے۔
موجودہ انتخاب:
ایسترؔ 3: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.