واعظ 10
10
1جِس طرح مُردہ مکھّیاں عطر کو بدبودار کردیتی ہیں،
اُسی طرح تھوڑی سِی حماقت، حِکمت اَور عزّت کو بِگاڑ دیتی ہے۔
2دانشمند کا دِل اُس کی داہنی طرف ہے،
لیکن احمق کا دِل بائیں طرف۔
3جَب احمق راہ چلتا ہے،
تو وہ عقل سے محروم ہو جاتا ہے
اَور وہ سَب پر ظاہر کر دیتاہے کہ وہ کتنا احمق ہے۔
4اگر کسی حاکم کو تُم پر غُصّہ آئے،
تو تُم اَپنی جگہ نہ چھوڑنا؛
کیونکہ برداشت بڑے بڑے گُناہوں کو دبا دیتی ہے۔
5ایک خرابی ہے جو مَیں نے دُنیا میں دیکھی ہے،
وہ اَیسی خطا ہے جو حاکم سے سرزد ہوتی ہے:
6احمق بہت سے اعلیٰ عہدوں پر لگا دیئے جاتے ہیں،
جَب کہ دولتمند ادنیٰ مراتب پر فائز ہوتے ہیں۔
7مَیں نے غُلاموں کو گھوڑوں پر سوار دیکھاہے،
جَب کہ اُمرا غُلاموں کی مانند پیدل جاتے ہیں۔
8جو کویٔی گڑھا کھودتا ہے وہ اُس میں گِر بھی سَکتا ہے؛
اَورجو کویٔی دیوار توڑتا ہے اُسے سانپ ڈس سَکتا ہے۔
9کان سے پتّھر نکالنے والا، اُن سے چوٹ کھا سَکتا ہے؛
اَور شہتیروں کو چیرنے والا اُن سے خطرے میں پڑ سَکتا ہے۔
10اگر کُلہاڑا کُند ہے
اَور اُس کی دھار تیز نہیں،
تو زِیادہ زور لگانے کی ضروُرت پڑتی ہے
لیکن ہُنرمندی کامیابی دِلاتی ہے۔
11اگر سانپ سدھارے جانے سے پیشتر ہی سپیرے کو کاٹ لے،
تو سپیرے کو کچھ فائدہ نہ ہوگا۔
12دانشمند کے مُنہ کی باتیں ایک نِعمت ہیں،
لیکن احمق کے اَپنے ہونٹ اُسے جَلا دیتے ہیں۔
13شروع میں تو اُس کی باتیں محض احمقانہ ہوتی ہیں؛
اَور آخِر میں وہ بڑی دیوانگی کی حَد تک پہُنچ جاتی ہیں۔
14اَور احمق بہت باتیں بناتا ہے۔
کویٔی اِنسان نہیں جانتا کہ آگے کیا ہونے والا ہے۔
کون اُسے بتا سَکتا ہے کہ اُس کے بعد کیا ہوگا؟
15احمق کی محنت اُسے تھکا دیتی ہے؛
وہ شہر کو جانے کا راستہ بھی نہیں جانتا۔
16اَے مُلک تُجھ پر افسوس اگر تیرا بادشاہ نابالغ ہو
اَور جِس کے اُمرا صُبح اُٹھتے ہی ضیافتیں کھانے لگیں۔
17مُبارک ہے تُو اَے مُلک جِس کا بادشاہ عالی نَسب ہے
اَور جِس کے اُمرا مُناسب وقت پر
توانائی کے لیٔے کھانا کھاتے ہیں، بدمست ہونے کے لیٔے نہیں۔
18اگر کویٔی آدمی کاہل ہے تو چھت کی کڑیاں جھُک جاتی ہیں؛
اگر اُس کے ہاتھ ڈھیلے ہُوں تو مکان ٹپکتا ہے۔
19ضیافت ہنسنے کے لیٔے کی جاتی ہے،
اَور مَے جان کو خُوش کرتی ہے،
لیکن دولت سے سَب مقصد پُورے ہو جاتے ہیں۔
20تُم اَپنے دِل میں بھی بادشاہ کو ملعُون نہ کہنا،
اَور اَپنی خواب گاہ میں بھی مالدار پر لعنت نہ کرنا،
کیونکہ کویٔی ہَوا کی چڑیا تمہاری بات کو لے اُڑے گی،
اَور کویٔی اُڑتا پرندہ تمہاری بات کو کھول دے گا۔
موجودہ انتخاب:
واعظ 10: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.