اِستِثنا 8
8
یَاہوِہ کو فراموش نہ کرنا
1وہ سبھی اَحکام، جو آج مَیں تُمہیں دے رہا ہُوں، تُم اُن پر نہایت احتیاط کے ساتھ عَمل کرنا تاکہ تُم زندہ رہ سکو اَور شُمار میں بڑھتے جاؤ، اَور جا کر اُس مُلک پر قبضہ کر لو، جسے دینے کا وعدہ یَاہوِہ نے تمہارے آباؤاَجداد سے قَسم کھا کر کیا تھا۔ 2اَور یاد رکھو کہ اُن چالیس سالوں مَیں یَاہوِہ تمہارے خُدا نے بیابان کی راہوں میں کِس طرح تمہاری رہنمائی کی تاکہ وہ تُمہیں حلیم بنا سکے، وہ تُمہیں آزماتے رہے تاکہ تمہارے دِل کی بات دریافت کر سکیں کہ تُم اُن کے اَحکام پر عَمل کروگے یا نہیں۔ 3یَاہوِہ نے تُمہیں حلیم کیا اَور بھُوکا بھی رہنے دیا اَور پھر تُمہیں منّا کھِلایا جِس سے نہ تُم اَور نہ تمہارے آباؤاَجداد واقف تھے تاکہ تُمہیں یہ سِکھائے کہ اِنسان صِرف روٹی ہی سے نہیں لیکن یَاہوِہ کے مُنہ سے نکلنے والے ہر کلام سے زندہ رہتاہے۔ 4اُن چالیس سالوں میں نہ تو تمہارے جِسم کے کپڑے پھٹے اَور نہ تمہارے پاؤں میں کبھی سُوجن آئی۔ 5لہٰذا اَپنے دِل میں یہ حقیقت اَچھّی طرح سے بیٹھا لو کہ جِس طرح ایک باپ اَپنے بیٹے کو تنبیہ کرتا ہے اُسی طرح یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں تنبیہ کرتے ہیں۔
6اِس لیٔے تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کے اَحکام پر عَمل کرتے ہویٔے اُن کی راہوں پر چلتے ہویٔے اُن کا خوف ماننا۔ 7کیونکہ یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں ایک بہترین مُلک میں لے جا رہے ہیں جو قُدرتی نالوں اَور پانی کے دریاؤں اَور گہرے چشموں کا مُلک ہے جو وادیوں اَور پہاڑوں میں سے پھوٹ کر نکلتے ہیں۔ 8اِس مُلک میں گندُم، جَو، انگور، اَنجیر، انار، زَیتُون کا تیل اَور شہد بھی ہیں؛ 9ایک اَیسا مُلک جہاں روٹی کی قِلّت نہ ہوگی اَور تُم کسی چیز کے مُحتاج نہ ہوگے۔ وہ ایک اَیسا مُلک ہے جِس کی چٹّانوں میں لوح کے ذخیرے ہیں اَور وہاں کے پہاڑوں میں سے تُم تانبا کھود کر نکال سکوگے۔
10جَب تُم کھا کر سَیر ہو جاؤ تو یَاہوِہ اَپنے خُدا کی تمجید کرنا کہ اُنہُوں نے تُمہیں بہترین مُلک عنایت کیا ہے۔ 11لہٰذا خبردار رہو کہیں اَیسا نہ ہو کہ یَاہوِہ اَپنے خُدا کو اَور اُن کے اَحکام، آئین اَور قوانین کو فراموش کر دو، جو آج مَیں تُمہیں دے رہا ہُوں۔ 12اَیسا نہ ہو کہ جَب تُم کھا کر سَیر ہو جاؤ اَور بہترین مکانات تعمیر کرکے اُن میں رہنے لگو، 13اَور جَب تمہارے مویشی اَور بھیڑ بکریوں کی تعداد زِیادہ ہو جائے اَور تمہارے پاس چاندی اَور سونے کی مقدار بڑھ جائے اَور تمہاری دولت میں اِضافہ ہو جائے، 14تَب تمہارے دِلوں میں غُرور کا آنا لازمی ہوگا اَور تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کو فراموش کر دوگے جو تُمہیں مِصر سے یعنی اُس غُلامی کی زندگی سے نکال لایٔے ہیں۔ 15اُنہُوں نے اُس وسیع اَور خوفناک بیابان میں سے تمہاری رہنمائی کی، جو ایک خشک اَور بے آب مُلک تھا جِس میں زہریلے سانپ اَور بِچھُّو تھے۔ وہاں یَاہوِہ نے تمہارے لیٔے ایک پتھریلی چٹّان میں سے پانی نکالا۔ 16یَاہوِہ نے بیابان میں تُمہیں کھانے کو منّا دیا جِس سے تمہارے آباؤاَجداد ناواقِف تھے تاکہ یَاہوِہ تُمہیں حلیم کرکے آزمائیں تاکہ آخِر میں تمہاری ہی خیر ہو۔ 17کہیں اَیسا نہ ہو کہ تُم اَپنے دِل میں یہ کہنے لگو، ”میری ہی طاقت اَور ہاتھوں کے زور سے مُجھے یہ دولت نصیب ہُوئی ہے۔“ 18لیکن تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کو فراموش مت کرنا کیونکہ وُہی تُمہیں دولت حاصل کرنے کی قُوّت دیتے ہیں تاکہ اَپنے اُس عہد کو قائِم رکھّیں جِس کی اُنہُوں نے تمہارے آباؤاَجداد سے قَسم کھائی تھی، جَیسا کہ آج کے دِن تمہارے سامنے ظاہر ہے۔
19اگر تُم کبھی بھی یَاہوِہ اَپنے خُدا کو فراموش کر دو اَور غَیر معبُودوں کی پیروی کرنے لگو اَور اُن کی عبادت میں مشغُول ہو جاؤ اَور اُن کے آگے سَجدہ کرو، تو میں آج تمہارے خِلاف گواہی دیتا ہُوں کہ تُم یقیناً تباہ ہو جاؤگے۔ 20جِس طرح یَاہوِہ نے دُوسری قوموں کو تمہارے سامنے کھدیڑ کر نِیست و نابود کر دیا تھا ٹھیک اُسی طرح تُم بھی یَاہوِہ اَپنے خُدا کی اِطاعت نہ کرنے کی وجہ سے ہلاک کر دیئے جاؤگے۔
موجودہ انتخاب:
اِستِثنا 8: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.