اِستِثنا 5
5
دس اَحکام
1مَوشہ نے سَب اِسرائیلیوں کو بُلوا کر اُن سے فرمایا:
اَے اِسرائیلیوں! جِن قوانین اَور آئین کو آج مَیں تُمہیں سُناتا ہُوں اُنہیں سُن لو۔ اُنہیں سیکھو اَور اُن پر ضروُر عَمل کرنا۔ 2کوہِ حورِبؔ پر یَاہوِہ ہمارے خُدا نے ہمارے ساتھ ایک عہد باندھا تھا۔ 3یہ عہد یَاہوِہ نے ہمارے آباؤاَجداد سے نہیں بَلکہ خُود ہم سَب سے باندھا تھا جو آج تک یہاں زندہ ہیں۔ 4یَاہوِہ نے اُس پہاڑ پر آگ میں سے تُم سے رُوبرو باتیں کی تھیں۔ 5(اُس وقت مَیں یَاہوِہ اَور تمہارے درمیان تُمہیں یَاہوِہ کا کلام سُنانے کے لیٔے کھڑا ہُوا تھا کیونکہ تُم آگ سے ڈر گیٔے تھے اَور پہاڑ کے اُوپر نہیں جانا چاہتے تھے)۔
اَور یَاہوِہ نے فرمایا:
6یَاہوِہ تمہارا خُدا، جو تُمہیں مُلک مِصر کی غُلامی سے نکال لایا میں ہُوں۔
7”میرے حُضُور تُم غَیر معبُودوں کو نہ ماَننا۔
8تُم کسی بھی شَے کی صورت پر خواہ وہ اُوپر آسمان میں یا نیچے زمین پر یا نیچے پانیِوں میں ہو کویٔی بُت نہ بنانا۔ 9تُم اُن کے آگے سَجدہ نہ کرنا اَور نہ ہی اُن کی عبادت کرنا کیونکہ مَیں یَاہوِہ تمہارا خُدا غیّور خُدا ہُوں اَورجو مُجھ سے عداوت رکھتے ہیں مَیں اُن کی اَولاد کو تیسری اَور چوتھی پُشت تک اُن کے آباؤاَجداد کی بدکاری کی سزا دیتا ہُوں۔ 10لیکن ہزاروں پُشتیں جو مُجھ سے مَحَبّت رکھتی ہیں اَور میرے حُکموں کو مانتی ہیں میں اُن سے مَحَبّت رکھتا ہُوں۔
11تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کا نام بے مقصد نہ لینا کیونکہ جو کویٔی اُن کا نام بے مقصد لے گا، یَاہوِہ اُسے بے سزا نہیں چھوڑیں گے۔
12تُم سَبت کے دِن کو پاک ماننا، جَیسا کہ یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تُمہیں حُکم دیا ہے۔ 13چھ دِن تک تُم محنت سے اَپنا سارا کام کاج کرنا۔ 14لیکن ساتواں دِن یَاہوِہ تمہارے خُدا کا سَبت ہے۔ اُس دِن نہ تُم کویٔی کام کرنا، نہ تمہارا بیٹا یا بیٹی نہ تمہارا غُلام یا خادِمائیں نہ تمہارے چَوپائے نہ تمہارا بَیل، نہ گدھا اَور نہ کویٔی پردیسی جو تمہارے پھاٹکوں کے اَندر رہتا ہو، تاکہ تمہارے خادِم اَور خادِمائیں تمہاری طرح آرام کریں۔ 15یاد رکھو کہ تُم مِصر میں غُلام تھے اَور یَاہوِہ تمہارے خُدا وہاں سے تُمہیں اَپنے قوی ہاتھ سے اَور اَپنے بازو بڑھا کر نکال لائے۔ اِس لیٔے یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تُمہیں سَبت کا دِن ماننے کا حُکم دیا ہے۔
16اَپنے باپ اَور اَپنی ماں کی عزّت کرنا جَیسا کہ یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تُمہیں حُکم دیا ہے تاکہ تمہاری عمر دراز ہو اَورجو مُلک یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں دے رہے ہیں اُس میں تمہاری خیر ہو۔
17تُم اِنسان کا خُون نہ کرنا۔
18تُم زنا نہ کرنا۔
19تُم چوری نہ کرنا۔
20تُم اَپنے پڑوسی کے خِلاف جھُوٹی گواہی نہ دینا۔
21تُم اَپنے پڑوسی کی بیوی کا لالچ نہ کرنا اَور نہ تُم اَپنے پڑوسی کے گھر یا کھیت، نہ اُس کے غُلام یا اُس کی خادِمہ کا، اُس کے بَیل یا گدھے کا اَور نہ اَپنے پڑوسی کی کسی اَور چیز کا۔“
22یہی وہ اَحکام ہیں جِن کا یَاہوِہ نے اُس پہاڑ پر آگ، بادل اَور گہری تاریکی میں سے بُلند آواز سے تُم سبھی سے یعنی تمہاری ساری جماعت سے فرمایا تھا، اَور اِس سے زِیادہ اَور کچھ نہ کہا۔ پھر اُنہُوں نے اُنہیں پتّھر کی دو تختیوں پر لِکھ کر اُنہیں مُجھے دے دیا۔
23اَور پھر جَب تُم نے اُس تاریکی میں سے وہ آواز سُنی، جَب وہ پہاڑ آگ سے دہک رہاتھا، تَب تُم سبھی اَپنے قبیلوں کے سَب سربراہ اَور بُزرگ میرے پاس آئے، 24اَور تُم نے مُجھ سے فریاد کی، ”یَاہوِہ ہمارے خُدا نے اَپنا جلال اَور اَپنی عظمت ہمیں دِکھائی ہے، اَور ہم نے اُن کی آواز آگ میں سے آتی ہُوئی سُنی ہے۔ آج ہم نے رُوبرو دیکھ لیا ہے کہ خُدا اِنسان سے باتیں کرتے ہیں تو بھی اِنسان زندہ رہتے ہیں۔ 25لیکن اَب ہم کیوں مَریں؟ کیونکہ بڑی ہولناک آگ ہمیں بھسم کر دے گی۔ اَور اگر ہمیں یَاہوِہ اَپنے خُدا کی آواز پھر سُننا پڑ جایٔے تَب تو ہم ضروُر فنا ہو جایٔیں گے۔ 26کیونکہ کیا یہ کبھی سُنا بھی گیا ہے کہ کِس فانی اِنسان نے ہماری طرح زندہ خُدا کی آواز کو آگ میں سے آتے ہویٔے سُنا ہو اَور وہ زندہ بچ گیا ہو جَیسے ہم نے سُنی اَور زندہ بچ گیٔے؟ 27لہٰذا آپ ہی نزدیک جا کر سُن لیا کریں کہ یَاہوِہ ہمارے خُدا کیا فرما رہے ہیں؛ اِس کے بعد ہمارے پاس آکر ہمیں وہ بات بتا دیجئے، ہم اُسے سُنیں گے اَور اُس پر عَمل کریں گے۔“
28جَب تُم مُجھ سے گُفتگو کر رہے تھے تَب یَاہوِہ نے تمہاری باتیں سُن لیں اَور یَاہوِہ نے مُجھ سے فرمایا، ”اُن لوگوں نے جو کچھ تُجھ سے کہا مَیں نے سُن لیا ہے۔ اُنہُوں نے جو کچھ کہا وہ سَب ٹھیک ہے۔ 29کاش اُن کے دِل میں ہمیشہ میرا خوف رہتا اَور وہ میرے سَب اَحکام پر ہمیشہ عَمل کرتے رہتے تاکہ اُن کا اَور اُن کی اَولاد کا ہمیشہ خیر ہوتا!
30”اِس لیٔے تُم جا کر اُن سے کہہ دو کہ وہ اَپنے خیموں میں لَوٹ جایٔیں۔ 31لیکن تُم یہاں میرے پاس ٹھہر جانا تاکہ میں تُمہیں وہ تمام اَحکام، قوانین اَور آئین دے سکوں، جنہیں تُمہیں اُنہیں سِکھانا ہے تاکہ وہ اُن پر اُس مُلک میں عَمل کریں جسے میں اُن کے قبضہ میں دے رہا ہُوں۔“
32لہٰذا تُم احتیاط رکھنا اَور جَیسا یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تُمہیں حُکم دیا ہے وَیسا ہی کرنا، نہ تو اُس سے داہنے یا بائیں کو مُڑنا۔ 33تُم اُن سَب باتوں کے مُطابق چلو جِس کا حُکم یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تُمہیں دیا ہے تاکہ تُم زندہ رہو اَور تمہاری خیر ہو، اَور تمہاری عمر اُس مُلک میں جِس پر تُم قابض ہوگے وہاں دراز ہو۔
موجودہ انتخاب:
اِستِثنا 5: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.