اِستِثنا 6
6
یَاہوِہ اَپنے خُدا سے مَحَبّت رکھّو
1یہ وہ اَحکام، قوانین اَور آئین ہیں جنہیں یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تُمہیں سِکھانے کی مُجھے تاکید کی ہے تاکہ تُم اُن پر اُس مُلک میں عَمل کرو جسے تُم یردنؔ پار کرکے حاصل کرنے والے ہو، 2تاکہ تُم اَور تمہاری اَولاد اَور اُن کے بعد اُن کی اَولاد یَاہوِہ اَپنے خُدا کے اُن تمام قوانین اَور اَحکام پر عَمل کرکے جو میں تُمہیں دے رہا ہُوں، زندگی بھر اُس کا خوف مانیں اَور لمبی عمر پائیں۔ 3اَے اِسرائیل! سُن اَور احتیاط کے ساتھ اُن پر عَمل کر تاکہ تمہاری خیر ہو اَور تُم یَاہوِہ اَپنے آباؤاَجداد کے خُدا کے وعدے کے مُطابق اُس مُلک میں جِس میں دُودھ اَور شہد کثرت سے پایا جاتا ہے بہت بڑھ جاؤ۔
4اَے اِسرائیل! سُن، یَاہوِہ ہمارے خُدا واحد یَاہوِہ ہیں۔ 5تُم اَپنے یَاہوِہ خُدا سے اَپنے سارے دِل، اَپنی ساری جان، اَور ساری طاقت سے مَحَبّت رکھو۔ 6یہ اَحکام جو آج مَیں تُمہیں دے رہا ہُوں وہ تمہارے دِل پر نقش ہُوں۔ 7تُم اُنہیں اَپنی اَولاد کے ذہن نشین کرو۔ گھر میں بیٹھتے اَور راہ پر چلتے اَور لیٹتے اَور اُٹھتے وقت اِن کا ذِکر کیا کرنا۔ 8تُم اُنہیں اَپنے ہاتھوں پر نِشان کے طور پر باندھنا اَور اَپنی پیشانیوں پر ٹیکوں کی طرح لگا لو۔ 9تُم اُنہیں اَپنے مکانوں کے دروازوں کی چوکھٹوں اَور اَپنے پھاٹکوں پر کندہ کرنا۔
10اَور جَب یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں اُس مُلک میں لے آئیں جِس کے متعلّق اُس نے تمہارے آباؤاَجداد اَبراہامؔ اِصحاقؔ اَور یعقوب سے قَسم کھائی تھی اَور جِس مُلک کے شہر بہت بڑے اَور نہایت آسُودہ ہیں جنہیں تُم نے نہیں بنایا۔ 11اَور ہر قِسم کی اَچھّی اَچھّی اَشیا سے بھرے ہویٔے مکانات جنہیں تُم نے مُہیّا نہیں کیا، کنوئیں جنہیں تُم نے نہیں کھودا اَور انگوری باغ اَور زَیتُون کے باغات جنہیں تُم نے نہیں لگایا، اَور تُم اُن کا پھل کھا کر سَیر ہو جاؤگے۔ 12تَب ہوشیار رہنا کہ تُم یَاہوِہ کو فراموش نہ کر بیٹھو جو تُمہیں مِصر یعنی غُلامی کے مُلک سے نکال لائے ہیں۔
13تُم اَپنے یَاہوِہ خُدا ہی سے ڈرنا اَور اُن کو سَجدہ کرنا اَور صِرف اُن ہی کی خدمت کرنا اَور اُن ہی کے نام کی قَسمیں کھانا۔ 14تُم غَیر معبُودوں کی پیروی نہ کرنا، خصوصاً اُن قوموں کے معبُودوں کی جو تمہارے آس پاس رہتی ہیں۔ 15کیونکہ یَاہوِہ تمہارے خُدا جو تمہارے درمیان ہیں غیرت مند خُدا ہیں۔ کہیں اَیسا نہ ہو کہ اُن کا غضب تمہارے خِلاف بھڑک اُٹھے اَور وہ تُمہیں رُوئے زمین پر سے مٹا ڈالیں۔ 16تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کی آزمائش نہ کرنا؛ جَیسے تُم نے اُنہیں مَسّہؔ میں آزمایا تھا۔ 17یَاہوِہ اَپنے خُدا کے اَحکام اَور اُن کے دئیے ہُوئے معاہدوں اَور قوانین کو ضروُر ماَننا۔ 18وُہی کرنا جو یَاہوِہ کی نظر میں راست اَور اَچھّا ہے تاکہ تمہاری خیر ہو اَور تُم جا کر اُس اَچھّے مُلک پر قابض ہو جاؤ جسے دینے کا وعدہ یَاہوِہ نے تمہارے آباؤاَجداد سے قَسم کھا کر کیا تھا۔ 19اَور تمہارے سَب دُشمن تمہارے سامنے سے دُور کئے جایٔیں گے جَیسا کہ یَاہوِہ نے فرمایاہے۔
20آئندہ جَب کبھی تمہارا بیٹا تُم سے پُوچھے، ”یَاہوِہ ہمارے خُدا نے جِن معاہدوں قوانین اَور آئین کو ماننے کا تُمہیں حُکم دیا ہے اُس کا مطلب کیا ہے؟“ 21تَب اُس سے کہنا: ”ہم مِصر میں فَرعوہؔ کے غُلام تھے لیکن یَاہوِہ اَپنے قوی ہاتھ سے ہمیں مِصر سے نکال لایٔے۔ 22اَور یَاہوِہ نے ہماری آنکھوں کے سامنے مِصر اَور فَرعوہؔ اَور اُس کے سارے خاندان کے خِلاف نہایت عظیم اَور حیرت اَنگیز نِشانات اَور عجائب دِکھائے۔ 23اَور یَاہوِہ نے ہمیں وہاں سے نکال لیا تاکہ ہمیں وہ مُلک عنایت کریں جسے دینے کا وعدہ اُنہُوں نے ہمارے آباؤاَجداد سے قَسم کھا کر کیا تھا۔ 24تَب یَاہوِہ نے ہمیں اُن سَب قوانین پر عَمل کرنے کا حُکم دیا اَور ہم خُدا کا خوف رکھّیں تاکہ ہم ہمیشہ سرفراز ہوں اَور زندہ رہیں جَیسا آج کے دِن ہیں۔ 25اَور اگر ہم یَاہوِہ ہمارے خُدا کی حُضُوری اُن کے حُکم کے مُطابق اُن سَب اَحکام کو ماننے میں فکر و احتیاط سے کام لیں تو ہم اَپنے خُدا کے حُضُور راستباز ٹھہریں گے۔“
موجودہ انتخاب:
اِستِثنا 6: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.