اِستِثنا 2
2
بیابان میں بھٹکنا
1تَب یَاہوِہ کی اُس ہدایت کے مُطابق جو اُنہُوں نے مُجھے دی تھی ہم مُڑ کر بحرِقُلزمؔ کی راہ سے بیابان کی طرف کوچ کئے۔ کافی عرصہ تک ہم سِعِیؔر کے پہاڑی علاقہ کے اِردگرد چلتے رہے۔
2تَب یَاہوِہ نے مُجھ سے فرمایا: 3”تُم کافی عرصہ تک اِس پہاڑی علاقہ کے اِردگرد چلتے رہے ہو، لہٰذا اَب شمال کا رُخ کرو۔ 4لوگوں کو یہ حُکم دو: ’تُم عیسَوؔ کی نَسل کے اَپنے بھائیوں کے علاقہ سے گزرنے والے ہو جو سِعِیؔر میں رہتے ہیں۔ وہ تُم سے ڈر جایٔیں گے لیکن تُم خُوب احتیاط سے کام لینا۔ 5تُم اُنہیں جنگ کے لیٔے نہ چھیڑنا کیونکہ مَیں تُمہیں اُن کی زمین میں سے کچھ نہیں دوں گا، یہاں تک کہ تمہارے پاؤں رکھنے کے لیٔے بھی نہیں۔ مَیں نے سِعِیؔر کا پہاڑی علاقہ مِیراث کے طور پر عیسَوؔ کے سُپرد کیا ہے۔ 6جو غِذا تُم کھاؤ اَورجو پانی تُم پیو اُسے چاندی کے سِکّوں کے عِوض اُن سے خریدو۔‘ “
7یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تُمہیں اَپنے ہاتھوں کے سَب کاموں میں برکت دی ہے۔ اُنہُوں نے اُس وسیع بیابان کے سفر میں تُم پر نظر رکھی ہے۔ اُن چالیس سالوں میں یَاہوِہ تمہارے خُدا تمہارے ساتھ رہے اَور تُمہیں کسی چیز کی کمی نہ ہونے دی۔
8چنانچہ ہم اَپنے بھائیوں بنی عیسَوؔ کے پاس سے جو سِعِیؔر میں رہتے ہیں گزرے۔ ہم نے عراباہؔ کے راستہ سے مُڑ کرجو ایلاتؔ اَور عضیُون گیبر سے اُوپر آتا ہے مُوآب کے بیابان کا راستہ اِختیار کیا۔
9تَب یَاہوِہ نے مُجھ سے کہا، ”تُم مُوآبیوں کو دِق نہ کرنا اَور نہ ہی اُنہیں جنگ کے لیٔے چھیڑنا۔ مَیں اُن کی سرزمین کا کویٔی بھی حِصّہ تُمہیں نہ دُوں گا کیونکہ مَیں نے عاؔر شہر کو لَوطؔ کی نَسل کو مِیراث کے طور پر دے دیا ہے۔“
10(کسی زمانہ میں وہاں ایمیمؔ لوگ بسے ہویٔے تھے جو نہایت طاقتور اَور تعداد میں بے شُمار اَور عناقیمؔ کی مانند لمبے قد کے تھے۔ 11عناقیوں کی طرح اُن کا شُمار بھی رفائیمؔ میں کیا جاتا تھا لیکن مُوآبی اُنہیں ایمیمؔ کہا کرتے تھے۔ 12سِعِیؔر میں حَوریؔ قوم کے لوگ بسے ہویٔے تھے لیکن بنی عیسَوؔ نے اُنہیں اُس مُلک سے نکال دیا تھا اَور اُنہیں نِیست و نابود کرکے خُود اُن کی جگہ بس گیٔے تھے جَیسا کہ بنی اِسرائیل نے اُس مُلک کے ساتھ کیا تھا جو یَاہوِہ نے اُنہیں مِیراث میں دی تھی۔)
13اَور یَاہوِہ نے فرمایا، ”اَب اُٹھو اَور زیِریؔد دریا کے پار جاؤ۔“ چنانچہ ہم نے اُس وادی کو پار کیا۔
14اَور ہمارے قادِسؔ برنیع سے روانہ ہوکر زیِریؔد دریا کو پار کرنے تک اڑتیس سال کا عرصہ گزرا۔ اِس اَثنا مَیں یَاہوِہ کی اُن سے کھائی ہُوئی قَسم کے مُطابق اُس پُشت کے سبھی جنگی مَرد فنا ہو گیٔے تھے۔ 15اَور جَب تک وہ مُکمّل طور پر نابود نہ ہو گئے یَاہوِہ کا ہاتھ اُن کے خِلاف بڑھا رہا۔
16پھر جَب بنی اِسرائیل میں سے سَب جنگی مَرد مَر گیٔے اَور قوم میں سے فنا ہو گیٔے، 17تَب یَاہوِہ نے مُجھ سے فرمایا، 18”آج تُم سَب عاؔر شہر سے یعنی مُوآب کی سرحد سے گزر جاؤگے۔ 19جَب تُم بنی عمُّون کے قریب پہُنچو تو اُنہیں ستانا مت اَور نہ اُنہیں جنگ کے لیٔے اُکسانا کیونکہ مَیں بنی عمُّون کے مُلک کا کویٔی بھی حِصّہ تُمہیں مِیراث کے طور پر نہ دُوں گا۔ مَیں نے اُسے بنی لَوطؔ کو مِیراث میں دے دیا ہے۔“
20وہ مُلک بھی رفائیمؔ کا ہی مانا جاتا تھا جو وہاں رہا کرتے تھے لیکن عمُّونی اُنہیں زمؔزمیم کہتے تھے۔ 21رفائیمؔ لوگ نہایت طاقتور اَور تعداد میں بے شُمار تھے اَور عناقیمؔ کی مانند لمبے قد کے تھے لیکن یَاہوِہ نے عمُّونیوں کے سامنے اُن کو بے دخل کر دیا اَور بنی عمُّون اُن کی جگہ بس گیٔے۔ 22یَاہوِہ نے بنی عیسَوؔ کی خاطِر بھی یہی کیا جو سِعِیؔر میں رہتے تھے جَب اُس نے حَوریوں کو اُن کے سامنے سے مٹا دیا۔ اُنہُوں نے اُنہیں نکال دیا اَور آج تک خُود اُن کی جگہ بسے ہویٔے ہیں۔ 23اَور وَیسے ہی کفتُوریوں نے کفتُور سے آکر عوّیوں کو جو غزّہؔ تک دیہاتوں میں بسے ہویٔے تھے مٹا دیا اَور اُن کی جگہ خُود بس گیٔے۔
حِشبونؔ کے بادشاہ سیحونؔ کی شِکست
24”لہٰذا اُٹھو اَور ارنُونؔ کی وادی کے پار جاؤ۔ دیکھو مَیں نے حِشبونؔ کے بادشاہ امُوری سیحونؔ کو اُس کے مُلک سمیت تمہارے ہاتھ میں کر دیا ہے۔ اُس سے جنگ چھیڑ دو اَور اُس کے مُلک پر قبضہ کرنا شروع کر دو۔ 25آج ہی کے دِن سے میں تمہارا دہشت اَور خوف آسمان کے نیچے کی سَب قوموں پر ڈالنا شروع کروں گا۔ وہ تمہاری خبر سُن کر تھرتھرائیں گی اَور تمہاری وجہ سے بےچین ہو جایٔیں گی۔“
26اَور مَیں نے دشتِ قدیموتؔ سے حِشبونؔ کے بادشاہ سیحونؔ کے پاس یہ پیغامِ اَمن لے کر قاصِد روانہ کئے کہ، 27”ہمیں اَپنے مُلک سے گزر جانے دو۔ ہم صِرف شاہراہ سے ہوکر چلے جایٔیں گے اَور داہنے یا بائیں نہ مُڑیں گے۔ 28تُم ہمیں کھانے کے لیٔے روٹی اَور پینے کے لیٔے پانی چاندی کے سِکّوں کے عِوض بیچنا۔ بس ہمیں پیدل چلے جانے کی اِجازت دو۔ 29ٹھیک اُسی طرح جَیسے سِعِیؔر میں رہنے والے بنی عیسَوؔ نے اَور عاؔر میں رہنے والے مُوآبیوں نے ہمارے ساتھ کیا تھا۔ جَب تک کہ ہم یردنؔ کو پار کرکے اُس مُلک میں نہ پہُنچ جایٔیں جسے یَاہوِہ ہمارے خُدا ہمیں دے رہے ہیں۔“ 30لیکن حِشبونؔ کے بادشاہ سیحونؔ نے ہمیں جانے نہ دیا کیونکہ یَاہوِہ تمہارے خُدا نے اُس کا مِزاج کڑا اَور اُس کا دِل سخت کر دیا تھا تاکہ اُسے تمہارے ہاتھ میں کر دے جَیسا کہ اُس نے آج بھی کیا ہے۔
31یَاہوِہ نے مُجھ سے فرمایا، ”دیکھ، مَیں نے سیحونؔ اَور اُس کے مُلک کو تمہارے حوالہ کرنا شروع کر دیا ہے۔ اَب اُس کے مُلک پر قبضہ کرنا شروع کرو تاکہ اُس کے مالک بَن جاؤ۔“
32جَب سیحونؔ اَپنے سارے لشکر کے ساتھ نکل کر ہم سے لڑنے یاہضؔ پہُنچا، 33تو یَاہوِہ ہمارے خُدا نے اُسے ہمارے حوالہ کر دیا اَور ہم نے اُسے اُس کے بیٹوں اَور سارے لشکر سمیت مار ڈالا۔ 34اُسی وقت ہم نے اُس کے سَب شہروں پر قبضہ کر لیا اَور اُنہیں مَرد عورتوں اَور بچّوں سمیت بالکُل تباہ کر ڈالا اَور کسی کو باقی نہ چھوڑا۔ 35لیکن مویشی اَور تسخیر کئے ہویٔے شہروں سے جو مالِ غنیمت ہمارے ہاتھ لگا ہم لے آئے۔ 36ارنُونؔ کی وادی کے کنارے پر کے عروعؔر سے اَور اُس وادی میں کے شہر سے لے کر گِلعادؔ تک اَیسا کویٔی شہر نہ تھا جسے فتح کرنا ہمارے لیٔے مُشکل ہُوا ہو۔ یَاہوِہ ہمارے خُدا نے اُن سَب کو ہمارے تابع کر دیا۔ 37لیکن یَاہوِہ خُدا کے حُکم کے مُطابق تُم نے نہ تو بنی عمُّون کے مُلک کے کسی حِصّہ میں نہ دریائے یبّوقؔ کے سیراب کئے ہویٔے علاقہ میں اَور نہ ہی پہاڑوں پر بسے ہویٔے شہروں کے اطراف کے علاقہ میں مداخلت کی۔
موجودہ انتخاب:
اِستِثنا 2: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.