YouVersion Logo
تلاش

اِستِثنا 1

1
حورِبؔ سے روانہ ہونے کا حُکم
1یہ وُہی باتیں ہیں جو مَوشہ نے سَب اِسرائیلیوں سے یردنؔ کے مشرق میں عراباہؔ کے بیابان میں کیں جو سُوفؔ کے مقابل کے میدان میں پارانؔ اَور طوفلؔ، لابنؔ، حَضِیروتؔ اَور دِیذہبؔ کے درمیان ہے۔ 2(کوہِ حورِبؔ سے کوہِ سِعِیؔر ہوتے ہویٔے قادِسؔ برنیع تک جانے کے لیٔے صِرف گیارہ دِن ہی لگتے ہیں۔)
3چالیسویں سال کے گیارھویں مہینے کے پہلے دِن مَوشہ نے بنی اِسرائیل کے سامنے اُن سَب باتوں کو بَیان کیا جِن کے بارے میں یَاہوِہ نے اُن کو حُکم دیا تھا۔ 4اِس وقت مَوشہ امُوریوں کے بادشاہ سیحونؔ کو جو حِشبونؔ میں حُکمراں تھا اَور باشانؔ کے بادشاہ عوگؔ کو جو عستاراتؔ میں حُکمراں تھا، ادرعیؔ کے مقام پر شِکست دے چُکے تھے۔
5جَب وہ یردنؔ کے مشرق میں مُوآب کی سرزمین میں ہی تھے، مَوشہ نے اُس آئین کو یُوں بَیان کرنا شروع کیا:
6یَاہوِہ ہمارے خُدا نے کوہِ حورِبؔ پر ہم سے یہ فرمایا تھا، ”تُم اِس پہاڑ پر کافی عرصہ سے رہتے آئے ہو۔ 7لہٰذا اَب اَپنی چھاؤنی اُٹھالو اَور امُوریوں کے کوہستانی مُلک میں آگے بڑھو اَور عراباہؔ کے گِردونواح کی سَب قوموں میں پہاڑی علاقوں میں، مغربی پہاڑوں کے دامن میں، نِیگیوؔ کے علاقہ میں اَور سمُندر کے ساحِل سے ہوتے ہویٔے کنعانیوں کے مُلک میں اَور لبانونؔ میں یہاں تک کہ بڑے دریائے فراتؔ تک چلے جاؤ۔ 8دیکھو مَیں نے یہ مُلک تُمہیں دے دیا ہے لہٰذا اُس میں داخل ہو جاؤ اَور اُس مُلک پر اَپنا قبضہ جما لو جسے تمہارے آباؤاَجداد، اَبراہامؔ، اِصحاقؔ اَور یعقوب کو اَور اُن کے بعد اُن کی نَسل کو دینے کی یَاہوِہ نے قَسم کھائی ہے۔“
سربراہوں کا تقرّر
9اُس وقت مَیں نے تُم سے کہاتھا، ”میں اکیلا تمہارا بوجھ نہیں اُٹھا سَکتا۔ 10یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تمہاری تعداد اِس قدر بڑھا دی ہے کہ آج تمہارا شُمار آسمان کے تاروں کے برابر ہو گیا ہے۔ 11یَاہوِہ تمہارے آباؤاَجداد کے خُدا تُمہیں اَور ہزار گُنا بڑھائیں اَور اَپنے وعدے کے مُطابق تُمہیں برکت دیں! 12لیکن مَیں اکیلا تمہارے مسائل تمہارے بوجھ کے اَور تمہارے تنازعوں کو کہاں تک برداشت کر سَکتا ہُوں؟ 13لہٰذا تُم اَپنے ہر قبیلہ میں سے چند دانشمند، ذی فہم اَور قابل اِحترام لوگوں کو چُن لو اَور مَیں اُنہیں تُم پر مُقرّر کر دُوں گا۔“
14اِس کے جَواب میں تُم نے مُجھ سے کہاتھا، ”آپ جو کرنا چاہتے ہیں وہ ٹھیک ہے۔“
15چنانچہ مَیں نے تمہارے قبیلوں کے نامور لوگوں کو جو دانشمند اَور قابل اِحترام تھے، لیا اَور اُنہیں ہزار ہزار، سَو سَو، پچاس پچاس اَور دس دس لوگوں پر بطور حاکم مامُور کر دیا۔ 16اَور اُس وقت مَیں نے تمہارے قاضیوں کو یہ تاکید کی تھی، ”کہ تُم اَپنے بھائیوں کے مُقدّمے غور سے سُنا کرو اَور اِنصاف کے ساتھ فیصلہ کیا کرو خواہ وہ مُعاملہ دو اِسرائیلیوں کا ہو یا کسی اِسرائیلی اَور پردیسی کے درمیان کا ہو جو تمہارے درمیان رہتے ہُوں۔ 17فیصلہ کرتے وقت کسی کی طرفداری نہ کرنا بَلکہ بڑے اَور چُھوٹوں دونوں کی باتیں برابر سُننا اَور کسی آدمی سے مت ڈرنا کیونکہ اِنصاف خُدا کا ہے۔ اَورجو مُقدّمہ تمہارے لیٔے مُشکل ہو اُسے میرے پاس لے آنا اَور مَیں اُسے سُنوں گا۔“ 18اَور اُس وقت مَیں نے تُمہیں سَب کچھ جو تُمہیں کرنا تھا صَاف صَاف بتا دیا تھا۔
جاسُوسوں کا بھیجا جانا
19تَب جَیسا یَاہوِہ ہمارے خُدا نے ہمیں حُکم دیا تھا، ہم نے حورِبؔ سے کوچ کیا اَور اُس تمام وسیع اَور خوفناک بیابان میں سے ہوتے ہویٔے جسے خُود تُم نے امُوریوں کے کوہستانی مُلک کے راستے میں دیکھا تھا؛ پھر ہم وہاں سے ہوتے ہویٔے قادِسؔ برنیع میں پہُنچے۔ 20تَب مَیں نے تُم سے کہا، ”تُم امُوریوں کے کوہستانی مُلک میں آ گیٔے ہو، جسے یَاہوِہ ہمارے خُدا ہمیں دے رہے ہیں۔ 21دیکھو، یَاہوِہ تمہارے خُدا نے یہ مُلک تُمہیں دے دیا ہے۔ لہٰذا جاؤ اَور اُس مُلک پر اَپنا قبضہ کر لو جَیسا یَاہوِہ تمہارے آباؤاَجداد کے خُدا نے تُم سے فرمایاہے۔ پس تُم خوف نہ کھاؤ اَور نہ ہِراساں ہو۔“
22یہ سُن تُم سَب میرے پاس آکر کہنے لگے، ”ہم وہاں اَپنے جانے سے پہلے کچھ آدمیوں کو اُس مُلک کی جاسُوسی کرنے کے مقصد سے بھیجیں تاکہ وہ اُس مُلک کا حال دریافت کریں اَور آکر ہمیں بتائیں کہ ہمیں کِس راہ سے جانا ہوگا اَور کون کون سے شہر ہمارے راستے میں پڑیں گے۔“
23یہ نظریات مُجھے اَچھّی مَعلُوم ہُوئی؛ چنانچہ مَیں نے تمہارے ہر ایک قبیلہ میں سے ایک ایک آدمی کے حِساب سے بَارہ آدمی مُنتخب کیٔے۔ 24پھر وہ روانہ ہویٔے اَور کوہستانی مُلک کی طرف کوچ کیٔے اَور وادیِ اِشکلؔ میں پہُنچ کر اُنہُوں نے اُس کا جائزہ لیا۔ 25اَور اُس مُلک کا کچھ پھل اَپنے ساتھ لے کر ہمارے پاس لَوٹ آئے، اَور ہمیں اِطّلاع دی، ”کہ یَاہوِہ ہمارے خُدا جو مُلک ہمیں دے رہے ہیں وہ واقعی اَچھّا ہے۔“
یَاہوِہ کے خِلاف بغاوت
26لیکن تُم وہاں جانا نہ چاہتے تھے اَور تُم نے یَاہوِہ اَپنے خُدا کے حُکم کے خِلاف بغاوت کی۔ 27تُم اَپنے خیموں میں بُڑبُڑائے اَور کہنے لگے، ”یَاہوِہ ہم سے نفرت کرتے ہیں اِس لیٔے وہ ہمیں مِصر سے نکال لایٔے تاکہ ہمیں امُوریوں کے حوالہ کرکے تباہ کر دیں۔ 28ہم کہاں جایٔیں؟ ہمارے بھائیوں نے تو ہمارے حوصلے پست کر دیئے ہیں۔ وہ کہتے ہیں، ’وہ لوگ ہم سے زِیادہ طاقتور اَور قدآور ہیں اَور کافی لمبے ہیں، اُن کے شہر بھی بڑے ہیں جِن کی فصیلیں آسمان کو چھُوتی ہیں، اِس کے علاوہ ہم نے وہاں عناقیوں کی نَسل کو بھی دیکھاہے۔‘ “
29تَب مَیں نے تُم سے کہا، ”خوفزدہ نہ ہو اَور نہ اُن سے ڈرو۔ 30یَاہوِہ تمہارے خُدا جو تمہارے آگے آگے چلتے ہیں تمہاری خاطِر لڑیں گے جَیسا کہ اُنہُوں نے مِصر میں خُود تمہاری آنکھوں کے سامنے کیا تھا۔ 31اَور بیابان میں بھی تُم نے دیکھا کہ کس طرح یَاہوِہ تمہارے خُدا نے پُورے راستہ میں اِس طرح سے تُمہیں اُٹھائے رہے جِس طرح ایک باپ اَپنے بیٹے کو اُٹھائے ہویٔے چلتا ہے، جَب تک تُم اِس مقام تک نہیں پہُنچ گیٔے۔“
32اِس کے باوُجُود بھی تُم نے یَاہوِہ اَپنے خُدا کا توکّل نہ کیا۔ 33جو تمہارے سفر کے دَوران رات کو آگ میں اَور دِن کے وقت بادل میں ہوکر تمہارے آگے آگے چلتے رہے تاکہ تمہارے چھاؤنی کے لیٔے مُناسب جگہ تلاشے اَور تُمہیں وہ راہ دِکھائے جِس پر تُم کو چلنا تھا۔
34جَب یَاہوِہ نے تمہاری باتیں سُنیں تو وہ غضبناک ہُوئے، اَور اُنہُوں نے یہ قَسم کھائی: 35”اِس بدکار پُشت کا ایک بھی شخص اُس اَچھّے مُلک کو دیکھ نہ پایٔےگا، جسے دینے کی قَسم مَیں نے تمہارے آباؤاَجداد سے کھائی تھی، 36سِوا یفُنّہؔ کے بیٹے کالبؔ کے؛ وہ اُسے دیکھے گا اَور جِس زمین پر اُس نے قدم رکھّا ہے اُس مُلک کو میں اُسے اَور اُس کی نَسل کو دُوں گا، کیونکہ وہ دِل و جان سے یَاہوِہ کا وفادار ثابت ہُواہے۔“
37تمہاری ہی وجہ سے یَاہوِہ مُجھ پر بھی ناراض ہویٔے اَور مُجھ سے فرمایا، ”تُم بھی اُس مُلک میں داخل نہیں ہوگے۔ 38لیکن یہوشُعؔ بِن نُونؔ، جو تمہارا خادِم ہے، اُس مُلک میں داخل ہوگا۔ تُم اُس کی حوصلہ اَفزائی کرو کیونکہ وُہی بنی اِسرائیل کو اُس مُلک پر اِختیار کرنے کے لیٔے رہنمائی کرےگا۔ 39اَور تمہارے چُھوٹے بچّے جِن کے بارے میں تُم نے کہاتھا کہ وہ اسیر ہو جایٔیں گے؛ ہاں وُہی تمہارے اَپنے بچّے جو اَب تک نیک و بد میں فرق کرنا بھی نہیں جانتے، وہ اُس مُلک میں داخل ہوں گے؛ اَور مَیں اُنہیں یہ مُلک دُوں گا اَور وہ اُس پر قابض ہوں گے۔ 40لیکن تُم مُڑ کر بحرِقُلزمؔ کی راہ سے بیابان کی طرف کوچ کرو۔“
41تَب تُم نے اقرار کیا، ”ہم نے یَاہوِہ کے خِلاف گُناہ کیا ہے۔ اَب ہم یَاہوِہ اَپنے خُدا کے حُکم کے مُطابق کوہستانی مُلک میں جا کر جنگ کریں گے۔“ چنانچہ تُم میں سے ہر ایک نے یہ سوچ کر اَپنے اَپنے ہتھیار باندھ لیٔے کہ، کوہستانی مُلک میں جا کر حملہ کرنا آسان ہے۔
42لیکن یَاہوِہ نے مُجھ سے فرمایا، ”اِن سے کہہ، ’اُوپر جا کر جنگ نہ کریں، کیونکہ اِس کام میں مَیں تمہارے ساتھ نہیں ہوں گا۔ اَور تُم اَپنے دُشمنوں سے شِکست کھاؤگے۔‘ “
43چنانچہ مَیں نے تُم سے کہہ دیا لیکن تُم نہیں مانے۔ تُم نے یَاہوِہ کے حُکم کے خِلاف بغاوت کی اَور مغروُر ہوکر کوہستانی مُلک کی پہاڑیوں کی طرف بڑھ گیٔے۔ 44لیکن جو امُوری اُس کوہستانی علاقہ میں بستے تھے وہ تمہارے مُقابلہ کو نکل آئے اَور اُنہُوں نے شہد کی مکھّیوں کے جھُنڈ کی مانند تمہارا تعاقب کیا اَور سِعِیؔر سے حُرمہؔ تک تُمہیں مارتے چلے آئے۔ 45تَب تُم لَوٹ کر یَاہوِہ کے حُضُور میں رونے لگے لیکن اُنہُوں نے تمہارے رونے کی طرف توجّہ نہ کی اَور تمہاری ایک نہ سُنی۔ 46اَور اِس طرح تُم کیٔی دِن تک قادِسؔ میں پڑے رہے۔ یہاں تک کہ ایک مُدّت گزر گئی۔

موجودہ انتخاب:

اِستِثنا 1: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in