YouVersion Logo
تلاش

اعمال 14

14
اِکُنِیُم میں مُنادی
1اِکُنِیُم میں بھی پَولُسؔ اَور بَرنباسؔ ایک ساتھ یہُودی عبادت گاہ میں گیٔے اَور اَیسی تقریر کی کہ یہُودی اَور یُونانی کی بڑی تعداد ایمان لے آئی۔ 2لیکن جو یہُودی کلام کے مُخالف تھے اُنہُوں نے غَیریہُودیوں کو بھڑکایا اَور اُنہیں بھائیوں کی طرف سے بدگُمان کر دیا۔ 3تو بھی پَولُسؔ اَور بَرنباسؔ نے وہاں کافی وقت گزارا اَور دِلیری کے ساتھ خُداوؔند کے بارے میں تعلیم دی اَور خُدا اُن عظیم معجزوں اَور عجِیب و غریب کاموں کے ذریعہ جو اُن کے ہاتھوں اَنجام پاتے تھے، اَپنے فضل کے کلام کو برحق ثابت کرتا رہا۔ 4شہر کے لوگوں میں تِفرقہ پڑ گیا۔ بعض یہُودیوں کے ساتھ اَور بعض رسولوں کے ساتھ کھڑے تھے۔ 5یہُودی اَور غَیریہُودی اَپنے رہنماؤں کے ساتھ مِل کر رسولوں کو ستانے اَور اُنہیں سنگسار کرنے کی مُہم شروع کرنے والے تھے۔ 6کہ اُنہیں اِس بات کا پتہ چل گیا اَور وہ وہاں سے بھاگ کر لُکانیہؔ کے شہر لُسترہؔ اَور دربؔے اَور آس پاس کے قصبوں میں چلے گیٔے، 7اَور وہاں خُوشخبری سُنانے میں لگ گیٔے۔
لُسترہؔ اَور دربؔے میں مُنادی
8لُسترہؔ میں ایک لولا آدمی بیَٹھا ہُوا تھا۔ وہ پیدائش سے ہی لولا تھا اَور کبھی نہیں چَلاتھا 9وہ پَولُسؔ کی باتوں کو غور سے سُن رہاتھا۔ پَولُسؔ نے مُتوجّہ ہوکر اُسے دیکھا تو جان لیا کہ اُس میں اِتنا ایمان ہے کہ وہ شفا پا سکے۔ 10آپ نے زور سے چِلّاکر حُکم دیا، ”اَپنے پاؤں پر سیدھا کھڑے ہو جا!“ وہ فوراً، اُچھل کر کھڑا ہُوا اَور چلنے پھرنے لگا۔
11جَب لوگوں نے پَولُسؔ کا یہ کام دیکھا تو وہ لُکانیہؔ کی زبان میں چِلّانے لگے، ”معبُود اِنسانی شکل میں ہمارے پاس اُتر آئے ہیں!“ 12اُنہُوں نے بَرنباسؔ کو زِیُوسؔ کا، اَور پَولُسؔ کو ہرمیسؔ کا نام دیا کیونکہ آپ تقریر کرنے میں زِیادہ ماہر تھے۔ 13زِیُوسؔ کا مُجاوِر جِس کا بُت خانہ شہر کے بالکُل سامنے تھا، اُس کا مُجاوِر بَیل اَور پھُولوں کے ہار لے کر شہر کے دروازوں پر پہنچا کیونکہ وہ اَور شہر کے لوگ چاہتے تھے کہ رسولوں کے لیٔے قُربانیاں چڑھائیں۔
14جَب رسولوں یعنی پَولُسؔ اَور بَرنباسؔ نے یہ سُنا تو وہ اَپنے کپڑے پھاڑ کر ہُجوم میں جا گھُسے اَور چیخ چیخ کرکہنے لگے: 15”عزیزو، تُم یہ کیا کر رہے ہو؟ ہم بھی تمہاری ہی طرح، فقط اِنسان ہی ہیں۔ ہم تمہارے واسطے خُوشخبری لایٔے ہیں، تاکہ تُم اِن فُضول چیزوں کو چھوڑکر زندہ خُدا کی طرف رُجُوع کرو جِس نے آسمانوں اَور زمین اَور سمُندر کو اَورجو کچھ اُن میں مَوجُود ہر چیز کو پیدا کیا ہے۔ 16اُس نے پِچھلے زمانہ میں، ساری قوموں کو، اَپنی اَپنی راہ پر چلنے دیا۔ 17تو بھی اُس نے اَپنے آپ کو بے گواہ نہیں چھوڑا: اُس نے اَپنی شفقت کو ظاہر کرنے کے لیٔے آسمان سے بارش برسائی اَور فصلوں کے لیٔے موسم عطا کیٔے؛ تُمہیں کثرت سے خُوراک بخشی اَور تمہارے دلوں کو خُوشی سے بھر دیا۔“ 18اِتنا کہنے کے باوُجُود بھی اُنہیں ہُجوم کو قُربانی کرنے سے روکنے میں دُشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
19جَب کچھ یہُودی انطاکِیہؔ سے اِکُنِیُم میں آئے اُنہُوں نے ہُجوم کو اَپنی طرف کر لیا۔ وہ پَولُسؔ پر پتھراؤ کرنے لگے اَور آپ کو شہر کے باہر گھسیٹ لے گیٔے، اُن کا خیال تھا کہ آپ فوت ہو گئے۔ 20جَب شاگرد وہاں پہُنچے اَور آپ کو گھیرے میں لے لیا تو پَولُسؔ اُٹھے اَور واپس شہر میں آئے اَور اگلے دِن بَرنباسؔ کے ساتھ دربؔے تشریف لے گیٔے۔
رسولوں کی انطاکِیہؔ کو واپسی
21اُنہُوں نے شہر میں خُوشخبری سُنایٔی اَور کثرت سے شاگرد بنائے۔ اِس کے بعد وہ لُسترہؔ، اِکُنِیُم اَور انطاکِیہؔ لَوٹ گیٔے۔ 22وہ شاگردوں کی حوصلہ اَفزائی کرتے اَور اُنہیں نصیحت دیتے تھے کہ اَپنے ایمان پر مضبُوطی سے قائِم رہو اَور فرماتے تھے، ”ہمیں خُدا کی بادشاہی میں داخل ہونے کے لیٔے بہت سِی مُصیبتوں کا سامنا کرنا لازِم ہے۔“ 23پَولُسؔ اَور بَرنباسؔ نے ہر جماعت میں اُن کے لیٔے بُزرگ مُقرّر کیٔے اَور روزہ رکھ کر دعائیں کیں، اَور اُنہیں خُداوؔند کے سُپرد کیا، جِس پر وہ ایمان لایٔے تھے۔ 24پھر وہ پِسدِیہؔ سے ہوتے ہویٔے پَمفِیلؔیہ کے علاقہ میں آئے 25اَور جَب پِرگہؔ میں خُوشخبری سُنا چُکے تو اتّلیہؔ کی طرف چلے گیٔے۔
26وہاں سے جہاز پر سوار ہوکر واپس انطاکِیہؔ گیٔے جہاں اُنہیں اُس خدمت کے لیٔے جو اُنہُوں نے اَب پُوری کرلی تھی خُدا کے فضل کے سُپرد کیا گیا تھا۔ 27انطاکِیہؔ پہُنچ کر اُنہُوں نے جماعت کو جمع کیا اَورجو کچھ خُدا نے اُن کے ذریعہ کیا تھا اُسے اُن کے سامنے بَیان کیا اَور یہاں تک کہ خُدا نے کِس طرح غَیریہُودیوں کے لیٔے بھی ایمان کا دروازہ کھول دیا۔ 28اَور وہ وہاں شاگردوں کے پاس کافی عرصہ تک مُقیم رہے۔

موجودہ انتخاب:

اعمال 14: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in