YouVersion Logo
تلاش

اعمال 13

13
1انطاکِیہؔ کی جماعت میں کیٔی نبی اَور اُستاد تھے: مثلاً بَرنباسؔ، شمعُونؔ کالا، لُوکِیُسؔ کُرینی، مناہیمؔ (جِس نے چوتھائی مُلک کے حاکم ہیرودیسؔ کے ساتھ پرورِش پائی تھی) اَور ساؤلؔ۔ 2جَب کہ وہ روزے رکھ کر، خُداوؔند کی عبادت کر رہے تھے تو پاک رُوح نے کہا، ”بَرنباسؔ اَور ساؤلؔ کو اُس خدمت کے لئے الگ کردو جِس کے لیٔے میں نے اُنہیں بُلایا ہے۔“ 3چنانچہ اُنہُوں نے روزہ رکھا دعا کی، اَور اُن پر ہاتھ رکھ کر اُنہیں روانہ کر دیا۔
قُبرصؔ میں مُنادی
4وہ دونوں، جو پاک رُوح کی طرف سے بھیجے گیٔے تھے سلُوکیؔہ پہُنچے اَور وہاں سے جہاز پر جَزِیرہ قُبرصؔ چلے گیٔے۔ 5جَب وہ سَلَمِیسؔ پہُنچے، تو وہاں یہُودی عبادت گاہوں میں خُدا کا کلام سُنانے لگے۔ یُوحنّؔا اُن کے ساتھ خادِم کے طور پر مَوجُود تھے۔
6جَب وہ سارے جزیرے میں گھوم پھر چُکے تو پافُسؔ پہُنچے۔ وہاں اُن کی مُلاقات ایک یہُودی جادُوگر اَور جھُوٹے نبی سے ہویٔی جِس کا نام برعیسیٰ تھا۔ 7جو ایک حاکم، سِرگیُسؔ پَولُسؔ کا مُلازم تھا۔ یہ حاکم ایک دانشمند شخص تھا، اُس نے بَرنباسؔ اَور ساؤلؔ کو بُلا بھیجا کیونکہ وہ خُدا کا کلام سُننا چاہتا تھا۔ 8لیکن الیِماسؔ جادُوگر نے (اُس کے نام کا مطلب ہی یہی ہے) اُن کی مُخالفت کی اَور حاکم کو ایمان لانے سے روکنا چاہا۔ 9تَب ساؤلؔ نے جِن کا نام پَولُسؔ بھی ہے پاک رُوح سے معموُر ہوکر اُس پر گہری نظرڈالی اَور فرمایا، 10”اَے اِبلیس کے فرزند اَور تو ہر اُس چیز کا دُشمن ہے جو صحیح ہے! تو تمام طرح کی عیّاری اَور مکّاری سے بھرا ہُواہے۔ کیا تو خُداوؔند کی سیدھی راہوں کو بگاڑنے سے کبھی نہیں باز آئے گا؟ 11اَب خُداوؔند کا ہاتھ تیرے خِلاف اُٹھا ہے۔ تُو اَندھا ہو جائے گا اَور کچھ عرصہ تک سُورج کو نہیں دیکھ سکے گا۔“
اُسی وقت کُہر اَور تاریکی نے اُس پر غلبہ پا لیا اَور وہ اِدھر اُدھر ٹٹولنے لگاتاکہ کویٔی اُس کا ہاتھ پکڑکر اُسے لے چلے۔ 12وہ حاکم یہ ماجرا دیکھ کر اَور شاگردوں سے خُداوؔند کی تعلیم سُن کر دنگ رہ گیا اَور خُدا پر ایمان لے آیا۔
پِسدِیہؔ کے شہر انطاکِیہؔ میں مُنادی
13پافُسؔ سے پَولُسؔ اَور اُن کے ساتھی جہاز کے ذریعہ پَمفِیلؔیہ کے علاقہ پِرگہؔ، میں پہُنچے جہاں یُوحنّؔا نے اُنہیں خَیرباد کہا اَور یروشلیمؔ کو واپس تشریف لے گیٔے۔ 14اَور وہ پِرگہؔ سے روانہ ہوکر پِسدِیہؔ کے شہر انطاکِیہؔ میں آئے۔ سَبت کے دِن وہ یہُودی عبادت گاہ میں داخل ہویٔے اَور جا بَیٹھے۔ 15جَب توریت اَور نَبیوں کے صحیفوں میں سے تِلاوت ہو چُکی تو یہُودی عبادت گاہ کے قائدین نے اُن کو یہ پیغام بھیجا، ”بھائیو، اگر لوگوں کی حوصلہ اَفزائی کے لیٔے آپ کچھ کہنا چاہتے ہو تو براہ کرم بَیان کیجئے۔“
16اِس پر پَولُسؔ نے کھڑے ہوکر ہاتھ سے اِشارہ کرتے ہویٔے فرمایا: ”اَے بنی اِسرائیلؔ اَور اَے خُدا سے ڈرنے والے غَیراِسرائیلیو میری سُنو! 17اُمّت اِسرائیلؔ کے خُدا نے ہمارے آباؤاَجداد کو چُنا اَور جَب وہ مُلک مِصر میں پردیسیِوں کی طرح رہتے تھے، اُنہیں طاقت بخشی وہ اَپنی طاقت کے ساتھ اُن کو اُس مُلک سے باہر لے گیا۔ 18پھر قریب چالیس بَرس تک اُس نے بیابان میں اُن کے طرزِ عَمل کو برداشت کیا؛ 19اَور خُدا نے کنعانؔ میں سات غَیریہُودی قوموں کو غارت کرکے اُن کی سرزمین اَپنے لوگوں کو بطور مِیراث عطا فرمائی۔ 20اِن واقعات کو پیش آنے میں تقریباً چارسَو پچاس بَرس لگ گیٔے۔
”اِس کے بعد، خُدا نے اُن کے لیٔے سمُوئیل نبی کے زمانہ تک قاضی مُقرّر کیٔے۔ 21پھر لوگوں نے بادشاہ مُقرّر کرنے کی درخواست کی اَور خُدا نے قِیسؔ کے بیٹے ساؤلؔ کو بادشاہ مُقرّر کیا، جو بِنیمینؔ کے قبِیلہ سے تھا، آپ نے چالیس بَرس تک حُکومت کی۔ 22پھر ساؤلؔ کو معزول کرنے کے بعد خُدا نے داؤؔد کو اُن کا بادشاہ مُقرّر کیا۔ خُدا نے داؤؔد کے بارے میں گواہی دی: ’مُجھے یسّیؔ کا بیٹا داؤؔد مِل گیا ہے، جو میرا ایک دل پسند آدمی ہے؛ وُہی میری تمام خواہشات کو پُوری کرے گا۔‘#13‏:22 1 سمو 13‏:14‏‏
23”خُدا نے اَپنے وعدہ کے مُطابق، داؤؔد کی نَسل سے ایک مُنجّی یعنی حُضُور عیسیٰ کو اِسرائیلؔ کے پاس بھیجا۔ 24حُضُور عیسیٰ کی آمد سے قبل، یحییٰ نے اِسرائیلؔ کی ساری اُمّت کو تبلیغ کی کہ تَوبہ کرو اَور پاک ‏غُسل لو۔ 25جَب یحییٰ کی خدمت کی مُدّت پُوری ہونے کو تھی، تو آپ نے فرمایا: ’تُم مُجھے کیا سمجھتے ہو؟ میں وہ نہیں ہُوں جو تُم دیکھتے ہو۔ لیکن ایک شخص ہے جو میرے بعد آنے والا ہے اَور میں اِس لائق بھی نہیں کہ اُن کے جُوتوں کے تسمے بھی کھول سکوں۔‘
26”اَے ساتھیو“ فرزندانِ اِبراہیمؔ اَور خُدا سے ڈرنے والے غَیراِسرائیلیو، اِس نَجات کے کلام کو ہمارے پاس بھیجا گیا ہے۔ 27اہلِ یروشلیمؔ نے اَور اُس کے حُکاّم نے حُضُور عیسیٰ کو نہیں پہچانا، پھر بھی سزائے موت کا فتویٰ دے کر اُنہُوں نے اَنبیا کی اُن باتوں کو پُورا کر دیا جو ہر سَبت کو پڑھ کر سُنایٔی جاتی ہیں۔ 28اگرچہ وہ اُنہیں موت کی سزا کے لائق ثابت نہ کر سکے، پھر بھی اُنہُوں نے پِیلاطُسؔ سے درخواست کی کہ اُنہیں قتل کیا جائے۔ 29اَور جَب اُنہُوں نے سَب کچھ جو حُضُور عیسیٰ کے بارے میں لِکھّا ہُوا تھا، پُورا کر دیا تو اُنہیں صلیب پر سے اُتار کر ایک قبر میں رکھ دیا۔ 30لیکن خُدا نے اُنہیں مُردوں میں سے زندہ کر دیا، 31اَورجو لوگ گلِیل سے آپ کے ساتھ یروشلیمؔ آئےتھے، وہ اُنہیں کیٔی دِنوں تک نظر آتے رہے۔ اَب وُہی اُمّت کے لیٔے حُضُور اَقدس عیسیٰ کے گواہ ہیں۔
32”ہم تُمہیں وہ خُوشخبری سُناتے ہیں: جِس کا وعدہ خُدا نے ہمارے آباؤاَجداد کے ساتھ کیا تھا 33خُدا نے اَپنی اَولاد، یعنی ہمارے لیٔے حُضُور عیسیٰ کو پھر سے زندہ کرکے اَپنے وعدہ کو پُورا کر دیا۔ چنانچہ زبُور پاک کے دُوسرے باب میں لِکھّا ہے:
” ’تُو میرا بیٹا ہے؛
آج سے میں تیرا باپ بَن گیا ہُوں۔‘ “#13‏:33 زبُور 2‏:7‏‏
34یہ حقیقت کہ خُدا نے آپ کو مُردوں میں سے جِلا دیا تاکہ وہ پھر کبھی نہ مَریں۔ خُدا کے کلام میں یُوں بَیان کیا گیا ہے،
” ’میں تُمہیں پاک اَور سچّی نعمتیں بخشُوں گا جِن کا وعدہ میں نے حضرت داؤؔد سے کیا تھا۔‘ “#13‏:34 یسع 55‏:3‏‏
35ایک اَور زبُور میں حضرت داؤؔد فرماتے ہیں:
” ’خُدا اَپنے مُقدّس کے جِسم کے سَڑنے کی نَوبَت ہی نہ آنے دے گا۔‘#13‏:35 زبُور 16‏:10‏‏
36”جَب کہ داؤؔد اَپنی پُشت میں خُدا کا مقصد پُورا کرنے کے بعد، موت کی نیند سَو گیٔے؛ اَپنے آباؤاَجداد کے ساتھ دفن ہویٔے اَور آپ کا جِسم سڑ گیا۔ 37لیکن جسے خُدا نے مُردوں میں سے جی اُٹھایا اُن کے سَڑنے کی نَوبَت تک نہ آئی۔
38‏-39”پس اَے عزیزو، جان لو کہ حُضُور عیسیٰ کے وسیلہ سے ہی تُمہیں گُناہوں کی مُعافی کی مُنادی کی جاتی ہے۔ حضرت مُوسیٰ کی شَریعت کے باعث جِن باتوں سے تُم بَری نہیں ہو سکتے تھے، اُن سَب سے ہر ایک ایمان لانے والا اُس کے وسیلہ سے بَری ہوتاہے۔ 40باخبر رہو، اَیسا نہ ہو کہ نَبیوں کی یہ بات تُم پر صادق آئے:
41” ’دیکھو، تُم جو دُوسروں کی تحقِیر کرتے ہو،
تعجُّب کرو اَور نِیست ہو جاؤ،
کیونکہ میں تمہارے دِنوں میں ایک اَیسا کام کرنے پر ہُوں
کہ اگر کویٔی اُس کا ذِکر تُم سے کرے بھی،
تو تُم کبھی نہ یقین رو گے۔‘#13‏:41 حبق 1‏:5‏‏
42جَب پَولُسؔ اَور بَرنباسؔ یہُودی عبادت گاہ سے نِکل کر جانے لگے، تو لوگ اُن سے درخواست کرنے لگے کہ اگلے سَبت کو بھی اِن ہی باتوں کا ذِکر کیا جائے۔ 43جَب مَجلِس بَرخواست ہویٔی، تو بہت سے یہُودی اَور کیٔی نَو مُرید پَولُسؔ اَور بَرنباسؔ کے پیچھے ہو لیٔے، رسولوں نے اُن سے مزید گُفتگو کی اَور اُنہیں خُدا کے فضل میں بڑھتے چلے جانے کی ترغِیب دی۔
44اگلے سَبت کو تقریباً سارا شہر خُداوؔند کا کلام سُننے کے لیٔے جمع ہو گیا۔ 45جَب یہُودیوں نے اتنے بَڑے ہُجوم کو دیکھا، تو بُغض سے بھر گیٔے۔ یہُودی پَولُسؔ کی باتوں کی مُخالفت کرنے اَور آپ سے بدسلُوکی کرنے لگے۔
46لہٰذا پَولُسؔ اَور بَرنباسؔ نے دِلیری سے اُنہیں جَواب میں فرمایا: ”لازِم تھا کہ ہم پہلے تُمہیں خُدا کا کلام سُناتے۔ جَب کہ تُم اُسے مُسترد کر رہے ہو اَور اَپنے آپ کو اَبدی زندگی کے لائق نہیں سمجھتے ہو، تو دیکھو ہم غَیریہُودیوں کی طرف رُجُوع کرتے ہیں۔ 47کیونکہ خُداوؔند نے ہمیں یہ حُکم دیا ہے:
” ’میں نے تُجھے غَیریہُودیوں کے لیٔے نُور مُقرّر کیا ہے،
تاکہ تُو زمین کی اِنتہا تک نَجات کو پہونچانے کا باعث بنے۔‘ “#13‏:47 یسع 49‏:6‏‏
48جَب غَیریہُودیوں نے یہ سُنا تو بہت خُوش ہویٔے اَور خُداوؔند کے کلام کی تمجید کرنے لگے؛ اَور جنہیں خُدا نے اَبدی زندگی کے لیٔے چُن رکھا تھا، وہ ایمان لے لایٔے۔
49اَور خُداوؔند کا کلام اُس سارے علاقہ میں پھیل گیا۔ 50لیکن یہُودی رہنماؤں نے بعض خُدا کی عقیدت مند عورتوں اَور شہر کے دبدبے والے مَردوں کو اُکسایا اَور اُنہُوں پَولُسؔ اَور بَرنباسؔ کے خِلاف ظُلم و سِتم برپا کیا، اَور اُنہیں اَپنی ریاست سے بے دخل کر دیا۔ 51پَولُسؔ اَور بَرنباسؔ نے اِحتِجاج کے طور پر اَپنے پاؤں کی گَرد بھی جھاڑ دی اَور وہاں سے اِکُنِیُم کو چلے گیٔے۔ 52مگر شاگرد بڑی خُوشی اَور پاک رُوح سے بھرے ہویٔے تھے۔

موجودہ انتخاب:

اعمال 13: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in