2 شموایلؔ 21

21
گِبعونیوں سے اِنتقام لیا جانا
1اَور داویؔد کی حُکمرانی کے دَوران تین سال مسلسل قحط پڑا لہٰذا داویؔد نے یَاہوِہ سے دریافت کیا۔ یَاہوِہ نے فرمایا کہ، ”یہ شاؤل اَور اُس کے خُونریز گھرانے کے سبب سے ہے اَور اِس لیٔے بھی کہ اُس نے گِبعونیوں کو قتل کیا تھا۔“
2تَب بادشاہ نے گِبعونیوں کو بُلایا اَور اُن سے بات کی۔ (وہ گِبعونی بنی اِسرائیل میں سے نہیں تھے بَلکہ باقی بچے ہُوئے امُوریوں میں سے تھے جِن کی جان بخشی گئی اِسرائیلیوں نے قَسم کھائی تھی لیکن شاؤل نے بنی اِسرائیل اَور یہُوداہؔ کی خاطِر اَپنا جوش دِکھانے کے لیٔے اُنہیں نِیست و نابود کرنے کی کوشش کی تھی)۔ 3داویؔد نے گِبعونیوں سے پُوچھا کہ، ”مَیں تمہارے لیٔے کیا کروں؟ میں کس چیز سے کفّارہ دُوں تاکہ تُم یَاہوِہ کی مِیراث کو دعا دو؟“
4گِبعونیوں نے اُسے جَواب دیا کہ، ”ہمیں کویٔی حق نہیں کہ شاؤل یا اُس کے گھرانے سے چاندی یا سونے کا مطالبہ کریں۔ نہ ہی ہمیں یہ اِختیار ہے کہ اِسرائیل میں سے کسی کی جان لیں۔“
تَب داویؔد نے اُن سے پُوچھا کہ پھر تُم کیا چاہتے ہو کہ مَیں تمہارے لیٔے کروں؟
5اُنہُوں نے بادشاہ کو جَواب دیا کہ، ”وہ آدمی جِس نے ہمیں تباہ کیا اَور ہمارے خِلاف منصُوبہ بنایا کہ ہمارے لوگوں کو مار ڈالا جائے اَور ہمارے لیٔے اِسرائیل میں کہیں بھی کویٔی جگہ باقی نہ رہے، 6ہماری درخواست ہے کہ اُسی کی نَسل میں سے سات آدمی ہمارے حوالہ کئے جایٔیں تاکہ اُنہیں قتل کرکے اُن کی لاشیں یَاہوِہ کے لیٔے یَاہوِہ کے چُنے ہُوئے شاؤل کے گِبعہؔ میں لٹکا دی جایٔیں۔“
بادشاہ نے کہا، ”اَچھّا، میں اُنہیں تمہارے حوالہ کر دُوں گا۔“
7لیکن بادشاہ نے مفِیبوستؔ بِن یُوناتانؔ بِن شاؤل کو اُس یَاہوِہ کے عہدوپیمان کی وجہ سے جو داویؔد اَور یُوناتانؔ بِن شاؤل کے درمیان باندھا گیا تھا بچائے رکھا 8لیکن بادشاہ نے ایّہؔ کی بیٹی رِصفاہؔ کے دونوں بیٹوں ارموؔنی اَور مفِیبوستؔ کو جو اُن کے ہاں شاؤل سے پیدا ہُوئے تھے اَور شاؤل کی لڑکی میربؔ یعنی میکلؔ کے پانچ بیٹوں کو جو اُن کے ہاں عدری ایل بِن برزِلّئیؔ مِحولاتی سے پیدا ہُوئے تھے، لے کر 9گِبعونیوں کے حوالہ کیا جنہوں نے اُنہیں قتل کرکے یَاہوِہ کے آگے ایک پہاڑی پر لٹکا دیا۔ وہ ساتوں ایک ساتھ مَرے۔ اُنہیں فصل کاٹنے کے دِنوں میں عَین اُس وقت جَب جَو کی فصل کی کٹائی شروع ہو رہی تھی قتل کیا گیا۔
10تَب ایّہؔ کی بیٹی رِصفاہؔ نے ٹاٹ لے کر اُسے اَپنے لیٔے ایک پہاڑی پر بچھا لیا اَور فصل کی کٹائی کے شروع سے لے کر لاشوں پر آسمان سے بارش ہونے تک نہ تو دِن کو پرندوں کو اَور نہ رات کو جنگلی جانوروں کو اُن لاشوں کو چھُونے دیا۔ 11جَب داویؔد کو شاؤل کی داشتہ ایّہؔ کی بیٹی رِصفاہؔ کی اِس حرکت کی خبر مِلی 12تو داویؔد بادشاہ نے جا کر شاؤل اَور اُس کے بیٹے یُوناتانؔ کی ہڈّیاں یبیسؔ گِلعادؔ کے لوگوں سے لے لیں۔ (یبیسؔ گِلعادؔ کے باشِندوں نے اُن ہڈّیوں کو جو بیت شانؔ کے چَوک سے چوری کی گئی تھیں، جہاں فلسطینیوں نے گِلبوعہؔ میں شاؤل کو مارنے کے بعد لٹکا دیا تھا)۔ 13داویؔد، شاؤل اَور اُس کے بیٹے یُوناتانؔ کی ہڈّیوں کو وہاں سے لے آئے اَور جنہیں قتل کیا گیا تھا اُن کی ہڈّیوں کو بھی جو میدان میں بِکھری پڑی تھیں جمع کیا گیا۔
14اَور اُنہُوں نے شاؤل کی اَور اُس کے بیٹے یُوناتانؔ کی ہڈّیوں کو ضِلعؔ میں جو بِنیامین کی سرزمین میں ہے شاؤل کے باپ قیشؔ کی قبر میں دفن کیا اَور بادشاہ نے جو کچھ کرنے کا حُکم دیا تھا اُنہُوں نے کیا اَور اِس کے بعد خُدا نے اُس دعا کو سُن لیا جو اُس مُلک کے حق میں مانگی گئی تھی۔
فلسطینیوں کے خِلاف جنگ
15اَور فلسطینیوں اَور اِسرائیلیوں کے درمیان ایک دفعہ پھر جنگ چھِڑ گئی اَور داویؔد اَپنے آدمیوں کو لے کر فلسطینیوں سے لڑنے کے لیٔے گئے اَور لڑتے لڑتے تھک گئے۔ 16اَور اِشبی بنوبؔ جو رافاؔ#21‏:16 رافاؔ یعنی دیو قامت کی نَسل سے تھا اَور جِس کے نیزے کے کانسے کا پھل وزن میں تین سَو ثاقل#21‏:16 تین سَو ثاقل تقریباً ساڑھے 3 کِلو تھا اَورجو نئی تلوار سے مُسلّح تھا کہنے لگاکہ وہ داویؔد کو قتل کرےگا۔ 17لیکن ضرویاہؔ کا بیٹا ابیشائی داویؔد کے بچانے کے لیٔے بروقت پہُنچ گیا۔ اُس نے اُس فلسطینی کو مار گرایا اَور اُسے قتل کر دیا۔ تَب داویؔد کے آدمیوں نے قَسم کھا کر اُس سے کہا، ”تُم پھر کبھی ہمارے ساتھ لڑائی پر نہیں جاؤگے تاکہ اِسرائیل کا چراغ بُجھنے نہ پایٔے۔“
18اِسی دَوران گوبؔ میں فلسطینیوں کے ساتھ ایک اَور لڑائی ہُوئی تَب سِبّکائی حُوشاتی نے سافؔ کو قتل کیا جو رافاؔ کی نَسل سے تھا۔
19گوبؔ میں ہی فلسطینیوں کے ساتھ ایک اَور جنگ میں اِلحنانؔ بِن یارِ اُورگیم نے جو بیت لحمؔ کا تھا گِتّی گولیتؔ کے بھایٔی کو قتل کیا جِس کے نیزے کی چھڑ جُلاہے کے شہتیر کی طرح تھی۔
20ایک اَور جنگ میں بھی جو گاتؔھ میں ہُوئی ایک بڑا قدآور آدمی تھا جِس کے ہر ہاتھ اَور ہر پاؤں کی چھ چھ اُنگلیاں تھیں یعنی کُل چوبیس تھیں۔ وہ بھی کسی رافاؔ کی نَسل سے تھا۔ 21جَب اُس نے اِسرائیلیوں کو بُرا بھلا کہا تو داویؔد کے بھایٔی شِمعہؔ کے بیٹے یُوناتانؔ نے اُسے قتل کر دیا۔
22یہ چاروں گاتؔھ میں رافاؔ کی نَسل سے تھے اَور داویؔد اَور اُس کے آدمیوں کے ہاتھوں مارے گیٔے۔

موجودہ انتخاب:

2 شموایلؔ 21: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in