2 شموایلؔ 2
2
داویؔد کا بطور یہُودیؔہ بادشاہ مَسح کیاجانا
1اِسی اَثنا میں داویؔد نے یَاہوِہ سے پُوچھا، ”کیا میں یہُودیؔہ کے شہروں میں سے کسی میں جا بسُوں؟“
یَاہوِہ نے فرمایا، ”جا۔“
داویؔد نے پُوچھا، ”کس شہر میں؟“
یَاہوِہ نے جَواب دیا، ”حِبرونؔ میں۔“
2لہٰذا داویؔد اَپنی دونوں بیویوں یزرعیلؔ کی احِینوعمؔ اَور کرمِلؔ کے نابالؔ کی بِیوہ ابیگیلؔ کے ہمراہ وہاں چلا گیا۔ 3اَور داویؔد اُن آدمیوں کو بھی جو اُس کے ساتھ تھے اُن کے خاندانوں سمیت وہاں سے لے گیا اَور وہ حِبرونؔ اَور اُس کے قصبوں میں بس گیٔے۔ 4تَب بنی یہُوداہؔ کے لوگ آئے اَور وہاں اُنہُوں نے داویؔد کو مَسح کرکے یہُوداہؔ کے قبیلہ کا بادشاہ بنا دیا۔
جَب داویؔد کو بتایا گیا کہ یہ یبیسؔ گِلعادؔ کے لوگ تھے جنہوں نے شاؤل کو دفن کیا تھا 5تو داویؔد نے یبیسؔ گِلعادؔ کے لوگوں کے پاس اُنہیں یہ کہنے کے لیٔے قاصِد بھیجے کہ، ”تُم نے اَپنے آقا شاؤل کو دفن کرکے جِس مہربانی کا اِظہار کیا ہے اُس کے لیٔے یَاہوِہ تُمہیں برکت بخشیں، 6یَاہوِہ تمہارے ساتھ مہربانی اَور وفاداری کریں اَور مَیں بھی تمہارے ساتھ وَیسی ہی مہربانی کروں گا کیونکہ تُم نے یہ نیک کام کیا ہے۔ 7لہٰذا اَب طاقتور اَور دِلیر بنو کیونکہ تمہارا آقا شاؤل مَر گیا ہے اَور یہُوداہؔ کے گھرانے نے مُجھے مَسح کرکے اَپنا بادشاہ بنایا ہے۔“
داویؔد اَور شاؤل کے گھرانوں میں جنگ
8اِس اَثنا میں ابنیرؔ بِن نیرؔ نے جو شاؤل کی فَوج کا سپہ سالار تھا، شاؤل کے بیٹے اِشبوستؔ کو ساتھ لیا اَور اُسے محنایمؔ میں لے آیا 9اَور اُسے گِلعادؔ، اشُوری، یزرعیلؔ اَور اِفرائیمؔ، بِنیامین اَور تمام اِسرائیل کا بادشاہ بنایا۔
10شاؤل کا بیٹا اِشبوستؔ چالیس بَرس کی عمر میں اِسرائیل کا بادشاہ بنا اَور اُس نے دو بَرس حُکمرانی کی۔ مگر یہُوداہؔ کا قبیلہ داویؔد کا مطیع رہا۔ 11داویؔد حِبرونؔ میں یہُوداہؔ کے گھرانے پر سات سال چھ مہینے تک بادشاہی کرتا رہا۔
12اَور ابنیرؔ بِن نیرؔ اَور اِشبوستؔ بِن شاؤل کے خادِم محنایمؔ کو خیرباد کہہ کر گِبعونؔ کو گیٔے 13اَور یُوآبؔ بِن ضرویاہؔ اَور داویؔد کے آدمی نکلے اَور گِبعونؔ کے تالاب پر اُن سے ملے۔ ایک فریق تالاب کے ایک طرف بیٹھ گیا اَور دُوسرا دُوسری طرف۔
14تَب ابنیرؔ نے یُوآبؔ سے کہا، ”کہ آؤ ہم چند جَوانوں کو چُن لیں جو ہمارے سامنے ایک دُوسرے سے لڑیں۔“
یُوآبؔ نے کہا، ”کہ ٹھیک ہے۔ اُنہیں اَیسا ہی کرنے دو۔“
15پس وہ جَوان کھڑے ہو گئے اَور اُن کی گِنتی کی گئی تو بَارہ آدمی بِنیامین اَور اِشبوستؔ بِن شاؤل کی طرف سے اَور بَارہ آدمی داویؔد کی طرف سے تھے۔ 16تَب ہر ایک آدمی نے اَپنے اَپنے مُخالف کو سَر سے پکڑکر اَپنی تلوار اُس کے پہلو میں گھونپ دی اَور وہ ایک ساتھ گِر پڑے۔ اِس لیٔے گِبعونؔ میں اُس جگہ کو حِلقتؔ ہصّورِیمؔ#2:16 حِلقتؔ ہصّورِیمؔیعنی خنجر کا نام دیا گیا۔
17اَور اُس دِن بڑی سخت لڑائی ہُوئی جِس میں ابنیرؔ اَور اِسرائیل کے آدمیوں نے داویؔد کے آدمیوں سے شِکست کھائی۔
18اَور ضرویاہؔ کے تینوں بیٹے یُوآبؔ، ابیشائی اَور عساہیلؔ وہاں مَوجُود تھے۔ عساہیلؔ جنگلی ہِرن کی مانند سُبک پا تھا۔ 19اَور عساہیلؔ نے ابنیرؔ کا پیچھا کیا اَور اُس کا تعاقب کرتے ہُوئے داہنے یا بائیں ہاتھ نہ مُڑا۔ 20تَب ابنیرؔ نے اَپنے پیچھے کی طرف دیکھ کر، ”پُوچھا کہ اَے عساہیلؔ! کیا تُم ہو؟“
اُس نے جَواب دیا، ”ہاں۔“
21تَب ابنیرؔ نے اُس سے کہا، ”کہ داہنے یا بائیں، ایک طرف مُڑ جا اَور جَوانوں میں سے کسی کو پکڑکر اُس کے ہتھیار چھین لے۔“ لیکن عساہیلؔ نے اُس کا تعاقب کرنا نہ چھوڑا۔
22ابنیرؔ نے عساہیلؔ کو پھر مُتنبّہ کیا کہ، ”میرا پیچھا کرنا بند کر! اگر مَیں تُجھے مار گراؤں گا تو پھر تیرے بھایٔی یُوآبؔ کو کیا مُنہ دِکھا سکوں گا؟“
23لیکن عساہیلؔ تعاقب سے باز نہ آیا۔ تَب ابنیرؔ نے اَپنے نیزے کا بٹ اُس کے پیٹ میں گھونپ دیا اَور وہ اُس کی پیٹھ کے آرپار نکل گیا۔ چنانچہ وہ گرا اَور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ اَورجو آدمی اُس جگہ آیا جہاں عساہیلؔ گرا اَور مَرا تھا وہ وہیں رُک گیا۔
24لیکن یُوآبؔ اَور ابیشائی نے ابنیرؔ کا تعاقب کیا اَور جَب سُورج غروب ہو رہاتھا تو وہ کوہِ امّہؔ کے پاس پہُنچے جو گیاحؔ کے قریب گِبعونؔ کی بنجر زمین کی راہ پر ہے۔ 25اَور بِنیامین کے لوگ ایک بار پھر ابنیرؔ کے پیچھے جمع ہو گئے اَور اُنہُوں نے ایک دستہ کی صورت میں ایک پہاڑی کی چوٹی پر اَپنا مورچہ قائِم کر لیا۔
26تَب ابنیرؔ نے یُوآبؔ کو پُکار کر کہا، ”کیا یہ ضروُری ہے کہ تلوار اَبد تک ہلاک کرتی رہے؟ کیا تُم نہیں جانتے کہ اِس کا اَنجام کس قدر تلخ ہوگا؟ تُم اَپنے آدمیوں کو کب حُکم دوگے کہ اَپنے بھائیوں کا تعاقب کرنے سے باز آئیں؟“
27یُوآبؔ نے جَواب دیا، ”زندہ خُدا کی قَسم، اگر تُم زبان نہ کھولتے تو یہ آدمی صُبح تک اَپنے بھائیوں کا تعاقب جاری رکھتے۔“
28لہٰذا یُوآبؔ نے نرسنگا پھُونکا اَور سَب آدمی رُک گیٔے اَور پھر اُنہُوں نے اِسرائیل کا تعاقب نہ کیا اَور نہ اُن سے لڑے۔
29ابنیرؔ اَور اُس کے آدمی ساری رات عراباہؔ کے میدان میں چلتے رہے اَور دریائے یردنؔ کو پار کرکے بِترونؔ سے گزرتے ہُوئے محنایِمؔ کو آئے۔
30اَور یُوآبؔ نے ابنیرؔ کے تعاقب سے لَوٹ کر اَپنے تمام آدمیوں کو جمع کیا تو عساہیلؔ کے علاوہ داویؔد کے اُنّیس آدمی غائب تھے۔ 31لیکن داویؔد کے آدمیوں نے بنی بِنیامین کے تین سَوساٹھ آدمیوں کو جو ابنیرؔ کے ساتھ تھے مار گرایا۔ 32اُنہُوں نے عساہیلؔ کو اُٹھاکر بیت لحمؔ میں اُس کے باپ کی قبر میں دفن کر دیا اَور یُوآبؔ اَور اُس کے آدمی رات بھرکے سفر کے بعد صُبح سویرے حِبرونؔ جا پہُنچے۔
موجودہ انتخاب:
2 شموایلؔ 2: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.