YouVersion Logo
تلاش

2 سلاطین 8

8
شُونمیت کو اُس کی زمین کا واپس دیا جانا
1اَور جِس عورت کے بیٹے کو الِیشعؔ نے زندہ کیا تھا اُنہُوں نے اُسے حُکم دیا تھا، ”اَپنے خاندان کو لے کر یہاں سے کسی دُوسری جگہ روانہ ہو جاؤ کیونکہ یَاہوِہ نے مُلک میں قحط بھیجنے کا فرمان جاری کیا ہے جو اِس مُلک میں سات سال تک رہے گا۔“ 2تَب اُس عورت نے مَرد خُدا کے حُکم کے مُطابق عَمل کیا اَور وہ اَپنے خاندان کے ساتھ جا کر سات سال تک فلسطینیوں کے مُلک میں رہی۔
3اَور سات سال پُورے ہونے پر وہ عورت اَپنے خاندان کے ساتھ فلسطینیوں کے مُلک سے لَوٹ آئی اَور اَپنے گھر اَور اَپنی زمین کی بحالی کی اِلتجا لے کر بادشاہ کے پاس گئی۔ 4اُس وقت بادشاہ مَرد خُدا کے خادِم گیحازیؔ سے باتیں کر رہے تھے اَور بادشاہ نے پُوچھا، ”مُجھ سے اُن سَب عظیم کاموں کا بَیان کرو جو الِیشعؔ نے کئے ہیں۔“ 5اَور گیحازیؔ جَب بادشاہ کو یہ بتا رہاتھا کہ کس طرح الِیشعؔ نے مُردہ لڑکے کو زندہ کیا عَین اُسی وقت پر وُہی عورت جِس کے بیٹے کو الِیشعؔ نے زندہ کیا تھا اَپنے گھر اَور اَپنی زمین کی بحالی کی اِلتجا لے کر بادشاہ کے پاس آئی۔
گیحازیؔ نے کہا، ”میرے مالک بادشاہ یہی وہ عورت ہے اَور یہی اُس کا بیٹا ہے جِس کو الِیشعؔ نے زندہ کیا تھا۔“ 6تَب بادشاہ نے اُس عورت سے دریافت کیا کہ کیا یہ بات سچ ہے، تَب اُس عورت نے بادشاہ کو مُکمّل داستان سُنایٔی۔
تَب بادشاہ نے ایک افسر کو اِس حُکم کے ساتھ مُقرّر کر دیا، ”جو کچھ اِس عورت کا تھا وہ سَب کچھ اُسے لَوٹا دیاجایٔے، اَور جِس دِن سے وہ مُلک چھوڑکر گئی تھی، تَب سے لے کر آج تک کی اُس کی زمین کی ساری فصل بھی لَوٹا دو۔“
بِن ہددؔ کا قاتل حزائیلؔ
7اَور الِیشعؔ دَمشق کو روانہ ہویٔے۔ اُس وقت شاہِ ارام بِن ہددؔ بیمار تھا۔ جَب بادشاہ کو اِطّلاع کیا گیا، ”مَرد خُدا یہاں تشریف لایٔے ہیں۔“ 8تَب بادشاہ نے حزائیلؔ کو حُکم دیا، ”اَپنے ساتھ ایک تحفہ لے کر مَرد خُدا سے مُلاقات کرنے جاؤ اَور اُن کی مَعرفت سے یَاہوِہ سے دریافت کرو، ’کیا میں اَپنی اِس بیماری سے شفا پاؤں گا یا نہیں؟‘ “
9چنانچہ حزائیلؔ دَمشق کی نفیس ترین چیزوں سے لدے ہُوئے چالیس اُونٹ کے تحفے ساتھ لے کر الِیشعؔ سے مُلاقات کرنے گیا۔ وہاں پہُنچ کر وہ الِیشعؔ کے سامنے کھڑا ہوکر کہنے لگا، ”آپ کے بیٹے شاہِ ارام بِن ہددؔ نے مُجھے آپ سے یہ دریافت کرنے بھیجا ہے، ’کیا مَیں اَپنی اِس بیماری سے شفا پاؤں گا یا نہیں؟‘ “
10الِیشعؔ نے اُسے جَواب دیا، ”جا کر بادشاہ سے کہنا، ’آپ ضروُر شفا پائیں گے۔‘ لیکن یَاہوِہ نے مُجھ پر یہ ظاہر کیا ہے کہ بادشاہ کی موت یقیناً ہو جایٔےگی۔“ 11تَب الِیشعؔ حَزائیلؔ کی طرف ٹِکٹِکی باندھ کر دیکھتے رہے یہاں تک کہ حَزائیلؔ شرما گیا۔ پھر مَرد خُدا رونے لگے۔
12تَب حزائیلؔ نے دریافت کیا، ”میرے مالک آپ کیوں رو رہے ہیں؟“
الِیشعؔ نے جَواب دیا، ”کیونکہ مَیں جانتا ہُوں کہ تُم کیا بُرا سلُوک بنی اِسرائیل کے ساتھ کروگے۔ تُم اُن کے قلعوں میں آگ لگا دوگے، اُن کے نوجوانوں کو تلوار سے قتل کر دوگے، اَور اُن کے چُھوٹے بچّوں کو زمین پر پٹک دوگے اَور اُن کی حاملہ عورتوں کو چیر ڈالوگے۔“
13حزائیلؔ نے الِیشعؔ سے کہا، ”آپ کا یہ خادِم جو محض ایک کُتّا ہے، میری کیا مجال ہے کہ میں اِس طرح کے کام کو اَنجام دُوں؟“
الِیشعؔ نے جَواب دیا، ”یَاہوِہ نے مُجھ پر ظاہر کیا ہے، تُم ارام کے بادشاہ بنوگے۔“
14تَب حزائیلؔ الِیشعؔ سے رخصت ہوکر اَپنے آقا کے پاس پہُنچا اَور جَب بِن ہددؔ نے دریافت کیا، ”الِیشعؔ نے تُم سے کیا فرمایا؟“ تَب حزائیلؔ نے جَواب دیا ”اُنہُوں نے فرمایاہے کہ آپ ضروُر شفا پائیں گے۔“ 15اگلے دِن حزائیلؔ نے ایک کمبل لیا اَور اُسے پانی میں بھگو کر بادشاہ کے مُنہ پر پھیلا دیا، اَور اُسے وہیں رہنے دیا جَب تک اُس کی موت نہ ہو گئی۔ تَب حزائیلؔ اُس کی جگہ بادشاہ بَن گیا۔
شاہِ یہُودیؔہ یہُورامؔ
16شاہِ اِسرائیل احابؔ کے بیٹے یُورامؔ کے دَورِ حُکومت کے پانچویں سال میں جَب یہُورامؔ بِن یہوشافاطؔ نے بطور شاہِ یہُودیؔہ اَپنی حُکمرانی شروع کی۔ 17یہُورامؔ بتّیس سال کا تھا جَب وہ بادشاہ بنا اَور اُس نے یروشلیمؔ میں آٹھ سال حُکمرانی کی۔ 18اَور وہ شاہانِ بنی اِسرائیل کے نقش قدم پر چلا، اُس نے وُہی کیا جَیسا احابؔ کے خاندان نے کیا تھا؛ کیونکہ اُس نے احابؔ کی بیٹی سے شادی کی تھی۔ چنانچہ یہُورامؔ نے وُہی کیا جو یَاہوِہ کی نظر میں بُرا تھا۔ 19پھر بھی یَاہوِہ اَپنے خادِم داویؔد کی خاطِر یہُوداہؔ کو ہلاک کرنا نہیں چاہتے تھے کیونکہ اُنہُوں نے وعدہ کیا تھا کہ وہ داویؔد اَور اُس کی نَسل کے لیٔے اَبد تک ایک چراغ قائِم رکھیں گے۔
20یہُورامؔ کے زمانہ میں اِدُوم نے یہُوداہؔ کے خِلاف بغاوت کی اَور اَپنے اُوپر ایک بادشاہ مُقرّر کیا۔ 21لہٰذا یہُورامؔ یعنی یُورامؔ اَپنے تمام رتھوں کو ساتھ لے کر ضعِیرؔ پر حملہ کرنے کے لئے روانہ ہُوا۔ لیکن اِدُومیوں نے اُسے اَور اُس کے رتھوں کے سرداروں کو چاروں طرف سے گھیرلیا تھا، لیکن یہُورامؔ نے رات میں اُٹھ کر اِدُومی فَوج پر حملہ کر دیا، مگر یہُورامؔ کی فَوج شِکست کھا کر واپس اَپنے گھر کو فرار ہو گئی۔ 22اَور اِدُوم آج کے دِن تک یہُوداہؔ کی اِطاعت سے منحرف ہے۔ عَین اُسی وقت لِبناہؔ نے بھی بغاوت کر دی تھی۔
23کیا یہُورامؔ کے دَورِ حُکومت کے دیگر واقعات اَور سَب کچھ جو اُس نے کیا وہ یہُوداہؔ کے بادشاہوں کی تواریخ میں درج نہیں ہیں؟ 24جَب یہُورامؔ کی وفات ہوئی، تو اُسے اَپنے آباؤاَجداد کے ساتھ داویؔد کے شہر میں دفن کیا گیا۔ اَور اُس کی جگہ پر اُس کا بیٹا احزیاہؔ بادشاہ بنا۔
احزیاہؔ شاہِ یہُودیؔہ
25یُورامؔ بِن احابؔ شاہِ اِسرائیل کے دَورِ حُکومت کے بارہویں سال میں احزیاہؔ بِن یہُورامؔ شاہِ یہُودیؔہ پر حُکمرانی کرنے لگا۔ 26جَب احزیاہؔ بائیس سال کا تھا جَب وہ بادشاہ بنا اَور اُس نے یروشلیمؔ میں ایک سال حُکمرانی کی۔ اُس کی ماں کا نام عتلیاہؔ تھا جو شاہِ اِسرائیل عُمریؔ کی پوتی تھی۔ 27احزیاہؔ احابؔ کے گھرانے کی راہوں پر چلا، اَور اُس نے وُہی کیا جو یَاہوِہ کی نظر میں بُرا تھا، کیونکہ احزیاہؔ احابؔ کے گھرانے کا داماد تھا۔
28احزیاہؔ یُورامؔ بِن احابؔ کے ساتھ مِل کر شاہِ ارام حزائیلؔ کے خِلاف جنگ کرنے کے لیٔے راموتؔ گِلعادؔ کو گیا۔ اَور ارامی فَوج نے یُورامؔ کو زخمی کر دیا۔ 29لہٰذا اُن زخموں کے علاج کے لیٔے وہ یزرعیلؔ کو لَوٹ گیا۔ جو رامہؔ میں شاہِ حزائیلؔ کے ساتھ جنگ میں اُسے ارامی فَوج کے ہاتھ سے راموتؔ گِلعادؔ کی جنگ میں لگے تھے۔
تَب شاہِ یہُودیؔہ احزیاہؔ بِن یہُورامؔ، یُورامؔ بِن احابؔ کے حالت کا جائزہ لینے یزرعیلؔ گیا کیونکہ یُورامؔ بیمار تھا۔

موجودہ انتخاب:

2 سلاطین 8: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in