2 تواریخ 9
9
ملِکہ شیبا کا شُلومونؔ سے مُلاقات کرنا
1جَب ملِکہ شیبا نے شُلومونؔ کی شہرت سُنی تو وہ مُشکل سوالوں کے ساتھ شُلومونؔ کی حِکمت کا اِمتحان لینے کے لیٔے ایک بہت بڑے قافلے کے ساتھ یروشلیمؔ آئی۔ اُس کے اُونٹوں پر مَسالہ اَور بڑی مقدار میں سونا اَور جواہرات لدے تھے۔ وہ شُلومونؔ کے پاس آئی اَورجو جو باتیں اُس کے دِل میں تھیں اُن سَب کے بارے میں اُس سے گُفتگو کی۔ 2شُلومونؔ نے اُس کے سَب سوالوں کا جَواب دیا کیونکہ اُس کے لیٔے کویٔی بھی سوال اَیسا مُشکل نہ تھا جِس کا وہ جَواب نہ دے سکے۔ 3جَب ملِکہ شیبا نے شُلومونؔ کی دانشمندی کو اَور اُس کے محل کو جو اُس نے تعمیر کروایا تھا، 4اَور اُس کے دسترخوان کے کھانوں کو اَور اُس کے درباریوں کی نشست اَور اُس کے خدمت گار مُلازمین کے لباس کو اَور ساقیوں کو اُن کی پوشاک کو اَور اُس زینے کو جِس سے شُلومونؔ ایک بڑے جلوس کے ساتھ یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں کس طرح داخل ہوتے تھے#9:4 داخل ہوتے تھے کچھ نُسخوں میں شُلومونؔ کس طرح آتِشی قُربانیاں پیش کر رہاتھا تو اُس کے ہوش اُڑ گئے۔
5ملِکہ شیبا نے بادشاہ سے کہا، ”آپ کے عظیم کارناموں اَور دانشمندی کے متعلّق جو خبر مَیں نے اَپنے مُلک میں سُنی تھی وہ حقیقی ہے۔ 6لیکن مَیں نے اُس سُنی ہوئی خبر پر یقین ہی نہیں کیا تھا، جَب تک مَیں نے یہاں آکر اَپنی آنکھوں سے یہ سَب کچھ نہ دیکھ لیا۔ درحقیقت آپ کی حِکمت اِتنی بڑی ہے کہ مُجھے تو اِس کا آدھا حِصّہ بھی نہیں بتایا گیا تھا۔ آپ کی شہرت جو مَیں نے سُنی تھی آپ اُس سے کہیں زِیادہ بڑھ کر ہیں۔ 7خُوش نصیب ہیں آپ کے لوگ اَور آپ کے یہ درباری جو ہمیشہ آپ کے حُضُور میں کھڑے رہتے ہیں اَور آپ کی حِکمت کی باتیں سُنتے ہیں! 8یَاہوِہ آپ کے خُدا کی سِتائش ہو جو آپ سے اَیسا راضی ہُوئے کہ آپ کو اَپنے تخت پر تخت نشین کیا تاکہ آپ یَاہوِہ اَپنے خُدا کی طرف سے بادشاہ ہوں۔ چونکہ آپ کے خُدا کو بنی اِسرائیل سے مَحَبّت تھی کہ اُنہیں ہمیشہ کے لیٔے قائِم کریں، اِس لیٔے اُنہُوں نے آپ کو اُن کا بادشاہ بنایا تاک آپ عدل اَور راستی کو بحال رکھیں۔“
9پھر ملِکہ شیبا نے بادشاہ کو ایک سَو بیس تالنت#9:9 ایک سَو بیس تالنت تقریباً چار ہزار کِلو سونا، بڑی مقدار میں مَسالے اَور جواہرات تحفہ میں دئیے اَورجو مَسالے ملِکہ شیبا نے شُلومونؔ کو دئیے وہ اُنہیں پہلے کبھی مُیسّر نہ ہُوئے تھے۔
10(اَور اِس کے علاوہ حِیرامؔ کے مُلازمین اَور شُلومونؔ کے مُلازمین اوفیرؔ سے سونا لایٔے اَور وہ وہاں سے لال صندل کی لکڑی اَور جواہرات بھی لایٔے۔ 11اَور بادشاہ نے صندل کی لکڑی سے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کے لیٔے اَور اَپنے محل کے لیٔے چبُوترے اَور موسیقاروں کے لیٔے بربط اَور سِتار تیّار کروائے؛ اَور اَیسی چیزیں یہُوداہؔ کے مُلک میں پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آئی تھیں۔)
12پھر شُلومونؔ بادشاہ نے ملِکہ شیبا کو جو کچھ اُس نے خواہش کی اَور مانگا، اُس سے زِیادہ جو وہ بادشاہ کے لئے لائی تھی مُہیّا کیا، تَب وہ اَپنے قافلے کے ساتھ اَپنے مُلک کو واپس چلی گئی۔
شُلومونؔ کی شان و شوکت
13اُس سونے کا وزن جو شُلومونؔ کو ہر سال دستیاب ہوتا تھا جو چھ سَو چھیاسٹھ تالنت#9:13 چھ سَو چھیاسٹھ تالنت تقریباً تئیس ہزار کِلو تھا۔ 14اَور یہ اُس کے علاوہ تھا جو تاجر اَور سوداگر لاتے تھے۔ اَور عربؔ کے سَب بادشاہ اَور مُلک کے حاکم بھی شُلومونؔ کے پاس سونا اَور چاندی لاتے تھے۔
15اَور شُلومونؔ بادشاہ نے گڑھے ہویٔے سونے کی دو سَو بڑی ڈھالیں بنوائیں۔ ایک ایک ڈھال میں چھ سَو ثاقل#9:15 چھ سَو ثاقل تقریباً سات کِلو گھڑا ہُوا سونا لگا تھا۔ 16اَور اُس نے گڑھے ہویٔے سونے کی تین سَو چُھوٹی ڈھالیں بھی بنوائیں۔ اَور ہر ایک ڈھال میں تقریباً ساڑھے تین کِلو سونا لگا تھا۔ اَور بادشاہ نے اُنہیں اَپنے لبانونؔ کے جنگل کے محل میں رکھوا دیا۔
17پھر بادشاہ نے ہاتھی دانت کا ایک بڑا تخت بنوایا اَور اُس پر خالص سونا منڈھوایا۔ 18اَور اِس تخت کی چھ سیڑھیاں تھیں اَور سونے کا ایک پائدان بھی تخت سے جُڑا ہُوا تھا۔ اَور بیٹھنے کی جگہ کے دونوں طرف بازو کے لیٔے ایک ایک ٹیک بنی تھی۔ اَور اُنہیں ٹیک سے لگ کر دونوں طرف ایک ایک شیرببر گڑھے ہُوئے کھڑے تھے۔ 19اَور اُن چھ سِیڑھیوں کے اِدھر اُدھر بَارہ شیرببر گڑھے ہُوئے کھڑے تھے۔ اَیسا تخت کسی اَور مملکت میں کبھی نہیں تعمیر ہُوا تھا۔ 20اَور شُلومونؔ بادشاہ کے پینے کے سَب برتن سونے کے تھے۔ اَور لبانونؔ کے جنگل کے محل میں اِستعمال کیٔے جانے والے تمام برتن بھی خالص سونے کے تھے۔ چاندی کا کچھ بھی بنا ہُوا نہ تھا کیونکہ شُلومونؔ کے دَورِ حُکومت میں چاندی کی کویٔی قدر نہ تھی۔ 21بادشاہ کے پاس تجارتی جہازوں کا ایک بحری بیڑا بھی تھا جِس کے جہاز بادشاہ کوچک حِیرامؔ کے آدمی تھے۔ اَور ہر تین سال بعد ترشیشؔ کے یہ جہاز سونا، چاندی اَور ہاتھی دانت، بندر اَور لنگور لے کر آتے تھے۔
22شُلومونؔ بادشاہ کو دولت اَور حِکمت کے لحاظ سے رُوئے زمین کے تمام بادشاہوں پر فوقیت حاصل تھی۔ 23اَور رُوئے زمین کے سَب بادشاہ شُلومونؔ کی خدمت میں شرف باریابی چاہتے تھے تاکہ وہ اُن حِکمت کی باتوں کو سُنیں جو خُدا نے اُن کے دِل میں ڈالی تھیں۔ 24اَور سال بسال اُن کا دیدار کرنے والے اَپنے ساتھ اَپنا اَپنا ہدیہ یعنی چاندی اَور سونے کی اَشیا، پوشاک، ہتھیار اَور مَسالے، گھوڑے اَور خچّر لے کر آیا کرتے تھے۔
25اَور شُلومونؔ کے پاس گھوڑوں اَور رتھوں کے لیٔے چار ہزار اصطبل اَور بَارہ ہزار سوار تھے جنہیں بادشاہ رتھوں کے شہروں میں اَور یروشلیمؔ میں اَپنے پاس بھی رکھتے تھے۔ 26اَور وہ دریائے فراتؔ سے لے کر فلسطینیوں کے مُلک تک جہاں کہ مِصر کی سرحد شروع ہوتی ہے تمام بادشاہوں پر حُکمران تھے۔ 27اَور بادشاہ نے یروشلیمؔ میں چاندی کو پتّھروں کی مانند عام کر دیا، اَور دیودار کو دامن کوہِ کے گُولر کے درختوں کو اَنجیر کے درختوں کی طرح فراواں کر دیا۔ 28اَور شُلومونؔ کے گھوڑے مِصر اَور دیگر ممالک سے گھوڑے درآمد کئے جاتے تھے۔
شُلومونؔ کی وفات
29شُلومونؔ کے دَورِ حُکومت کے شروع سے لے کر آخِر تک کے دیگر واقعات، کیا ناتنؔ نبی کی کِتاب، شیلوہؔ کے نبی اخیاہؔ کی نبُوّت اَور عِدّوؔ غیب بین کی رُویتوں میں جو یرُبعامؔ بِن نباطؔ سے متعلّق تھیں مندرج نہیں ہیں؟ 30شُلومونؔ نے یروشلیمؔ میں تمام بنی اِسرائیل پر چالیس سال حُکمرانی کی۔ 31پھر شُلومونؔ اَپنے آباؤاَجداد کے ساتھ سو گیٔے اَور اَپنے باپ داویؔد کے شہر میں دفن کیٔے گیٔے اَور اُن کا بیٹا رحُبعامؔ بطور بادشاہ اُن کا جانشین ہُوا۔
موجودہ انتخاب:
2 تواریخ 9: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
![None](/_next/image?url=https%3A%2F%2Fimageproxy.youversionapi.com%2F58%2Fhttps%3A%2F%2Fweb-assets.youversion.com%2Fapp-icons%2Fur.png&w=128&q=75)
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.