2 تواریخ 29
29
حِزقیاہؔ کا بیت المُقدّس کو پاکیزہ کرنا
1حِزقیاہؔ پچّیس سال کا تھا جَب وہ بادشاہ بنا اَور اُس نے یروشلیمؔ میں اُنتیس سال حُکمرانی کی۔ اُس کی ماں کا نام ابیّاہؔ تھا جو زکریاؔہ کی بیٹی تھی۔ 2اُس نے وُہی کیا جو یَاہوِہ کی نظر میں دُرست تھا جَیسے اُس کے آباؤاَجداد داویؔد نے کیا تھا۔
3اَپنے دَورِ حُکومت کے پہلے سال کے پہلے مہینے میں اُس نے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کے دروازے کھولے اَور اُن کی مرمّت کروائی۔ 4اَور کاہِنوں اَور لیویوں کو اَندر لایا اَور اُنہیں مشرق کی جانِب میدان میں جمع کیا۔ 5اَور فرمایا: ”اَے بنی لیوی، میری سُنو! اَب اَپنے آپ کو پاک کرو اَور یَاہوِہ اَپنے آباؤاَجداد کے خُدا یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کو پاک کرو اَور پاک مَقدِس سے تمام ناپاکی کو دُور کرو۔ 6ہمارے آباؤاَجداد دغاباز ثابت ہُوئے، اُنہُوں نے یَاہوِہ ہمارے خُدا کی نظر میں بُرائی کی اَور اُسے ترک کر دیا۔ اُنہُوں نے یَاہوِہ کی قِیام گاہ کی طرف سے اَپنے مُنہ پھیر لیٔے اَور اَپنی پیٹھ اُن کی طرف کر دی۔ 7اُنہُوں نے برامدے کے دروازے بھی بند کر دئیے اَور چراغوں کو بُجھا دیا۔ اُنہُوں نے پاک مَقدِس میں بنی اِسرائیل کے خُدا کے حُضُور میں نہ تو بخُور جَلایا اَور نہ ہی سوختنی نذریں گذرانیں۔ 8اِس لیٔے یَاہوِہ کا قہر یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ پر نازل ہُواہے اَور خُدا نے اُنہیں مُصیبت، دہشت اَور حیرت کے سُپرد کر دیا ہے جَیسا کہ تُم خُود اَپنی آنکھوں سے دیکھ سکتے ہو۔ 9یہی وجہ ہے کہ ہمارے آباؤاَجداد تلوار سے مارے گیٔے اَور ہمارے بیٹے، بیٹیاں اَور ہماری بیویاں اسیری میں ہیں۔ 10اَب میرا اِرادہ ہے کہ میں یَاہوِہ اِسرائیل کے خُدا کے ساتھ عہد باندھوں تاکہ اُن کا قہر شدید ہم پر سے ٹل جائے۔ 11میرے بیٹوں! اَب لاپروائی نہ کرو کیونکہ یَاہوِہ نے تُمہیں اَپنے حُضُور میں کھڑا ہونے، خدمت کرنے، خدمت کی ترتیب اَدا کرنے اَور بخُور جَلانے کے لیٔے مُنتخب کیا ہے۔“
12تَب جو لیوی یہ خدمت اَنجام دینے کے لیٔے کمربستہ ہُوئے وہ یہ ہیں:
قُہاتیوں میں سے:
ماحاتھؔ بِن عماسیؔ اَور یُوایلؔ بِن عزریاہؔ؛
اَور بنی مِراریؔ میں سے:
قیشؔ بِن عبدی اَور عزریاہؔ بِن یہللِئیلؔ؛
اَور بنی گیرشون میں سے:
یُوآخؔ بِن زِمّہؔ اَور عدنؔ بِن یُوآخؔ۔
13اَور بنی اِلیضفنؔ میں سے:
شِمریؔ اَور یعی ایل؛
اَور بنی آسفؔ میں سے:
زکریاؔہ اَور متّنیاہؔ؛
14اَور بنی ہیمانؔ میں سے:
یحی ایل اَور شِمعیؔ؛
اَور بنی یدُوتونؔ میں سے:
شمعیاہؔ اَور عُزّی ایل۔
15جَب وہ اَپنے بھائیوں کو جمع کرکے اَپنے آپ کو پاک کر چُکے تو وہ یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کو پاک کرنے کے لیٔے اَندر گیٔے جَیسا کہ بادشاہ نے یَاہوِہ کے کلام کی پیروی کرتے ہُوئے اُنہیں حُکم دیا تھا۔ 16اَور کاہِنؔ یَاہوِہ کے پاک مَقدِس کو پاک کرنے کے لیٔے اُس کے اَندر گیٔے اَور یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں جو بھی ناپاک چیز اُنہیں مِلی وہ اُسے باہر یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کے صحن میں لے آئے اَور لیویوں نے اُسے جمع کیا اَور اُٹھاکر باہر قِدرُونؔ کی وادی کو لے گیٔے۔ 17اُنہُوں نے پہلے مہینے کی پہلی تاریخ کو تقدیس کا کام شروع کیا اَور مہینے کی آٹھویں تاریخ تک وہ یَاہوِہ کے برامدے تک پہُنچ گیٔے۔ اَور مزید آٹھ روز تک اُنہُوں نے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کی ہی تقدیس کی اَور وہ پہلے مہینے کی سولہ تاریخ کو اِس کام سے فارغ ہو گئے۔
18تَب وہ محل میں حِزقیاہؔ بادشاہ کے پاس گیٔے اَور اُسے اِطّلاع دی: ”ہم نے یَاہوِہ کے سارے بیت المُقدّس، سوختنی نذر کی قُربانیوں کے مذبح اَور اُس کے برتنوں اَور نذر کی روٹیوں کی میز اَور اُس کے تمام ظروف کو پاک کر دیا ہے۔ 19اَور اِس کے علاوہ وہ ظروف جنہیں آحازؔ بادشاہ نے اَپنے عہدِ سلطنت میں خُدا سے دغابازی کے باعث ردّ کر دیا تھا، ہم نے اُنہیں اِستعمال کرنے کے لائق تیّار کرکے اُنہیں پاک کر دیا ہے۔ اَب وہ یَاہوِہ کے مذبح کے سامنے مَوجُود ہیں۔“
20اگلے دِن سویرے ہی حِزقیاہؔ بادشاہ نے شہر کے اُمرا کو جمع کیا اَور یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کی طرف روانہ ہُوا۔ 21وہ سات بَیل، سات مینڈھے، سات نر برّے اَور سات بکرے مملکت کے لیٔے، پاک مَقدِس کے لیٔے اَور یہُوداہؔ کے لیٔے گُناہ کی قُربانی کے طور پر لایٔے اَور بادشاہ نے کاہِنوں کو یعنی بنی اَہرونؔ کو اُنہیں یَاہوِہ کے مذبح پر قُربانی کرنے کا حُکم دیا۔ 22لہٰذا اُنہُوں نے بَیلوں کو ذبح کیا اَور کاہِنوں نے اُن کا خُون لے کر مذبح پر چھِڑکا۔ پھر اُنہُوں نے مینڈھوں کو ذبح کیا اَور اُن کا خُون مذبح پر چھِڑکا۔ پھر اُنہُوں نے برّوں کو ذبح کیا اَور اُن کا خُون مذبح پر چھِڑکا۔ 23پھر گُناہ کی قُربانی کے بکرے بادشاہ اَور جماعت کے سامنے لایٔے گیٔے اَور اُنہُوں نے اَپنے ہاتھ اُن پر رکھّے۔ 24پھر کاہِنوں نے بکروں کو ذبح کیا اَور تمام بنی اِسرائیل کا کفّارہ دینے کے لیٔے اُن کا خُون گُناہ کی قُربانی کے لیٔے مذبح پر چھِڑکا کیونکہ بادشاہ نے حُکم دیا تھا کہ تمام بنی اِسرائیل کے لیٔے سوختنی نذریں اَور خطا کی قُربانیاں گذرانی جایٔیں۔
25اَور اِس کے بعد حِزقیاہؔ نے داویؔد اَور بادشاہ کے غیب بین گادؔ اَور ناتنؔ نبی کے حُکم کے مُطابق لیویوں کو جھانجھ، سِتار اَور بربط کے ساتھ یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں مامُور کیا اَور یہ یَاہوِہ کا حُکم تھا جو یَاہوِہ نے اَپنے نبیوں کی مَعرفت دیا تھا۔ 26لہٰذا لیوی داویؔد کے سازوں کو اَور کاہِنؔ اَپنے نرسنگوں کو لیٔے ہُوئے تیّار کھڑے تھے۔
27حِزقیاہؔ نے مذبح پر سوختنی نذر گذراننے کا حُکم دیا اَور جَب سوختنی نذر گذراننا شروع ہُوئی تو شاہِ اِسرائیل داویؔد کے سازوں اَور نرسنگوں کے ساتھ یَاہوِہ کے لیٔے نغمہ سرائی کی۔ 28اَور ساری جماعت عبادت میں مشغُول تھی، گانے والے نغمہ گا رہے تھے اَور نرسنگے پھُونکنے والے نرسنگے پھُونک رہے تھے۔ یہ سَب اُس وقت تک قائِم تھا جَب تک کہ سوختنی نذر کی قُربانیوں کے گذراننے کا کام مُکمّل نہ ہو گیا۔
29اَور جَب سوختنی نذریں پیش کی جا چُکیں تو بادشاہ اَور سَب لوگوں نے جو اُس کے ساتھ مَوجُود تھے جھُک کر سَجدہ کیا۔ 30پھر حِزقیاہؔ بادشاہ اَور اُس کے اہلکاروں نے لیویوں کو حُکم دیا کہ داویؔد اَور آسفؔ غیب بین کے نغمہ گا کر یَاہوِہ کی حَمد کریں۔ لہٰذا اُنہُوں نے خُوشی سے مدح سرائی کی اَور اَپنے سَر جُھکائے اَور سَجدہ کیا۔
31پھر حِزقیاہؔ نے فرمایا، ”اَب تُم نے اَپنے آپ کو یَاہوِہ کے لیٔے پاک کر لیا ہے؛ اِس لئے قریب آکر یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں قُربانیاں اَور شُکر گزاری کی نذریں لاؤ۔“ لہٰذا جماعت قُربانیاں اَور شُکر گزاری کے لیٔے نذرانے لائی اَور وہ سَب خُوش دِلی کے ساتھ سوختنی نذریں لایٔے۔
32جو سوختنی نذریں جماعت لائی اُن کی تعداد یہ تھی: ستّر بَیل، ایک سَو مینڈھے اَور دو سَو نر برّے، یہ تمام یَاہوِہ کے حُضُور آتِشی قُربانیوں کے لیٔے تھے۔ 33اَور وہ جانور جو قُربانیوں کے لیٔے مُقدّس کئے گیٔے تھے اُن کی تعداد یہ تھی: چھ سَو بَیل، تین ہزار بھیڑیں اَور بکریاں۔ 34مگر کاہِنؔ سوختنی نذر کے سارے جانوروں کی کھالیں اُتارنے کے لیٔے کافی نہ تھے۔ لہٰذا اُن کے رشتہ دار لیویوں نے اُن کی مدد کی جَب تک کہ کام ختم نہ ہو گیا اَور دیگر کاہِنوں کی تقدیس نہ ہو گئی کیونکہ لیوی اَپنی تقدیس کے بارے میں کاہِنوں کی بہ نِسبت زِیادہ دیانتدار تھے۔ 35سوختنی نذریں بڑی کثرت سے تھیں اَور اُن کے ساتھ سلامتی کی نذروں کی چربی اَور سوختنی نذروں کے تپاون بھی تھے۔
لہٰذا یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں خدمت کی ترتیب پھر سے شروع ہو گئی۔ 36اَور حِزقیاہؔ اَور تمام لوگ بڑی خُوشی منانے لگے کیونکہ خُدا نے بغیر کسی تاخیر کے اَپنے بیت المُقدّس میں سارے ضروُری کاموں کو پھر سے بحال کر دیا تھا۔
موجودہ انتخاب:
2 تواریخ 29: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.