YouVersion Logo
تلاش

2 تواریخ 2

2
بیت المُقدّس کی تعمیر کے لیٔے تیّاریاں
1اَور شُلومونؔ نے یَاہوِہ کے نام کے لیٔے ایک بیت المُقدّس اَور اَپنے لیٔے ایک محل تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا۔ 2شُلومونؔ نے ستّر ہزار آدمی بطور بردار اَور اسّی ہزار آدمی پہاڑوں میں پتّھر کاٹنے کے لیٔے اَور تین ہزار چھ سَو آدمی اُن پر نِگرانی کے لیٔے مُنتخب کئے۔
3اَور شُلومونؔ نے صُورؔ کے بادشاہ حِیرامؔ کو یہ پیغام بھیجا:
”جَیسے آپ نے میرے باپ داویؔد کے لئے دیودار کی لکڑی بھیجی تھی تاکہ وہ اَپنے لیٔے ایک محل کی تعمیر کرا سکیں، وَیسے ہی دیودار کی لکڑی مُجھے بھی بھیجیں۔ 4کیونکہ اَب مَیں یَاہوِہ اَپنے خُدا کے نام کے لیٔے ایک بیت المُقدّس تعمیر کرنے والا ہُوں تاکہ اُن کے لئے مخصُوص کروں اَور اُن کے آگے خُوشبودار مَسالے کا بخُور جَلاؤں اَور وہ سَبتوں، نئے چاندوں اَور یَاہوِہ ہمارے خُدا کی مُقرّرہ عیدوں پر دائمی نذر کی روٹی اَور صُبح اَور شام کی سوختنی نذروں کے لئے ہو کیونکہ یہ اِسرائیل کے لیٔے دائمی فرمان ہے۔
5”اَور وہ بیت المُقدّس جو میں تعمیر کرنے کو ہُوں عظیمُ الشّان ہوگا کیونکہ ہمارے خُدا دیگر سَب معبُودوں سے عظیم ہیں۔ 6لیکن کون ہے جو اُن کے لیٔے بیت المُقدّس تعمیر کر سکے؟ وہ آسمان بَلکہ سَب سے اُونچے آسمانوں میں بھی سما نہیں سکتے۔ تو اَچھّا مَیں کون ہُوں جو اُن کے حُضُور آتِشی قُربانیاں گذراننے کے سِوا کسی اَور خیال سے اُن کے لیٔے بیت المُقدّس تعمیر کر سکوں؟
7”اِس لیٔے میرے پاس ایک اَیسا آدمی بھیجیں جو سونے اَور چاندی، کانسے اَور لوہے اَور اَرغوانی، قِرمزی اَور نیلے کپڑے کے کام میں ماہر ہو اَور فن نقّاشی کا بھی تجربہ رکھتا ہو، تاکہ وہ یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ میں میرے ماہر کاریگروں کے ساتھ کام کرے جنہیں میرے باپ داویؔد نے مُقرّر کیا ہے۔
8”اَور لبانونؔ سے دیودار، صنوبر اَور صندل کے لٹّھے بھی مُجھے بھیجیں کیونکہ مَیں جانتا ہُوں کہ آپ کے خادِم وہاں لکڑی کاٹنے میں ماہر ہیں اَور میرے خادِم آپ کے خادِموں کے ساتھ کام کریں گے، 9اَور میرے لئے بہت سِی لکڑی مُہیّا کریں گے کیونکہ وہ بیت المُقدّس جو میں تعمیر کرنے کو ہُوں وہ عظیم اَور عالیشان ہوگا۔ 10اَور مَیں تمہارے خادِموں یعنی لکڑی کاٹنے والوں کو بیس ہزار کور#2‏:10 بیس ہزار کور تقریباً تین ہزار دو سَو میٹرک ٹن گیہُوں اَور بیس ہزار کور#2‏:10 بیس ہزار کور تقریباً دو ہزار سات سَو میٹرک ٹن جَو، بیس ہزار بَت#2‏:10 بیس ہزار بَت تقریباً چار لاکھ چالیس ہزار لیٹر انگور کا شِیرہ اَور بیس ہزار بَت#2‏:10 بیس ہزار بَت بیس ہزار بَت تقریباً چار لاکھ چالیس ہزار لیٹر زَیتُون کا تیل دُوں گا۔“
11تَب شاہِ صُورؔ حِیرامؔ نے بذریعہ خط شُلومونؔ کو جَواب دیا:
”چونکہ یَاہوِہ اَپنے لوگوں سے مَحَبّت کرتے ہیں اِس لیٔے اُنہُوں نے آپ کو اُن کا بادشاہ مُقرّر کیا ہے۔“
12اَور حِیرامؔ نے یہ بھی کہا:
”بنی اِسرائیل کے خُدا یَاہوِہ کی سِتائش ہو جنہوں نے آسمان اَور زمین کو خلق کیا، اُنہُوں نے داویؔد بادشاہ کو ایک دانا بیٹا بخشا ہے جو فہم و فراست سے معموُر ہے تاکہ وہ یَاہوِہ کے لیٔے ایک بیت المُقدّس اَور اَپنے واسطے ایک شاہی محل کی تعمیر کروائے۔
13”میں حُورامؔ اَبی کو آپ کے پاس بھیج رہا ہُوں جو کہ بڑا ہُنرمند آدمی ہے۔ 14جِس کی ماں دانؔ کے قبیلہ سے تھی اَور جِس کا باپ صُورؔ کا باشِندہ تھا۔ وہ سونے اَور چاندی، کانسے اَور لوہے، پتّھر اَور لکڑی کے کام میں اَور اَرغوانی، نیلے، قِرمزی اَور نفیس کتانی کپڑے کے کام میں ماہر ہے اَور ہر طرح کی نقّاشی میں تجربہ کار ہے اَور ہر کام کر سَکتا ہے۔ وہ آپ کے کاریگروں اَور میرے آقا آپ کے والد داویؔد کے کاریگروں کے ساتھ کام کر چُکے ہیں۔
15”چنانچہ اَب میرے آقا! اَپنے وعدہ کے مُطابق اَپنے خادِموں کے لیٔے گیہُوں، جَو، زَیتُون کا تیل اَور انگوری شِیرہ بھیج دیجئے۔ 16اَور جِتنی لکڑی آپ کو درکار ہے ہم لبانونؔ سے کاٹیں گے اَور اُن کے بیڑے بنوا کر سمُندری راستے سے آپ کے پاس یافؔا پہُنچائیں گے۔ پھر آپ اُنہیں وہاں سے یروشلیمؔ لے جا سکتے ہیں۔“
17اَور شُلومونؔ نے اِسرائیل میں رہنے والے تمام پردیسیوں کی مردُم شماری کی جَیسا کہ اُس کے باپ داویؔد نے کی تھی اَور وہ ایک لاکھ ترپن ہزار چھ سَو پایٔے گیٔے۔ 18اَور شُلومونؔ نے اُن میں سے ستّر ہزار کو بار برداری اَور اسّی ہزار کو پہاڑوں میں پتّھر کاٹنے کے لیٔے اَور تین ہزار چھ سَو کو کام کروانے کے لیٔے بطور نِگران مُقرّر کیا۔

موجودہ انتخاب:

2 تواریخ 2: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in