1 شموایلؔ 27

27
داویؔد فلسطینیوں کے درمیان
1لیکن داویؔد نے اَپنے دِل میں سوچا کہ، ”کسی نہ کسی دِن میں شاؤل کے ہاتھوں مارا جاؤں گا۔ لہٰذا میرے لیٔے یہی بہتر ہوگا کہ میں بچ کر فلسطینیوں کی سرزمین کو نکل جاؤں۔ تَب شاؤل نا اُمّید ہوکر اِسرائیل میں ہر جگہ میری جُستُجو کرنا چھوڑ دے گا اَور مَیں اُس کے ہاتھ سے بچ جاؤں گا۔“
2پس داویؔد اَور اُس کے ہمراہ وہ چھ سَو آدمی روانہ ہُوئے اَور وہ شاہِ گاتؔھ اکِیشؔ بِن معوُکؔ کے پاس چلے گیٔے۔ 3اَور گاتؔھ میں اکِیشؔ کے پاس رہنے لگے۔ ہر آدمی کا خاندان اُس کے ساتھ تھا اَور داویؔد کی دو بیویاں یزرعیلؔ کی احِینوعمؔ اَور نابالؔ کی بِیوہ کرمِلی ابیگیلؔ اُس کے ساتھ تھیں۔ 4جَب شاؤل کو خبر مِلی کہ داویؔد گاتؔھ کو فرار ہو گیا ہے تو اُس نے پھر کبھی کوشش نہ کی کہ اُسے تلاش کرے۔
5بعدازاں داویؔد نے اکِیشؔ سے کہا، ”اگر تمہاری مُجھ پر نظرِکرم ہے تو مُلک کے کسی شہر میں مُجھے جگہ دیدیں تاکہ میں وہاں رہُوں۔ اَور آپ کا خادِم آپ کے ساتھ دارُالحکومت میں کیوں رہے؟“
6لہٰذا اُس دِن اکِیشؔ نے اُسے صِقلاگ کا شہر دے دیا اَور تَب سے آج تک یہ شہر یہُوداہؔ کے بادشاہوں کا ہے۔ 7اَور داویؔد فلسطینیوں کے علاقہ میں ایک سال اَور چار مہینے مُقیم رہا۔
8اَور اَیسا ہُوا کہ داویؔد اَور اُس کے آدمیوں نے جا کر گیشُوریوں، گِرزیوں اَور عمالیقیوں پر حملہ کیا۔ (قدیم زمانہ سے یہ لوگ اِس سرزمین میں جو شُورؔ اَور مِصر تک پھیلی ہُوئی ہے رہتے تھے)۔ 9جَب کبھی داویؔد کسی علاقہ پر حملہ کرتا وہ کسی بھی مَرد یا عورت کو زندہ نہ چھوڑتا۔ لیکن بھیڑیں اَور مویشی، گدھے اَور اُونٹ اَور کپڑے لے لیتا اَور پھر وہ اکِیشؔ کے پاس لَوٹ آتا۔
10جَب اکِیشؔ پُوچھتا، ”آج تُم حملہ کرنے کہاں گئے؟“ تو داویؔد کہتا، ”یہُوداہؔ کے جُنوب میں یا یرحمئیلیوں کے جُنوب میں یا قینیوں کے جُنوب میں۔“ 11اَور وہ کسی مَرد یا عورت کو گاتؔھ میں لانے کے لیٔے زندہ نہ چھوڑتا تھا کیونکہ اُس کا خیال تھا، ”وہ ہمارا پردہ فاش کر دیں گے اَور کہہ دیں گے، ’داویؔد نے یہ کچھ کیا ہے۔‘ “ اَور جَب تک وہ فلسطینی علاقہ میں رہا اُس کا اَیسا ہی دستور رہا۔ 12اَور اکِیشؔ نے داویؔد کا یقین کرکے اَپنے دِل میں کہا، ”اَب وہ اَپنے لوگوں یعنی اِسرائیلیوں کے لیٔے اِس قدر نفرت کا باعث ہو گیا ہے کہ وہ ہمیشہ تک میرا ہی خادِم بنا رہے گا۔“

موجودہ انتخاب:

1 شموایلؔ 27: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in